مئی 3, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

اٹلی پاکستان میں قابل دوام سیاحت کے فروغ کیلئے تکنیکی معاونت فراہم کرے گا، اطالوی سفیر

سید ذوالفقار بخاری نے کہاکہ کرتارپورراہداری پاکستان میں مذہبی سیاحت کے فروغ کی اہم کڑی ہے۔ برانڈ پاکستان کی تشکیل کا کام جلد مکمل ہو جائے گا۔

اسلام آباد: پاکستان میں تعینات اطا لوی سفیر ستیفانو پونٹکوروو نے کہا ہے کہ اٹلی پاکستان میں قابل دوام سیاحت کے فروغ کیلئے تکنیکی معاونت  فراہم کرے گا۔

انہوں نے یہ بات آج وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز و چیئرمین قومی سیاحتی رابطہ بورڈ سید ذوالفقار بخاری  سے ملاقات کے موقع پر کی ہے۔

اطالوی سفیر نے کہا کہ اٹلی پاکستان میں قبل  دوام سیاحت کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔شعبہ سیاحت میں کئے گئے حکومتی اقدامات کے معترف ہیں۔

انہوں نے کہا پاکستان کی خارجہ پالیسی اورکرتارپور راہداری جیسے اقدامات سے عمران خان ایک عالمی رہنما کے طور پر سامنے آئے ہیں۔اٹلی پاکستان میں سیاحت سے متعلق منصوبوں سے غربت کے خاتمے اور روزگار کی فراہمی کا خواہاں ہے۔

سید ذوالفقار بخاری نے سیاحت کے شعبے میں کیے گئے حکومتی اقدامات سے اطالوی سفیر کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سیاحت کے شعبے میں بے مثل حکومتی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقوں میں کمیونٹی کی سطح کے منصوبوں میں اٹلی کو مکمل تعاون فراہم کریں گے۔  سیاحت کا شعبہ وزیر اعظم کے دل کے بہت قریب ہے۔

ذوالفقار عباس بخاری نے کہا کہ پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کی تشکیل نو مکمل ہونے کے بعد اسکی چالیس املاک کو منافع بخش بنا رہے ہیں۔پی ٹی ڈی سی کی  املاک کو لیز پر دینے کا عمل جلد شروع ہو جائے گا۔سیاحت کے شعبے میں ترقی سے پاکستان کی معیشت میں20ارب ڈالر کا اضافہ ہو گا۔

سید ذوالفقار بخاری نے کہاکہ کرتارپورراہداری پاکستان میں مذہبی سیاحت کے فروغ کی اہم کڑی ہے۔ برانڈ پاکستان کی تشکیل کا کام جلد مکمل  ہو جائے گا۔اس  اقدام سے دنیا بھر میں پاکستان کے شعبہ سیاحت کی تشہیر اور بہتر تشخص اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ قومی سیاحتی رابطہ بورڈ صوبوں کے ساتھ مل کر سیاحت پر کام کر رہا ہے۔پاکستان میں گندھارا تہذیب کوریا، جاپان اور چین جیسے ممالک سے سیاحوں کو پاکستان کی طرف مبذول کرانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے اطالوی سفیر کوشعبہ   سیاحت  میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔  

%d bloggers like this: