اپریل 27, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

نا میرا نا آپ کا ، ہم سب کا پاکستان ۔۔۔ ۔۔۔||ملک سراج احمد

ملک سراج احمد ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھتے ہیں،وہ مختلف اشاعتی اداروں میں مقامی ،قومی اور بین الاقوامی موضوعات پر لکھتے رہتے ہیں، انکی تحریریں ڈیلی سویل کے قارئین کی نذر

ملک سراج احمد

 ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پنجاب کے بعد کے پی کے میں بھی الیکشن کمیشن نے صوبائی اسمبلی کے عام انتخابات کے لیئے 8 اکتوبر کی تاریخ کا اعلان کردیا۔اس کے بعد طے ہوگیا کہ اب پنجاب اور کے پی کے صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات رواں سال اکتوبر میں ہوں گے مگر صدر مملکت اپنے حالیہ انٹرویو میں اس تاریخ پر مطمئن نظر نہیں آئے اور ان کا کہنا تھا کہ ان کو 8 اکتوبر کو بھی الیکشن ہوتے نظر نہیں آرہے ۔ اگر صدر پاکستان کے خدشات کو درست سمجھا جائے تو کیا پھر عام انتخابات آئندہ سال منعقد ہوں گے اور اگر ایسا ہے تو یقینی بات ہے کہ آئینی طورپر تو اس کی اجازت نہیں ہے تو کیا پھر کوئی ایمرجنسی نافذ کی جائے گی یا پھر کسی عدالتی فیصلے کا سہارا لیا جائے گا ؟
جو بھی ہے ایک بات تو بہت واضح ہے کہ کم سے کم 30 اپریل کو انتخابات نہیں ہوں گے ۔جیسے جیسے انتخابات التوا کا شکار ہوتے جائیں گے تحریک انصاف مشکلات کا شکار ہوتی جائے گی ۔اب دیکھنا یہ ہوگا کہ تحریک انصاف جو جلد سے جلد انتخابات کی حامی ہے کی سیاسی حکمت عملی کیا ہوگی ۔کیا تحریک انصاف حکومت پر اتنا دباو ڈال سکے گی کہ انتخابات جلد ہوجائیں۔بظاہر تو یہی لگ رہا ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف کی سیاسی گرفت کمزور ہوتی جائے گی اب یہ کپتان کے کھلاڑیوں پر منحصر ہے کہ وہ کس طرح سیاسی حالات کو اپنے حق میں کیئے رکھتے ہیں ۔
پہلے بھی بارہا اپنی تحریروں میں لکھا ہے ایک بار پھر عرض خدمت ہے کہ وقت کا پہیہ الٹا چل پڑا ہے،کپتان مکافات عمل کا شکار ہے کپتان نے اپنے دور اقتدار میں جو کچھ بویا وہ فصل تیار ہوچکی ہے اور اب یہ فصل کپتان نے کاٹنی ہے اس کے نفع یا نقصان کو کپتان نے خود برداشت کرنا ہے ۔اب سمجھنے والوں کو ایک غلط فہمی ہوتی ہے کہ قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد سے عمران پراجیکٹ ناکام ہوا ہے حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ عمران پراجیکٹ کی ناکامی کے بعد ہی تحریک عدم اعتماد پیش ہوئی اور کامیاب بھی ہوگئی ۔وگرنہ ممکن ہی نہیں تھا کہ بڑوں کی مرضی کے بغیر تحریک عدم اعتماد پیش ہوتی اور کامیاب بھی ہوجاتی ۔
اب اگر بڑوں کا ذکرچل ہی پڑا ہے تو ان دنوں سینئر صحافی شاہد میتلا کے آرٹیکل سنجیدہ سیاسی حلقوں میں زیربحث ہیں ۔شاہد میتلا کی سابق آرمی چیف جنرل باجوہ سے ملاقات میں ہونے والی گفتگو بہت اہم ہے اور سب سے اہم اس کی گفتگو کے منظر عام پر آنے کا وقت ہے ۔شاہد میتلا نے اس مبینہ گفتگو کو منظر عام پر لاکر گویا تہلکہ مچا دیا ہے ۔ اگر شاہد میتلا کی مبینہ گفتگو کو درست مان لیا جائے تو پھر بلاول بھٹو کا کپتان کو سلیکٹڈ کہنا محض سیاسی الزام نہیں بلکہ حقیقت پر مبنی بات لگتی ہے ۔مریم نواز نے تو کھڈیاں کے جلسہ میں یہاں تک کہہ دیا کہ سہولت کاروں کے جانے کے بعد زیبرا سے لائنیں ختم ہوگئی ہیں ۔اور اب زیبرا بھی زیبرا نہیں رہا۔
شاہد میتلا کے انکشافات کے ساتھ ساتھ حکومت نے اسمبلی میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجرز بل پیش کردیا ۔از خود نوٹس کے کیسز میں کیئے گئے فیصلوں پر متاثرین کو اپیل کا حق مل گیا یوں نواز شریف ، یوسف رضا گیلانی اور جہانگیر ترین کو اپیل کا حق بھی مل گیا ۔یوں لگتا ہے کہ ان کی واپسی کا قانونی راستہ تلاش کرلیا گیا ہے ۔لگے ہاتھوں جسٹس فائز عیسیٰ نے اپنے ایک فیصلے میں چیف جسٹس کے خصوصی بینچ بنانے کے اختیار کو ختم کردیا ہے۔آنے والے دنوں میں شائد اور بھی بہت کچھ تبدیل ہوتا ہوا نظر آئے ۔رجیم چینج کی کہانی اپنے کلائمکس کی طرف بڑھ رہی ہے۔کپتان کے سیاسی مستقبل کا انجام نوشتہ دیوار ہے ۔کپتان کا سیاسی عروج جتنی تیزی سے آیا اس سے زیادہ تیزی سے زوال پذیر ہے
اب تو یہ اندازہ کیا جارہا ہے کہ کپتان کے خلاف عدالتوں کے زیرسماعت کیسز کے فیصلے کب تک متوقع ہیں اور ان کے نتیجے میں کیا کپتان سیاست بھی کرسکے گا یا نہیں کرسکے گا۔سیاسی بحران کا کیا نتیجہ نکلے گا۔کیا نئے انتخابات اگر ہوجائیں تو کیا ان کے نتائج تمام سیاسی جماعتوں کے لیئے قابل قبول ہوں گے ۔معاشی بحران کیسے ختم ہوگا اور عوام کی مشکلات کو کس طرح ختم کیا جاسکتا ہے ۔سیاسی بحران مزید بڑھے گا یا وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ کم ہوتا جائے گا۔موجودہ حالات میں ایک سوال کا جواب ابھی ملانہیں ہوتا کہ دیگر کئی سوال پیدا ہوجاتے ہیں اور پھر ان نئے سوالات کے جواب کی تلاش شروع ہوجاتی ہے۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے فلور آف دی ہاوس تقریر کرتے ہوئے جہاں پارلیمان کی بالادستی کی بات کی وہاں پر انہوں نے موجودہ مسائل کا حل بتاتے ہوئے کہا کہ جب ہم معاشی ، سیاسی اور آئینی بحران کو حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں وہاں ہم سب کو مل کر بیٹھنا ہوگا ۔ہمیں ان کے ساتھ بھی بیٹھنا ہوگا جن کی شکل ہمیں پسند نہیں جن کا سیاسی ماضی کچھ خاص نہیں اور جن کا مستقبل یقینی نہیں ہے مگر ہمیں مل کر بیٹھنا ہوگا اور ان مسائل کا حل نکالنا ہوگا ۔اس میں بلاول بھٹو کا واضح اشارہ تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی طرف تھا اور یہ خوش آئند بات ہے یہ ٹھیک سیاسی سوچ ہے کہ ملک میں جاری بحران کو ختم کرنے کے لیئے مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالیں ۔بلاول بھٹو نے یہ کہہ کر دریا کو کوزے میں بند کردیا کہ نا میرا نا آپ کا بلکہ ہم سب کا پاکستان ۔ اگر پاکستان ہم سب کا ہے تو پھر ہم سب کو مل کر ہی اس بحران سے نکلنے کے لیے کوشش کرنی ہوگی ایسے میں اگر کوئی ایک فریق بھی اس عمل سے باہر رہ گیا تو یہ کسی کے مفاد میں نہیں ہوگا نا سیاسی جماعتوں کے نا ملک کی عوام کے اور نا ہی پاکستان کے مفاد میں ہوگا
تحریر: ملک سراج احمد

مصنف سے رابطے کیلئے
رابطہ نمبر 03334429707
وٹس ایپ 03352644777

یہ بھی پڑھیے:

ڈانسنگ ایلیفینٹ ۔۔۔ ملک سراج احمد

وہ لڑکی لال قلندر تھی ۔۔۔ملک سراج احمد

حیات جرم نہ ہو زندگی وبال نہ ہو ۔۔۔ ملک سراج احمد

بے نظیر بھٹو کی پکار: الوداع پاپا ۔۔۔ملک سراج احمد

عوام کے حق حاکمیت کی فیصلہ کن جنگ۔۔۔ ملک سراج احمد

حضرت خواجہ غلام فرید ؒ – پیلوں پکیاں نی وے، آ چنوں رل یار ۔۔۔ ملک سراج احمد

ملک سراج احمد کے مزید کالم پڑھیے

%d bloggers like this: