مئی 2, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

شہباز تیری پرواز سے جلتا ہے زمانہ ۔۔۔||ملک سراج احمد

ملک سراج احمد ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھتے ہیں،وہ مختلف اشاعتی اداروں میں مقامی ،قومی اور بین الاقوامی موضوعات پر لکھتے رہتے ہیں، انکی تحریریں ڈیلی سویل کے قارئین کی نذر

ملک سراج احمد

 ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کپتان کی آئی ایم ایف سے طے کردہ شرائط پوری کرکے موجودہ مخلوط حکومت نے جیسے تیسے کرکے آئی ایم ایف سے معاہدہ کرہی لیا اور یوں ملک کے ڈٰیفالٹ ہونے کا خطرہ ٹل گیا۔شہباز نے اس معاہدے کا کریڈٹ اکیلے نہیں لیا بلکہ اس میں سپہ سالار اور نوجوان وزیرخارجہ کو بھی دیا۔معاہدہ ہوتے ہی ڈالر کے نرخ گرنے لگے سٹاک ایکسچینج کے انڈیکس میں بہتری ہونے لگی۔مطلب بہت دنوں بعد اچھی خبریں سننے کو ملیں اور کوئی شک نہیں کہ مشکل ترین معاشی حالات میں دوست ممالک کے تعاون سے اور ٹیم ورک سے بہتر نتائج ملے ہیں ۔چلیں اس کو یوں سمجھ لیں کہ شائد آئندہ کا سیٹ اپ بھی شائد اسی طرح کا ہو اور تھوڑے بہت فرق کے ساتھ ہوسکتا ہےکہ یہی ٹیم پرفارم کرئے اگر ایسا ہے تو پھر یہ کپتان اور اس کے کھلاڑیوں کے لیئے بری خبر ہے
ستم ظریفی دیکھیں کہ جہاں ایک طرف اچھی خبریں مل رہی ہیں وہیں پر کپتان کو مسلسل بلکہ آئے روز بری خبریں سننے کو مل رہی ہیں ۔تبدیلی سرکار کے نام پر جو بھان متی کا کنبہ ایم کیوایم ، ق لیگ ، جی ڈی اے اور باپ پارٹی کی صورت میں جوڑا گیا تھا یہ سارے روڑے اور پتھر تو عدم اعتماد کے وقت ہی اپنی جگہ پر چلے گئے تھے رہی سہی کسر کپتان کی اپنی ٹیم لڑکھڑا گئی اور جتنی تیزی سے کپتان کی ٹیم کی وکٹیں گری ہیں وطن عزیز کی سیاسی تاریخ میں ایسا دوسری بار ہوا ہے اس سے قبل ق لیگ کا بھی شیرازہ اسی طرح بکھرا تھا۔مگر اس سب کے باوجود کپتان کا حوصلہ اپنی جگہ قائم ہے ۔کپتان روزانہ کی بنیاد پر سوشل میڈیا پر قوم سے خطاب کرتے ہیں ۔ویسے کپتان کو دیکھ کر ایک تاریخی واقعہ یاد آتا ہے کہ ایک مغل بادشاہ کو بیٹے نے قید کردیا اور خود بادشاہ بن گیا ۔قید تنہائی میں موجود سابق بادشاہ نے بیٹے کو پیغام بھیجا کہ مجھے کچھ بچے دے دو جن کو میں تعلیم دینا چاہتا ہوں ۔بیٹا باپ کی فرمائش سن کر مسکرایا اور کہا کہ جیل میں قید ہونے کے باوجود میرے والد کی حکمرانی کی خواہش ختم نہیں ہوئی
ایسا ہی کچھ کپتان کے قوم سے خطاب سن کر لگتا ہے کہ لنکا کو آگ لگ گئی ، سب کچھ مسمار ہوگیا دینے والوں نے ویسے ہی واپس لے لیا جیسے عطا کیا تھا مگر بوئے سلطانی ہے کہ ختم نہیں ہورہی ۔سینئر صحافی حامد میر کا کہنا بجا ہے کہ کپتان کو شائد اندازہ ہی نہیں ہے کہ اس کے ساتھ کیا ہوگیا ہے ۔ویسے اگر اندازہ ہوبھی جائے تو کیا ہوسکتا ہے کپتان پھر بھی یہی کچھ کرئے گا جو اب کررہا ہے ۔سو اس نقار خانے میں پہلے کس کی سنی گئی ہے جو اب سنی جائے گی ویسے شور بنتا نہیں ہے کیونکہ خود بھی تو دروازے کی بجائے دیوار پھلانگ کر ہی آئے تھے اور مسند پر جلوہ افروز ہوئے تھے اور اگر ایسا کسی اور نے کرلیا ہے تو پھر اس سے کیسا گلہ اور کیسا شکوہ۔
رہی بات کہ کیا ہوگا تو کون سا راجہ پورس اور سکندر آمنے سامنے ہیں کہ مفتوح فاتح سے کہے کہ وہی سلوک کرئے جوبادشاہ دوسرے بادشاہ سے کرتا ہے ۔لہذا کپتان کو بھی اپنی بوئی ہوئی فصل کاٹنی پڑے گی بلکہ کاٹ رہے ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب دیگر سیاسی قائدین کی طرح کپتان بھی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے ۔اور جیل میں کچھ وقت بعد ہی کپتان نے تعلیم دینے کی غرض سے طالب علم طلب کرنے ہیں اور جواب کیا آئے گا یہ تو آپ پہلے پڑھ چکے ہیں ۔مطلب فی الوقت کچھ نہیں ہوسکتا اور جو ہوسکتا ہے وہ ہو رہا ہے اور بڑی تیزی سے ہورہا ہے پے در پے قوانین بن رہے ہیں ، ساتھی چھوڑ کر جارہے ہیں ، شیرازہ بکھر رہا ہے بلکہ کسی حد تک بکھر چکا ہے ۔ اب ہر چیز نوشتہ دیوار ہے سب کو معلوم ہے کہ آگے کیا ہوگا۔اور یہ بھی معلوم ہے کہ کیسے ہوگا۔کہتے ہیں کہ سیاست کے سینے میں دل نہیں ہوتا لہذا کسی قسم کے رحم کی توقع عبث ہے ۔سیاست میں صرف دماغ ہوتا ہے اور بروقت فیصلے ہوتے ہیں اور پھر ان فیصلوں کے اچھے یا برے ثمرات ہوتے ہیں جن کو فیصلہ ساز نے قبول کرنا ہوتا ہے
اسی ساری دھمال چوکڑی میں ہمارے لیئے کیا سبق ہے تو تاریخ اور سیاست کے طالب علم کی حیثیت سے ہمارے لیئے پہلا سبق یہ ہے کہ جب بھی اقتدار حاصل کرنا ہوتو اپنے زور بازو پر حاصل کریں کسی کی عطا کی ہوئی طاقت کسی بھی وقت واپس لی جاسکتی ہے ۔ اور جو طاقت دے اس کی متعین کردہ حدود سے تجاوز نقصان دہ ہوسکتا ہے ۔تیسری بات یہ کہ وطن عزیز جس طرح کی جغرافیائی پوزیشن پر واقع ہے اور جس طرح کے معاشی حالات سے نبرد آزما ہے وہاں پر کسی قسم کا ایڈونچر نقصان دہ ہوسکتا ہے ۔اس طرح کا ملک زیادہ توڑ پھوڑ کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔
حرف آخر کہ اب ہوگیا کیا تو عرض یہ ہے کہ وہی ہوگا جو پیا کی خواہش ہوگی۔اور پیا کی خواہش کیا ہے تو عرض ہے کہ ایک پراجیکٹ ناکام ہوچکا ہے اب دوسرا پراجیکٹ شروع ہونے جارہا ہے مخلوط حکومت کاپراجیکٹ جس کا ایک ہی مقصد ہے کہ جیسے تیسے کر ملکی معیشت کو سنبھالا دیا جائے ۔فوکس صرف اور صرف مالی حالات کی بہتری پر ہوگا ایسے میں جو بھی معاشی بہتری کی راہ میں رکاوٹ بننے کی کوشش کرئے گا تو اس کے ساتھ خیر کا معاملہ نہیں ہوگا ۔اپوزیشن کرکے کی خواہش اپنی جگہ مگر ہر قدم پھونک پھونک کر رکھنا ہوگا۔مختصر یہ کہ ماضی کی قیادت جیل میں اور مخلوط حکومت اپنے عروج پر وقت گذارے گی اور شہباز کی پرواز اسی طرح جاری رہے گی۔ رہی بات عوام کی تو ہاتھی کے پاوں میں سب کا پاوں یہ عوام اپنی گاڑیوں کے پیچھے لکھوائے گی کہ شہباز تیری پرواز سے جلتا ہے زمانہ ۔

مصنف سے رابطے کیلئے
رابطہ نمبر 03334429707
وٹس ایپ 03352644777

یہ بھی پڑھیے:

ڈانسنگ ایلیفینٹ ۔۔۔ ملک سراج احمد

وہ لڑکی لال قلندر تھی ۔۔۔ملک سراج احمد

حیات جرم نہ ہو زندگی وبال نہ ہو ۔۔۔ ملک سراج احمد

بے نظیر بھٹو کی پکار: الوداع پاپا ۔۔۔ملک سراج احمد

عوام کے حق حاکمیت کی فیصلہ کن جنگ۔۔۔ ملک سراج احمد

حضرت خواجہ غلام فرید ؒ – پیلوں پکیاں نی وے، آ چنوں رل یار ۔۔۔ ملک سراج احمد

ملک سراج احمد کے مزید کالم پڑھیے

%d bloggers like this: