مئی 6, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

آسٹریلیا نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو سات وکٹوں سے ہرا دیا

پہلی وکٹیں گرنے کے بعد وکٹ کیپر محمد رضوان کے ساتھ مل کر بابر اعظم نے کمان سنبھالی تاہم 62 کے مجموعی اسکور پر رضوان 14 رنز بناکر چلتے بنے۔

کینبرا: آسٹریلیا نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی سبقت حاصل کرلی۔

آسٹریلیا کے  دارالحکومت کینبرا میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کے ٹاپ آرڈر نے ایک مرتبہ پھر مایوس کیا اور 29 رنز کے مجموعی اسکور پر فخر زمان (2) اور حارث سہیل (6) پویلین لوٹ چکے تھے۔

پہلی وکٹیں گرنے کے بعد وکٹ کیپر محمد رضوان کے ساتھ مل کر بابر اعظم نے کمان سنبھالی تاہم 62 کے مجموعی اسکور پر رضوان 14 رنز بناکر چلتے بنے۔

بلے باز آصف علی بھی خاطرخواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور محض چار رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ اس موقع پر پاکستان نے 70 رنز اسکور کرلیے تھے اور اس کی چار وکٹیں گرچکی تھیں۔

افتخار احمد کریز پر آئے اور بابر اعظم کے ساتھ مل کر شراکت قائم کی تاہم باؤنڈری سے وارنر کی شاندار تھرو کے باعث پاکستانی کپتان رن آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 38 گیندوں پر 50 رنز بنائے۔

بلے باز افتخار احمد نے بھی شاندار جارحانہ اننگز کھیلی اور 34 گیندوں پر 62 رنز بناکر پاکستان کو قابل احترام مجموعے تک پہنچا دیا۔پاکستان نے اپنے مقررہ 20 اوورز میں 150 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایشٹن ایگار نے دو جبکہ رچرڈسن اور کمنز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستانی اننگ کے جواب میں آسٹریلیا نے 19ویں اوور میں اسٹیون اسمتھ کی شاندار اننگز کی بدولت سات وکٹوں سے میچ اپنے نام کیا۔

اسمتھ نے 80، مکٹرمٹ نے 21، وارنر نے 20 جبکہ فنچ نے 17 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر، عماد وسیم اور محمد عرفان ایک، ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔

شاندار اننگز پر اسمتھ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

%d bloggers like this: