مئی 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

نقوش: اردو کا سب سے اہم ادبی جریدہ||مبشرعلی زیدی

نقوش کا رسول نمبر محض سیرت کی کتاب نہیں۔ اس میں رسول کے زمانے کا نہایت تفصیل سے احاطہ کیا گیا ہے۔ ان 13 جلدوں میں ابواب کی محض فہرست پر ایک نگاہ ڈالنے سے ہی اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ یہ کس قدر پھیلا ہوا اور دقت طلب کام تھا۔
مبشرعلی زیدی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نقوش کو اردو کا سب سے اہم ادبی جریدہ کہا جاتا ہے۔ محمد طفیل نے جب اس کا آغاز کیا تو وہ محض پبلشر تھے۔ انھوں نے پہلے احمد ندیم قاسمی اور پھر وقار عظیم کو ادارت سونپی۔ پھر طفیل صاحب نے خود پرچہ سنبھال لیا اور ایسے شاندار نمبر نکالے کہ بڑے بڑے ادیب اور مدیر ویسا کام نہ کرسکے۔ وہ خود بھی لکھتے لکھتے بہت سے ادیبوں سے بہتر تخلیقات پیش کرنے لگے۔ ان کے لکھے ہوئے خاکوں کی 9 کتابیں اس کا ثبوت ہیں۔
نقوش کے کچھ شماروں پر ایک اور کچھ پر دو نمبر درج ہیں۔ بعض شمارے ایسے ہیں جن کا نمبر ایک ہے لیکن حصے کئی چھپے۔ شماروں کے مجموعی نمبر 148 ہیں لیکن پرچوں اور تمام جلدوں کی تعداد میرے خیال میں 135 ہے۔ ان میں سے 78 میرے پاس ہیں۔
طفیل صاحب کا سب سے بڑا کارنامہ نقوش کے رسول نمبر کو قرار دیا جاتا ہے جو کئی سال کی محنت سے 13 جلدوں میں شائع ہوا۔ طفیل صاحب 15 جلدیں مرتب کرنا چاہتے تھے لیکن ان کی زندگی نے وفا نہیں کی۔ رسول نمبر کی جلدوں کے دوران دوسرے شمارے بھی چھپتے رہے۔
نقوش کا رسول نمبر محض سیرت کی کتاب نہیں۔ اس میں رسول کے زمانے کا نہایت تفصیل سے احاطہ کیا گیا ہے۔ ان 13 جلدوں میں ابواب کی محض فہرست پر ایک نگاہ ڈالنے سے ہی اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ یہ کس قدر پھیلا ہوا اور دقت طلب کام تھا۔
میں گوگل ڈرائیو کے اس فولڈر کا لنک شئیر کررہا ہوں جہاں تمام جلدیں موجود ہیں اور ڈاون لوڈ کی جاسکتی ہیں۔
میں نقوش کے باقی شماروں کو بھی ایک ایک کرکے یہاں پیش کرتا جاؤں گا۔ سانپ بن کر خزانے پر بیٹھے رہنے کا کیا فائدہ۔
نقوش کا ہر نمبر اپنی مثال آپ تھا لیکن آپ بیتی نمبر میں ایڈیٹر طفیل صاحب نے کمال کردیا تھا۔ جعفر تھانیسری، نساخ اور محبوب عالم سے جیلانی بانو تک تمام اہم ادبی شخصیات کی تحریریں انھوں نے جمع کردی تھیں۔ ان کے علاوہ مغل بادشاہوں، واجد علی شاہ، قائداعظم، نہرو، چرچل، ہٹلر، آئزن ہاور، ملکہ الزبتھ، ایوب خان، آغا خان، طحہ حسین، رسل، کسی بڑی شخصیت کا نام سوچیں، وہ اس نمبر میں گفتگو کرتی ملے گی۔
آپ بیتی نمبر 1964 میں دو حصوں میں شائع ہوا تھا اور اس میں کل صفحات 1964 ہی رکھے گئے تھے۔ میں نے ان دونوں کو ایک فائل میں جمع کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

مبشرعلی زیدی کے مزید کالم پڑھیں

مبشر علی زیدی جدید اردو نثر میں مختصر نویسی کے امام ہیں ۔ کتاب دوستی اور دوست نوازی کے لئے جانے جاتے ہیں۔ تحریرمیں سلاست اور لہجے میں شائستگی۔۔۔ مبشر علی زیدی نے نعرے کے عہد میں صحافت کی آبرو بڑھانے کا بیڑا اٹھایا ہے۔

%d bloggers like this: