اپریل 29, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ضلع ڈیرہ غازی خان کی خبریں

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ، تجزیے اور تبصرے

ڈیرہ غازیخان (): ڈیرہ غازیخان کے سٹی پارک میں ہاکی گراونڈ پر آسٹروٹرف کی تنصیب کا منصوبہ تین ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی گئی ہے کمشنرڈیرہ غازیخان ڈویژن ساجد ظفر ڈال نے سٹی پارک میں ہاکی گراؤنڈ کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیتے ہوئے دن رات ایک کرکے تعمیراتی کام مقررہ معیاد کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ ہاکی گراؤنڈ کو جدید طرز پر بنایا جائیگاچھ ہزار مربع میٹر رقبہ ہاکی گراؤنڈ تعمیر اور آسٹروٹرف بچھائی جائے گی دو مراحل میں آسٹرو ٹرف پہنچا دی گئی ہے ہاکی گراؤنڈ کے منصوبہ پر پانچ کروڑ 60 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ ہوگی اور منصوبہ کو ستمبر تک فنکشنل کرنے کی حتمی تاریخ دے دی گئی ہے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیل کے گرانڈ دے کر معاشرتی برائیوں سے بچائیں گے۔کمشنر ساجد ظفر ڈال نے سٹی پارک کا بھی دورہ کیا انہوں نے پارک کی بحالی،تزئین و آرائش،پارکنگ،کینٹین اور دیگر تعمیراتی کام کا جائزہ لیا کمشنر نے پی ایچ اے کو منصوبہ کو جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں.

ڈیرہ غازیخان (): ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان طاہرفاروق کی ہدایت پرتحصیل تونسہ کے پہاڑ کے دامن میں واقع مواضعات میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈیرہ غازی خان مہر عابد حسین کی سربراہی میں ٹڈی دل کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ آپریشن میں محکمہ زراعت توسیع، لائیو سٹاک، واٹرمینیجمنٹ اورکراپ رپورٹنگ کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ مہرعابدحسین نے بتایا کہ ٹڈی دل سے متاثرہ علاقوں کو 5 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر علاقے میں ایک علیحدہ ٹیم تیار کی گئی ہے۔ جسکی سربراہی زراعت آفیسر یا ویٹرنری آفیسرکے سپردکی گئی ہے۔ ان علاقوں میں موضع لتڑا، تہمیانہ، چرہکی، روڑہالی، چٹہ ماگھٹہ،جھوک بودو، رندوالا، رکھ کوٹ قیصرانی اور کوٹ قیصرانی شامل ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت نے کہا کہ ٹڈی دل تعداد میں کم ہے لیکن دور دور علاقوں میں پھیلی ہوئی ہے۔ اسکے مکمل تدارک کیلئے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو متاثرہ علاقوں سے چند دنوں میں اسکا خاتمہ یقینی بنائیں گی۔ ٹیموں کی نگرانی ملک کلیم کوریہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع تونسہ اور اللہ بخش زراعت آفیسر وہوا کررہے ہیں۔

ڈیرہ غازیخان ():ڈیرہ غازیخان میں کورونا وائرس کی ایس او پیز کی خلاف ورزی اور پابندی کی حامل دکانیں کھلی ہونے پرمزید آٹھ دکانیں سربمہر کر د ی گئی ہیں. اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد چانڈیہ نے کارروائی کی. انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق کی ہدایت پر ڈیر ہ غازیخان میں 100سے زائد دکانیں سیل کر دی گئی ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کے معائنے کیے جا رہے ہیں.حکومت پنجاب کی طرف سے اجازت کی حامل دکانیں کھلی ہوں گی دیگر دکانیں کھولنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی. کورو نا وائرس کی ایس او پیز پر عملدرآمد کرایا جائیگا. دکاندار سماجی فاصلوں کا خیال رکھنے کے ساتھ ماسک،گلوز او ر سینی ٹائزر استعمال کریں.

ڈیرہ غازیخان ():ایس ایس پی پٹرولنگ ڈیرہ غازیخان ریجن سید بہار احمدشاہ کی ہدایت پر پٹرولنگ پولیس کے موبائل ایجوکیشن یونٹ نے ڈویژن بھر کے 77مختلف مقامات پر لوگوں کوروڈ سیفٹی،ٹریفک قوانین اور کورونا وہیٹ سٹروک سے بچاؤ کے بارے میں تفصیلی لیکچرز دیئے. اس موقع پر سینکڑوں کی تعداد میں معلوماتی پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے.

ڈیرہ غازیخان ():حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈیرہ غازیخان میں ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری ہے. پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مارکیٹوں کے معائنہ کے دوران گرانفر وشوں کو جرمانے کیے. اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد اسد چانڈیہ نے گرانفروشوں کو سولہ ہزار روپے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ ڈاکٹر محمد طار ق نے چھ ہزارروپے جرمانہ عائد کیا.

ڈیرہ غازیخان (): ڈی ایس پی ٹریفک ڈیرہ غازیخان مہر محمداسحاق کی ہدایت پر ٹریفک ایجوکیشن یونٹ کے سمیع اللہ اور لیاقت علی نے پل ڈاٹ کے مقام پر ڈرائیوروں کو ٹریفک قوانین کی پاسداری کے حوالے سے آگاہی دی. انہوں نے کہا کہ دوران ڈرائیونگ تیز رفتاری، اوورلوڈنگ اور موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں انہوں نے اس موقع پر لوگوں کو کورونا وائر س سے بچاؤ اوراحتیاطی تدابیر بارے معلومات دیں اور پمفلٹس بھی تقسیم کیے.

ڈیرہ غازیخان (): اسلحہ کی نمائش اور عوام الناس میں ناجائز اسلحہ کے ذریعے خوف برپا کرنے والا ملزم کلاشنکوف سمیت گرفتار،مقدمہ درج،تفصیلات کے مطابق جرائم کی روک تھام اور امن و امان کی صورت حال برقرار رکھنے کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں اسی طرح تھانہ شاہصدر دین کے تفتیشی آفیسر کفایت حسین نے ملزم ریاض ولد غلام صدیق قوم جروار سے کلاشنکوف برآمد کر لی ہیں ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد ملزم کے خلاف تھانہ کوٹ مبارک میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایس ایچ او تھانہ شاہصدر دین انعام نبی نے کہا کہ ڈی پی او اختر فاروق کی ہدایت پر امن و امان کی صورت حال برقرار رکھنے کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ کاروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں عوام الناس میں ناجائز اسلحہ کے ذریعے خوف برپا کرنے والوں کا قلع قمع کرتے ہوئے عوام الناس کے جان و مال کے تحفظ کو ہر حال میں یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ڈیرہ غازیخان (): ڈی پی او اختر فاروق کا ریسکیو 15 اور CRO برانچ کا دورہ، دوران وزٹ ریکارڈ و اندراج کو چیک کیا۔ڈی پی او اختر فاروق نے کہا کہ تکمیل ریکارڈ کو مزید بہتر کرتے ہوئے بروقت اندراج کریں۔انہوں نے ڈیوٹی پر موجود ملازمین کو ہدایت کی کہ 15 پرآنے والی کال و شکایت سن کر اسے متعلقہ اتھارٹی کو بروقت فاروڈ کریں۔ڈی پی او نے 15 کے ریکارڈ کے طریقہ کار کو بھی چیک کیا۔انہوں نے ڈیوٹی پر موجود ملازمین کو ہدایت کی کہ کالر کے ساتھ مہذب انداز سے بات کریں اور غیر اخلاقی گفتگو سے پرہیز کریں۔

ڈیرہ غازیخان (): تھانہ کالا پولیس نے منشیات فروش کے قبضہ سے 2750 گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث افراد کیخلاف ڈی پی او اختر فاروق کی ہدایات پر مقامی پولیس نے کاروائی کے عمل کو تیز کردیا ہے اس مقصد کے حصول کیلئے مقامی پولیس تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے کاروائیاں کررہی ہے۔ انھی کاروائیوں کے دوران ایس ایچ او تھانہ کالا محمد رمضان شاہد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ منشیات فروش فیاض حیدر ولد غلام حیدر کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 2750 گرام چرس برآمد کرکے قبضہ پولیس کئے گئے۔ملزم فیاض حیدر کے خلاف تھانہ کالا میں مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ڈیرہ غازیخان (): مظہر نواز خان بابر مقامی صحافی عابد یحییٰ بابر کے والد بقضائے الٰہی وفات پا گئے ہیں مرحوم کا نماز جنازہ مرکزی عیدگاہ میں ادا کیا گیا جس میں ممبران پریس کلب سمیت سیاسی وسماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور دعا کی کہ اللہ پاک مرحوم کی مغفرت فرمائیں اور انہیں جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا کریں لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائیں۔

ڈیرہ غازیخان ():اینٹی کرپشن کا چھاپہ کامیاب،محکمہ تحفظ اراضیات کا فیلڈ اسسٹنٹ محمد نعیم کو رشوت لیتے ہو ئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا ہے یہ بات سرکل آفیسر اینٹی کرپشن ہیڈ کوارٹر ملک عبد المجید آرائیں نے کہی انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ کنٹریکٹر محمد اسلم بزدار نے تحریری درخواست دی تھی کہ چھانٹ ٹرائیبل ایریا کے سلسلہ میں محمد نعیم فیلڈ اسسٹنٹ 20ہزار روپے رشوت طلب کر رہا ہے ڈائریکٹر انٹی کرپشن کاشف نواز کے حکم پر سول جج حافظ محمد اقبال کلیار کی زیر نگرانی اپنی ٹیم محمد ناصر ریڈر،اور ملک کلیم اللہ کھنڈوا کے ہمراہ چھاپہ مارا گیا تو محمد نعیم کی جیب سے 20ہزار روپے کی رقم نشان زدہ نوٹ برآ مد ہو ئی انہوں نے مزید کہا کہ محمد نعیم نے گورنمنٹ کنٹریکٹر محمد اسلم بزدار کو تین لاکھ چیک کے عوض 20ہزار روپے کمیشن لینے کا کہا تھا جس کے خلاف مقدمہ درج کر کے ملزم محمد نعیم کو جیل بھیج دیا ہے سرکل آفیسر انٹی کرپشن ملک عبد المجید آرائیں نے آخر میں کہا کہ کرپٹ عناصر کے ساتھ کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی کرپشن کے خاتمہ کے لئے ایسے عناصر کی سرکوبی ناگزیر ہے۔

ڈیرہ غازیخان ():وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان میں 100 بیڈ کے حامل سوشل سکیورٹی ہسپتال کی تعمیر اگست میں شروع کردی جائے گی جامپور روڈ پر 20 کنال رقبہ مختص کردیا گیا تعمیراتی منصوبہ پر ایک ارب روپے خرچ ہوں گے تعمیراتی کام کیلئے ٹینڈر جاری کردئیے گئے ضلع ڈیرہ غازی خان کے سوشل سکیورٹی مڈل سکولوں کی ہائیر سیکنڈری سطح تک کی اپ گریڈیشن کیلئے ٹیم جلد ڈیرہ غازی خان کا دورہ کرے گی یہ بات مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب محمد حنیف پتافی سے سیکرٹری سوشل سکیورٹی تنویر اقبال تبسم نے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔مشیر وزیر اعلی پنجاب محمد حنیف پتافی نے ڈیرہ غازی خان کے ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کیلئے سیکرٹری پنجاب سوشل سکیورٹی سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔مشیر صحت محمد حنیف پتافی نے کہا کہ سوشل سیکورٹی ہسپتال صنعتی ملازمین کے ساتھ مقامی افراد کیلئے بہترین تحفہ ہوگا جہاں کم فیس پر علاج معالجہ کی بہترین سہولیات میسر ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ سوشل سکیورٹی ہسپتال عارضی طور پر چوک چورہٹہ میں کرایہ کی عمارت میں کام کررہی ہے۔ انسانیت کا درد رکھنے والی خاتون نے ہسپتال کیلئے قیمتی رقبہ عطیہ کیا۔ ٹیوٹا شوروم کے نزدیک جام پور روڈ پر عمارت تعمیر ہونے پر ہسپتال وہاں منتقل کردی جائے گی۔

ڈیرہ غازیخان ():آر پی او عمران احمر کا ریجنل پولیس آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد،قانون کی بالا دستی، انصاف کی فراہمی اور مظلوم کی دادرسی کرنا میری اولین ترجیح ہے۔آرپی او عمران احمرتفصیل کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر عمران احمر نے انصاف کی خاطر دربدر ٹھوکرکھانے والے مظلوم اور معاشرتی پریشانیوں کاشکار عوام کی آہ و فریاد سننے کے لیے ریجنل پولیس آفس ڈیرہ غازیخان میں کھلی کچہری کا انعقاد کیاآر پی او عمران احمر کھلی کچہری میں سائلین کی براہ راست اور تحریری درخواستیں سماعت کی درخواستیں سماعت کرتے ہوئے مسائل کے فوری حل کے لیے متعلقہ افسران کو ا حکاما ت جاری کیے اس موقع پر آر پی اوعمران احمر کاکہ کہنا تھا انصاف کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے مظلوم کی دادرسی کی جارہی ہے اعلیٰ افسران تک عام آدمی کی رسائی کو ممکن بنانے کے لیے موئثر اقدامات کیے گئے ہیں پولیس اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتیں برویکارلاکر عوام کو بہتر تحفظ فراہم کررہی ہے۔معاشرتی برائیوں کے خاتمہ اور جرائم پیشہ عناصر کاقلع قمع کرنے کیلئے پولیس ہروقت تیار ہے قانونی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے پولیس ہرمحاذپر بہتر حکمت عملی اپناتے ہوئے کامیاب ہوئی ہے معاشرتی برائیوں کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ عالمی وباء کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر اپنا کردار ادا کررہی ہے عوام الناس کو چاہیے کہ جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کو یقینی بنائیں موجودہ حالات کے پیش نظر کورونا وائر س سے بچاو کے لیے ہرممکن احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

ڈیرہ غازیخان () اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی ایچ اے کی چیمبر آف کامرس میں چیمبر اور انجمن تاجران کے عہدیداروں سے میٹنگ،شہر کی خوبصورتی کے لئے تعاون اور پبلسٹی ٹیکس کے حوالے سے تجاویز پر غور،کرونا کے باعث تاجروں کا ٹیکس ایک سال کے لئے ختم کر نے کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر پنجاب ہارٹی کلچر اتھارٹی محمد اعجاز بھٹہ نے گزشتہ روز چیمبر آف کامرس کے آفس میں نائب صدر ایوان تجارت و صنعت مرزا محمد ظفر اقبال،ممبر ایگزیکٹو حافظ سیف اللہ پتافی،سیکرٹری جنرل چیمبر محمد مجاہد ملک،صدر انجمن تاجران سٹی جان عالم لغاری،چیئر مین شیخ اسرار احمد، رانی بازار کے صدر چاچا فاروق احمد بھولا، ضلعی جنرل سیکرٹری طارق اسماعیل،ممبر بورڈ پی ایچ اے جاوید حیدری اور دیگرسے اہم میٹنگ کی جس میں پبلسٹی ٹیکس کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی اور کم از کم ٹیکس پر اتفاق کیا گیا میٹنگ میں انجمن تاجران کے چیئر مین شیخ اسرار احمد نے کہا کہ کرونا کے باعث لاک ڈاؤن سے کاروباری حالات انتہائی خراب ہیں پبلسٹی ٹیکس ایک سال کے لئے موخر کیا جا ئے چیمبر آف کامرس کے نائب صدر مرزا محمد ظفر اقبا ل نے کہا کہ چیمبر آف کامرس شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کے لئے پی ایچ اے کے اقدامات کو سراہتے ہو ئے ان کے منصوبوں پر ان کے ساتھ ہیں بازاروں کی خوبصورتی کے حوالے سے سٹی صدر انجمن تاجران جان عالم خان لغاری نے پی ایچ اے کی تجاویز پر عملدرآمد کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور حالیہ ٹیکس تجاویز کو فی الحال موخر کر نے کا مطالبہ کیا اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی ایچ اے محمد اعجاز بھٹہ نے کہا کہ وہ تاجروں کے مطالبات سے چیئر مین اور ڈائریکٹر جنرل کو آگاہ کر کے ہر ممکن ریلیف کے لئے کوشش کریں گے۔

ڈیرہ غازیخان ()اسلامی جمعیت طلبہ ڈیرہ غازی خان کے زیر اہتمام کالج چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں مظاہرین ایم ایس ایم کے ضلعی صدر ابراہیم نیازی اور اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنان شرجیل بلال، عمیر لغاری، نجید نثار، عبداللہ نعیم، احمد طاہر، ذیشان گرمانی، وجاہت علی، حذیفہ قیصرانی، ساران علی اور دیگرطلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ناظم اسلامی جمعیت طلبہ ڈیرہ غازی خان حذیفہ عثمان نے احتجاج کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کے حقوق کو مسلسل پامال کیا جا رہا ہے۔ کبھی ناکارہ آن لائن کلاسز کی صورت میں جس کا سسٹم مکمل طور پر فلاپ ہو چکا ہے اور کبھی بجٹ میں کٹوتی کی صورت میں۔ انہوں نے مطالبہ کیا یونیورسٹیز کی فیسوں میں کمی کی جائے۔ طلبہ کے لیے فری انٹرنیٹ کا انتظام کیا جائے۔ آن لائن کلاسز کے نظام میں بہتری کی جائے۔اگر آن لائن سسٹم کو بہتر نہیں کرسکتے تو آن لائن کلاسز فوراً ختم کی جائے اور طلبہ کو پرموٹ کیا جائے یا پھر SOP’s بنا کر یونیورسٹی کھولی جائے غازی یونیورسٹی میں آئے روز کسی نہ کسی ٹیچر پر نازیباں حرکات کے الزامات لگے ہوتے ہیں ان کی انکوائری کی جائے اگر الزامات درست ثابت ہوں تو ٹیچر کو برطرف کیا جائے اور اگر لزامات غلط ہیں تو طلبہ کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔یونیورسٹیز کو پابند کیا جائے کہ طلبہ سے کسی قسم کی فیس وصول نہ کریں۔ جو طالبعلم فائنل سمسٹر میں ہیں ان کو پرموٹ کیا جائے۔ طلبہ کی سکالرشپ کے لیے تعلیمی اداروں کو الگ سے رقم دی جائے۔ غازی یونیورسٹی اور ایجوکیشن یونیورسٹی شہر کے سب سے بڑے تعلیمی ادارے ہیں ان میں کیفے ایریا اور واش روم کی سہولت موجود نہیں ہے ان کو بہتر کیا جائے۔ انہوں نے کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے۔ اس موقع پر طلبہ بھرپور نعرہ بازی کی اور مطالبات کو جلد از جلد تسلیم کرنے کا کہا۔اس موقع پر انتظامیہ کی طرف سے مزاکرات کرنے کی دعوت دی گئی اور تمام مطالبات انتظامیہ کو پیش کیے گئے اور انتظامیہ نے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کروائی اور احتجاج کو منظم طریقے سے ختم کردیا گیا۔

ڈیرہ غازیخان() پی آئی اے آفس روڈ کی بوسیدہ سیوریج پائپ لائن بند، گندا پانی سڑک پر جمع، شہریوں کو آمدورفت میں پریشانی، بدبو اور تعفن سے بیماریاں پھیلنے کا اندیشہ،علاقہ مکینوں اور دوکانداروں کا روڈ بلاک کر کے شدیداحتجاج، وفاقی وزیر موسمیات زرتاج گل اور کارپوریشن عملہ ودیگرکے خلاف نعرے بازی، وزیراعلی پنجاب اور کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر کے وسط میں وزیرموسمیات زرتاج گل کی رہائش گاہ کے قریب پی آئی اے دفتر کے سامنے روڈ کی بوسیدہ سیوریج پائپ لائن بیٹھ جانے کی وجہ سے سیوریج کا گندا پانی روڈ پر جوہڑ کی شکل اختیار کئے ہوئے ہے جس کی وجہ سے دوکانداروں کا کاروبار ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے اس کے ساتھ شہریوں کو جہاں آمدورفت میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس کے ساتھ بدبو اور تعفن سے اردگرد کے مکینوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہاہے مارکیٹ کے دوکانداروں اور تاجروں فاروق چغتائی،مرزا سہیل،محمد باسط،فیض رسول،علی شاہ،امجد انصاری،محمد آصف وغیرہ درجنوں افراد نے روڈ بلاک کرتے ہوئے ٹائر جلاکر احتجاج کیا اور کہا کہ عرصہ دراز سے سیوریج لائن بیٹھ چکی ہے آئے روز سیوریج پائپ لائین بند ہونے سے سیوریج کا گندا پانی سڑک پر جمع ہوجاتا ہے۔یہاں تک کے سیوریج کا گندا پانی دکانوں کے اندر داخل ہوجاتا ہے انہوں نے کہا کہ تین روز سمارٹ لاک ڈاؤن کی وجہ سے دکانیں بند رہتی ہیں جبکہ باقی ایام میں وہ روڈ پر سیوریج کے کھڑے پانی کے سبب دکانیں کھول نہیں سکتے۔ کاروبار مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں۔گٹر ابل رہے ہیں زرتاج گل کا گھر چند فٹ کے فاصلے پر ہے وہ اپنی نااہلی کی وجہ سے اپنے گھر کے سامنے کا روڈ نہیں بنوا سکتی ہیں انہیں عوام کے مسائل سے دلچسپی نہ ہے زرتاج گل، مشیر صحت حنیف پتافی اور کارپوریشن کے عملہ کو کئی مرتبہ درخواستیں بھی دیں۔مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ انہوں نے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، کمشنر ڈیرہ ساجد ظفر سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سیوریج کی نئی پائپ لائن ڈالنے کے لئے احکامات جاری کریں۔

ڈیرہ غازیخان() کوٹ چھٹہ کے قریب منڈی مویشیاں کا قیام۔ منڈی میں عوام کا جمغفیر، کررونا ایس او پیز کی کھلم کھلا دھجیاں بکھرنے لگیں۔کررونا پھیلانے کا اندیشہ، ۔ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازیخان کے نزدیک پندرہ کلومیٹر کے فاصلے پر کوٹ چھٹہ بستی ملانہ کے مقام پر منڈی مویشاں قائم ہے جس میں قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت کاسلسلہ جاری ہے منڈی مویشاں میں دوردراز سے بیوپاری اور خریداروں کی آمدورفت لگی ہوئی ہے جہنوں نے ہزاروں کی تعداد میں منڈی میں اپنے ڈیرے جمارکھے ہیں اور کھلم حکومتی احکامات کی دھجیاں بکھرتے ہوئے کررونا ایس او پیزکی خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں منڈی میں آئے ہوئے بیوپاریوں اور خریداروں نے نہ تو ماسک اور نا ہی گلوز کا استعمال کیاہوا ہے۔ چھ فٹ کے سماجی فاصلے کا تصور بھی محال ہے اور انسان کے ساتھ انسان جڑھ ہواہے۔جس کی وجہ سے کررونا وائرس تیزی کے ساتھ پھیلانے کا قوی اندیشہ ہے شہریوں وسیم، ناصر، امجد۔ کامران وغیرہ نے کہا ہے کہ ایک طرف تو حکومت سمارٹ لاک ڈاؤن کی بات کرتی ہے جبکہ دوسری جانب کررونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے خاطر خواہ اقدامات نہ کیے جا رہے ہیں۔منڈی مویشیاں کے ذریعے سب سے زیادہ کررونا پھیل سکتا ہے جس کے لیے ایس او پیز پر عمل کرانا نہایت ہی ضروری ہے جبکہ میڈی مویشیاں میں میلہ کا سماں افسوس ناک امرہے انہوں نے کمشنرساجد ظفر اور ڈپٹی کمشنر طاہرفاروق سے حکومتی ایس او پیز پر عمل کرانے کے لئے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

%d bloggers like this: