نصرت جاوید
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اپنے لکھے کالموں کا حوالہ دینا مجھے برا لگتا ہے۔عقل کل ہونے کے دعوے دار ہی اس علت میں مبتلا ہوتے ہیں اور مجھے اپنی محدودات کا بخوبی علم ہے۔اس کے باوجود یاد دلانے کو مجبور محسوس کررہا ہوں کہ چند ہفتے قبل جب شہباز شریف صاحب چودھری برادران کے لاہور والے گھر حاضری دینے پہنچے تو میں نے اسے کارزیاں پکارا۔ یہ اضافہ کرنے سے بھی باز نہ رہا کہ مذکورہ حاضری انہیں کوئی سیاسی فائدہ پہنچانے کے بجائے بالآخر ان کی ذات اور جماعت کے لئے شرمندگی کا باعث ثابت ہوگی۔ پیر کی شام میرا اندازہ درست ثابت ہوگیا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی سہ پہر چار بجے شروع ہونا تھا۔صحافیوں کو اس کے دوران شدید ہنگامہ آرائی کی توقع تھی۔انہیں گماں تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے قومی اسمبلی کے دفتر میں جمع کروائی تحریک عدم اعتماد کو حکومت ایوان میں باقاعدہ پیش کرنے کا موقعہ فراہم کرنے میں تاخیری حربوں سے کام لے گی۔اپوزیشن کو اطمینان دلانے کے لئے تاہم سپیکر کے دفتر میں ان کے سرکردہ رہ نمائوں کو بلاکر وعدہ ہوا کہ ان کی جانب سے جمع کروائی تحریک پیر کے دن ہی ایوان میں باقاعدہ پیش کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
ایک گھنٹہ کی تاخیر کے بعد چار کے بجائے پانچ بجے اجلاس شروع ہوا تو پریس لائونج میں نصب ٹی وی سکرینوں پر ٹکر چلنا شروع ہوگئے کہ چودھری پرویز الٰہی اپنے اسلام آباد والے گھر سے وزیر اعظم سے ملاقات کی خاطر بنی گالہ روانہ ہوگئے ہیں۔اس خبر سے چند گھنٹے قبل اے آر وائی ٹی وی کے متحرک اور باخبر رپورٹر صابر شاکر ’’بریکنگ نیوز‘‘ کے ذریعے یہ اطلاع دے چکے تھے کہ عمران خان صاحب نے بالآخر عثمان بزدار کی جگہ پرویز الٰہی صاحب کو پنجاب کا وزیر اعلیٰ بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔چودھری صاحب کی بنی گالہ روانگی ان کی دی خبر کی تصدیق کرتی محسوس ہوئی۔
چودھری صاحب کی عمران خان صاحب کے ہاتھوں بطور وزیر اعلیٰ پنجاب نامزدگی حکمران جماعت کے اس دعویٰ کا ا ثبات بھی ہے کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کے لئے وزیر اعظم صاحب نے اپنے سینے کے ساتھ کئی ’’ٹرمپ کارڈ‘‘ لگارکھے ہیں۔وہ انہیں کھیلیں گے تو اپوزیشن بوکھلا جائے گی۔ پرویز الٰہی کی بطور وزیر اعلیٰ نامزدگی نے یقینا ا پوزیشن کو پریشان کردیا ہے۔
یہ بات برحق کہ قومی اسمبلی کے لئے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر جولائی 2018کے انتخاب کے دوران منتخب ہوئے افراد میں سے کم از کم 25افراد وزیر اعظم کے خلاف پیش ہوئی تحریک کی حمایت میں ووٹ ڈالنے کو رضا مند ہوچکے ہیں۔حکومت کا ارادہ تھا کہ ناراض اراکین کی جانب سے عمران خان کے خلاف ووٹ کو قومی اسمبلی کے سپیکر ’’مسترد‘‘ تصور کریں۔ انہیں شمار بھی نہ کیا جا ئے۔ اس کے بعد فلور کراسنگ کے مرتکب اراکین کو نااہل کروانے کے لئے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا جائے۔فلور کراسنگ کی وجہ سے ہوئی نااہلی کے حوالے سے عمران حکومت ایک صدارتی ریفرنس کے ذریعے سپریم کورٹ سے رجوع بھی کرچکی ہے۔وہ اعلیٰ عدلیہ سے آئین کے آرٹیکل 63-Aکی ایسی تشریح کی خواہاں ہے جو منحرف اراکین کو انتخاب میں حصہ لینے کے لئے تاحیات نااہل قرار دے۔جس تشریح کی توقع باندھی جارہی ہے اگر فراہم ہوگئی تو تحریک عدم اعتماد پر ہوئی گنتی کے دوران عمران خان صاحب کے خلاف ووٹ ڈالنے والے ’’خودکش ‘‘ ہی تصور ہوں گے۔
حکومتی اراکین کو تاحیات نااہلی کے خوف سے محفوظ رکھنے کے لئے اپوزیشن جماعتوں کے سرکردہ رہ نما گزشتہ کئی دنوں سے ’’اتحادی‘‘ جماعتوں سے مسلسل رابطے میں تھے۔ان جماعتوں کے پاس 17ووٹ ہیں۔اپوزیشن پُراعتماد تھی کہ اگر ان میں سے 12اراکین بھی تحریک عدم اعتماد کی حمایت میں ووٹ ڈالنے کو آمادہ ہوگئے تو حکومت سے ناراض ہوئے اراکین کوقانونی مشکلات کے بھنور میں پھینکنے کی ضرورت ہی نہ رہے گی۔ اس ضمن میں سب سے زیادہ توجہ چودھریوں کی پاکستان مسلم لیگ (ق) پر مرکوز رکھی گئی۔ان پر توجہ مرکوز رکھتے ہوئے یہ تصور بھی ذہن میں رکھا گیا کہ اگر گجرات کے بااثر جاٹ جن کے نام نہاد’’مقتدر حلقوں‘‘ سے تعلقات بھی نہایت دیرینہ اور گہرے ہیں عمران خان سے جدائی پر آمادہ ہوگئے تو عوام کی اکثریت بآسانی سمجھ جائے گی کہ ’’وہ‘‘واقعتا ’’نیوٹرل‘‘ ہوگئے ہیں۔ چودھری پرویز الٰہی کی عمران خان کے ساتھ پیر کی شام ہوئی ملاقات نے اس تناظر میں باندھی امیدوں پر بھی پانی پھیردیا ہے۔
چودھری پرویز الٰہی ٹھوس سیاسی وجوہات کی بنا پر خواہش مند تھے کہ عمران خان کا ساتھ چھوڑنے کے عوض انہیں پنجاب کا وزیر اعلیٰ منتخب کرنے کا یقین دلایا جائے۔اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت پنجاب جس کا ’’کلہ‘‘ تصور ہوتا ہے ابتداََ اس امر کو رضا مند نہیں تھی۔ آصف علی زردا ری کے اصرار نے بالآخر نواز شریف سے منسوب مسلم لیگ کو اس کے لئے رضا مند کردیا۔ بہت لیت ولعل کے بعد مہیا ہوئی رضا مندی کے باوجود مسلم لیگ (نون)بضد رہی کہ پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے کے چند ہی روز بعد پرویز الٰہی اس صوبے کی اسمبلی کو تحلیل کروانے کا عمل شروع کریں۔ اس کے نتیجے میں فوری انتخاب یقینی ہوجائیں گے۔
مسلم لیگ(نون) کو خدشہ ہے کہ اگر پرویز الٰہی بطور وزیر اعلیٰ پنجاب اپنے صوبے کی بقیہ آئینی مدت مکمل کرنے کو ڈٹ گئے تو اپنی انتظامی صلاحیتوں اور سیاسی جوڑ توڑ والی مہارت کے ذریعے ان کی جماعت کے بے تحاشہ ’’الیکٹ ایبلز‘‘ کو اپنا ہمنوا بنالیں گے۔انتخابات اگر 2023تک ٹل گئے تو نواز شریف سے وابستہ ’’ووٹ بینک‘‘ اپنا اثرکھونا شروع ہوجائے گا۔
عمران خان صاحب کا فوری ہدف مگر اپنے خلاف پیش ہوئی تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانا ہے۔اسے ناکام بنانے کے بعد وہ خود بھی 2023تک وزیر اعظم کے منصب پر برقرار رہنا چاہیں گے۔ سیاسی حرکیات واہداف کے حوالے سے لہٰذا چودھری پرویز الٰہی اور عمران خان ’’ایک پیج‘‘ پر ہیں۔اس ضمن میں فقط باقاعدہ اعلان ہونا تھا جو پیر کی شام ہوگیا ہے۔
اپوزیشن جماعتوں نے اگرچہ اب بھی ہمت نہیں ہاری ہے۔یہ کالم لکھنے تک ان کے چند سرکردہ رہ نمائوں کو کامل اعتماد تھا کہ اتحادی جماعتوں سے وابستہ اراکین کی اکثریت تحریک عدم اعتماد کی حمایت ہی میں ووٹ ڈالے گی۔وہ یہ بھی اصرار کررہے ہیں کہ پرویز الٰہی صاحب نے مبینہ طورپر ’’سولوفلائٹ‘‘کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین اور ان کے صاحبزادے کو ناراض کردیا ہے۔میں ذاتی طور پر اگرچہ چودھری خاندان میں برسرعام نفاق ہوتا نہیں دیکھ رہا۔ طارق بشیر چیمہ کی ’’بغاوت‘‘ محض ذاتی ہی رہے گی۔
ویسے بھی نگاہیں اب پنجاب کی جانب مبذول ہوچکی ہیں۔دیکھنا ہوگا کہ عمران خان صاحب کے ہاتھوں نامزد ہوجانے کے بعد چودھری پرویز الٰہی خود کو کس انداز میں پنجاب اسمبلی سے وزیر اعلیٰ منتخب کروائیں گے۔
بشکریہ روزنامہ نوائے وقت۔
اے وی پڑھو
اشولال: دل سے نکل کر دلوں میں بسنے کا ملکہ رکھنے والی شاعری کے خالق
ملتان کا بازارِ حسن: ایک بھولا بسرا منظر نامہ||سجاد جہانیہ
اسلم انصاری :ہک ہمہ دان عالم تے شاعر||رانا محبوب اختر