مئی 2, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

یکم مئی 2020: آج ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا ہوا؟

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ، تجزیے اور تبصرے۔

ملزم کی گرفتاری کے دوران اس کے ساتھی ملزمان کا پولیس پر دھاوا

ڈیرہ اسماعیل خان :پہاڑپور کے علاقہ قاضی کھوکھر میں ملزم کی گرفتاری کے دوران اس کے ساتھی ملزمان کا پولیس پر دھاوا ،گرفتار ملزم کو پولیس کی حراست سے چھڑا کر اپنے ساتھ لے جانے میں کامیاب ،پولیس کے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے کی گرفتاری کے لئے چھاپہ زنی شروع کردی ،

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ پہاڑپور کاڈی ایف سی منیر حسین متفرق کاغذات کی تعمیل کی سلسلے میں علاقہ قاضی کھوکھر گیا جہاں پر اس نے ملزم جاوید کو پروانہ دینے کے لئے اس کے مکان پر دستک دی تو اس کا بھائی شاہد باہر نکلا

جسے بتایا گیا کہ سونیا بی بی بی نامی خاتون نے اراضی کے تنازع پر اس کے بھائی جاوید کے خلاف درخواست دی ہے ۔اس بات پر ملزم شاہد نے غصہ ہوکر شور شرابہ کیا جس پر اس کے بھائی محمد جاوید اور شوکت پسران رستم ساکنان قاضی کھوکھر وہاں آئے اور ڈی ایف سی کو دھکے دے کر پروانہ پھاڑ دیا ،

پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان ڈی ایس پی ،آئی ایچ سی جہانزیب اور اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے رہے ،تینوں ملزمان کے خلاف تھانہ پہاڑپور میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے اور کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج ہونے پر شام ساڑھے چھ بجے

ڈی ایس پی پہاڑپور سرکل افسرخان نے پولیس نفری کے ہمراہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے ان کے مکان پر چھاپہ مارا اور دوران چھاپہ زنی ایک ملزم شاہد کو حراست میں لے کر پولیس وین میں بٹھایا تو اس نے اپنی گرفتاری میں مزاحمت کرتے ہوئے شور شرابہ برپا کردیا

جس پر دیگر ملزمان صدام ،فاروق ،شوکت اور دیگر دو نامعلوم افراد مسلح بہ ڈنڈے وہاں آگئے ،جبکہ گاﺅں کے دیگر افراد بھی کافی تعداد میں جمع ہوگئے اور ملزمان اپنے ساتھی گرفتار ملزم شاہد کو چھڑا کرلے گئے ۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔
٭٭٭
بارانی پانی کے تنازع پر ملزمان نے مخالف کو کلہاڑی اور بیلچہ کے وار سے زخمی کردیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)تھانہ صدر کی حدود علاقہ بڈھ میں بارانی پانی کے تنازع پر ملزمان نے مخالف کو کلہاڑی اور بیلچہ کے وار سے زخمی کردیا،زخمی کی رپورٹ پر پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا

،پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ صدر کی حدود علاقہ بڈھ میں ملزمان نے بارانی پانی کے تنازع پر ڈنڈوں ،بیلچہ اور کلہاڑی کے وار سے غلام حسن ولد غلام حسین قوم کھوکھر سکنہ بڈھ کو شدید زخمی کردیا او رموقع سے فرارہوگئے ،

پولیس نے زخمی کی رپورٹ پر پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے
٭٭٭
بیس سالہ دوشیزہ کو شادی کی غرض سے اغواءکرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) تھانہ کینٹ کی حدود بستی ناد علی شاہ میں بیس سالہ دوشیزہ کو شادی کی غرض سے اغواءکرلیاگیا ،بھائی کی رپورٹ پر نوجوان کے خلاف کے خلاف اغوائیگی کا مقدمہ درج ،

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ کینٹ کی حدود بستی نادعلی شاہ میں بیس سالہ دوشیزہ (ع م ) قوم مروت سکنہ لکی مروت حال بستی ناد علی شاہ کو علاقہ راجوتان ننکانہ کا رہائشی نوجوان شادی کی غرض سے اغواءکرکے لے گیا ہے۔

پولیس ن دوشیزہ کے بھائی کی رپورٹ پر نوجوان کے خلاف اغوائیگی کا مقدمہ درج کرکے ان کی تلاش شروع کردی ہے۔
٭٭٭
قتل مقاتلہ کی دشمنی میں راضی نامہ کے باوجود بدلے کی آگ نہ بجھ ہوسکی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)قتل مقاتلہ کی دشمنی میں راضی نامہ کے باوجود بدلے کی آگ بجھ نہ ہوسکی ،مسلح شخص نے بارہ بور بندوق کی فائرنگ سے مخالف اٹھارہ سالہ نوجوان کو شدید زخمی کردیا ،زخمی کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیاگیا ،

پولیس نے ملزم کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا،پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ یارک کی حدود علاقہ ہیبتی میں اٹھارہ سالہ نوجوان محمد ندیم ولد نسیم خان قوم مدہ خیل اپنے گھر کے قریب اطلس خان نامی شخص کی دکان پر موجود تھا کہ اس دوران مسلح ملزم وہاں آیا اور اس پر بارہ بور بندوق سے فائرنگ کردی

جس سے لگ کر وہ شدید زخمی ہوگیا ،زخمی کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیاہے،وجہ عداوت یہ بتائی گئی کہ ان کی سابقہ قتل مقاتلہ کی دشمنی تھی جس کا راضی نامہ بھی ہوچکا ہے ۔پولیس نے زخمی کی رپورٹ پر ملزم یوسف ولد نواز خان قوم سراج خیل سکنہ ہیبتی کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیاہے۔
٭٭٭
ڈائریکٹ کنڈی ہٹانے پر اہل خانہ کی واپڈا اور پولیس کے ساتھ ہاتھاپائی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)تھانہ صدر کی حدود ڈیال روڈ پر بجلی چوروں کے خلاف کاروائی کے دوران ڈائریکٹ کنڈی ہٹانے پر اہل خانہ کی واپڈا اور پولیس کے ساتھ ہاتھا پائی ،ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا

،ایس ڈی او پیسکو کی رپورٹ پر باپ بیٹے کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا ۔پولیس ذرائع کے مطابق ڈیال روڈ باغ محمد میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کے دوران واپڈا کی ٹیم پولیس اہلکاروں نے ایک مکان کی ڈائریکٹ کنڈی اتارنے کی کوشش کی

تو اہل خانہ آمادہ فساد ہوگئے اور گالم گلوچ کرتے ہوئے دھمکیاں دینے لگے ، انہوں نے پولیس نفری کے ساتھ ہاتھاپائی شروع کر دی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار عبدالرحمٰن زخمی ہوگیا ،

صدر پولیس نے ایس ڈی او پیسکو معاذ احمد کی مدعیت میں باپ بیٹے کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔
٭٭٭
نامعلوم چور ایک مکان سے موٹرسائیکل اور موبائل فون ،دوسرے مکان سے ، نقدی اور قیمتی دستاویزات لے اڑے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)تھانہ بندکورائی کی حدود میں واقع گاﺅں تھتھل سے نامعلوم چور ایک مکان سے موٹرسائیکل اور موبائل فون ،دوسرے مکان سے ، نقدی اور قیمتی دستاویزات جبکہ گاﺅں کے چوک میں خوابیدہ تین افراد سے پانچ عدد موبائل فونز چوری کرکے فرار ہو گئے ،

نامعلوم ملزمان کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کرلیاگیا ،پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ بندکورائی کی حدود میں واقع گاﺅں تھتھل میں نامعلوم چور بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب اعجاز حسین ولد ملک خان کے مکان میں داخل ہوئے اور وہاں اس کا موٹرسائیکل ہنڈا 125 ماڈل 2019 جبکہ اس کے بھائی محمدرمضان کا موبائل چوری کرلیا ،

نامعلوم چوروں نے گاﺅں کے چوک میں خوابیدہ تین افراد کے پانچ عدد موبائل فونز چور ی کرلیے اور بعدازاں محمد رمضان ولد غلام حسین سکنہ سہولن کے مکان میں داخل ہوکر وہاں سے بٹوہ میں موجود 42 ہزار روپے ،شناختی کارڈ ،ڈارائیونگ لائسنس اور دیگر کاغذات چوری کرکے لے گئے ،

اس دوران گاﺅں تھتھل میں چوک سے چوری شدہ ایک موبائل فون محمد رمضان کے مکان میں گر جانے سے برآمد کرلیاگیا ،پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کرکے ان کی تلاش شروع کردی ہے۔
٭٭٭
ڈاکٹر صفدر بلوچ گومل یونیورسٹی کے ایڈیشنل کنٹرولر امتحانات تعینات

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈاکٹر صفدر بلوچ گومل یونیورسٹی کے ایڈیشنل کنٹرولر امتحانات تعینات‘ نوٹیفیکیشن جاری۔ تفصیلات کے مطابق وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد کی ہدایت پر زرعی فیکلٹی کے شعبہ اگرانومی کے چیئر مین ڈاکٹر صفدر بلوچ ،

ایسوسی ایٹ پروفیسرکوایڈیشنل کنٹرولر امتحانات کی اضافی ذمہ داری سونپ دی گئی۔ جس کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن نمبر1699-1707/GU/Estt:کے تحت جاری کر دیا گیاہے ۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر صفدر بلوچ اس سے پہلے ڈائریکٹر اکیڈمکس گومل یونیورسٹی کے فرائض منصبی بھی سر انجام دے چکے ہیں ۔
٭٭٭
محلہ گوسائیانوالہ کی گلی میں ایک اور نوجوان کے کورونا ٹسٹ مثبت آگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان میں محلہ گوسیانوالہ کی گلی میں ایک اور نوجوان کے کورونا ٹسٹ مثبت آنے پر پولیس نے گلی کو قرنطینہ میں تبدیل کرکے اسے مکمل طور پر سیل کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گلی کو پندرہ روز کیلئے سیل کیاگیا ہے ۔ لوگوں کو انتہائی ضروری مقصد کیلئے باہر جانے کی اجازت ہو گی جبکہ کوئی شخص علاقے میں داخل ہو سکے گا اور نہ ہی باہر جا سکے گا۔

ضلعی انتظامیہ ڈیرہ اسماعیل خان کی جانب سے کورونا کے کیس مثبت آنے کی وجہ سے کورنٹائن کیا جانے والا محلہ گھسائیانوالہ کو کلیئر کر دیا گیا ۔ واضح رہے کہ پندرہ روز قبل محلہ گھسائیانوالہ کے رہائشی شخص کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ ،

پولیس اور محکمہ صحت کی جانب سے محلہ گھسائیانوالہ کو احتیاطی تدابیر کے طور پر کورنٹائن کیا گیا تھا، تاہم ایک روز قبل تمام افراد کے ٹیسٹ منفی آنے پر اس علاقہ کو کلیئرقرار دیکر کھول دیا گیا ہے۔

گزشتہ روز محلہ گوسائیانوالہ ڈیرہ میں واقع گلی منورگیٹ کے رہائشی امجد نامی نوجوان کا کورونا ٹسٹ مثبت آنے پر مذکورہ گلی کو قرنطینہ قرار دیتے ہوئے اسے مکمل طور پر سیل کردیاگیاہے۔
٭٭٭
طالبات اورخواتین کا جنسی استحصال کرنے اور انہیں بلیک میل کرنے پر پروفیسر صلاح الدین کے خلاف تھانہ سٹی ڈیرہ میں مقدمہ درج کرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)گومل یونیورسٹی میں اسٹنگ آپریشن کے دوران طالبات اورخواتین کا جنسی استحصال کرنے اور انہیں بلیک میل کرنے کے الزام میں پروفیسر صلاح الدین کے خلاف تھانہ سٹی ڈیرہ میں مقدمہ درج کرلیاگیا

،اے آر وائی کی ٹیم سرعام نے اقرار الحسن کی سربراہی میں دو ماہ قبل گومل یونیورسٹی ڈیرہ میں اسٹنگ آپریشن کیا جس کے دوران گومل یونیورسٹی ڈیرہ کے پروفیسر صلاح الدین کو خواتین کاجنسی استحصال کرنے پر بے نقاب کرلیاگیا،

ٹھوس شواہد کی بنیاد پر سابق وائس چانسلر نے پروفیسر صلاح الدین سے استعفٰی لے کر انہیں نوکری سے برطرف کردیا ہے ،ذرائع کے مطابق پروفیسر صلاح الدین گومل یونیورسٹی ڈیرہ میں طویل عرصہ سے طالبات اور خواتین اساتذہ کوجنسی طور پر ہراساں کرتے رہے ہیں

جن کے خلاف درجنوں شکایات سامنے آنے کے باوجود ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی جاسکی تھی پروفیسر صلاح الدین گومل یونیورسٹی میں گریڈ 21 میں تعینات تھے اور 35 سال سروس کی وہ سٹی کیمپس کے کوآرڈی نیٹراورعریبک و اسلامیات ڈیپارٹمنٹ کے چئیر مین تھے،

اے آر وائی کے پروگرام سرعام کے ذریعے منظر عام پر آنے پروفیسر صلاح الدین کے خلاف پولیس کی جانب سے تحقیقات شروع کردی گئیں اور تحقیقات مکمل ہونے پر پروفیسر صلاح الدین کے خلاف تھانہ سٹی ڈیرہ میں ایس ایچ او تھانہ سٹی صابر حسین کی مدعیت میں مقدمہ جرم زیر دفعات 509.292.294 ت پ درج کرلیاگیا ۔
٭٭٭
مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز کو تبدیل کردیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ نے ضلع بھر کے مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز کو تبدیل کردیا،ایس ایچ او کینٹ سمیت مختلف تھانوں میں تعینات یس ایچ اوز کو تبدیل کردیاگیا

،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ حافظ واحدم محمود نے عوام کے بہتر مفاد میں ضلع بھر کے مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز کو تبدیل کردیا۔تحریری مراسلہ جاری کرتے ہوئے درج ذیل افسران کے تبادلہ جات عمل میں لائے گئے ۔

, انسپکٹر پرویز شاہ کو ایس ایچ او تھانہ صدر ، ثمرعباس ایس ایچ او تھانہ نوا ب پنیالہ، سب انسپکٹر جاوید ایس ایچ او تھانہ کڑی خیسور, سب انسپکٹر اورنگزیب ایس ایچ او تھانہ کڑی خیسور سے ایڈیشنل ایس ایچ او تھانہ صدر

، اور سب انسپکٹر ذوالفقار خان کو ایس ایچ او تھانہ کینٹ تعینات کیاگیا ہے ۔ ایس ایچ او تھانہ صدر محمد نواز خان ریٹائرڈ ہوگئے ہیں ۔
٭٭٭
انجینئر محمد جبار خان کو چیف ایگزیکٹیو پیسکو مقرر کردیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)انجینئر محمد جبار خان کو چیف ایگزیکٹیو پیسکو مقرر کردیاگیا ہے جنہوںنے گزتہ روز چیف ایگزیکٹیو پیسکو کے عہدے کا چار ج سنبھال کر کام شروع کردیاہے ،انجینئر محمد جبار خان کا تعلق گلگت بلتستان کے علمی اور معزز گھرانے سے ہے ۔

انہوںنے انجینئرنگ کی ڈگری یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور سے 1985.86 کے دوران حاصل کرنے کے بعد ایم بی اے (ایچ آر)کی ڈگری بھی حاصل کی ،انہوںنے 1987 میں واپڈا میں شمولیت اختیار کی

اور ملک کے مختلف مقامات پر ایس ڈی او ،ایکسئیناور ایس ای کے طورفرائض انجام دیں ،ان کو آپریشن اور کنسٹریکشن میں وسیع تجربہ حاصل ہے ،
٭٭٭
مزدوروں کا عالمی دن یکم مئی سادگی کے ساتھ منایاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کورونا کی وباءکی وجہ سے ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک بھر میں مزدوروں کا عالمی دن یکم مئی سادگی کے ساتھ منایاگیا ،کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ متاثر مزدور طبقہ ہواہے ،

اسی فیصد سے زائد ڈیلی ویجیز مزدورطبقہ گزشتہ ایک ماہ سے شدید کرب کا شکار ہے ،مزدور تنظیموں پر سیاست کرنے والی تنظیموں نے بھی خاموشی اختیار کی ہے ،ڈیرہ میں مزدورں کی درجنوں تنظیمیں موجود ہیں تاہم اس وباءکے صورتحال میں انہوں نے خاموشی اختیار کی ہے ،

اس حوالے سے یکم مئی کو کوئی تقریب منعقد نہیں ہوئی اور نہ ہی ریلیاں نکالی گئیں ،واضح رہے کہ شگاگو کے مزدوروں کو خراج عقید ت پیش کرنے کے لئے ہر سال یکم مئی کو مزدوروں کا عالمی دن منایا جاتاہے۔تاہم کورونا وباءنے اسے بھی خاموش کردیاہے۔
٭٭٭
عید الفطر اجتماعات کے لئے ضابطہ اخلاق مرتب کرنے کے لئے اقدامات شروع کردیئے گئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)عید الفطر اجتماعات کے لئے ضابطہ اخلاق مرتب کرنے کے لئے اقدامات شروع کردیئے ہیں ،دوسرے عشرے کے اختتام کے بعد عید الفطر اجتماعات مختصر کرنے اور محدود کرنے کے بارے میں ضابطہ اخلاق کی منظوری دیدی جائے گی ،

عید ملن پارٹیوں پر بھی پابندی ہوگی ،رمضان المبارک میں تراویح کے لئے تمام مکاتب فکر کے علماءکرام اور حکومت کے مابین کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لئے مشترکہ اعلامیہ جاری کیاگیا تھا جس پر ڈیرہ کی بعض مساجد نے اب بھی عمل درآمد نہیں ہورہا ہے جبکہ سینکٹروں مساجد میں اس پر عمل درآمد ہورہا ہے ،

کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لئے ممکنہ طور پر ذرائع نے بتایا ہے کہ عید الفطر پر بھی اجتماعات محدود یا مختصر کیے جائیں گے ،جس کے لئے مختلف علماءکرام سے بھی رابطے کیے جائیں گے اور مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے کے بعد عید الفطر کے لئے اسے نافذ العمل کردیا جائے گا ،

عید الفطر تک اگر حالات بہتر ہوگئے تو اس پر نظر ثانی کردی جائے گی اور اگرحالات ابتر رہے تو نئی پالیسی پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔
٭٭٭
مئی کی پہلے ہفتے میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں تیزی آئے گی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) یکم مئی سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کے بعد مئی کی پہلے ہفتے میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں تیزی آئے گی۔ پٹرولیم ڈویژن نے آئل مارکینٹنگ کمپنیوں کو اپنے ڈپوز اور پمپس پر تیل کے مناسب ذخائر یقینی کی ہدایت جاری کر دی۔

جمعرات کو پٹرولیم ڈویژن کی طرف سے آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں ردوبدل کے بعد مئی کے پہلے ہفتے میں پٹرولیم مصنوعات کی زیادہ فروخت متوقع ہے ،خط میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ہدایت کی گئی

کہ وہ اپنے ڈپوز اور پمپس پر تیل کے مناسب ذخائر یقینی بنائیں۔پٹرولیم ڈویژن نے کہا کہ تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیان اور ریفائنریز یکم مئی کو بھی اپنے آپریشنز جاری رکھیں ،آئل کمپنیز ایڈو¿ائزری کونسل سے کہا گیا کہ ان ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کیلئے تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ریفائنریز کو آگاہ کرے۔
٭٭٭
مجبور و بے روزگار شہری بھی دیہاتیوں کے ہاں گندم کی کٹائی کرنے پہنچ گئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کورونا لاک ڈاون کے باعث دوکانات بند اور محنت مزدوری نہ ملنے سے مجبور و بے روزگار شہری بھی دیہاتیوں کے ہاں گندم کی کٹائی کرنے پہنچ گئے ہیںجس کے باعث کاشتکاروں کو گندم کی کٹائی میں آسانی ہوگئی ہے لیکن افرادی قوت زیادہ ہونے سے گندم کی کٹائی کی مزدوری بھی کم ہوگئی ہے۔

سروے کے دوران معلوم ہوا کہ کورونا لاک ڈاون کے باعث شہروں میں رہنے والے بے روزگار لوگوں نے دیہاتوں کا رخ کرلیا ہے کیونکہ جزوی لاک ڈاو¿ن کی بدولت کاروبار زندگی معطل ہے جس کے باعث سفید پوش لوگ کام نہ ہونے کی وجہ سے گندم کاٹنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

اس دوران معلوم ہوا کہ پچھلی بار گندم کی کٹائی فی ایکڑ 5 من تھی جو کہ اب کٹائی کرنے والے زیادہ افراد ہو جانے کی بدولت 3 سے 4 من فی ایکڑ ہو گئی ہے۔بعض دیہی مقامات پر شہروں سے آئے ہوئے گندم کاٹنے والے افراد نے بتایا کہ وہ مجبور ہوکر یہاں دیہاڑی کرنے آئے ہیں کیونکہ کورونا لاک ڈاون کے باعث کام وکاروباراور فیکٹریاں بند ہیں جبکہ مالی وسائل کی کمی کی وجہ سے ان کے بچے بھوک سے نڈھال ہو رہے ہیں لہٰذاوہ پہلی بار درانتی پکڑ کر گندم کاٹ رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جہاں گاو¿ں کے لوگ زیادہ کٹائی کر لیتے ہیں

وہاں ہم ان سے کافی کم کٹائی کرکے کچھ نا کچھ کما رہے ہیں تاہم گاوں کے لوگ ہمارے ساتھ بہت زیادہ تعاون کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ چونکہ گاو¿ں ودیہات کے لوگ جھلستی دھوپ میں گندم کاٹنے کے ماہروعادی ہوتے ہیں

اسلئے وہ ان کے ساتھ گندم کٹوانے میں مدد کر رہے ہیں۔انہوں نے حکومت سے بھی اپیل کی کہ وہ فوری طورپر محفوظ ایس او پیز کے تحت تمام دوکانات وکاروبارکھولنے کی اجازت دے تاکہ عید الفطر کی آمد سمیت ان کے اہل خانہ اور بچے بھی رمضان المبارک کی فیوض وبرکات سے مستفید ہوسکیں۔
٭٭٭
تلسی کے کاشتکاروں کو بہتر پیداوار کے حصول کیلئے آبپاشی کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) زرعی ماہرین نے تلسی کے کاشتکاروں کو بہتر پیداوار کے حصول کیلئے آبپاشی کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار فصل کو پہلے 2سی3 پانی ایک ایک ہفتہ کے وقفہ سے دیں اور اگاﺅ مکمل ہو جانے کے بعد 15،15 دن کے وقفہ سے پانی لگایاجائے

اور آبپاشی کرتے وقت اس بات کا بھی خیال رکھا جائے کہ کھیلیاں پانی میں نہ ڈوبنے پائیں کیونکہ اس طرح بیج کااگاﺅ متاثر ہو سکتاہے۔انہوںنے کہاکہ جس طرح آبپاشی کسی بھی فصل کی بہتر پیداوار میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے

بالکل اسی طرح فصل سے جڑی بوٹیوں کا خاتمہ یقینی بنانا بھی ضروری ہے۔انہوںنے کہاکہ کاشتکار دو سے تین مرتبہ گوڈی کرکے جڑی بوٹیاں اچھی طرح تلف کر دیں اور جب پودے کا سائز 7سی8انچ تک ہوتاہے تو اس کی چھدرائی کرتے ہوئے فالتو پودے بھی نکال دیئے جائیں۔

انہوںنے کہاکہ تلسی ایک کثیر الفوائد ادویاتی پوداہے جو گردے کی پتھری اور اعصاب کی مضبوطی سمیت یادداشت کو تیز اور معدہ کو طاقتور بنانے میں بھی اپنا ثانی نہیں رکھتا۔

انہوںنے کہاکہ کاشتکار مزید رہنمائی کیلئے زرعی ماہرین یا محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔
٭٭٭
کسان فصلات ربیع و خریف کی کاشت سے قبل کھادوں کے استعمال کیلئے زمین کا تجزیہ ضرور کروائیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ماہرین زراعت نے کہا ہے کہ زمیندار ، کاشتکار، کسان فصلات ربیع و خریف کی کاشت سے قبل کھادوں کے استعمال کیلئے زمین کا تجزیہ ضرور کروائیں اور ماہرین کی مشاورت سے متناسب کھادوں کا استعمال کیا جائے تاکہ بھر پور پیداوار کا حصول ممکن ہوسکے۔

انہوںنے کہا کہ کاشتکاروں کو چاہئے کہ وہ اگر ہر سال ممکن نہ ہو تو کم از کم ہر تیسرے سال زمین کا تجزیہ کروائیں تاکہ مٹی کے تجزیہ کے بعد کھادوں کے استعمال کا مشورہ دیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ غیر موذوں کھادوں کے انتخاب، ان کے خود ساختہ استعمال ، آبپاشی کیلئے پانی کی کمی یا زیادتی کی وجہ سے کھادوں اور بیج کی افادیت بری طرح سے متاثر ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نائیٹروجنی کھاد کی 50 فیصد کے قریب مقدار ہوا میں تحلیل ہو کر ضائع ہوجاتی ہے نیز فاسفورس کھادوں کا غلط انتخاب و طریقہ استعمال اور پوٹاش کا عدم استعمال فصلوں کی پیداوار میں کمی کی بڑی وجہ ہے۔

انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ باغات میں معتدل اور تیزابی کھادوں کا متوازن استعمال کریں تاکہ انہیں فی ایکڑ بہتر پیداوار حاصل ہوسکے۔
٭٭٭
پی آئی اے نے ایسوسی ایشنز کے ساتھ تمام ورکنگ اگریمنٹ منسوخ کردئیے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) پی آئی اے نے ایسوسی ایشنز کے ساتھ تمام ورکنگ اگریمنٹ منسوخ کردئیے۔ترجمان نے بتایا کہ پی آئی اے کے نوٹیفکیشن کے مطابق پالپا، ساسا، سیپ ، آٹاپ اور پیکا کی مینجمنٹ سے بارگیننگ کرنے کی غیر قانونی حیثیت ختم کر دی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ صرف ریفرنڈم جیتی یونین بحیثیت سی بی اے (بارگیننگ ایجنٹ) آئینی حیثیت میں رہ کر کام کرسکے گی۔انہوں نے بتایا کہ ایسوسی ایشنز نے بغیر کسی آئینی حیثیت کے انتظامیہ سے اپنے جائز و ناجائز مطالبات منوانے کیلئے فشاری گروہ بنائے ہوئے تھے،

ملازمین کی تنخواہ و مراعات، تبادلہ، ڈیوٹی انکار یا تبدیلی اور دیگر امور میں اب ایسوسی ایشز کا کوئی کردار نہیں ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے میں دیگر اداروں کے برعکس فشاری گروہوں کی تعداد بہت زیادہ تھی جوانتظامیہ کے متوازی نظام چلا رہے تھے،

ایسوسی ایشنز ذاتی و سیاسی مفادات کی وجہ سے اصلاحات کے عمل میں سب سے بڑی رکاوٹ تھیں۔ترجمان کیمطابق نوٹیفیکیشن کامقصد پی آئی اے میں اصلاحات کے عمل میں تیزی لانا اور انتظامیہ کی رٹ بحال کرنا ہے،

ملازمین کی تنخواہوں، الاﺅنسز اور مراعات میں کسی قسم کا ردوبدل نہیں کیا گیا۔ 30 اپریل سے حکومت نے پی آئی اے کے تمام شعبوں کو لازمی سروس کا حصہ قرار دیتے ہوئی لازمی سروس ایکٹ لاگو کردیاہے۔
٭٭٭
ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)طبی موجودہ حالات میں اپنی جان خطرے میں ڈال کر عوام کی زندگیاں محفوظ بنارہے ہیں اور کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں یہ وقت انکے حوصلے بلند کرنے کا ہے نہ کہ غیر ذمہ دارانہ رویہ سے انکے حوصلے کمزور کرنے کی کو شش کی جائے۔

گزشتہ دنوں پروفیسر ڈاکٹر جاوید نے کورونا کے مریضوں کی جان بچانے کی خاطر اپنی جان کی قربانی دی اسی طرح دیگر طبی عملہ بھی اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔

صوبائی حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا کو شکست دینے کے لئے طبی ماہرین کی جانب سے بنائے گئے طریقہ کاراپنا کر علاج کریں طبی عملہ 24/7 کورونا کے مریضوں کا علاج کرنے میں مصروف عمل ہے اور ایک منظم طریقہ کار کے مطابق مریضوں کا چیک اپ اور علاج کرتے ہیں۔

صوبائی حکومت عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ طے شدہ طریقہ کار کے مطابق اپنا چیک اپ و علاج کریں اور ہسپتالوں میں بلاوجہ ڈاکٹروں کیساتھ الجھنے سے پرہیز کریں۔

ڈاکٹر اس وقت ایک عظیم مشن پر ہے اور وہ مشن لوگوں کی زندگیاں بچانا ہے اس لئے عوام بھی ڈاکٹروں کا ساتھ دیں اور ملک سے موجودہ کورونا کی وباءکے خاتمے میں ایک ذمہ دار شہری کا ثبوت دیں۔ اس وقت تھوڑی سی غیر ذمہ داری کسی بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہے۔

موجودہ حالات میں ہم لاپرواہی اور غیر ذمہ داری کی متحمل نہیں ہو سکتے۔ کسی بھی مریض میں کورونا ٹسٹ مثبت آئے تو وہ دوسروں کی زندگیوں سے نہ کھیلیں اور ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے طبی ماہرین کے مشورے پر عمل کرکے گھروں سے باہر نہ نکلے۔

میڈیا، علماءکرام، اور سول سوسائٹی عوام میں کورونا وائرس کے حوالے سے آگہی اور وضع کردہ طریقہ کار پر عمل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ عوام سے گزارش ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے معلومات حاصل کرنے اور شکایت درج کرنے کی صورت میں ٹال فری نمبر 01700-0800رابطہ کریں۔
٭٭٭
محکمہ موسمیات نے مئی کے پہلے ہفتے میں بارش کی پیشگوئی کردی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ موسمیات نے مئی کے پہلے ہفتے میں بارش کی پیشگوئی کردی۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے 3 سے 6 مئی تک ڈیرہ سمیت ملک میں بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔

بارشوں کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے گندم کے کاشتکاروں کے لئے ایڈوائزری بھی جاری کردی ہے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دورا ن

ڈیرہ سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اورخشک رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا، تاہم کشمیرمیں گرج چمک کیساتھ بارش متوقع ہے۔
٭٭٭
ڈالر کی قیمت میں 1 روپے 16 پیسے کی کمی آئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 1 روپے 16 پیسے کی کمی آئی ہے جس کے بعد ڈالر انٹربینک میں 160 روپے 45 پیسے ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق پرسوں ڈالر کی قیمت میں اضافہ کے بعد آج دوبارہ ڈالر کی انٹربینک قیمت میں کمی آئی ہے

جس کے بعد اس وقت ڈالر انٹربینک میں 160 روپے 45 پیسے پر ٹریڈ کررہا ہے۔گزشتہ دو دنوں میں ڈالر کی قیمت میں لگاتار اضافہ دیکھنے میں آیا تھا جس کے بعد ڈالر کی انٹر بینک قیمت 161 روپے 61 پیسے تک پہنچ گئی تھی۔

دو دنوں میں ڈالر کی انٹربینک قیمت میں 1 روپے 41 پیسے کا اضافہ دیکھنے میں آیا تھا جس کے بعد پاکستانی روپے کی قدر میں لگاتار کمی دیکھنے میں آرہی تھی۔ لیکن آج ڈالر نے انٹربینک مارکیٹ میں چھلانگ نہیں ماری بلکہ اس کی قیمت میں کمی آئی ہے

جس کے بعد ڈالر کی قیمت قیمت 161 روپے 61 سے کم ہو کر 160 روپے 45 پر آ گئی ہے۔اس سے قبل ڈالر کی قیمت میں واضح کمی آئی تھی جس سے پاکستان پر بیرونی قرضوں کا دباو بھی کم ہوا تھا۔گزشتہ ہفتے انٹر بینک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان دیکھا گیا تھا۔

انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت خرید 160.30روپے سے کم ہو کر159.90روپے اور قیمت فروخت160.60روپے سے کم ہو کر160روپے پر آ گئی تھی۔ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر17.3 ارب ڈالر ہوگئے تھے۔

گزشتہ دنوں میں ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت نے ایک مرتبہ پھر تشویش کا عالم پیدا کر دیا تھا۔
٭٭٭
پاکستان پوسٹ نے انٹرنیشنل خطوط کے نرخوں میں اضافہ کر دیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) پاکستان پوسٹ نے انٹرنیشنل خطوط کے نرخوں میں اضافہ کر دیا ہے، اطلاق2مئی سے ہو گا جاری کردہ سرکلر کے مطابق نئے نرخوں کی منظوری پاکستان پوسٹل سروسز مینجمنٹ بورڈ کے اجلاس میں دی گئی۔

نرخوں کے تعین کیلئے دنیا بھر کے ممالک کو تین زونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ وزن کا پہلا سلیب 20گرام سے بڑھا کر50 گرام کر دیا گیا ہے۔اب 50 گرام تک یکساں نرخ لاگو ہوں گے۔زون اے میں شامل چین عرب امارات سعودی عرب ایران عراق ترکی قطر برطانیہ کو رکھا گیا ہے،

جاپان قطر مراکش اردن کوریاافغانستان بھارت فرانس جرمنی سمیت بیشتر ممالک کیلئے پہلی50 گرام تک 200روپے چارجز ہوں گے، زون بی کے ممالک میں امریکہ کینیڈا آسٹریلیا نیوزی لینڈوغیرہ کیلئے 270 روپے،زون سی میں رومانیہ تیونس تنزانیہ یو گنڈا اورپیرو وغیرہ کیلئے 280روپے چارجزہونگے،

100گرام،250گرام، 500 گرام،ایک کلو،ڈیڑھ کلو اور دو کلو کے سلیب متعارف کرائے گئے ہیں،رجسٹرڈخطوط کے زیادہ سے زیادہ وزن کی حددو کلو رکھی گئی ہے،عوام کی سہولت کیلئے بیرون ممالک بھجوائے جانے والے رجسٹرڈ خطوط پر ٹکٹ لگانے کی شرط ختم کر دی گئی ہے،

خطوط پر بڑی تعداد میں ٹکٹ چسپاں کرنے کی وجہ سے صارفین کو مسائل کا سامنا تھا، اب وصول شدہ رقم رسید پر ہی درج کی جائے گی۔
٭٭٭
محکمہ موسمیات اور زراعت کی کاشتکاروں کو گند م کی کٹائی 4 مئی سے پہلے مکمل کرنے کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ موسمیات اور زراعت نے ڈیرہ اور گردونواح کے کاشتکاروں کو مطلع کیا ہے کہ جن علاقوں میں گندم کی فصل بالکل تیار ہے وہ 3 مئی تک کٹائی کا کام مکمل کرلیں کیونکہ 4 مئی سے درمیانی شدت کا مغربی سسٹم داخل ہوگا

جس کے سبب 4مئی کی شام سے لیکر 7مئی تک گرج چمک اور آندھی کیساتھ بارشیں ہونگی، 5 مئی اور 6 مئی کو دوران شدت قدرے زیادہ ہوگی، اس دوران درجہ حرارت میں بھی واضح کمی ہوگی۔موسم کی اس صورتحال اور فصل کے نقصان کے اندیشے کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام کاشتکار احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ نقصان سے بچا جاسکے۔ 8مئی سے 14مئی تک موسم خشک ہوگا،

15 یا 16 مئی کو معمول کی گرج چمک والی بارش کا امکان ہے۔ 16مئی سے 31 مئی تک مقامی ہوا کے کم دباﺅ کے سبب آندھی اور گرج چمک کے ساتھ 2سے 3 دن کے وقفوں میں بارشوں کا بھی امکان ہے۔ لہٰذا کاشتکار 3مئی تک کٹائی کا کام مکمل کرلیں۔
٭٭٭٭

%d bloggers like this: