مئی 17, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

انچولی کی انجمن فدائے اہلبیت ۔۔۔||مبشرعلی زیدی

مبشر علی زیدی جدید اردو نثر میں مختصر نویسی کے امام ہیں ۔ کتاب دوستی اور دوست نوازی کے لئے جانے جاتے ہیں۔ تحریرمیں سلاست اور لہجے میں شائستگی۔۔۔ مبشر علی زیدی نے نعرے کے عہد میں صحافت کی آبرو بڑھانے کا بیڑا اٹھایا ہے۔
مبشرعلی زیدی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
میں انچولی کی انجمن فدائے اہلبیت کا بہت سال رکن رہا ہوں۔ اس وقت قمر بھائی اس کے نوحہ خواں تھے اور انیس پہرسری، ریحان اعظمی، محشر لکھنوی اور احمد نوید جیسے شاعر انھیں نوحے لکھ کر دیتے تھے۔
میں 1989 سے 1996 میں جرنلزم جوائن کرنے تک پورا محرم فدا کے ساتھ رہتا۔ ہفتے کی شب شہر بھر میں مجلسیں اور شب بیداریاں ہوتی ہیں۔ انجمن بس کرائے پر لیتی اور جہاں جہاں مدعو کیا جاتا، وہاں جاتی۔ اب بھی ایسا ہی ہوتا ہوگا۔
اس وقت بھی انچولی میں بہت سی ماتمی انجمنیں تھیں۔ ذوالفقار حیدری میں سچے بھائی، تنظیم حسینی میں ناصر اور رضاکاران حسین میں نعیم عباس روفی نوحہ خواں تھے۔ ان کے علاوہ تبلیغ امامیہ، رضائے حسینی، دو ہاتھ کے ماتمیوں کی کاروان نجف کے علاوہ بھی کئی انجمنیں تھیں۔ اس کے باوجود انجمن فدائے اہلبیت کا یہ حال تھا کہ بعض اوقات دو بسوں میں بھر کر جاتے۔
کراچی میں 1994 میں شیعوں پر بہت زیادہ حملے ہوئے اور ایک دو ماتمی انجمنوں کی بسوں پر فائرنگ بھی ہوئی۔ اس کے بعد انجمنوں نے پروگرام محدود کردیے اور انچولی سے باہر جانے والے ماتمیوں کی تعداد میں بھی کمی ہوئی۔ یوں بھی ہوا کہ دو بسوں والی انجمن صرف چار کاروں میں ماتم کرنے گئی۔ میں تب بھی شامل ہوتا تھا۔
آج ایک دوست نے یہ ویڈیو بھیجی ہے جو 1991 کی ہے۔ نارتھ ناظم آباد کے امام بارگاہ باب العلم میں قمر بھائی نوحے پڑھ رہے ہیں اور دوسرے حلقے میں اٹھارہ انیس سال کے مبشر بھائی قمیص اتار کے ماتم کررہے ہیں۔
ان دنوں انور شاہ جی اور انور حاجی انجمن کے روح رواں تھے۔ راجو بھائی سالار دستہ تھے۔ موذن عمران حیدر جنھیں ہم منے بھائی کہتے تھے، نائب سالار تھے۔ اس ویڈیو کے آغاز میں انجمن کا ٹائٹل وہی پڑھ رہے ہیں: بعد قتل شاہ کہتے تھے حرم، واہ محمدا کشتہ شد حسین
قمر بھائی نے دونوں نوحے ریحان اعظمی کے پڑھے: رو کے سکینہ کہتی ہے ہائے چچا میں پیاسی ہوں۔۔۔ اور۔۔۔ عباس ہے وفا سے عباس سے وفا ہے
منے بھائی کے ساتھ میرا بچپن کا دوست سجاد امام ہے۔ میرے ساتھ لنگوٹیا دوست زاہد رضا کھڑا ہے جو قمیص نہیں اتارتا تھا۔ انور شاہ جی مجھ سے پہلے اور قمر بھائی بعد میں امریکا آگئے۔ اس ویڈیو میں فہیم بھائی بھی نظر آرہے ہیں۔ وہ بھی بہت سال سے ہیوسٹن میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:

مبشرعلی زیدی کے مزید کالم پڑھیں

مبشر علی زیدی جدید اردو نثر میں مختصر نویسی کے امام ہیں ۔ کتاب دوستی اور دوست نوازی کے لئے جانے جاتے ہیں۔ تحریرمیں سلاست اور لہجے میں شائستگی۔۔۔ مبشر علی زیدی نے نعرے کے عہد میں صحافت کی آبرو بڑھانے کا بیڑا اٹھایا ہے۔

%d bloggers like this: