دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

”دیدہ ور“ کی منتظر قوم ۔۔۔ || نصرت جاوید

نصرت جاوید پاکستان کے مایہ ناز سینئر صحافی ہیں، ، وہ گزشتہ کئی دہائیوں سے روزنامہ ایکسپریس، نوائے وقت اور دی نیشن سمیت دیگر قومی اخبارات میں کالم ،مضامین اور پارلیمنٹ ڈائری لکھتے چلے آرہے ہیں،انکی تحریریں خاص طور پر ڈیلی سویل کے قارئین کی نذر

نصرت جاوید

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

گزشتہ ہفتے کا آخری کالم میں نے چیک ناول نگار میلان کندیرا کی موت کے بعد تعزیتی انداز میں لکھا تھا۔ لکھتے ہوئے یہ فکر لاحق رہی کہ شاید قارئین کی اکثریت اسے نظرانداز کرنے کو ترجیح دے گی۔ کندیرا کمیونسٹ نظام سے اُکتا کر 1975 ءمیں پیرس چلا گیا تھا۔ جلاوطنی میں کئی برس گزارنے کے بعد اس کے لکھے ناولوں کو 1980 ءکی دہائی میں بہت پذیرائی ملی تھی۔ غالباً اس کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ وہ سرد جنگ کی انتہائی پرتشدد دہائی تھی۔ سوویت افواج افغانستان میں در آئی تھیں۔ ان کے خلاف ”مہذب اور آزاد“ دنیا یکجا ہو گئی۔ پاکستان کے جنرل ضیا کی وساطت سے ”افغان مجاہدین“ کی سرپرستی کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ سی آئی اے دیگر منصوبوں کے علاوہ کمیونسٹ نظام کو بے نقاب کرنے کے لئے چند لکھاریوں اور فلم سازوں کو پروموٹ کرنا بھی شروع ہو گئی۔ میلان کندیرا مگر ”پروموٹڈ“ ناول نگار نہیں تھا۔ اس نے جو بھی لکھا نہایت خلوص سے ذاتی تجربات کی اذیتوں اور روزمرہّ زندگی کے بھرپور مشاہدے کی بدولت لکھا۔ اس کا اسلوب بھی نہایت انوکھا تھا۔ ناول کا آغاز کرتا تو محسوس ہوتا کہ کوئی طویل مضمون لکھنے والا ہے۔ اپنے ابتدائیے کو لیکن فلمی اور ڈرامائی انداز میں آگے بڑھاتے ہوئے نہایت مہارت سے ایک مسحورکن دنیا میں لے جاتا۔

اس کا اسلوب اور تخلیقی ذہن مگر آج کے کالم کا موضوع نہیں۔ میلان کندیرا کے بارے میں لکھا کالم چھپنے کے بعد اس کی پذیرائی نے مجھے دو دنوں تک کامل اگرچہ خوش گوار حیرت میں مبتلا رکھا۔ مجھ جیسا بے ہنر دیہاڑی دار اپنے کالم کے لئے سوشل میڈیا پر زیادہ سے زیادہ شیئرز اور لائیکس کی ہوس میں یقیناً مبتلا ہو چکا ہے۔ اپنی کسی تحریر کو توقع سے زیادہ پذیرائی نصیب ہو جائے تو سوچنے کو مجبور ہوجاتا ہوں کہ معمول سے زیادہ پسند کیے کالم میں وہ کون سا ”چورن“ تھا جو لوگوں کو بھا گیا۔ اس کا ”نسخہ“ دریافت ہو جائے تو مزید کالم اس کے مطابق ہی لکھوں۔

اس تناظر میں خود غرضانہ غور کرتے ہوئے اس کالم کو تین سے زیادہ بار پڑھا۔ مجھے گماں ہے کہ میں نے جس انداز میں میلان کندیرا کی سوچ کو بیان کیا تھا شاید وہ قارئین کو پسند آیا۔ اس کا ذکر کرتے ہوئے میں بارہا کمیونسٹ اشرافیہ کی اس احمقانہ کاوش کی جانب توجہ دلاتا رہا جو ”عوام کی بھلائی“ کے لئے سوچنے کا فریضہ اپنے لئے مختص کر لیتی ہے۔ اس کے بعد ایک ”نظریہ“ ایجاد ہوتا ہے جو مصر رہتا ہے کہ وہ اپنے ملک کو ”جنت ارضی“ میں بدل رہا ہے۔ عوام کو اس کے فراہم کردہ ”استحکام“ اور روزمرہّ زندگی کے حوالے سے میسر نسبتاً ”یقینی“ دکھتے حالات سے مطمئن محسوس کرنا چاہیے۔ سر جھکائے اپنے کام سے کام رکھیں اور بیوی بچوں کے ساتھ رجائیت سے مالا مال زندگی گزاریں۔

1950 ءسے وطن عزیز کی حکمران اشرافیہ بھی ہمارے ساتھ ایسا ہی رویہ اختیار کیے ہوئے ہے۔ ”دیدہ ور“ کی منتظر قوم کو بالآخر 1958 میں ایوب خان مل گئے۔ انہوں نے دس برس تک کامل اختیارات کے ساتھ راج کیا۔ ان کے دور کو الطاف گوہر جیسے سرکاری نابغوں نے ”عشرہ ترقی“ قرار دیا اور اس کا جشن منانے کی تیاری شروع کردی۔ عوام کی اکثریت مگر اس ”عشرہ ترقی“ سے نڈھال ہو چکی تھی۔ سڑکوں پر نکل آئی۔ وہ تو فارغ ہو گئے۔ ”دیدہ وروں“ سے مگر ہمارے لوگوں کے دل نہیں بھرے۔ رواں صدی سے قبل مذکورہ ”دیدہ ور“ فوجی وردی بھی پہنے ہوئے تھے۔ 1996 ءسے مگر بتدریج کرکٹ سے کرشمہ ساز ہوئے عمران خان ہماری نوجوان نسل کے چہیتے بننا شروع ہو گئے۔ جو ادارے ”دیدہ ور“ پیدا کرنے پر اجارہ محسوس کیا کرتے تھے ”کرشمہ ساز“ کو ”اپنا“ بنانے کو تیار ہو گئے۔ 2018 ءکے بعد تاہم انہیں ”مزا نہیں آیا“ والے مقام تک پہنچنے میں تین برس لگ گئے۔

مجھے شبہ ہے کہ میلان کندیرا کے بارے میں لکھتے ہوئے اس کی شخصیت کے جن پہلوؤں کو میں نے اجاگر کیا تھا ان پر توجہ دینے کے بجائے قارئین کی اکثریت کو یہ سوچ زیادہ بہتر لگی کہ اشرافیہ کے جبر سے ”جنت ارضی“ تشکیل نہیں دی جا سکتی۔ عوام کی اجتماعی بصیرت ہی بالآخر کسی ملک یا معاشرے کو خوشگوار بنا سکتی ہے۔ مذکورہ تناظر میں شاید قارئین کو ”دیدہ وروں“ کی بدولت ہمارے ملک پر مسلط کیے وہ تجربات بھی یاد آ گئے جو ایوب خان کے دس برسوں میں ملک کو ”عائلی قوانین“ اور فیملی پلاننگ کے ذریعے ”جدید“ بنانے کے بعد جولائی 1977 ءسے اگست 1988 ءتک ”اصل اسلام“ کی راہ پر چلانے کو بے چین تھے۔ ”نفاذ اسلام“ سے جی بھر گیا تو اکتوبر 1999 ءسے 2008 ء کے آغاز تک پرویز مشرف کی قیادت میں ہمیں ”روشن خیال“ بنانے کا تجربہ شروع ہو گیا۔ عمران خان کو ”دیدہ وری“ آؤٹ سورس کرتے ہوئے جو حاصل کرنا مقصود تھا میں اسے مگر آج تک سمجھ نہیں پایا۔

میلان کندیرا کی بابت لکھے کالم کو غور سے پڑھتے ہوئے مجھے بطور پاکستانی اس امر کی بابت بھی تھوڑا فخر محسوس ہوا کہ ہمارے عوام ”دیدہ وروں“ اور ”جنت ارضی“ تشکیل دینے والا نظام زیادہ عرصے تک برداشت نہیں کرتے۔ ادویات کے دھندے کے حوالے سے بات کروں تو ہمارے ہاں آمرانہ نظام کی ”شیلف لائن“ دس برس سے زیادہ کھینچی ہی نہیں جا سکتی۔ مسئلہ مگر یہ بھی ہے کہ ایک ”دیدہ ور“ سے جند چھڑا لینے کے بعد ہم ایک اور ”دیدہ ور“ سے توقعات باندھنے میں بھی زیادہ دیر نہیں لگاتے۔ یوں دائروں میں ہوتا ایک سفر ہے جو 1950 ءکی دہائی سے مسلسل جاری ہے۔ اس سے نجات کی صورت کم از کم مجھے تو ان دنوں ہرگز نظر نہیں آ رہی۔ شاید عمر کے آخری حصے میں تھک کر امید کھو بیٹھا ہوں۔ ہمارے ہاں مگر حبیب جالب جیسے دیوانے بھی پیدا نہیں ہو رہے۔ استاد دامن کی اختیار کردہ بے نیازی بھی عنقا ہو چکی ہے۔ منیر نیازی کی طرح کوئی اپنے کسی شعر یا نظم سے چونکاتا بھی نہیں ہے۔ ٹک ٹاک اور یوٹیوب کا زمانہ ہے۔ اندھی نفرت و عقیدت کو بڑھانے کے علاوہ کسی کام نہیں آ رہا۔

(بشکریہ نوائے وقت)

یہ بھی پڑھیں:

کاش بلھے شاہ ترکی میں پیدا ہوا ہوتا! ۔۔۔ نصرت جاوید

بھٹو کی پھانسی اور نواز شریف کی نااہلی ۔۔۔ نصرت جاوید

جلسے جلسیاں:عوامی جوش و بے اعتنائی ۔۔۔ نصرت جاوید

سینیٹ انتخاب کے لئے حکومت کی ’’کامیاب‘‘ حکمتِ عملی ۔۔۔ نصرت جاوید

نصرت جاوید کے مزید کالم پڑھیں

About The Author