مارچ 29, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

امرود کے فوائد 🍐🍐

اس پھل میں فولک ایسڈ موجود ہوتا ہے جو حاملہ خواتین کو استعمال کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے

امرود کے فوائد 🍐🍐

امرودوں کا موسم اب شروع ہو چکا ہے ، جن پر چاٹ مصالحہ چھڑک کر کھانا تقریباً ہر ایک کو ہی پسند ہوتا ہے ۔

مگر یہ صرف منہ کا ذائقہ ہی دوبالا نہیں کرتا ، بلکہ اس میں ایسے اجزاء بھی موجود ہوتے ہیں جو اسے صحت کے لئے بہترین پھل بناتے ہیں ۔

وٹامن سی سے بھرپور یہ پھل کتنے فوائد کا حامل ہے ، وہ فوائد درج ذیل ہیں ۔

قبض کشا:

ہمارے ہاں قبض ہونے پر دوا کھالی جاتی ہے ۔ اِس سے پیٹ صاف ہو جاتا ہے مگر چند دِنوں بعد پھر مسئلہ ہو جاتا ہے ۔ آپ یوں کیجئے کہ صبح کے وقت امرود کھائیں ۔

نرم پکے ہوئے امرود لے کر اِس پر ہلکا سا نمک ، کالی مرچ چھڑک کر کھائیں اور ناشتہ نہ کریں ۔ امرود میں نشاستہ ، سوڈیم ، فاسفورس ، وٹامنز ، معدنی نمکیات وغیرہ شامل ہیں ۔

دائمی قبض کے مریض اگر ناشتہ میں دل بھر کر اَمرود کھائیں تو قدرتی طور پر قبض دُور ہو جائے گی اور ہاضمہ کی طاقت بڑھے گی اور بھوک لگے گی ۔

کھانا کھانے کے بعد طبیعت پر بوجھل پن محسوس نہیں ہوگا ۔ آنتوں کی صفائی ہونے کی وجہ سے پیٹ میں گیس بھی نہیں بنے گی ۔

کچھ نازک مزاج لوگ طبیعت میں بے چینی محسوس کرکے متلی کی شکایت کرتے ہیں ۔ وہ اگر خوشبودار پکا ہوا امرود ہاتھ میں لے کر سونگھتے رہیں تو یہ شکایت دور ہو جائے گی ۔

کینسر کا خطرہ کم کرے:

امرود میں موجود وٹامن سی، لائیکو پین اور دیگر اجزاء ایسے اینٹی آکسائیڈنٹس کا کام کرتے ہیں

جو جسم میں نقصان دہ اجزاء کی سطح کم کرتے ہیں، جس سے کینسر زدہ خلیات کی نشوونما نہیں ہوتی ۔

ذیابیطس کے مریضوں کے لئے بہتر:

فائبر سے بھرپور ہونے کی وجہ سے امرود ذیابیطس کو بڑھنے سے روکتا ہے اور بلڈ شوگر کی سطح کو ریگولیٹ کرتا ہے ۔

دل کو صحت مند بنائے:

امرود کھانے سے جسم میں نمک یا سوڈیم اور پوٹاشیئم کے توازن میں بہتری آتی ہے جس سے بلڈ پریشر کنٹرول میں آتا ہے ،

یہ پھل صحت کے لئے نقصان دہ کولیسٹرول اور دیگر عناصر کی سطح بھی کم کرتا ہے جو کہ امراض قلب کا باعث بنتے ہیں ۔

بینائی بہتر کرے:

امرود میں وٹامن اے پایا جاتا ہے جو کہ آنکھوں کی صحت کے لئے بہترین ہے ،

یہ پھل نہ صرف عمر بڑھنے کے ساتھ بینائی میں آنے والی تنزلی سے تحفظ دیتا ہے بلکہ اسے بہتر بھی کرتا ہے ۔ یہ موتیے کے مرض کی رفتار کو بھی سست کرتا ہے ۔

حاملہ خواتین کے لئے بہتر:

اس پھل میں فولک ایسڈ موجود ہوتا ہے جو حاملہ خواتین کو استعمال کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے ۔

دانتوں کے درد کو کم کرے:

امرود میں ورم کش خصوصیات بھی ہوتی ہیں اور جراثیم کش ہونے کی وجہ سے بھی یہ انفیکشن کے خلاف جدوجہد کرتا ہے جبکہ جراثیموں کو مارتا ہے ، اس لئے اسے کھانا دانت کے درد کے لئے اچھا گھریلو ٹوٹکا ثابت ہوتا ہے ۔

ذہنی تناﺅ کم کرے:

امرود میں موجود میگنیشم ، مسلز اور اعصاب کو پرسکون کرتا ہے ، لہذا دن بھر کے کاموں کے بعد اسے کھانے سے مسلز کو سکون ملتا ہے ، ذہنی تناﺅ کم ہوتا ہے ، جبکہ جسمانی توانائی بڑھتی ہے ۔

دماغی پھل:

اس پھل میں وٹامن بی تھری اور بی سکس بھی موجود ہے جو کہ دماغ کی جانب خون کی فراہمی کو بہتر کرتے ہیں اور ذہنی افعال کو تحریک دینے کے ساتھ اعصاب کو بھی سکون پہنچاتے ہیں ۔

موٹاپے سے تحفظ:

اگر آپ جسمانی وزن میں کمی لانا چاہتے ہیں تو امرود کھانا شروع کردیں ، جس سے آپ کو اپنی غذا میں پروٹینز ، وٹامنز اور فائبر میں کمی نہیں لانا پڑے گی جو کہ اس پھل میں موجود ہے ، جبکہ یہ میٹابولزم کو بھی بہتر کرتا ہے اور ہاں اسے کھانے سے جلد پیٹ بھرنے کا احساس بھی ہوتا ہے ۔

جھریوں سے بچائے:

وٹامن اے ، وٹامن سی اور اینٹی آکسائیڈنٹس جیسے کیروٹین اور لائیکوپین کی وجہ سے امرود جلد کو جھریوں سے بچاتا ہے ، یعنی ایک امرود روزانہ جھریوں کو کافی عرصے تک دور رکھتا ہے ۔

%d bloggers like this: