مئی 7, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

تحصیل پریس کلب جتوئی مسمار کردیاگیا

میں ایک بطور صحافی اور ڈسٹرکٹ پریس کلب مظفرگڑھ کے جنرل سیکرٹری اسسٹنٹ کمشنر جتوئی کے اس عمل کی بھرپور مذمت کرتا ہوں

جنرل سیکریٹری ضلعی پریس کلب مظفر گڑھ فاروق شیخ نے کہاہے کہ کسی بھی صحافی سے اختلاف ہوسکتا ہے یا کسی بھی صحافی کا کوئی عمل غلط بھی ہوسکتا ہے لیکن مظفرگڑھ کی تحصیل جتوئی کے ایک وٹس ایپ گروپ میں جتوئی کے صحافیوں اور اسسٹنٹ کمشنر جتوئی زریاب کے درمیان بحث اور سخت جملوں کے استعمال کے بعد اسسٹنٹ کمشنر جتوئی کی طرف سے انتقامی طور پر تحصیل پریس کلب جتوئی کی عمارت کو مسمار کرنا اور پھر اس کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے سرکاری اکائونٹ کے ذریعے پریس کلب کو نازیبا اور غیرمہذب الفاظ کے ساتھ بدنام کرنا انکی انتقامی کارروائی اور بیوروکریسی کے نشہ میں اختیارات کے ناجائز استعمال کی واضح دلیل ہے۔
انہوں نے کہا چلو مان لیا کہ اسسٹنٹ کمشنر جتوئی نے سرکاری زمین پر قائم غیرقانونی عمارت کو مسمار کرکے واگزار کراکر بہت بڑا تیر مار لیا ہے۔ لیکن اس ملک کے چوتھے ستون اور معاشرے کی اصلاح کے لیے فرنٹ لائن پر ہمیشہ اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر کام کرنے والے صحافیوں کے پلیٹ فارم پریس کلب کے خلاف سوشل میڈیا پر گھٹیا الفاظ اور غیراخلاقی جملوں کے استعمال کا اسسٹنٹ کمشنر جتوئی کو کس نے اجازت اور اختیار دیا ہے جو کہ انہوں نے اپنے ذاتی اکائونٹ کی بجائے سرکاری سوشل میڈیا کا اکائونٹ استعمال کیا ہے جس پر مجھے انتہائی افسوس اور اسسٹنٹ کمشنر جتوئی کے اس غیر مہذب رویہ پر شدید تحفظات ہیں۔


فاروق شیخ نے کہا کہ میں ایک بطور صحافی اور ڈسٹرکٹ پریس کلب مظفرگڑھ کے جنرل سیکرٹری اسسٹنٹ کمشنر جتوئی کے اس عمل کی بھرپور مذمت کرتا ہوں۔
اور امید کرتا ہوں کہ ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ امجد شعیب ترین اس معاملہ پر فوری اسسٹنٹ کمشنر جتوئی سے جواب طلبی کرتے ہوئے ضلع بھر سمیت پاکستان کے صحافیوں کی ہونیوالی دل آزاری پر تحفظات کو ختم کرائینگے۔
ورنہ ڈسٹرکٹ پریس کلب مظفرگڑھ سمیت ضلع بھر کے تمام صحافتی تنظیمیں سخت لائحہ عمل مرتب کرینگے۔

%d bloggers like this: