اپریل 27, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

بھارت نے سلمان تاثیر کے بیٹے کی شہریت منسوخ کردی

آتش تاثیر صحافی ہیں اور نیویارک میں مقیم ہیں، انہوں نے ٹائم میگزین میں ایک آرٹیکل لکھا تھا جس میں نریندر مودی پر کڑی تنقید کی گئی ہے۔

بھارت نے سابق گورنر پنجاب  سلمان تاثیر شہید کے بیٹے اور بھارتی نژاد برطانوی شہری آتش تاثیر کی شہریت منسوخ کردی ہے۔

واضح رہے کہ آتش تاثیر صحافی ہیں اور نیویارک میں مقیم ہیں، انہوں نے ٹائم میگزین میں ایک آرٹیکل لکھا تھا جس میں نریندر مودی پر کڑی تنقید کی گئی ہے۔

عالمی میڈیا کے مطابق 13 اگست کو بھارتی وزارت داخلہ نے آتش تاثیر کو نوٹس بھیجا تھا جس میں کہا گیا کہ آپ نے اوورسیز سٹیزن شپ آف انڈیا کارڈ کے لیے کاغذات جمع کراتے وقت یہ بات چھپائی کہ آپ کے والد پاکستانی تھے، اس لیے آپ بھارتی شہریت کے اہل نہیں ہیں۔

بھارتی وزارت داخلہ کی ترجمان نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر کہا کہ آتش تاثیر نوٹس میں پوچھے گئے سوالوں کے جواب دینے میں ناکام رہے، اس لیے ان کی شہریت منسوخ کردی گئی ہے۔

آتش تاثیر نے عالمی ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں کہا ہے کہ بھارت ان کا دیس ہے سرکاری کاغذ کا ایک ٹکڑا انہیں انکی ماں دھرتی سے جدا نہیں کرسکتا۔

صحافیوں کے تحفظ کے لئے قائم تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس نے بھی بھارت کے اس اقدام کی کڑی تنقید کی ہے ۔

خیال رہے کہ آتش تاثیر سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر اور بھارتی صحافی تولین سنگھ کے بیٹے ہیں۔

%d bloggers like this: