اپریل 26, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی خبریں

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں تجزیے اور تبصرے

سفاک شوہر نے اپنے پانچ بچوں کی ماں کو کلاشنکوف کی فائرنگ سے قتل کرڈالا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)تھانہ یارک کی حدود گرہ شہزادہ میں سفاک شوہر نے اپنے پانچ بچوں کی ماں کو کلاشنکوف کی فائرنگ سے قتل کرڈالا ،ملزم ارتکاب جرم کے بعد بچوں کو لے کر موقع سے فرار ہوگیا ،مقتولہ کے باپ کی رپورٹ پر ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیاگیا ،تفصیلات کے مطابق تھانہ یارک کی حدود گرہ شہزادہ میں سفاک شوہر نے اندھادھند فائرنگ کرکے اپنی بیوی کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگیا ،مقتولہ کے باپ محمد ایوب ولد حقنوا ز سکنہ گرہ شہزاد یارک نے پولیس کو بتایا کہ وہ وقوعہ کی شب اپنے گھر میں موجود تھا کہ شب گیارہ بجے قریبی بیٹی کے گھر سے فائرنگ کی آواز پر اپنے مکان پر چڑھ کر دیکھا تو داماد حمید اللہ ولد حبیب اللہ قوم ملوانہ سکنہ گرہ شہزاد کو مسلح بہ کلاشنکوف دیکھا جوکہ اپنی بیوی پر فائرنگ کررہا تھا ،میں نیچے اترا اور بیٹی کے گھر طرفبھاگا،گھرکے قریب پہنچا تو داماد اپنے پانچوں بچوں کو موٹرسائیکل پر بیٹھا کر فرارہوگیا ،میں دیگر اہل خانہ کے ہمراہ مکان کے اندر داخل ہوا تو بیٹی کو خون میں لت پت جاں بحق پایا ،مقتولہ کے باپ کے مطابق گیارہ سال قبل اس کی بیٹی تیس سالہ (نوابزادہ بی بی ) کی شادی ملزم سے ہوئی جس سے اس کے چار بیٹے اور ایک بیٹی موجود ہیں ، اسے وجہ عداوت کا کوئی علم نہیں ۔پولیس نے مقتولہ کے باپ کی رپورٹ پر اس کے داماد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیاہے۔

٭٭٭

دو گروپوں میں تصادم ،لاتوں مکوں اور ڈنڈوں کا استعمال ،دونوں جانب کے آٹھ افراد شدید زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)تھانہ سٹی کی حدود چوگلہ کے قریب دو گروپوں میں تصادم ،لاتوں مکوں اور ڈنڈوں کا استعمال ،دونوں جانب کے آٹھ افراد شدید زخمی ہوگئے ،ڈی ایس پی سٹی سرکل اور ایس ایچ او سٹی پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے ،زخمیوں کو حراست میں لے کر ہسپتال منتقل کردیاگیا ،پولیس نے دونوں جانب کے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی کی حدود کمشنری بازار ڈیرہ چوگلہ کے قریب دو گروپوں میں تصادم ہوگیا اور دونوں جانب سے لاتوں مکوں اور ڈنڈوں کا خوب استعمال کیاگیا جس سے دونوں جانب کے آٹھ افراد شدید زخمی ہوگئے ،واقعہ کی اطلاع پر ڈی ایس پی سٹی فضل رحیم ،ایس ایچ سٹی محمد رمضان پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ فوری موقع پرپہنچ گئے اور زخمیوں کو حراست میں لے کر انہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیا ،پولیس نے دونوں جانب کے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔

٭٭٭

سائیکل سوار 45 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) موٹرسائیکل سوار کی ٹکر سے سائیکل سوار 45 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا ،موٹرسائیکل سوار کے خلاف مقدمہ درج ،تفصیلات کے مطابق نیو بنوں چونگی حسہ میڈیکل سٹور کے قریب موٹرسائیکل سوار کی ٹکر سے سائیکل سوار 45 سالہ محمد عاصم ولد خدا بخش قوم چغتائی سکنہ کچی پائند خان شدید زخمی ہوگیا ،اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا ،متوفی کے بھتیجے زین العابدین ولد حاجی ایم اونگزیب چغتائی سکنہ کچی پائند خان کی رپورٹ پر موٹر سائیکل سوار سعداللہ ولد عزیز سکنہ دین پور کے خلاف ٹریفک حادثے کا مقدمہ درج کرلیاہے۔

٭٭٭

دریائے سندھ بند سے 17 سالہ نوجوان کی قتل شدہ لاش برآمد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)تحصیل پہاڑپور کے علاقہ لاڑ کے قریب دریائے سندھ بند سے 17 سالہ نوجوان کی قتل شدہ لاش برآمد ،مقتول کے والد کی رپورٹ پر پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔تفصیلات کے مطابق علاقہ لاڑکے قریب دریائے سندھ بند پر 17 سالہ نوجوان محمد رمضان ولد محبوب خان قوم بلوچ سکنہ لاڑ کی قتل شدہ لاش پائی گئی ،مقتول کے والد نے پولیس کو بتایا کہ اسے موبائل فون پر اطلاع ملی کہ آپ کے بیٹے کو قتل کردیاگیا ہے ،میں جائے وقوع پر پہنچا تو بیٹے کو قتل شدہ پایا ،پولیس نے والد کی رپورٹ پر نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیاہے۔

٭٭٭

05 کلو گرام چرس سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) تھانہ مغل کوٹ پولیس کی کاروائی، 05 کلو گرام چرس سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ۔تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او مغل کوٹ طیب دین نے ہمراہ پولیس پارٹی ایک مشکوک گاڑی کی تلاشی کے دوران وہاں موجود پیکٹ میں 05 کلو گرام چرس برآمد کرلی ،پولیس کے مطابق برآمد کی گئی چرس ڈیرہ کے راستے پنجاب سمگل کی جا رہی تھی جسے پولیس نے ناکام بنا کر قبضہ پولیس کر لیا۔ پولیس نے منشیات کے سمگلر کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

٭٭٭

چھوٹا اوربڑا گوشت انتہائی مہنگے داموں فروخت ہو رہاہے اور قصاب گوشت سرکاری ریٹس پر فروخت نہیں کر رہے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ شہر اور گردونواح میں چھوٹا اوربڑا گوشت انتہائی مہنگے داموں فروخت ہو رہاہے اور قصاب گوشت سرکاری ریٹس پر فروخت نہیں کر رہے۔انہیں سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق گوشت فروخت کرنے کا کہیںتو وہ آگے سے بدتمیزی اور زدوکوب کرتے ہیں اس طرح عام وغریب آدمی چھوٹا بڑا گوشت کھانے سے بھی محرو م ہے۔شہریوںکاکہناہے کہ سرکاری ریٹ بڑا گوشت 400روپے فی کلو اورچھوٹا گوشت فی کلو790روپے مقرر ہے لیکن قصاب اس ریٹ پر فروخت نہیں کر رہے اور وہ اس ریٹ سے زائد پر فروخت کر رہے ہیں جو غریب و عام افراد کی قوت خرید سے باہرہے۔ چھوٹا اوربڑا گوشت مہنگا ہونے سے شہری برائلر کو ترجیح دے رہے تھے لیکن اب برائلر بھی عوام کی پہنچ سے دو ر ہوگیا ہے جوکہ 410 روپے فی کلو فروخت کیا جارہاہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گوشت مہنگا ہونے سے شہری گوشت جیسی مفیدغذا کھانے سے محروم ہیں۔ انہوںنے کمشنر ڈیرہ سے مطالبہ کیا کہ چھوٹے بڑے گوشت کی سرکاری قیمتوں پر فروخت کو یقینی بنایاجائے تاکہ غریب و عام افراد بھی گوشت کھاسکیں۔

٭٭٭

ڈیرہ میں 8 تاریخ بروز ہفتہ سے تمام پبلک ٹرانسپورٹ بند ہو جائیگی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پٹی کمشنر ڈیرہ عارف اللہ اعوان کی زیرصدارت سرکٹ ہاﺅس ڈیرہ میں اہم اجلاس منعقدہ کیاگیا جس میں مختلف مکاتب فکر کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی ، اس موقع پر ڈی پی او ڈیرہ کیپٹن ر نجم الحسنین لیاقت بھی تھے ، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں کرونا دس فیصد کی شر ح سے پھیل رہاہے ۔عوام احتیاط کریں۔یہ شرح خطرناک فیصدہے ، عوام ہر جگہ ایس او پیز کا خیال کریں سب سے بڑا خطرہ احساس کفالت سنٹر اور نادرا ہے۔جمعرات تک احساسِ کفالت سنٹر بند کر دئے جائیں گے۔اور نادرا دفاتر میں بھی رش کے پیش نظر انتظامات کررہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ لائسنس برانچ عوام کے رش کی وجہ سے بند کردی گئی۔انتظامیہ اور پولیس عوام کے کاروبار بند کرکے ان کا معاشی استحصال نہیں چاہتی بلکہ انکی صحت کو بچانے کے اقدامات کر رہی ہے۔ڈیرہ میں کوئی بھی کوویڈ مریض وینٹیلیٹر پر نہیں ہے اور یہ ہمارے لئے خوش آئند بات ہے مگر ہمیں پھر بھی احتیاط کرنا ہوگی۔ڈپٹی کمشنر ڈیرہ عارف اللہ اعوان نے کہا کہ 8 تاریخ بروز ہفتہ سے تمام پبلک ٹرانسپورٹ بند ہو جائیگی،لہذا اپنے عزیز و اقارب کو مطلع کر دیں جو دور دراز سے عید پر آنے والے ہیں کہ 7 تاریخ بروز جمعہ پبلک ٹرانسپورٹ کا آخری دن ہوگا تاکہ سب لوگ باآسانی اپنی منزل تک پہنچ جائیں۔چاند رات کو مہندی جیولری سمیت تمام دکانیں بند ہوں گی۔ڈی پی او کے مطابق پولیس کی سختی کو عوام غلط تشبیہ نہ دے یہ اقدام ہم عوام کی صحت کے لئے کررہے ہیں ۔

٭٭٭

صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے عبد الرشید استرانہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)حکومت کو چاہئے کہ وہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے عبد الرشید استرانہ۔عالمی یوم صحافت کے موقع پر اپنے اخباری بیان میں انفارمیشن سیکرٹری گلوبل یونین آف جرنلسٹ ڈیرہ اسماعیل خان عبد الرشید استرانہ نے کہا کہ ہر دور میں صحافت سے معاشرے کی تربیت ،قیام امن، اقدار کا تحفظ ،عوامی حقوق کی حفاظت اور رائے عامہ کو ہموار کرنے کا کام لیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ گلوبل یونین آف جرنلسٹ کی کوشش ہے کہ صحافیوں کے مسائل کو حل کیا جائے ہمارا حکومت وقت سے مطالبہ ہے کہ خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع میں میڈیا کالونیاں بنائی جائیں خصوصاً ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا کالونی کے وعدے کو پورا کیا جائے اور صحافیوں کی پیشہ وارانہ تربیت کے لیے کورسسز کا اجرائ کرایا جائے ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا بالخصوص جنوبی اضلاع کے صحافیوں کیساتھ یکسر نا انصافی کی جارہی ہے اور کسی بھی قسم کی مراعات حکومتی ایوانوں سے میسر نہیں ، ہمیں اپنے حق کیلئے بھی آواز اٹھانی ہو گی۔ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کو ریاست کو چھوتھا ستون قرار دیا جاتا ہے لیکن حکومت اسے دل سے قبول نہیں کرتی حکومت کو چاہیے کہ وہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے

٭٭٭

موسم گرما میں چارے میں موجود جراثیم جانوروں کو بیمار کر سکتے ہیں: محکمہ لائیو سٹاک

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)موسم گرما میں چارے میں موجود جراثیم جانوروں کو بیمار کر سکتے ہیں: محکمہ لائیو سٹاک،محکمہ لائیو سٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ نے گوشت و دودھ کی پیداوار میں اضافہ اور بھیڑ بکریوں کو مہلک و متعدی امراض سے بچانے کیلئے انہیں رواں ماہ مئی اور جون کے دوران حفاظتی ٹیکے لگوانے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ لائیو سٹاک کے ترجمان نے بتایا کہ چارے میں موجود بیماری کے جراثیم شدید گرمی کے باعث زہریلا مادہ پیدا کر کے جانوروں کی بیماریوں کے پھیلا کا باعث بن رہے ہیں۔انہوں نے بتا یا کہ اگر جانور سست ہو جائے، چارہ کھانا، پانی پینا چھوڑ دے اور اسے بخار و دست کی شکائت محسوس ہو تو یہ اس بات کی علامت ہے کہ اس پر انتڑیوں کے زہر کے مرض نے حملہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ صورتحال پیدا ہوتے ہی جانوروں کو فوری طور پر علاج کیلئے قریبی مرکز حیوانات پر پہنچایا جائے اور اس کی جسمانی ضرورت سے زیادہ چارہ فراہم کر نے سے گریز کیا جائے۔ا نہوں نے کہا کہ بھیڑ بکریوں کو انتڑیوں کے زہر کے مرض سے بچانے کیلئے ڈیڑھ ماہ کی عمر میں پہلا،اڑھائی ماہ کی عمر میں دوسرا اور8ماہ کی عمر میں تیسرا حفاظتی ٹیکہ لگوایا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں ایک فری ہیلپ لائن بھی قائم ہے لہٰذا اگر لائیو سٹاک فارمرز اس ضمن میں مزید مشاورت، معلو مات یا رہنمائی حاصل کرنا چاہیں تو وہ صبح 9سے شام 5بجے تک فری ہیلپ لائن پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

٭٭٭

میٹرک پروگرام میں داخل طلبہ کو کتب کی ترسیل کا عمل جاری ہے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹربہار2021ء کے میٹرک پروگرام میں داخل طلبہ کو کتب کی ترسیل کا عمل جاری ہے ، اب تک 50ہزار طلبہ کو کتابیں ارسال کی جاچکی ہیں۔ یونیورسٹی کے شعبہ ایڈمشن اینڈ میلنگ کی پوری کوشش ہے کہ عید کی چھٹیاں شروع ہونے سے قبل میٹرک پروگرام میں داخل تمام طلبہ کویونیورسٹی کی جانب سے کتب موصول ہوں،ہدف کے حصول کے لئے شعبے کے کارکن روزانہ کی بنیاد پر دو شفٹوں میں کام کررہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق ایف اے پروگرام میں داخل طلبہ کو کتب کی ترسیل کا عمل رواں ہفتے شروع کردیا جائے گا۔یونیورسٹی کی تعلیمی سرگرمیوں کے کیلنڈر میںبہار سمسٹر کے اِن پروگراموں کا تدریسی دورانیہ یکم مئی تا 31۔اگست مقرر کیا گیا ہے۔وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے تدریسی دورانیہ شروع ہونے سے قبل طلبہ کو کتب ارسال کرنے کی ہدایت کی تھی۔یونیورسٹی نے طلبہ کو اکیڈمک سپورٹ فراہم کرنے کے لئے اِن دونوں پروگرامز کی تدریسی کتب کی سافٹ کاپیز ویب سائٹ پر بھی فراہم کردی ہیں ،تاکہ طلبہ و طالبات اپنی ہوم اسائنمنٹس بروقت تیار کرسکیں۔ میٹرک اور ایف اے پروگرامز میں داخل طلبہ کے لئے ٹیوٹرز کی تعیناتی کا کام شروع ہے ، ٹیوٹرز کی معلومات عید کے بعد یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر فراہم کردی جائیں گی۔ٹیوٹرز کے نام و پتے اور ٹیلی فون نمبرز طلبہ کو بذریعہ ایس ایم ایس بھی ارسال کئے جائیں گے۔

٭٭٭

وزیراعظم عمران خان نے عیدالفطر پر 6چھٹیوں کی منظوری دیدی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)وزیراعظم عمران خان نے عیدالفطر پر 6چھٹیوں کی منظوری دیدی ،رواں سال عیدالفطر کی تعطیلات 10 مئی سے 15مئی تک ہوں گی جبکہ باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق رواں سال عیدالفطر کی تعطیلات 10 مئی سے 15مئی تک ہوں گی جبکہ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے بھی منظوری دے دی ہے۔وزیراعظم نے عیدالفطر پر 6 چھٹیوں کی منظوری دی ہے،وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزارت داخلہ نے عید الفطر کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا،

٭٭٭

تجارتی مراکز میں خریداری کا سلسلہ جاری ،دکانوں پرخریداروں کا رش

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ میں عید کی خریداری کیلئے ایس او پیز کے تحت تجارتی مراکز میں خریداری کا سلسلہ جاری ،دکانوں پرخریداروں کا رش ،تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے مقدس ماہ کے دوران ڈیرہ میں عید کی خریداری کیلئے رش بڑھتا جارہا ہے ،ڈیرہ کے تجارتی و کاروباری بازاروں میں عید کی خریداری کے لئے خواتین اور بچوں کے رش میں بھی اضافہ ہورہا ہے شہر کی مختلف معروف و مصروف ترین بازاروں کمشنری بازار ،کلاں بازار ،توپانوالہ بازار اور سرکلر روڈ سمیت دیگر تجارتی مراکز میں کلاتھ اسٹور , شوز, بوتیک، گارمنٹس سمیت دیگر دوکانوں پر لاک ڈاو¿ن مقررہ وقت سے قبل ہی خریداروں کا انتہائی رش لگنے کے باعث تاجر بھی خوش نظرآرہے ہیں، شہر میں کاروبار ی و تجارتی مراکز کی رونقیں بحال ہونے پر تاجروں کو کہنا ہے کہ بازار میں خریدار نظرآرہے ہیں تاہم کاروبار میں ابھی تیزی نہیں آئی ہے مہنگائی اور کورونا لاک ڈاو¿ن کی وجہ سے بھی کاروبار پر اثر پڑرہا ہے۔

٭٭٭

شہر میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد نہ ہوسکا ، شہری ٹریفک سہولیات سے محروم زندگی بسر کرنے لگے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) شہر میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد نہ ہوسکا ، شہری ٹریفک سہولیات سے محروم زندگی بسر کرنے لگے ،منگل کے روز بھی شہر میں ٹریفک کے مسائل میں بدترین اضافہ ،شہرکے تجارتی و کاروباری مرکز سمیت سڑکوں پر ٹریفک جام ، شہریوں سمیت مسافر گاڑیوں کوآمد رفت میں مشکلات کا سامنا ، شہریوں کا بالا حکام سے ٹریفک مسائل سے نجات دلانے کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق صوبے کے دوسرے بڑے شہر ڈیرہ میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل کے خاتمے کیلئے ڈیرہ انتظامیہ اور منتخب نمائندگان کی جانب سے کئے جانے والے اعلانات کے باوجود ٹریفک مسائل ختم ہونے کا نام نہیں لے رہے ہیں ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد نہ کرائے جانے پر شہر میں ٹریفک قوانین کی دھجیاں بکھرنا عام بات ہو گئی ہے، شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل کو کنٹرول کرنے کیلئے ڈیرہ انتظامیہ کی جانب سے بلند و بانگ دعوو¿ں کے باوجود کسی قسم کا عملدآمد ہوتا دیکھائی نہیں دیتا، منگل کے روز بھی شہر کے مصروف ترین کاروباری و تجارتی مراکز کمشنری بازار ،توپانوالہ ،کلاں بازار اور سرکلر روڈ سمیت دیگر علاقوں میںٹریفک جام رہا اور مسافر گاڑیوں ، شہریوں سمیت پیدل چلنے والوں کو بھی مشکلات اٹھانی پڑی ، ٹریفک جام کے بڑھتے ہوئے مسائل پر شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ رہی ہے ،ڈیرہ کے شہریوں نے چیف جسٹس آف پاکستان ، وزیر اعظم پاکستان ، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا ، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ، صوبائی وزیر بلدیات سمیت کمشنر ڈیرہ ، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ ، و دیگر بالا حکام سے نوٹس لیکر شہر میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرانے سمیت ٹریفک جام سے نجات دلانے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔

٭٭٭

40 سے 49 سال کے افراد کی انسداد کورونا ویکیسی نیشن شروع

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ملک بھر میں 40 سے 49 سال کے افراد کی انسداد کورونا ویکیسی نیشن شروع،ملک بھر میں 40 سے 49 سال کے افراد کی انسداد کورونا ویکیسی نیشن شروع ہوگئی ہے۔40 سے 49 سال کے افراد کی ویکیسن رجسٹریشن کے عمل کا آغاز 27 اپریل سے ہوا تھا، 50 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کی واک ان ویکسی نیشن پہلے سے ہی جاری ہے۔ویکیسین مراکز میں رمضان کے دوران دو شفٹوں میں ویکیسن لگائی جا رہی ہے۔ 40 تا 49 سال کے افراد اپنے رجسٹرڈ موبائل پر بھیجے گئے شیڈول کے مطابق ویکسینیشن کرا سکتے ہیں جبکہ 50 سال سے زائر عمر کے شہری 1166 پر رجسٹر کرا کے کسی بھی سنٹر سے واک ان ویکسین لگوا سکتے ہیں۔

٭٭٭

عید کی آمد، کپڑوں کی سلائی کے آرڈر لینا بند

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) عید کی آمد، کپڑوں کی سلائی کے آرڈر لینا بند ،ڈیرہ میں درزیوں نے ہاو¿س فل کے بورڈ آویزاں کردئیے، سلائی کپڑوں کی قیمت سے زائد، عوام پریشان۔تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کا آخری عشرہ شروع ہوتے ہی شہر بھر میں درزیوں نے اپنی دوکانوں پر ہاو¿س فل کا بورڈ آویزاں کرتے ہوئے کپڑوں کی سلائی کے آرڈر لینا بند کردئیے ہیں جبکہ درزیوں نے سلائی کی قیمتیں بھی بڑھا دی ہے آخری عشرہ میں ہاو¿س فل کا بورڈ لگا کرمعمول سے زیادہ قیمت وصول کرکے آرڈر لئے جانے لگے ہیں،عام درزیوں کی جانب سے نارمل سوٹ کی سلائی کے 700سے 1000روپے تک وصول کئے جارہے ہیں جبکہ بڑے دوکان والوں نے تو 1100سے 2000تک ریٹ مقرر کردئیے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے، شہریوں نے کہا ہے کہ درزی کپڑوں کی قیمت سے زائد سلائی کے پیسے وصول کررہے ہیں جس کی وجہ سے غریب لوگ پریشان ہیں، ادھر درزیوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی عروج پر پہنچ چکی ہے دو سال قبل جو بکرم ہم 16ہزار میں لیتے تھے آج اس کی قیمت 40ہزار روپے ہوچکی ہے اسی طرح کپڑوں کی سلائی میں استعمال ہونے والا مٹیریل کئی گناہ مہنگا ہوچکا ہے بجلی کی قیمتیں بڑھ چکی ہیں دوکانوں کے کرایوں میں اضافہ ہوچکا ہے اس کے باوجود سلائی کے ریٹ میں معمولی اضافہ کیا ہے، دوسری جانب لاک ڈاو¿ن کے پیش نظرکانیں جلدی بند ہونے کی وجہ سے درزیوں نے گھروں کے اندر کام شروع کردیاہے اور رات رات بھر جاگ کر کپڑوں کی سلائی کی جارہی ہے تاکہ تمام آرڈرپورے کئے جاسکیں، درزیوں کا کہنا ہے کہ عید کا موقع پر ہی ہمارا سیزن ہوتا ہے اس لیے کوشش کی جاتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ آرڈر لیکر کام کیاجائے۔

٭٭٭

نہروں پر نہانے والوں کا رش ہر گزرتے دن کیساتھ بڑھ رہا ہے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) گرمی کی شدت میں اضافے کیساتھ ہی نہروں پر نہانے والوں کا رش ہر گزرتے دن کیساتھ بڑھ رہا ہے جہاں پر ایس او پیز کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں لوگ سماجی فاصلے کو نظر انداز کرتے ہوئے نہانے میں مصروف ہیں جبکہ نہانے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت خود کہتی ہے کہ وقفہ وقفہ سے ہاتھ دھوئیں ہم تو مکمل غسل کررہے ہیں اور صفائی بھی ساتھ ساتھ ہورہی ہے پھر کرونا کیسے آئیگا۔

٭٭٭

تمام فیلڈز میں کورونا ایس او پیز یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ ڈیرہ اسماعیل خان پہلے سے زیادہ متحرک ہے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کورونا وائر س کے پھیلاﺅ کے حوالے سے تمام فیلڈز میں کورونا ایس او پیز یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ ڈیرہ اسماعیل خان پہلے سے زیادہ متحرک ہے اور اس ضمن تمام امور کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ اس مہلک وائرس کے پھیلاﺅ کے سدِ باب میں کامیاب ہوں۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے متعدد سویمنگ پولز کورونا ایس او پیز کے برعکس لوگوں کے نہانے پر سیل کر دیئے ہیںجو کہ عوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ ڈیرہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا کے حوالے سے کسی سے کوئی رعایت نہیں ہوگی کیونکہ یہ ہماری آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کیلئے ضروری ہے۔ ماسک کے استعمال اور سماجی دوری کے ساتھ ساتھ حکومت کی مقرر کردہ دنوں میں لاک ڈاﺅن پر عوام سے تعاون کی اپیل بھی کی گئی ہے۔

٭٭٭

عام غریب لوگوں کو سرکاری نرخ پر آٹے کی فراہمی جاری ہے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ضلعی انتظامیہ ڈیرہ کی جانب سے عام غریب لوگوں کو سرکاری نرخ پر آٹے کی فراہمی جاری ہے جس سے لوگوں کو ریلیف دیا جا رہا ہے۔ مختلف مقامات پر فیئر پرائس شاپس اور موبائیل ٹرکوں سے 10کلو آٹا 430 روپے میں فروخت کی جار ی ہے جو لوگ کیلئے اطمینان کا باعث بن رہا ہے۔ سستا آٹا فراہم کرنے سے رمضان المبارک میں عام لوگوں کو امداد دینے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ ایک اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کو ممکن بنایا جاسکے۔

٭٭٭

کورونا ایس او پیز یقینی بنانے کیلئے ڈیرہ شہر کے مختلف علاقوں کے دورے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ عارف اللہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرتحصیل سب ڈویژن درازندہ سمیع اللہ خان نے کورونا ایس او پیز یقینی بنانے کیلئے ڈیرہ شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کئے اور کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے سدِ باب کیلئے ہدایات جاری کیں۔ متعدد دکانوں اور پلازوں کو بند جبکہ کئی کو وارننگ دی گئی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر شدید ہے اوراس سے بچاﺅ کا واحد حل ماسک کے استعمال ، ویکسین اور سماجی دوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر احتیاط اور حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو ہمسایہ ملک کی طرح پاکستان میں بھی حالات کنٹرول سے باہر ہو سکتے ہیں اس لئے کورونا ایس او پیز کو ہر صورت فالو کرنا پڑے گا ورنہ ایکشن لینگے۔

٭٭٭

دھان کے بیج کی تیاری میں خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ترجمان محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو دھان کے بیج کی تیاری میں خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی اور کہاہے کہ کاشتکار دھان کی فصل کو بکائنی اورپتوں کے بھورے دھبوں کی بیماریوں سے بچانے کے لئے 1کلوگرام بیج کو2سے اڑھائی گرام تک پھپھوندی کش زہرلگانے کے بعد پنیری کاشت کریں تاکہ دھان کی فصل کو نقصان پہنچنے کاخدشہ نہ رہے۔کاشتکاروں کے نام پیغام میں انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں کدوکے ذریعے پنیری کاشت کی جاتی ہے وہاں بیج کو پھپھوندی کش دوائی والے محلول میں 24گھنٹے تک بھگوکررکھاجائے اور اس کے بیج کو نکال کر سایہ دار جگہ پررکھنے کے بعد انگوری مارے ہوئے بیج کا چھٹہ دیاجائے۔ انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ پھپھوندی کش زہرکا انتخاب مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے کریں تاکہ بعدمیں انہیں کسی مالی نقصان کا سامنانہ کرناپڑے۔

٭٭٭

ٹماٹرکی فصل کو کیڑے مکوڑوں سے محفوظ رکھنے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ترجمان محکمہ زراعت نے ٹماٹرکی فصل کو کیڑے مکوڑوں سے محفوظ رکھنے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ کاشتکار بہتر پیداوارکے حصول کیلئے پودوں کے قریب زمین میں موجود سنڈیاں تلاش کرکے انہیں فوری تلف کرنے کیلئے اقدامات کریں‘ ضرررساں کیڑے ٹماٹرکی فصل پرپھل پکنے کے آخری مراحل میں حملہ آورہوکر پھل کو نقصان پہنچاسکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ چورکیڑے کی سنڈی اگتے ہوئے پودوں کو رات کے وقت سطح زمین کے قریب سے کاٹ لیتی ہے اور دن کے وقت پودوں کے قریب چھپی رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار سیون 350گرام فی ایکڑ کے حساب سے راکھ میں ملاکرٹمآٹر کے پودوں کے اردگرد بکھیردیں تاکہ امریکن سنڈی سے بچاﺅممکن ہوسکے۔

٭٭٭

موتیے کی تمام اقسام کو دھوپ میں رکھناچاہئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ترجمان محکمہ زراعت نے کہاہے کہ موتیے کی تمام اقسام کو دھوپ میں رکھناچاہئے‘پودے کو پانی دیتے وقت اس میں مناسب حدتک کھاد ڈال دیں‘شروع میں کھادکی مقدار زیادہ رکھیں پھر اس کی مقدار کم کرکے ہلکی آبپاشی کے ساتھ دیں۔انہوں نے دوران ملاقات صحافیوںکوبتایا کہ موتیے کی افزائش کے لئے نیم پختہ شاخوں کی داب لگائی جاسکتی ہے جوکہ جڑیں بناتی ہے ان کو بہار سے موسم گرما تک زمین میں دبادیاجاتاہے ‘نئے پودے سے رنزرکی مددسے بھی بنائے جاسکتے ہیں۔

۔۔۔۔۔

یہ بھی پڑھیے:

بہاول نگر کی خبریں

مظفرگڑھ کی خبریں

راجن پور کی خبریں

ڈیرہ غازی خان کی خبریں

%d bloggers like this: