اپریل 29, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

خربازیاں ۔۔۔گلزار احمد

ہمارے دوست کی بیوی کہتی ہے جب بہو تھی تو ساس اچھی نہیں ملی اب ساس بنی ہوں تو بہو اچھی نہیں ملی تو میں نے کہا یہ قسمت کی خربازیاں ہیں۔

خربازیاں ہے تو سرائیکی لفظ جس کا اردو میں ایک سادہ مطلب قلابازیاں ہوتا ہے مگر سرائیکی میں یہ لفظ کئی جامع قسم کے معنوں میں استعمال ہوتا رہا ہے۔ مجھے یہ لفظ اچانک اس لیے یاد آیا کہ گھر کے بچے کمرے میں فوم کے گدے بچھا کر کھیل رہے تھے تو جب کسی بچے کی خربازی غلط ہو جاتی تو ہنس کر شور بھی بہت مچاتے ۔میری بیوی چاہتی تھی میں ان بچوں کو منع کروں مگر میں دل ہی دل میں خوش ہو رہا تھا کیونکہ ایک تو مجھے خود اس عمر میں خربازیاں کھانے کا شوق بہت تھا دوسرا آج کل کورونا وائرس نے جو خربازیاں دی ہیں وہ عمر بھر یاد ریہنگی۔

لوڈشیڈنگ۔ واپڈا کے جرمانے ۔مہنگائی۔ وغیرہ سے جو حکومت ہمیں خربازیاں دے رہی ہے اس کا الزام بھی کرونا پر چلا گیا۔ میرے بچپن کے زمانے میں ہمارے گھروں میں فوم کے گدے تو نہیں تھے البتہ سال میں ایک دفعہ جب بھاجڑ یا کھلیانوں پر گندم کٹائی کے بعد جمع ہوتی اور گڈیاں کھول کر پھیلا دی جاتیں تو ہماری خربازیوں کا سیزن شروع ہوتا۔ ایک تو یہ گندم چالیس پچاس فٹ کے دائیرے میں دھوپ پر کھلی پڑی ہوتی اوپر ہمیں خربازیاں کھانے کی کھلی چھٹی تھی۔ کیونکہ اس زمانے حکومت ہمیں بہت کم خربازیاں دیتی تھی۔ اس گندم میں خربازی کھانے کا مزہ بہت ہی مختلف اور عمدہ تھا ہاں ہمارے سر کے ساتھ گندم کے سٹے چمٹ جاتے مگر وہ ہمارے لیے کونسی پریشانی تھی سامنے شیر دریا سندھ بہ رہا تھا تو ایک دو ڈبکیاں لگا کے شیشے کی طرح صاف ہو جاتے ۔ لیکن اجکل آپ دریا میں جمپ لگانے کی غلطی بالکل نہ کرنا اب وہ شھر کی گندگی کامسکن نالہ لئی بن چکا ہے۔

میں آپ کو بتاتا ہوں حکومت ہمیں کیسے خربازیاں دیتی ہے۔ مثال کے طور پر آپ نے بجلی کا بل ٹھیک کرانا ہے آپ ریونیو دفتر جاتے ہیں تو ہمیشہ آپ کے جانے والے دن کلرک چھٹی پر ہوتا ہے دوسرے دن آپ کے اکاونٹ کا رجسٹر نہیں ملتا تیسرے دن سپرنٹنڈنٹ چھٹی پر ہوتا پھر ریونیو افسر میٹنگ پر ہوتا ہے اس طرح اگر ایک ہفتے کے بعد آپ کا بل ٹھیک ہو جاۓ تو اس کو خربازیاں کہتے ہیں۔میں جب بھی قطار میں ایک گھنٹہ کھڑا ہو کر ATM مشین پر پہچتا ہوں سسٹم ہینگ ہو جاتا ہے ۔کئی دفعہ میں چھ سات منزلہ بلڈنگ کی لفٹ میں جا رہا ہوتا ہوں بجلی چلی جاتی ہے۔لفٹ رک جاتی ہے ہاں ہم سفر اچھا ہو تو لفٹ کے ٹھیک نہ ہونے کی دعا نکلتی ہے۔۔ مجھے جس افسر سے ملاقات کرنی ہوتی ہے وہ ہمیشہ میٹنگ میں ہوتا ہے۔جب مارکیٹ میں گوشت خریدنے جاتا ہوں اس سے پانی ٹپک رہا ہوتا ہے کیونکہ قصائی جانور ذبح کر کے اس کے نرخرے میں پانی کی نلی ڈال کر واٹر پمپ چلا دیتے ہیں جس سے پانی گوشت کی رگوں میں پہنچ جاتا ہے اور اس کا وزن بڑھ جاتا ہے۔ قصائی ہمیشہ مجھے ویسا گوشت دیکر ساتھ احسان جتاتا ہے کہ جناب آپ کو بغیر پانی والا گوشت دیا ہے پھر بھی آپ نخرے کرتے ہیں۔ ایک سورج میانی ملتان کا قصائی تو مجھے یوں کہتا۔۔بھا گوانڈیاں دے گھر بلے گوشت تہاڈا گلے۔۔۔مطلب پڑوسی کے گھر آگ جب جلے گی تو اتنا نرم گوشت ہے کہ آپکا یہ گوشت خود بخود گل جاۓ گا۔یہ ہیں خربازیاں جو ہمیں دی جاتی ہیں۔ کچہری میں حصول انصاف کے لیے جو پیشیاں ملتی ہیں اور سالوں فیصلہ نہیں ہوتا ان خربازیوں کا میں ڈر کے مارے ذکر نہیں کرنا چاہتا ۔ پولیس ہماری حفاظت کے لیےجو ناکے لگاتی ہے اور خربازیاں دیتی ہے وہ ہم ڈیرہ وال قسمت کا لکھا سمجھ کے قبول کرتے ہیں۔

ہمارے واپڈا کے سپرنڈنڈنٹ لوڈشیڈنک شیڈول کے علاوہ جو روزانہ اڈہ کاٹتے ہیں اس کو بھی آپ خربازی کہتے ہیں کیونکہ اوپر سے جو شیڈول اعلان ہو چکا وہ متاثر نہیں ہوتا

۔ ویسے تو انگریزی کے یو ٹرن کا سرائیکی میں ترجمہ کیا جائے تو وہ بھی خربازیاں ہی بنے گا مگر مجھے اچھا نہیں لگتا کہ میں اپنے ایماندار سیاستدانوں کے یو ٹرن کو خربازی کہوں۔

میں نے زندگی میں بسوں ویگنوں ریل گاڑیوں ہوائی جہازوں میں لمبے سفر کیے۔ کبھی ایسا ہوا کہ ریلوے سٹیشن پانچ منٹ لیٹ پہنچا تو ٹرین جا چکی ہوتی ہاں اگر وقت پر پہنچا تو گھنٹوں لیٹ ہو جاتی۔ ہوائی جہاز کا بھی یہی قصہ ہوتا اگر کسی کو ائرپورٹ جہاز پر لینے گیا اور دو منٹ لیٹ پہنچا تو اس دن جہاز آدھا گھنٹہ پہلے پہنچ جاتا ایک دن میں نے اپنے پائلٹ دوست سے پوچھا یار اس دن اسلام آباد سے جدہ آپ نے پانچ گھنٹے لگاۓ واپسی پر ساڑھے چار گھنٹے کیوں ؟ چلتے چلتے جواب دیا ادھر چڑھائی تھی زیادہ وقت لگا واپسی پر لھائی تھی۔اب ہوائی جہاز کے لیے چڑھائی اور لھائی کیسی مگر مجھے تو خربازی دے دی۔آجکل ٹی وی چینل والوں کی خربازیاں کھا رہا ہوں جو روزانہ اینکر ہمیں دے رہے ہیں۔کرونا پر وہ خربازیاں دیں کہ بے ہوش کر ڈالا اور ٹی دیکھنے سے توبہ کر لی ۔اب اگر آپ لوگوں میں سے کسی کو خربازی کا مطلب سمجھ نہیں آیا تو ذاتی طور پر اعتدال کے دفتر تشریف لائیں میں آپ کو ایک خربازی دونگا دوسری خربازی چیف ایڈیٹر عرفان مغل صاحب سے دلواوں گا اس خربازی سے آپ دوسری منزل سے گرتے ہوئے گراونڈ سے جا ٹکرائیں گے بس آپ کو فورا” خربازی کا مطلب سمجھ آ جاۓ گا۔۔

مجھے آج صبح سبزی فروش نے مہنگی سبزی بیچ کر خربازی دیتے ہوئے کہا سبزی ٹڈی دل کھا گیا اس لیے مہنگی ہے۔ ہمارے دوست کی بیوی کہتی ہے جب بہو تھی تو ساس اچھی نہیں ملی اب ساس بنی ہوں تو بہو اچھی نہیں ملی تو میں نے کہا یہ قسمت کی خربازیاں ہیں۔ویسے12یاد رکھیں زندگی میں خربازی نہیں کھائی تو کیا جئیے۔۔۔ خربازی کھا کے جیو۔۔

%d bloggers like this: