مئی 5, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

نا اہل اور ناجائز حکومت کا جانا ٹھہر گیاہے، اب یہ جنگ حکومت کے خاتمے پر ہی ختم ہوگی ، مولانا فضل الرحمان

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علمائے  اسلام ضلع مظفر گڑھ کے قائم مقام امیر محمد حذیفہ شاکرکے ساتھ اسلام آباد اپنی رہائش گاہ پر تفصیلی ملاقات میں کیا۔

کوٹ ادو : جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ نا اہل اور ناجائز حکومت کا جانا ٹھہر گیاہے اور اب یہ جنگ حکومت کے خاتمے پر ہی ختم ہوگی ۔

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ نے کہا کہ ہماری جنگ کا میدان پورا ملک ہوگا، ہماری حکمت عملی میں جمود نہیں ہوگا، بی اور سی پلان کی طرف بھی جائیں گے۔ ہماری حکمت عملی میں جنون نہیں ہوگا، صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی تبدیل کرتے رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علمائے  اسلام ضلع مظفر گڑھ کے قائم مقام امیر محمد حذیفہ شاکرکے ساتھ اسلام آباد اپنی رہائش گاہ پر تفصیلی ملاقات میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت معاشی لحاظ سے ڈوب رہا ہے، اس وقت ملک کا وجود خطرے میں ہے،ملک کی بقاء اور ملک کا وجود رسک پر ہے،ہم نے عا م آدمی کی آواز بننا ہے، ہر پاکستانی کی آواز بننا ہے اور اس کے کرب میں اس کا ترجمان بننا ہے۔

مولا نا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ہمارا آزادی مارچ ہر طرح سے پر امن اور آئینی ہوگا، ہم اس حکومت کے خاتمے تک اسلام آباد میں رہیں گے۔

جے یو آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں پر مشتمل رہبر کمیٹی نے اپنا متفقہ بیانیہ اور مطالبات پر اتفاق رائے قائم کر لیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں شامل تمام سیاسی جماعتیں آزادی مارچ میں جمعیت علمائے  اسلام کے شانہ بشانہ ہونگی۔

اس موقع پرجمعیت علمائے اسلام ضلع مظفر گڑھ کے قائم مقام امیر محمد حذیفہ شاکرنے مولانا فضل الرحمن کو ضلع مظفر گڑھ میں آزادی مارچ کے سلسلے میں ہونے والی تیاریوں سے بھی آگاہ کیا جس پرمولانا فضل الرحمن نے اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی جانب سے آزادی مارچ کی حمایت اور بھرپور شرکت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔

اس موقع پر متحدہ مجلس عمل کے مرکزی ترجمان مولانا اویس شاہ نورانی اور مرکزی رابطہ کمیٹی کے ممبر خواجہ مدثر محمود بھی موجود تھے۔

%d bloggers like this: