دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

پیپلز پارٹی فلسفہ حسینیت پر عمل کرتے ہوئے ہمیشہ وقت کے ظالموں سے ٹکرائی ہے،بلاول بھٹو زرداری

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی فلسفہ حسینیت پر عمل کرتے ہوئے ہمیشہ وقت کے ظالموں سے ٹکرائی ہے اور کردارِ حسین علیہ السلام کی تقلید میں پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے اپنی جانوں کے نذرانے بھی پیش کئے ہیں۔

اسلام آباد: اکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا حق و باطل کا ایک ایسا معرکہ ہے جو ہر دور میں جاری رہا اور جاری رہے گا۔ حسینیت یہی ہے کہ ہر دور کے یزید کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے۔

یوم عاشور کے موقع پر میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ امام حسین علیہ السلام دنیا بھر کے انسانوں کے لئے شجاعت کا ایک درس ہیں، حسینیت دراصل ایک عظیم مقصد کی خاطر مزاحمت کا دوسرا نام ہے اور یوم عاشور کا سبق یہی ہے کہ ہم نے اپنے کردار میں حسینی بن کر وقت کے یزیدوں کو للکارنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خاندانِ اہلبیت نے سرزمین کربلا پر ایسی قربانی دی کہ رہتی دنیا تک انسانیت اس واقعے کو فراموش نہیں کرسکتی، صدیاں بیت گئیں مگر حضرت محمد صلی اللہ وعلیہ وسلم کے خانوادے کے مصائب کا دکھ آج بھی تروتازہ ہے اور یہ غم امام حسین علیہ السلام کے پیروکاروں کو کمزور نہیں کرتا بلکہ اس کی خوبی یہ ہے کہ یہ شجاعت پیدا کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امام حسین علیہ السلام نے ہمیں اپنے کردار سے سکھایا ہے کہ ظالم کے خلاف مزاحمت میں خواہ کتنی بڑی قربانی دینا پڑے، ہمیں اس سے دریغ نہیں کرنا چاہئیے۔ کربلا میں شیر خوار بچوں سے کڑیل جوانوں تک دنیا کے بہترین انسانوں نے شہادت کا جام پی کر انسانیت کو سرخرو کردیا۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی فلسفہ حسینیت پر عمل کرتے ہوئے ہمیشہ وقت کے ظالموں سے ٹکرائی ہے اور کردارِ حسین علیہ السلام کی تقلید میں پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے اپنی جانوں کے نذرانے بھی پیش کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فلسفہ حسینیت ہی دراصل ہمارا منشور ہے اور مزاحمت کا عَلم تھام کر ہم اہلیان کربلا کی پیروی کرتے رہیں گے۔

About The Author