مئی 3, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ٹڈی دل نے اندرون سندھ ،سرائیکی وسیب اور بلوچستان کے بعد کراچی کا رخ کرلیا

صحافی کے سوال کے جواب میں صوبائی وزیر اسماعیل راہو  نے دعویٰ کیا کہ جہاں جہاں سے ٹڈی دل کے حملے کی اطلاع ملتی ہے وہاں اسپرے کرایا  جارہا ہے۔

کراچی: فصلوں اور باغات کو تیزی سے نقصان پہنچانے والے حشرات الارض ٹڈی دل نے اندرون سندھ  ،سرائیکی وسیب اور بلوچستان کے بعد کراچی کا رخ کرلیا ہے۔

ٹڈی دل نے گزشتہ روز کراچی کے مضافاتی علاقے ملیر میں فصلوں پر حملہ کردیا تھا۔ آج صبح سے ٹڈ ی دل شہر کے مختلف علاقوں بشمول  بہادرآباد، بلوچ کالونی اور ٹیپو سلطان روڈ  پر جھنڈ میں منڈلاتے اور اڑتے دکھائی دے رہے ہیں۔ صورتحال دیکھ کر شہری پریشان ہوگئے ہیں۔

ٹڈیوں کے جھنڈ نیشنل اسٹیڈ یم کراچی  بھی پہنچ گئے جس کے وجہ سے سندھ اور سوئی ناردرن گیس کمپنی کے درمیان کھیلا جانے والا کرکٹ میچ بھی روکنا پڑا۔

دوسری جانب سندھ حکومت  نے ٹڈی دل کے حملے کی تمام تر ذمہ داری وفاق پر عائد کردی ہے۔ صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ پلانٹ پروٹیکشن کا محکمہ وفاق کے ماتحت ہے۔اگر پلانٹ پروٹیکشن کا عملہ وقت پر اسپرے کرتا تو صورتحال مختلف ہوتی۔

زراعت کے امور دیکھنے والے صوبائی وزیر نے ازراہ مذاق یہاں تک کہہ دیا کہ ٹڈیاں کراچی کے شہریوں کے پاس خود آئیں ہیں، وہ اس کا فائدہ اٹھائیں۔ شہری اس کی کڑاہی اور بریانی بناکر کھا سکتے ہیں۔

صحافی کے سوال کے جواب میں صوبائی وزیر اسماعیل راہو  نے دعویٰ کیا کہ جہاں جہاں سے ٹڈی دل کے حملے کی اطلاع ملتی ہے وہاں اسپرے کرایا  جارہا ہے۔

ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن طارق خان نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں کہا کہ ٹڈی دل بلوچستان کے راستے کراچی میں داخل ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری خوف زدہ نہ ہوں، ٹڈی دل شہریوں کے لئے بے ضرر مخلوق ہے۔

طارق خان نے بتایا کہ ٹڈی دل کے خلاف  ملیر میں اسپرے کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔

%d bloggers like this: