مئی 6, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

مذاکرات کامیاب: خیبرپختونخوا کے ڈاکٹرز نے احتجاج کی کال واپس لے لی

حکومتی مذاکراتی ٹیم میں پرویزخٹک،اسدقیصر،نورالحق قادری شامل تھے، دوسری طرف گرینڈہیلتھ الائنس کی طرف سے3ڈاکٹرمذاکراتی وفد میں شامل ہوئے۔

پشاور: خیبر پختون خوا میں گزشتہ 30 دن سےزائد جاری ڈاکٹروں کی ہڑتال کے معاملے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے ، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وزیر دفاع پرویزخٹک  سے کامیاب مذاکرات ہونے 25اکتوبر کو اسلام آباد میں دھرنے کی کال واپس لیکر احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے ۔

حکومتی مذاکراتی ٹیم میں پرویزخٹک،اسدقیصر،نورالحق قادری شامل تھے، دوسری طرف گرینڈہیلتھ الائنس کی طرف سے3ڈاکٹرمذاکراتی وفد میں شامل ہوئے۔

اس موقع پر وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ ڈاکٹروں کے گرینڈہیلتھ الائنس سے کامیاب مذاکرات ہوئے ہیں۔ ڈاکٹروں کے جائز مطالبات سنے اور عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ   مطالبات اور مسائل کے حل کے کے لئے کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ڈاکٹرز اب کسی بھی دھرنے یا احتجاج کا حصہ نہیں بنیں گے۔ ڈاکٹروں کو قائل کیا گیا ہے کہ وہ سیاسی مہم کا حصہ نہیں بنیں گے۔

ڈاکٹر عامر تاج نے اس موقع کہا کہ حکومتی وفد کے ساتھ مذاکرات نتیجہ خیز ثابت ہوئے ہیں،دو گھنٹے تک بات چیت کے بعد صوبے کے بڑوں کی بات مان لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور محکمہ صحت کے ملازمین کا دھرنا فوری طور پر ملتوی کر دیا گیا ہے،حکومتی وفد نے مسائل کے حل کے لئے وزیراعظم سے بات چیت کی یقین دہانی کروائی ہے۔

ڈاکٹرز نے کہا کہ خوشگوار ماحول میں اپنے مطالبات حکومت کے سامنے رکھے ہیں،حکومت مسائل کے حل کے لئے مذاکراتی عمل کو آگے لے جانے پر متفق ہے، خیبر پختون خوا کے ہیلتھ ملازمین فوری طور پر احتجاج کو موخر کر دیں۔

%d bloggers like this: