اپریل 30, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

جب صدر پاکستان نے میرے تین خطوں کے جواب دئیے||اسلم ملک

کوئی پانچ سال پہلے، یعنی پچاس سال بعد پھر کسی سرکاری شخصیت کو خط لکھا...یہ تھے چئیر مین سینیٹ... ایک اہم معاملے کی طرف توجہ دلانا چاہتا تھا، انہیں ہی موزوں سمجھا
اسلم ملک
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ساتویں اور آٹھویں جماعت میں تھا جب صدر پاکستان نے میرے تین خطوں کے جواب دئیے تھے.
یہ صدر فیلڈ مارشل ایوب خان تھے.
اس عمر میں حکمران اور وزرأ ہی اہم شخصیات لگتے ہیں. کالج کے پہلے سال ہی یہ خیال ذہن سے نکل گیا اور ادیبوں شاعروں سے خط کتابت کرنے لگا۔ میری بعض تحریروں کے ساتھہ آپ جو آٹو گراف دیکھتے ہیں، اسی زمانے کے ہیں.
مجھے اس زمانے کی کوئی ایسی شخصیت یاد نہیں آتی، جسے خط لکھا ہو اور اس نے جواب نہ دیا ہو. مشرقی پاکستان اسمبلی کے سپیکر عبدالحمید چودھری کا خط مجھے اکثر یاد آتا ہے… جو انہوں نے اردو میں لکھا اور مجھے لگا کہ اردو لکھنے میں کافی تگ و دو کرنا پڑی۔
ان دنوں سرکاری محکمے اخبارات میں چھپنے والے مراسلات پر بھی توجہ دیتے تھے.
4 مارچ 1964 کو میرا ایک مراسلہ لاہور کے روزنامہ مشرق میں شائع ہوا (تاریخ یوں یاد رہی کہ اسی دن میں پورے 13 سال کا ہوا تھا)
بات یہ تھی سکوں کا اعشاری نظام آنے کے بعد بہت عرصہ نئے اور پرانے سکوں کے تبادلے میں بہت گڑبڑ رہی. بہاولپور سے کلانچ والا ٹرین کا کرایہ 53 پیسے یعنی پرانے ساڑھے آٹھہ آنے تھا. بکنگ کلرک نو آنے یعنی 56 پیسے وصول کررہے تھے. انہی دنوں گائوں گئے تھے.
واپس آتے ہی اخبار کو خط لکھا. چھپنے کے اگلے دن والد صاحب نے کہا تمہاری شکایت پر بکنگ کلرک کو معطل کردیا گیا ہے. وہاں کے ملازمین آئے تھے، کہہ رہے تھے بچے سے کہیں معاف کردے. لکھہ دے کہ غلط فہمی ہوئی ، جودور ہوگئی. مزید یاد نہیں کہ والد صاحب نے کیا کیا. وہ خود یونین لیڈر تھے. کسی کو بے روزگار کرنا برداشت نہیں کرسکتے تھے. ہاں ریلوے والوں نے بچہ اس لئے کہا کہ میرے نام کے ساتھہ جماعت ہفتم بھی چھپا تھا. اس دوران مجھے ریلوے ہیڈ کوارٹر سے خط بھی آگیا کہ آپ کی شکایت پر کارروائی کررہے ہیں.
No photo description available.
کوئی پانچ سال پہلے، یعنی پچاس سال بعد پھر کسی سرکاری شخصیت کو خط لکھا…یہ تھے چئیر مین سینیٹ… ایک اہم معاملے کی طرف توجہ دلانا چاہتا تھا، انہیں ہی موزوں سمجھا، یہ بھی خیال تھا کہ قائد اعظم کے اے ڈی سی کے بیٹے ہیں، خط کا جواب دینے جیسے اصول اور عادات ضرور ان تک ضرور پہنچی ہوں گی. لیکن جواب تو کیا ان کے عملے کی طرف سے خط ملنے کی رسید/ اطلاع تک نہ ملی. یہ چالیس سال کے قریب صحافت میں گزار چکے سینئر سٹیزن کا خط تھا، کوئی فضول Fan Mail تو نہیں ہوگی۔
کبھی کہا جاتا تھا خط کا جواب نہ دینا ویسی ہی بد تمیزی ہے جیسی سلام کا جواب نہ دینا.
ہمارے ایک ایڈیٹر تھے۔۔۔ کچھہ ایسا اتفاق تھا کہ اکثر میں جب دفتر جاتا، وہ نکل رہے ہوتے. سیڑھیوں کے قریب آمنا سامنا ہوتا. میں سلام کرتا… نوٹ کیا کہ وہ جواب ہی نہیں دیتے تو پھر میں نے بھی کبھی سلام نہیں کیا… وہ جوانی ایک مذہبی جماعت کی نذر کر چکے تھے، یہ نہیں ہوسکتا تھا کہ سلام کے آداب سے ناواقف ہوں. بس کچھہ زعمِ عظمت ہوگیا تھا. تین ماہ نگران وزیر جو رہ گئے تھے.
———————————————————————————بہت خوب! کیا رکھ رکھاؤ والے عظیم لوگ تھے۔۔۔۔ﺍَﺏ ﺍُﻧﮩﯿﮟ ﮈُﮬﻮﻧﮉ ﭼﺮﺍﻍِ ﺭُﺥِ ﺯﯾﺒﺎ ﻟﮯ ﮐﺮ۔۔۔۔۔۔اس زمانے میں خط کا جواب نہ دینا بدتہذیبی پر محمول کیا جاتا تھا مگر دیکھتے ہی دیکھتے زمانہ کیا سے کیا ہو گیا ہے۔ اس کیفیت کے مکمل حسب حال تو نہیں مگر اس سے کچھ ملتی جلتی کیفیت کے بارے میں عربی زبان میں ایک شاعر نے کیا خوب کہا ہے کہ۔۔۔۔۔یا لیت الشباب یعود یوما۔۔۔۔فاخبرہ بما فعل المشیب۔۔۔۔۔ یعنی کاش کہ ایک دن جوانی لوٹ کر آ جاۓ اور پھر میں اسے بتاؤں کہ بڑھاپے نے میرے ساتھ کیا کیا کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

اسلم ملک کی مزید تحریریں پڑھیے

%d bloggers like this: