دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

عمران خان کی ضد سے بڑھتا ہوا سیاسی خلفشار ۔۔۔ || نصرت جاوید

نصرت جاوید پاکستان کے مایہ ناز سینئر صحافی ہیں، ، وہ گزشتہ کئی دہائیوں سے روزنامہ نوائے وقت اور دی نیشن سمیت دیگر قومی اخبارات میں کالم ،مضامین اور پارلیمنٹ ڈائری لکھتے چلے آرہے ہیں،انکی تحریریں خاص طور پر ڈیلی سویل کے قارئین کی نذر

نصرت جاوید

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

صدر عارف علوی یہ امید تو دلارہے ہیں کہ مسلم لیگ (نون) کے با اثر رہ نما اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار صاحب ان کے ساتھ ہوئی ملاقاتوں میں کوئی ایسی راہ ڈھونڈنے کی کوشش کر رہے ہیں جو ملک میں سیاسی استحکام کا ماحول اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہو۔ سوال اس کے باوجود یہ اٹھانا لازمی ہے کہ سیاسی استحکام کی کلید ان دنوں کس سیاسی رہ نما کے ہاتھ میں ہے۔ منطقی انداز میں مذکورہ سوال کا جواب ڈھونڈتے ہوئے میں یہ اعتراف کرنے کو مجبور محسوس کر رہا ہوں کہ یہ کلید فقط عمران خان صاحب کے اجارہ میں ہے۔ وہ ”چوروں اور لٹیروں“ سے ہاتھ ملانے کو بھی آمادہ نہیں۔ فوری انتخاب ان کے لئے ”اب نہیں تو کبھی نہیں“ کی صورت اختیار کرچکے ہیں۔ اسی باعث بضد ہیں کہ وفاقی حکومت اگر قومی اسمبلی کی تحلیل کے ذریعے ان کی امید نہیں دلارہی تو پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیا ں رواں ماہ کے اختتام پر تحلیل کردی جائیں۔

پنجاب کے وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی تاہم پنجاب اسمبلی کی تحلیل کو فی الوقت تیار نہیں۔ ٹی وی انٹرویوز میں اصرار کرتے سنائی دیے کہ اگلے برس کے مارچ تک انتظار کر لیا جائے تانکہ ”ترقیاتی کاموں“ کی تکمیل کی بدولت تحریک انصاف اور اس کی اتحادی مسلم لیگ (ق) کے اراکین صوبائی اسمبلی ”اپنے حلقوں“ میں ناقابل شکست بن سکیں۔ مارچ تک اپنا عہدہ برقرار رکھنے کی خواہش کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز تحریک انصاف کے ایک رکن کو پنجاب کابینہ میں شامل کرتے ہوئے بھی کر دیا ہے۔ عمران خان صاحب کو یہ فیصلہ پسند نہیں آیا اور برملا اس ضمن میں اپنے تحفظات کا اظہار کرنے سے باز نہیں رہے۔

بعدازاں زمان پارک میں تحریک انصاف کے قائد نے اپنی جماعت کے کے اہم رہ نماؤں سے طویل مشاورت کی۔ اس کے اختتام پر شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور فواد چودھری صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مصررہے کہ پنجاب اسمبلی رواں ماہ ہی تحلیل کردی جائے گی۔ فرض کیا چودھری پرویز الٰہی اس پر آمادہ نہ ہوئے تو عمران خان صاحب پنجاب اسمبلی میں موجود اپنے اراکین اسمبلی کو اجتماعی استعفے دینے کو مجبور کریں گے۔ پنجاب کابینہ میں شامل تحریک انصاف کے وزراءکو بھی اپنے عہدوں سے فا رغ ہونا پڑے گا۔ اس کے بعد وزارت اعلیٰ کے منصب پر فائز رہنے کے لئے چودھری پرویز الٰہی کو مسلم لیگ (نون) اور اس کی اتحادی پیپلز پارٹی سے رجوع کرنا ہو گا۔

پیپلز پارٹی کے قائد آصف علی زرداری شروع دن سے چودھری پرویز الٰہی اور مسلم لیگ (نون) کے مابین ”دوستی“ کے خواہاں ہیں۔ چودھری صاحب کے رویے نے مگرمسلم لیگ (نون) کے کئی حلقوں کو چراغ پا بنا دیا ہے۔ وہ ان کے ہاتھوں اب مزید ”بلیک میلنگ“ کو تیار نہیں۔ اپنی قیادت کو سمجھانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ پنجاب اسمبلی میں نئے انتخابات ہوبھی گئے تو ”قیامت“ نہیں آ جائے گی۔ یہ تصور محض خام خیالی ہے کہ پنجاب میں نئے انتخابات تحریک انصاف کو بھاری بھر کم اکثریت فراہم کریں گے۔ یوں تحریک انصاف آئندہ پانچ برسوں تک پاکستان کے آبادی کے اعتبار سے سب سے بڑے صوبے میں وہی حیثیت اختیار کرلے گی جو 1988 ءسے 1999 ءاور بعد ازاں 2008 ءسے 2018 ءتک مسلم لیگ (نون) کو میسر رہی ہے۔

نئے انتخاب کا اعلان ہو جائے تو وہ قطعاً ایک نیا منظر نامہ تشکیل دیتا ہے۔ مسلم لیگ (نون) کے کئی رہ نما ممکنہ منظر نامے کو اپنے لئے خوش کن محسوس نہیں کرتے۔ انہیں یہ فکر لاحق ہے کہ اپریل 2022 ءکے بعد وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کو رام کرنے کی خاطر جو پالیسیا ں اپنائی ہیں انہوں نے مسلم لیگ (نون) کے ووٹ بینک کو شدید زک پہنچائی ہے۔ 1990 ءکی دہائی سے اس جماعت کو پنجاب میں اقتصادی رونق مہیا کرنے والی جماعت تصور کیا جاتا رہا ہے۔ شہری متوسط طبقے کی اکثریت بھی پنجاب میں شہباز شریف کے متعارف کردہ ”میگا پراجیکٹس“ کے بارے میں شا داں محسوس کرتی رہی۔ سوشل میڈیا کے ساتھ جوان ہوئی نسل مگر اب ”حقیقی آزادی“ کا خواب دیکھ رہی ہے۔ ”موروثی سیاست“ سے اکتائی یہ نسل میڈیا کے ماہرانہ استعمال کے ذریعے شریف خاندان کی صداقت وامانت پر بھی کئی سوالات اٹھارہی ہے۔ مسلم لیگ (نون) کے تجربہ کار رہ نما ”نئی سوچ“ سے گھبرائے نہیں۔ ان کی خواہش ہوگی کہ اگر چودھری پرویز الٰہی عمران خان کا ساتھ چھوڑ کر ان سے تعاون کے طلب گارہوں تو ”کڑواگھونٹ“ پی لینے میں کوئی حرج نہیں۔ مجھے گماں ہے کہ مسلم لیگ (نون) کے چودھری پرویز الٰہی کی مبینہ ”بلیک میلنگ“ سے اکتائے افراد کے مقابلے میں مذکورہ بالا سوچ کا حامل گروہ بالآخر اپنی بات منواسکتا ہے۔

عمران خان صاحب مگر چودھری پرویز الٰہی کو پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کے لئے آمادہ نہ کر پائے تو مزید ”غضب ناک“ ہوجائیں گے۔ خیبرپختونخوا میں اس کے بعد ہر صورت وہاں کی اسمبلی کی تحلیل پر ڈٹ جائیں گے۔ یوں اگلے برس کے مارچ تک کم از کم ہمارے ایک صوبے میں نئے انتخاب کو یقینی بناسکتے ہیں۔ یوں سیاسی بحران گمبھیر تر ہو جائے گا۔ مذکورہ بحران کے ہوتے ہوئے وفاقی حکومت کو عالمی معیشت کے نگہبان اداروں کے ساتھ طویل المدت تعاون کے معاہدے کرنے میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ معاشی عدم استحکام اپنی جگہ برقرار رہے گا۔ وہ بلکہ مزید شدت بھی اختیار کر سکتا ہے۔ جس کے نتیجے میں آئی ایم ایف کو رام رکھنا دشوار تر ہونا شروع ہو جائے گا۔

صدر عارف علوی کی وساطت سے عمران خان صاحب کو لہٰذا فوری انتخاب کے بجائے مزید کچھ ماہ تک انتظار کے لئے قائل کرنا اسحاق ڈار صاحب کے لئے ممکن نظر نہیں آ رہا۔ ”اب نہیں یا کبھی نہیں“ والی ضد کے ساتھ عمران خان صاحب مزید لچک دکھانے کو آمادہ نہیں ہوں گے۔ انہوں نے لچک نہ دکھائی تو پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے رہ نما بھی اپنی بات پر ڈٹ جائیں گے۔ دونوں فریقین کا اپنے اپنے موقف پر ڈٹ جانا سیاسی خلفشار کو سنگین تر بنائے گا۔ ہماری ریاست کے دائمی ادارے یقینی نظر آتی خلفشار کی بابت ”نیوٹرل“ رہ ہی نہیں سکتے۔ بالآخر انہیں کوئی نہ کوئی کردار ادا کرنا ہو گا جو بالآخر اپنے اپنے موقف پر ڈٹے فریقین کو سیاسی اعتبار سے اجتماعی نقصان پہنچائے گا۔ اس پہلو کی جانب مگر روایتی اور سوشل میڈیا توجہ دیتا نظر نہیں آ رہا۔

بشکریہ روزنامہ نوائے وقت۔

یہ بھی پڑھیں:

کاش بلھے شاہ ترکی میں پیدا ہوا ہوتا! ۔۔۔ نصرت جاوید

بھٹو کی پھانسی اور نواز شریف کی نااہلی ۔۔۔ نصرت جاوید

جلسے جلسیاں:عوامی جوش و بے اعتنائی ۔۔۔ نصرت جاوید

سینیٹ انتخاب کے لئے حکومت کی ’’کامیاب‘‘ حکمتِ عملی ۔۔۔ نصرت جاوید

نصرت جاوید کے مزید کالم پڑھیں

About The Author