مئی 4, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

اپوزیشن کو اپنا جمہوری حق استعمال کرنے کا مکمل  حق ہے، عمران خان

ملکی معیشت کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کو جن معاشی مشکلات کا سامنا تھا میڈیا اس کا گواہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ حکومتی کوششوں سے معاشی اعشاریوں میں بہتری آئی ہے۔ میڈیا معیشت کے مثبت تاثر کو اجاگر کرنے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے ان خیالات کا اظہار  سینیئر صحافیوں اور اینکر پرسنز سے ملاقات کے دوران کیا ۔

ملکی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت جمہوری اصولوں پر مکمل یقین رکھتی ہے اسی لیے حکومت نے اپوزیشن سے بات چیت کے لئے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو اپنا جمہوری حق استعمال کرنے کا مکمل  حق ہے تاہم یہ حق ملکی قوانین، آئین اور اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں کی روشنی میں استعمال کیا جانا چاہیے۔

سابق وزیرِ اعظم کی صحت کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان  نے کہا کہ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ سابق وزیرِ اعظم کو ملک میں موجود بہترین طبی امداد فراہم کی جائے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ یہ ملک ہم سب کا ملک ہے اور ہم سب نے مل کر اس کی بہتری کا سوچنا ہے۔

انہوں نے کہا میڈیا بھی ملکی تعمیر و ترقی میں حصہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں استحکام لانے اور موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے میڈیا کا تعاون درکار ہے۔

ملاقات کے حوالے سے جاری سرکاری اعلامیے میں کہا گیاہے کہ  ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، مسئلہ کشمیر اور مظلوم کشمیریوں پر بھارتی حکومت کی جانب سے ڈھائے جانے والے  ظلم و ستم کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے سلسلے میں حکومتی کوششوں، ملکی معیشت کی بہتری کے لئے حکومت کے اقدامات اور انکے ثمرات اور سیاسی صورتحال سمیت مختلف موضوعات پر بات چیت ہوئی ۔

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے سلسلے میں حکومتی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر بھارتی حکومت کے جبر و تسلط کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوششوں کی بدولت مسئلہ کشمیر آج عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے اور غیر ملکی میڈیا کشمیر کی صورتحال پر روشنی ڈال رہا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ بھارت حکومت کی جانب سے نو لاکھ فوج کی تعیناتی کا مقصد ظلم و تشدد سے کشمیریوں کی آواز کو دبانا ہے جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ پلوامہ واقعے کے بعد حکومت نے موثر طریقے سے جھوٹے بھارتی دعوؤں اور چالوں کو اقوام عالم کے سامنے بے نقاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت بھرپور طریقے سے جاری رکھے گا۔

ملکی معیشت کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کو جن معاشی مشکلات کا سامنا تھا میڈیا اس کا گواہ ہے۔

عمران خان نے کہا کہ معیشت کے استحکام کے حوالے سے حکومتی کوششوں کے مثبت نتائج برآمد ہونا شروع ہو گئے ہیں اور معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ حالیہ اقتصادی اعشاریے معیشت کی بہتری کے مظہر ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ مشکل ترین حالات کے باوجود حکومت اقتصادی اعشاریوں میں  بہتری لائی ہے۔ میڈیا معیشت کے مثبت تاثر کو اجاگر کرنے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو فروغ دینے میں حکومتی کو ششوں کا ساتھ دے۔

%d bloggers like this: