اپریل 29, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

داڑھی والا||سجاد جہانیہ

اس زاویہ میں ہم نے (میں اور میری اہلیہ عالیہ) بیس پچیس منٹ گزارے. داڑھی والا تو ٹھہرا گرمی کا رسیا کہ اپنی کتاب کے پیش لفظ میں لکھتا ہے "ہاں، سردیوں کا موسم بالکل پسند نہ

سجاد جہانیہ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

برادرِ عزیز محسن حسن لودھرا کی تحریک پر آج ایک منفرد اکٹھ میں بیٹھنے کا موقع میسر ہوا. جولائی کا مہینہ یوں تو گرمی کے حوالے سے ہی جانا جاتا ہے تاہم ملتان میں اس کی چھَپ نرالی ہوتی ہے. اب جولائی کا مہینہ اور سہ پہر کا وقت، ذرا سوچئے کہ دن بھر سورج کی مار سہ چکی فضا کا بدن کیسا تپتا ہوگا. ہوا دم سادھے ساکت تھی اور پور پور سے بہتا پسینہ بدن سے بھاپ بن کے اڑتا تھا.
ایسے میں گلگشت کے گول باغ کے اک گوشے میں ایک بڑا سا دائرہ ہے جس میں کچھ خواتین اور بیش تر حضرات بیٹھے ہیں، گویا کسی خانقاہ میں زاویہ کا حلقہ ہو. ایک لمبی کھچڑی ریش و بروت والا شخص ہے جس نے ٹراؤزر پر کرتا پہن رکھا ہے. داڑھی سینے کو اور مونچھیں دہن کو ڈھانکتی ہیں. بڑے شستہ لہجے میں اردو بولتا ہے اور بیچ بیچ میں پنجابی کا تڑکا بھی لگاتا ہے. سوال ہوتے ہیں، یہ جواب دیتا ہے، دائرے کی جنوب مغربی قوس میں بیٹھے ایک ڈریس پینٹ شرٹ والے باوقار سے صاحب ان جوابات میں ترامیم و اضافے کرتے ہیں تو دائرے میں قہقہہ پڑتا ہے.
یہ داڑھی والا حسنین جمال ہے، جس کا قول ہے کہ اس معاشرے میں بنا جھوٹ بولے بہتر زندگی نہیں گزاری جا سکتی سو بچوں کی تربیت کرتے ہوئے تھوڑا جھوٹ بھی سکھانا چاہیے. ڈریس پینٹ شرٹ والے جمال صاجب ہیں، داڑھی والے کے ابا. وہ شاید داڑھی والے کے اس قول سے متفق نہیں کہ پرانی وضع کی تربیت پائے ہوئے ہیں. سو داڑھی والا جہاں جھوٹ بولتا ہے، وہاں وہ گرفت کرتے ہیں. کبھی وہ گواہی لینے کی کوشش کرتا ہے "ہے نا ابا آپ کو یاد ہے ایسا ہی ہوا تھا نا” وہ فوراً کہتے ہیں "میاں! مجمع کا فائدہ اٹھا کر جھوٹی گواہیاں تو نہ دلواؤ” ایسے میں قہقہ پڑتا ہے اور داڑھی والا کچھ کھسیانا ہوتا ہے مگر فوری سنبھل جاتا ہے.
اس زاویہ میں ہم نے (میں اور میری اہلیہ عالیہ) بیس پچیس منٹ گزارے. داڑھی والا تو ٹھہرا گرمی کا رسیا کہ اپنی کتاب کے پیش لفظ میں لکھتا ہے "ہاں، سردیوں کا موسم بالکل پسند نہیں، دھند سے نفرت ہے. بہار اوکے ہے. گرمی زندہ باد” مگر سچی بات ہے کہ اس دائرے میں گفتگو کی پھوار کچھ ایسی دل آویز اور مسحور کن تھی کہ کسی کو گرمی کا احساس نہیں تھا. باپ بیٹے میں یہ دوستی خال ہی نظر آتی ہے. ہر طرح کی بے تکلفی (فرینک نیس) کے باوصف والد کے وقار اور بیٹے کے مؤدب پن پر کوئی حرف نہیں کہا جاسکتا.
داڑھی والے کے ساتھ لوگ تصاویر بنواتے، کتاب پر دست خط لیتے. وہ بخوشی اور پورے دل کے ساتھ تصویریں بنواتا اور محبت سے کتابوں پر دست خط ثبت کرتا. جدید لباسوں اور بقول اکبر نئی تہذیب کے تعلیم یافتہ خواتین و حضرات کی موجودی میں بھی اس مجلس نے درویشی کا رنگ اوڑھا ہوا تھا. اس کی وجہ شاید یہ تھی کہ یہاں کسی کی خبر نہیں لی جا رہی تھی، بس اپنی بات ہوتی تھی. حاضرین میں سے کسی نے ایک آدھ گزر چکے اور کچھ حاضر سروس لکھنے والوں کا تبرا کرنا چاہا مگر داڑھی والے نے اس کو بجا طور پر رد کیا.
May be an image of 1 person, sitting, standing, outdoors and tree
برادرِ خورد محسن حسن لودھرا کہ عالیہ کے کزن ہیں اور دیسِ فرنگ میں قیام پذیر. انہوں نے اس مجلس کا بتایا تھا اور جانے کی تاکید کی تھی. کتاب "داڑھی والا” بھی محسن کا تحفہ ہے جو داڑھی والے کے دست خط سے داڑھی والے ہی کے ہاتھوں ملا. Mohsin Hassan Lodhra کا خصوصی شکریہ کہ اس کی وساطت سے ایک تخلیق کار درویش یعنی داڑھی والا سے ملاقات ہوئی. کتاب پر تبصرہ ظاہر ہے خواندگی کے بعد انشاءاللہ. ابھی تو بس اس مجلس کا احوال لکھنا مقصود تھا اور محسن کو رسید دینا.
ڈاکٹر زری اشرف صاحبہ بھی موجود تھیں اور بیش تر وقت فیس بک پر لائیو. یہ ویڈیو اسی لائیو کا ٹکڑا ہے جس میں عالیہ اور میں داڑھی والے سے ملتے نظر آتے ہیں. یہ ٹکڑا Zari Ashraf صاحبہ کے شکریہ کے ساتھ یہاں چسپاں کیا ہے. مجلس کے سحر میں تصویر بنوانے کا ہوش ہی نہیں رہا.

یہ بھی پڑھیے:

ایک بلوچ سیاسی و سماجی کارکن سے گفتگو ۔۔۔عامر حسینی

کیا معاہدہ تاشقند کا ڈرافٹ بھٹو نے تیار کیا تھا؟۔۔۔عامر حسینی

مظلوم مقتول انکل بدرعباس عابدی کے نام پس مرگ لکھا گیا ایک خط۔۔۔عامر حسینی

اور پھر کبھی مارکس نے مذہب کے لیے افیون کا استعارہ استعمال نہ کیا۔۔۔عامر حسینی

حسنین جمال کی مزید تحریریں پڑھیے

%d bloggers like this: