مئی 6, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

عیدین پر رویت ہلال کا تنازعہ حل کرنے کیلئے کمیٹی کا قیام

عیدین کے موقع پر تنازعہ کے حل کیلئے وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی زیر صدارت کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے ۔

اسلام آباد:وزیر  مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی زیر صدارت رویت ہلال سے متعلق جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر اہم اجلاس ہوا ہے۔

اجلاس میں قبلہ ایاز، مفتی منیب الرحمن، مفتی شہاب الدین پوپلزئی، وفاق المدارس ، صوبائی محکموں کے نمائندوں، سپارکواور  محکمہ موسمیات  کے حکام نے شرکت کی ۔

اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی کی تشکیل نو، وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے قمری کیلنڈر کے استعمال اور متعدد عیدین کے مسائل زیر بحث آئے ۔

عیدین کے موقع پر تنازعہ کے حل کیلئے وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی زیر صدارت کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے ۔

قبلہ ایاز، قاری حنیف جالندھری، مفتی شہاب الدین پوپلزئی، سیکرٹری مذہبی امور کے پی کے اور وفاقی وزارت مذہبی امور کے دو افسران کمیٹی میں شامل کئے گئے ہیں۔

اس موقع پر پیر نور الحق قادری نے کہاہے کہ وزارتِ مذہبی امور رویت کے مسئلہ پر علماء کرام کی رائے کیساتھ کھڑی ہے۔ محکمہ فلکیات و موسمیات چاند کی پیدائش اور امکان رویت  پر مدد دیتے ہیں تاہم حتمی فیصلہ رویت ہلال کمیٹی کا ہوتا ہے۔

وزیرمذہبی امور نے کہا کہ رویت ہلال  میں شرعی تقاضوں کے ساتھ ساتھ معاشرت اور مذہبی تہوار بھی جڑے ہوئے ہیں۔ اس خطہ کی روایات میں رویت ہلال شامل ہے، اسلامی معاشرے میں قرآن و سنت کی طرف رجوع کیا جاتا ہے۔

پیر نور الحق قادری نے کہا کہ قمری کیلنڈر مرتب کرنے پر وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی کوشش قابل تعریف ہے تاہم رویت کا حتمی فیصلہ کمیٹی کرے گی۔

%d bloggers like this: