مئی 3, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

عمران خان نے تبدیلی کے نام پر ملک کی تباہی کر دی ہے،بلاول بھٹو زرداری

انہوں نے کہا کہ حالانکہ پی ڈی ایم کی تحریک جاری ہے لیکن وہ جی بی کے انتخابات کے دوران جی بی کے عوام کے ساتھ رہیں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کا ہر مظلوم شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور میرے ساتھ کھڑاہے۔ یہ بات انہوں نے شگر کے مقام پر گلگت بلتستان کے انتخابات 2020ءکے سلسلے میں ہونے والی ایک کارنر میٹنگ سے خطاب میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے جس سفر کا آغاز آپ کے ساتھ کیا تھا یہ سفر اس وقت تک جاری رہے گا جب تک کہ جی بی کے عوام کو ان کے حقوق نہیں مل جاتے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جو خواب دیکھے تھے انہیں شرمندہ تعبیر کرنا اب ان کا فرض بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جی بی کے عوام کے نمائندوں کو اسلام آباد بھیجیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام کے تعاون سے طاقت حاصل کرتے ہیں اور وہ عوام کے اشارے کے علاوہ کسی اور پر عمل نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ پی پی پی اب تو ان کے حقوق دلا کر رہے گی۔ یہ جی بی کے عوام کی تقدیر نہیں کہ وہ ہمیشہ غریب رہیں اور صحت اور تعلیم کی سہولتوں سے محروم رہیں۔ پی پی پی نے جی بی کے عوام کو روزگار مہیا کیااور جی بھی کی گزشتہ حکومت میں جب پی پی پی کا وزیراعلیٰ تھا تو انہوں نے 25ہزار نوجوانوں کو روزگار دیا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وقت میں غذائی اشیاءپر جی بی کے عوام کو سبسڈی دی جو آج تک بھی جاری ہے اور جی بھی کے عوام اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ صدر زرداری نے بی آئی ایس پی پروگرام شروع کیا اور ملک بھر کی غریب خواتین کی مدد کی۔ پی پی پی کی حکومت نے سندھ میں دل اور جگر کی بیماریوں کے مفت علاج کے لئے ہسپتالوں کا جال بچھا دیا ہے۔ اسی قسم کے ہسپتال اور تعلیمی ادارے جی بی میں پیپلزپارٹی قائم کرے گی۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اسٹیل ملز جیسے ادارے بنا کر عوام کو روزگار دیا تھا۔

انہوں نے عوام کو پاسپورٹ حاصل کرنے کی سہولت مہیا کرکے بیرون ممالک روزگار کے مواقع پیدا کئے اور آج تک پاکستان کے عوام بیرون ملک ملازمت کرکے اپنے خاندانوں کی کفالت کر رہے ہیں جبکہ اس عمران خان کی اس سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی حکومت نے پاکستان کے ہر طبقے کی تکلیف میں اضافہ کر دیا ہے اور انہیں کوئی ریلیف مہیا نہیں کیا۔ آج چاہے لیڈی ہیلتھ ورکرز ہوں یا سرکاری ملازمین ہوں سب اسلام آباد میں احتجاج کرتے نظر آرہے ہیں۔ ہمیں اس سلیکٹڈ حکومت کو پاکستان کی مزید تباہی سے روکنا پڑے گا جس نے پنجا ب اور کے پی کو تباہ کر دیا ہے۔ ہمیں جی بی کو اس قسم کی تباہی سے بچانا ہوگا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان نے تبدیلی کے نام پر ملک کی تباہی کر دی ہے۔ عمران خان 2018ءکے انتخابات میں جتنے بھی وعدے کئے تھے ان میں سے ایک کو بھی پورا کرنے میں ناکام ہوگیا ہے۔ عمران خان نے جنوبی پنجاب کے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ انہیں صوبہ 100 دن میں بنائے گا لیکن یہ عمران خان کے ایک جھوٹ جیسا ایک جھوٹ ہی نکلا۔ چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ان کی پارٹی اور جی بی عوام کا دلی رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی بی کے لوگ تعلیم اور روزگار کے سلسلے میں کراچی جاتے ہیں۔ وہاں ایک شگر ہاﺅس بھی ہے۔ سندھ حکومت اس شگر ہاﺅس کو بہتر کرے گی۔ پی پی پی جی بی کے طلباءکے لئے کراچی میں ہوسٹل قائم کرے گی کیونکہ پی پی پی ہی وہ واحد جماعت ہے جو عوام کے لئے کام کرتی ہے۔ عمران خان نے کے پی میں اپنی حکومت کے سات سالوں اور وفاق میں اپنی حکومت کے دو سالوں کے دوران ایک بھی ہسپتال یا تعلیمی ادارہ قائم نہیں کیا۔ پی پی پی نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور بزرگوں کی پنشنز میں اضافہ کیا کیونکہ پیپلزپارٹی عوام کو کبھی بھی اکیلا نہیں چھوڑتی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جی بی کے انتخابات تک جی بی کے عوام میں موجود رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حالانکہ پی ڈی ایم کی تحریک جاری ہے لیکن وہ جی بی کے انتخابات کے دوران جی بی کے عوام کے ساتھ رہیں گے۔ انہوں نے جی بی کے عوام سے کہا کہ وہ پی پی پی کے امیدواروں کو ووٹ دیںا ور وہ انتخا بات میں فتح کا جشن منانے تک جی بی میں ہی رہیں گے۔

%d bloggers like this: