اپریل 29, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

آصف زرداری اور نواز شریف اے پی سی میں شریک ہونگے

نواز شریف کو گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری نے اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی تھی۔ حزب اختلاف کی اے پی سی 20 ستمبر کو ہو گی۔

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم نواز شریف نے  آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت کی دعوت قبول کر لی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر کے مطابق نواز شریف اے پی سی میں وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے انہوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی کی دعوت قبول کر لی ہے۔

نواز شریف کو گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری نے اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی تھی۔ حزب اختلاف کی اے پی سی 20 ستمبر کو ہو گی۔ جس میں مسلم لیگ ن کا گیارہ رکنی وفد شہباز شریف کی زیرقیادت شرکت کرے گا۔

پیپلزپارٹی کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری بھی بذریعہ وڈیو لنک کراچی سے اے پی سی میں شریک ہونگے

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر تصدیق کردی ہے کہ نوا ز شریف کل ہونے والی اے پی سی میں نہ صرف شریک ہونگے بلکہ وہ اس موقع پر خطاب بھی کرینگے۔

ایک صارف نے لکھا تھا کہ نواز شریف کے خطاب کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے نشر کرنے کے اقدامات کئے جائیں ۔ مریم نے جواب میں کہا کہ اس کی تیاری ہم کررہے ہیں۔

 

ادھر اے پی سی میں شرکت کرنے والی جماعتوں نے وفود کو حتمی شکل دے دی ہے،چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو آل پارٹیز کانفرنس کے میزبان ہوں گے یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان پیپلزپارٹی کے وفد میں شامل ہونگے۔

نیئرحسین بخاری، فرحت اللہ بابر، مصطفیٰ نواز کھوکھر، قمرالزمان کائرہ، نفیسہ شاہ وفد کاحصہ ہونگے، سابق صدر آصف زرداری اور نواز شریف بھی وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کریں گے۔

اے پی سی میں ن لیگ کا وفد شہباز شریف کی قیادت میں شریک ہو گا،وفد میں مریم نواز، احسن اقبال، شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر رہنما شریک ہوں گے ۔

سابق وزیر اعظم نوازشریف بھی وڈیو لنک سے اے پی سی میں شریک ہوں گے۔ جمعیت علمائے اسلام کا وفد مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں شریک ہوں گا ،وفد میں مولانا عبدالغفور حیدری، اکرم خان درانی اور کامران مرتضی شامل ہونگے۔

نیشنل پارٹی بلوچستان کا وفد عبدالمالک بلوچ کی قیادت میں شریک ہوگا،محمود خان اچکزئی کی قیادت وفد اے پی سی میں  شریک ہو گا،عوامی نیشنل پارٹی کا وفد امیر حیدرہوتی کی قیادت میں شرکت کرے گا۔بی این پی مینگل کا وفد سردار اختر مینگل کی قیادت میں شریک ہو گا۔

قومی وطن پارٹی کا وفد آفتاب احمد شیر پاوَ کی قیادت میں شرکت کرے گا،اے پی سی میں حکومت کی دو سالہ کارکردگی کا جائزہ لیا جائیگا،جائزے کے بعد آگے کے حکمت عملی پر مشاورت ہوگی۔

گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا کہ آئندہ تین ماہ میں اسلام آباد کا گھیراؤ اور سب کچھ  دیکھیں گے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں اسلام آباد کو بند کرنے کی بات ہو گی۔

ہم نیوز کے پروگرام ’ بریکنگ پوائنٹ ود مالک‘ میں میزبان محمد مالک کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالات کے جوابات میں ان کا کہنا تھا کہ اس وقت عوام مشکل میں ہیں اور پورا پاکستان کہہ رہا ہے کہ اپوزیشن کچھ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے پاس جائیں گے اورامید ہے کہ وہ ساتھ دیں گے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اے پی سی میں اپوزیشن کا متفقہ لائحہ عمل بنے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اے پی سی میں عوام کی بہتری کے لیے کچھ ہو گا۔

پی ایم ایل (ن) کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کو ریلیف ملے۔ انہوں نے کہا کہ اے پی سی میں ہر چیز پر بات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ باہر نکلیں گے اورعوام کی مشکلات کو دور کرنے کی کوشش کریں گے۔

%d bloggers like this: