اپریل 29, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی خبریں

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں تجزیے اور تبصرے

ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ کی تاریخ میں پہلی بار جدید ترین امیج انٹنسیفائرمشین خرید ی گئی ہے، جس کے باعث اب کوئی مریض ملتان ریفر نہیں کیا جائے گا ،ارشد خان استرانہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ایم ٹی آئی بورڈ آف گورنر کے چیئر مین ارشد خان استرانہ نے کہا ہے کہ ڈیرہ کے ہسپتالوں میں مریضوں کے بہترین علاج معالجہ اورجدید سہولیات کے انقلابی اقدامات کیے جارہے ہیں جن کا اس سے پہلے کبھی تصور ممکن نہیں تھا ،

ڈی ایچ کیو او رمفتی محمود ہسپتالوں کے لئے12 کروڑ روپے کی لاگت سے انتہائی جدید مشنری خریدی گئی ہے، اب ڈیرہ سے کسی بھی مریض کو ملتان یا کسی دوسرے شہر ریفر نہیں کیا جائے گا ،ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف ڈیوٹی کیے بغیر ہر گز تنخواہیں حاصل نہیں کرسکیں گے،

کورونا وباءمذاق ہرگز نہیں ہے، احتیاطی تدابیر اختیارکرنے میں مقامی لوگوں کی غیر سنجیدگی کے باعث ڈیرہ شہر اور گردونواح میں کورونا وائرس کے پھیلاو¿ میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے جس سے نہ صرف ڈاکٹرز اورپیرا میڈیکس بلکہ عام شہری بھی متاثر ہورہے ہیں ،

تاہم ہمارے پاس الحمد اللہ بیڈز اور دیگر سہولیا ت کی کوئی کمی نہیں ہے ، وہ گزشتہ روز اپنے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی گفتگو کررہے تھے ،ان کا کہنا تھا کہ مفتی محمود ہسپتال ڈیرہ میں روزانہ کی بنیاد پر پچاس سے دو سوکے قریب کورونا وائرس کے ٹسٹ کیے جارہے ہیں ،

عام مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے 12 کروڑروپے کے فنڈز جاری کیے گئے جس میں ایم آرآئی، سی ٹی سکین ،جدید ڈوپلر الٹر ساﺅنڈ کے علاوہ ڈیرہ میںپہلی بار جدید ترین امیج انٹنسیفائرمشین خرید لی گئی ہے جوکہ آئندہ چند ماہ کے دوران کام شروع کردے گی،

اس مشین کے ذریعے انسانی جسم کے اندر موجود انتہائی پوشیدہ اعضاءکو نمایاں کرکے ان کی تصویر کشی کی جاسکتی ہے اوریہ ایک لاکھ سے زائد امیجز کا ریکارڈ اور ڈیٹا سٹور کرنے کی صلاحیت رکھی ہے ،اس جدید امیج انٹینسفائر مشین کے ذریعے ہیڈ انجری ،ارتھروپیڈک ،یوریالوجی سمیت

دیگر انتہائی پیچیدہ اور میجر آپریشن کے لئے اب مریضوں کو ملتان یا کسی دوسرے شہر ریفر نہیں کیا جائے گا اوریہ ڈیرہ کے عوام کے لئے ایک انتہائی انقلابی تبدیلی ہوگی ،ہمارے پاس انتہائی ماہر قابل ڈاکٹرز اور سرجن موجود ہیں

لیکن جدید مشینری اور آلات موجود نہ ہونے کی وجہ سے اب تک مریضوں کو دیگر شہروں کو ریفر کیا جاتارہاہے لیکن اب ایسا ہرگز نہیں ہوگا۔ بزنس پارٹنر شب کے تحت ہمارے مختلف معاہدات طے پاگئے ہیں جس سے ہسپتالوں کے اندر لوگوں کو نمایاں تبدیلی نظر آئی گی ، انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں سٹاف کی کمی کودور کرنے کے لئے ضرورت کے مطابق

ڈیرہ کے ہی لوگوں کو انتہائی صاف اور شفاف طریقے سے ان کی تعلیمی قابلیت اور اہلیت کے مطابق انہیں خالصتاًمیرٹ کی بنیاد پر تقریباًدوسو افراد کو بھرتی کیاگیاہے جن میں 50 کمپیوٹر آپریٹرز،70 جونیئر کلرک ،40 نرسز اور 45 ٹیکنیشن سمیت دیگر پیرا میڈیکس سٹاف شامل ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ کورونا پینڈیمک کو مذاق ہرگزنہ سمجھا جائے ، عوام کی غیر سنجیدگی،غیر ذمہ دارانہ رویہ،غیر ضروری گھروں سے باہر نکلنا کورونا سے بچاو¿ کی احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز پر عمل نہ کر نے کے باعث ڈیرہ شہر اور اسکے گردونواح میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مفتی محمود ہسپتال میں قائم کورونا وائرس کی لیبارٹری میں روزانہ پچاس سے دو سو مریضوں کے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں جن میں مثبت مریضوں کی تعداد زیادہ ہے جوکہ چند احتیاطی تدابیر اختیار کرکے دوبارہ صحت یاب ہورہے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس بیڈز کی کوئی کمی نہیں ہے ،اس وقت آئی سی یو وارڈ میں 14 بیڈز اور آئسولیشن وارڈ میں 25 بیڈز کے علاوہ 11 وینٹی لیٹر ز کی سہولت موجودہے ،اب تک صرف ایک مریض کے لئے وینٹی لیٹر کا استعمال کیاگیا جسے چند روز میں صحت یابی کے بعد فارغ کرکے گھر بھیج دیاگیا،

ان کا کہنا تھا کہ خدا ناخواستہ مریضوں کی تعداد میں اضافے کی صورت میں ہمارے پاس دو سو بیڈز پر مشتمل مفتی محمود ہسپتال موجود ہے ،جس کو مکمل فارغ کرکے اسے کورونا وباءکے مریضوں کے لئے قابل استعمال بنایا جاسکتاہے۔ 

٭٭٭

کورونا وائرس کے ٹسٹ مثبت آنے پر تین علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاﺅن کردیا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان میں کورونا وائرس کے ٹسٹ مثبت آنے پر تین علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاﺅن کردیا گیا،علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ، ڈیرہ پولیس آفیسر کیپٹن (ر)واحد محمود کا سمارٹ لاک ڈاﺅن کے علاقوں کا خصوصی دورہ ۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں کورونا وائرس کے ٹسٹ مثبت آنے پر تین علاقوں اسلامیہ کالونی ،محلہ گڑھی سدوزئی اور مدینہ کالونی کے رہائشیوں کے کورونا وائرس کے ٹسٹ مثبت آنے پر ان علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاﺅن کردیا گیا ہے ،

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ کیپٹن (ر)واحد محمود نے اسلامیہ کالونی ،محلہ گڑھی سدوزئی اور مدینہ کالونی جہاں پر کروناوائرس کے مثبت رزلٹ آ ئے ہیںکا دورہ کیا ۔صوبائی حکومت کے احکامات کے مطابق حفاظتی تدابیر اپناتے ہوئے ان علاقوںمیںکروناوائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر سمارٹ لاک ڈاﺅن کر دیا گیا ہے ۔

اس دورے کے دوران ڈی پی او ڈیرہ نے سمارٹ لاک ڈاﺅن کرنے کے احکامات پر عمل در آمد کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا اور ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں کے علمائے کرام اور مشران سے مل کر عوام میں یہ شعور اجاگر کریں کہ اس وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لےے سماجی فاصلہ کو بر قرار رکھیں،ماسک اور دستانوں کا استعمال لازمی کریں ۔

بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں،کیونکہ کرونا وائرس کا واحد علاج احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہے ۔جس ملک نے بھی حفاظتی تدابیر اپنانے میں غفلت کی آ ج وہ اس کی قیمت ہزاروں جانوں کی صورت میں ادا کر رہے ہیں

لہذا عوام میں یہ شعور بیدار کیا جائے کہ حکومت کی طرف سے حفاظتی تدابیر اور اقدامات پر عمل در آمد کرتے ہوئے اس مہلک وباءسے محفوظ رہ سکتے ہیں ۔

٭٭٭

 ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر شاہ بہرام کا مختلف بازاروں اور پٹرول پمپس کا دورہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر شاہ بہرام کا مختلف بازاروں اور پٹرول پمپس کا دورہ۔ ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے جائزہ لیا ۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنرڈیرہ محمد عمیر کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر شاہ بہرام نے کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے تدارک کے سلسلے میں حکومت کی جانب سے وضع کردہ احتیاطی تدابیر کے حوالے سے بازاروں میں قائم بیکریز، کریانہ سٹورز و دیگر دکانوں اور پٹرول پمپس کا دورہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے تمام تر احتیاطی تدابیر بالخصوص سماجی فاصلے اور ماسک کے استعمال کو یقینی بنانے کیلئے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر تمام تر ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد نہ کیا گیا تو سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔

اس موقع پر انہوں نے نرخناموں کا بھی جائزہ لیا اور تاکید کی کہ نرخناموں کو نمایاں جگہ پر آویزاں کیا جائے جبکہ پٹرول پمپس کے معائنے کے دوران انہوں نے پٹرول کے پیمانوں کا بھی معائنہ کیا ۔

٭٭٭

 نالی میں پتھر پھینکنے پر جھگڑے میں فائرنگ سے نوجوان شدید زخمی ہوگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)بچے کی نکاسی آب کی نالی میں پتھر پھینکنے کی شرارت ،گندے پانی کی چھینٹوں سے مکان کی دیوار خراب ہونے پر مکان مالکان نے بچے کے ستائس سالہ بھائی پر فائرنگ جبکہ دیگر دو افراد کو اینٹوں کے وار سے زخمی کردیا ،زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیاگیا ، ملزمان موقع سے فرار ہوگئے ،

پولیس نے زخمی نوجوان کی رپورٹ پر تین ملزمان بھائیوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ تھانہ صدر کی حدودثنا گارڈن کے رہائشی ستائیس سالہ احمد شاہ ولد محبوب شاہ قوم پیر گیلانی نے پولیس کو بتایا کہ اس کی چھوٹے بھائی زوہیب نے کسی کپڑے میں پتھر باندھ کر نکاسی آب کے گندے نالے میں پھینک دیا

جس سے ملزمان کے مکان کی دیوار خراب ہوئی ،ملزمان ہمارے دروازے پر آئے اور شور شرابہ کیا ہم باہر نکلے تو ملزمان سجاد ،ریحان ،آفاق پسران اصغر اقوام محسود ساکنان ثناءگارڈن نے مجھے،محب عالم اور رضوان کو زخمی کیا

جبکہ ملزم سجاد نے میرے اوپر پسٹل سے فائرکرکے مجھے گھٹنے پر زخمی کیا ہے ،پولیس نے تینوں ملزمان کے خلا ف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرکے ان کی تلاش شروع کردی ہے۔ 

٭٭٭٭٭٭

چوری کی کوشش ناکام ،اہل خانہ کے بیدار ہونے پر چور کی فائرنگ سے باون سالہ شخص شدید زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پنیالہ کے علاقہ وانڈہ فیروز میں چوری کی کوشش ناکام ،اہل خانہ کے بیدار ہونے پر چور کی فائرنگ سے باون سالہ شخص شدید زخمی ،چور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ،نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا ،

پنیالہ کے علاقہ وانڈہ فیروز کے رہائشی52 سالہ حز ب اللہ ولد کالو نے پولیس کو بتایا کہ میں اپنے مکان میں سورہا تھا کہ شب بارہ بجے کے قریب نامعلوم چور مکان کے اندر چوری کی نیت سے داخل ہوا ،میرے بیدار ہونے اور اسے پکڑنے کی کوشش کرنے پر اس نے میرے اوپر پسٹل سے فائرنگ کرکے مجھے زخمی کردیا او رموقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ،

پولیس نے زخمی کی ر پورٹ پر نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔

٭٭٭

پروفیشنل ٹیکس800 روپے طے ہونے کے باوجود تاجروں سے ہزاروں روپے وصول کرناقابل مذمت ہے ،سہیل اعظمی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)غیر قانونی پروفیشنل ٹیکس جو کہ صرف رواں سال کے لئے باہمی مشاورت سے فی دکاندار 800 روپے طے کیاگیا تھا جبکہ حلال فوڈ اتھارٹی کے لائسنس ہولڈرز اس سے مستثنیٰ تھے لیکن ٹھیکیدار نے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پانچ ہزار سے پندرہ ہزار تک ہزاروں روپے وصول کرنا شروع کردیئے

،تفصیلات کے مطابق مرکزی تاجران ڈیرہ کے سرپرست اعلی ،صوبائی نائب صدر سہیل اعظمی نے اپنے بیان میں انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ایم اے کا پروفیشنل ٹیکس جوکہ سراسر بھتہ خوری اور غیر قانونی ہے جوکہ صرف رواں سال تاجروں کی مشاورت کے بعد ٹی ایم اے کی مالی امداد کے لئے صرف 800 روپے فی دکاندار طے ہوا تھا

جبکہ حلال فوڈ اتھارٹی کے لائسنس ہولڈرز تمام دکاندار جن میں کریانہ ،دودھ ،گوشت فروش ،بیکری والے اس سے مستثنیٰ تھے لیکن حیران کن طور پر ٹھیکیدار نے غنڈہ گردی اور بھتہ خوری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوبارہ لوگوں سے ہزاروں روپے پانچ سے پندرہ ہزار روپے وصول کرنا شروع کردیئے ہیں

جبکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود پولیس کا پرائیویٹ ٹھیکیدار کے ساتھ کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔ڈی پی او ڈیرہ نے اس سلسلے میں واضح احکامات بھی دے رکھے ہیں لیکن پھر بھی پولیس کے ہمراہ ظلم دوبارہ شروع کردیاگیاہے جس کی تاجر بھر پور مذمت کرتے ہیں ،

کوئی بھی تاجر 800 روپے سے زیادہ ٹیکس ادا نہ کرے جن تاجروں سے اس رقم سے زیادہ ٹھیکیدار وصول کرچکا ہے وہ اپنی رسید یں راجہ اختر علی اور راجہ شوکت علی کے حوالے کریں تاکہ ان سے اضافی رقم واپس لی جائے ۔

٭٭٭

 شایان لغاری نامی تیرہ سالہ بچے کی حراست غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدام ہے ،ڈی پی او ڈیرہ اس کا ذمہ دار ہے ،مقررین

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)شایان لغاری نامی تیرہ سالہ بچے کی حراست غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدام ہے ،ڈی پی او ڈیرہ اس کا ذمہ دار ہے ،ڈیرہ میں چوری چکاری ،ڈکیتیاں ،منشیات فروشی ،موٹرسائیکل چوری وچھیننے کی وارداتیں ،جواءوسمگلنگ ،نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کا کاروبار عروج پر ہے ،

پولیس جرائم کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہے ،بچے کی غیر قانونی گرفتاری کے واقعہ کے بعد ڈی پی او ڈیرہ کو فوری طو رپر یہاں سے تبدیل کیا جائے ،پنجاب پولیس کو کلچر خیبر پختونخوا میں نہیں چل سکتا،

ان خیالات کا اظہار آل پارٹیز کانفرنس ڈیرہ کی جانب سے ہنگامی اجلاس میں ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ کے نومنتخب جنرل سیکرٹری سعید اختر ایڈووکیٹ کے دفتر میں مقرر ین نے اپنے خطاب میں کیا ۔

آل پارٹی کانفرنس میں جماعت اسلامی کے زائد محب اللہ ایڈوکیٹ ،پیپلز پارٹی کے زعفران شاہ ،پاکستان مسلم لیگ (ن)سلیم نواز چھینہ ایڈوکیٹ ،عقیل ڈمرہ ،سابق ضلعی ناظم ہارون اعوان ایڈوکیٹ ،ساجد نواز ایڈوکیٹ ،

سوہنا خان ،راجہ شوکت علی ، مرکزی انجمن تاجران ڈیرہ کے رہنما سہیل احمد اعظمی اور دیگرنے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔اجلاس میں تیرہ سالہ بچے ذیشان لغاری کی غیر قانونی حراست ،جرائم پیشہ افراد کے ساتھ حوالات میں رکھنے کو ڈی پی اوڈیرہ کی ایما قرار دیاگیا

اور اس سلسلے میں ڈی ایس بی کے انچارج اور ایس ایچ او تھانہ سٹی کو معطل کرنے کی مذمت کی گئی ،مقررین نے مطالبہ کیا کہ ڈی پی اوڈیرہ کو فوری ڈیرہ سے تبدیل کیا جائے جوکہ عوام اور سائلان کی پہنچ سے بہت دور ہیں ،

تھانہ میں رشوت کلچر پروان چڑھ رہا ہے ،سمگلنگ ،بھتہ خوری اور دیگر جرائم عروج پر ہیں لیکن ڈیرہ پولیس نے ایک تیرہ سالہ بچے کو پکڑ معلوم نہیں کون ساکارنامہ سرانجام دینے کی کوشش کی ہے۔ اجلاس میں عوامی نمائندوں کی ڈیرہ کے عوامی ،اجتماعی وانفرادی مسائل سے مسلسل چشم پوشی ،

عدم دلچسپی کی بھر پور مذمت کی گئی ،ترقیاتی کاموں کے علاوہ کورونا وباءکے لئے مختص کروڑوں کے بجٹ میں کی جانے والی مبینہ کرپشن اور بے قاعدگیوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ، اے پی سی میں ہارون اعوان ،سعید اختر ودیگر نے آئی جی پی خیبر پختونخوا پولیس ،

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے مطالبہ کیا کہ ڈی پی او ڈیرہ کو فوری طور پر یہاں سے تبدیل کرکے ڈیرہ کے عوام کی ان سے جان خلاصی کرائی جائے ۔

اجلاس میں گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی جانب سے کرپشن اور کرپٹ عناصر کے خلاف کی جانے والی کاروائیوں کی بھرپور تائید کی گئی اور ٹی ایم اے کے ٹھیکیدار کی جانب سے پروفیشنل ٹیکس کے نام پر غنڈہ گردی اور شیڈول سے زائد ٹیکس وصولی کی بھی مذمت کی گئی ، 

٭٭٭

 پچھیتی فصل کی کاشت جون‘ جولائی میں مکمل کریں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ترجمان محکمہ زراعت نے پیٹھاکدوں کے کاشتکاروں کو سفارش کی ہے کہ وہ پچھیتی فصل کی کاشت جون‘ جولائی میں مکمل کرلیں فصل کی کاشت کیلئے زرخیزمیرازمین جس میں پانی کا نکاس بہترہوگا انتخاب کریں

کاشت سے ایک ماہ قبل زمین کو اچھی طرح ہمورکرکے 8سی10ٹن گوبرکی گلی سڑی کھاد فی ایکڑ ڈالیں ور کھیت کو پانی لگادیں وترآنے پرہل اور سہوگہ چلاکرزمین کواچھی طرح تیار کرلیں۔

انہوں نے دوران ملاقات صحافیوںکوبتایاکہ کاشت کے وقت کھیت میں 2سے 3مرتبہ ہل اور سہوگہ چلائیں اور پٹریاں بنانے کیلئے 1/4میٹرپرنشان لگائیں‘نشانوں کے دونوں طرف 30سینٹی میٹرکی دوری پر تین بوری سپرفاسفیٹ اور ایک بوری امونیم نائٹریٹ ملاکر بکھیردیں

اورپٹریاں بنالیں ایک ایکڑ کھیت کیلئے ایک کلوگرام بیج کو پٹریوں کے دو نوں کناروں پرایک میٹرکے فاصلہ پر بوئیں ایک جگہ پر دو سے تین بیج تین سینٹی میٹرگہرائی تک بوئیں گرمیوں میں 6سی8دن کے وقفہ سے پانی لگاتے رہیں۔

٭٭٭

 سبزیوں کو فوارے کی مدد سے پانی فراہم کرنے کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ زراعت نے کچن گارڈننگ پروگرام کے تحت چھوٹی کیاریوں میں لگائی گئی سبزیوں کو فوارے کی مدد سے پانی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ جن افرادنے گھریلو سطح پر کچن گارڈننگ پروگرام کے تحت موسم گرما کی سبزیاں کاشت کی ہیں

وہ کیاریوں کو کھلا پانی لگانے کی بجائے صبح یا شام کے وقت حسب ضرورت فوارے کی مدد سے پانی لگائیں تاکہ بیج اورسبزیوں کو جمنے میں کسی نقصان کا سامنانہ کرناپڑے۔

ترجمان محکمہ زراعت نے صحافیوںکو بتایاکہ نرسری کے ذریعے لگائی جانیوالی سبزیات جالی یا ململ کی چھوٹی ٹنل بناکر کاشت کی جائیں تاکہ ننھے منھے پودوں کو پرندوں ‘کیڑے ‘مکوڑوں اوربیماریوں سے محفوظ رکھاجاسکے۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ جڑی بوٹیاں فصل کی خوراک ‘پانی اور روشنی میں حصہ داربننے کے ساتھ ساتھ بیماریوں اور کیڑے مکوڑوں کے پھیلاﺅمیں بھی مددگار ثابت ہوتی ہیں لہذا بذریعہ گوڈی ان کابروقت تدارک بھی اشدضروری ہے۔

٭٭٭

 باغبان اپنے باغات میں کسان دوست کیڑے چھوڑ کر تیلے پرقابوپاسکتے ہیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ترجمان محکمہ زراعت نے کہاہے کہ باغبان اپنے باغات میں کسان دوست کیڑے چھوڑ کر تیلے پرقابوپاسکتے ہیں نیز باغات کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے مناسب انتظامات کرکے بھی کیڑے مکوڑوں پر قابو پانے سمیت فصل کو ہرقسم کے نقصانات سے بچایاجاسکتاہے۔

انہوں نے دوران ملاقات صحافیوںکو بتایا کہ آم کے باغات پر اندھا دھند زہریلی ادویات کے سپرے کی بجائے بائیولوجیکل کنٹرول کا طریقہ اپنا کر موثر نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

٭٭٭

یوٹیلٹی سٹورزویئرہاﺅسزکے انچارج آفیسرزکودوسال بعد لازماًًتبدیل کرنے کے احکامات جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) یوٹیلٹی سٹورزکارپوریشن آف پاکستان ہیڈآفس کی طرف سے ملک بھر کے ریجنل ہیڈزکواپنے اپنے علاقوں میں یوٹیلٹی سٹورزویئرہاﺅسزکے انچارج آفیسرزکودوسال بعد لازماًًتبدیل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے دوسال مکمل کرنے والوں کوفوری تبدیل کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔

احکامات کے مطابق نئی تعیناتی یاپھر”ہینڈاوور/ٹیک اوورکے لئے تین آفیسرزکے نام ہیڈآفس بھیجے جائیں اورآئندہ کے لئے اس اصول پرصحیح طریقے سے عمل کیاجائے۔

٭٭٭

سکیل 14سے کم تردرجہ کے ملازمین کو ایریامنیجر ،سٹورانچارج تعینات کرنے پرپابندی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)یوٹیلٹی سٹورزکارپوریشن آف پاکستان نے ملک بھر کے ریجنل ہیڈزکواپنے اپنے علاقوں میں سکیل 14سے کم تردرجہ کے ملازمین کو ایریامنیجر ،سٹورانچارج تعینات کرنے پرپابندی عائد کردی ہے۔

جاری احکامات کے مطابق جن علاقوں میں سکیل 14کاملازم دستیاب نہ ہووہاں سکیل 12کے ملازم کی تعیناتی کی جاسکتی ہے تاہم جہاں سکیل 14اور16کے ملازمین بغیرکسی ”آسائنمنٹ “پائے گئے اورسکیل 14سے کم کے ملازم کو سٹورانچارج ،ایریامنیجرتعینات کیاگیاتواس پرسخت کارروائی ہوگی۔

ان احکامات پرفوری عمل کرنے کاحکم دیتے ہوئے اس کی تعمیل کی تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں۔

٭٭٭

 برف کی مانگ بڑھنے کے ساتھ ہی اس کی قیمت میں بھی اضافہ کردیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ شہر اور اس کے گردونواح میں گرمی میں اضافے کے بعد برف کی مانگ بڑھنے کے ساتھ ہی اس کی قیمت میں بھی اضافہ کردیاگیا ، تفصیلات کے مطابق گرمیوں کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ملک بھر کی طرح ڈیرہ شہر اور گردوونواح میں بھی برف کی فروخت میں اضافہ ہو گیا،

متوسط اور غریب طبقہ کے افراد جن کے پاس فریج یا فریزر نہیں ہیں وہ برف خرید کر گرمی میں ٹھنڈا پانی حاصل کرتے ہیں، برف کے کارخانے دن رات برف بنانے میں مصروف ہیں اور گاڑیوں کے ذریعے مختلف علاقوں میں برف پہنچائی جاتی ہے،

لاک ڈاﺅن کے باعث کاروباری زندگی متاثر ہونے کی وجہ سے کئی شہریوں نے بھی چھوٹے ٹھیلے لگا کر برف کی فروخت سے آمدنی بڑھانا شروع کر دی ہے برف فروخت کرنے والے گرمی کے موسم میں برف کو اپنے لئے نعمت سمجھتے ہیں

جبکہ مختلف دکاندار اور ٹھیلے والے برف خرید کر ٹھنڈے مشروبات بالخصوص شنکجین، شکرکولا، املی اور آلو بخارا کا شربت، ربڑی فالودہ اورمختلف پھلوں کے ملک شیک اور جوسز تیار کر کے نہ صرف اچھی آمدنی حا صل کرتے ہیں

بلکہ شہریوں کے لئے گرمی کے موسم میں تسکین کا باعث بھی ہیں،شہروں کی نسبت دیہاتوں میں زیادہ تر لوگ برف خرید کر اسے پینے کے پانی، لسی اور مکھن کی تیاری اور دودھ ٹھنڈا کرنے کے لئے اپنے استعمال میں لاتے ہیں

جبکہ اکثر جگہوں پر برف کے گولے بھی بچوں میں مقبول ہیں، مختلف رنگوں کے ٹھنڈے گولے بچوں کے پسندیدہ ہیں، برف فروخت کرنے والے دکاندار وں کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافہ ہونے کیساتھ ہی برف کی مانگ بڑھنے سے اسکی قیمت میں اضافہ ہو رہا ہے اور برف بھی شدید گرمی میں غریبوں کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہے ۔

٭٭٭

 غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بجلی کی بار بار ٹرپنگ میں بے اضافہ ہوگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)گرمی کی شدت بڑھنے کے ساتھ ہی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بجلی کی بار بار ٹرپنگ میں بے اضافہ ہوگیا، سخت گرمی میں کئی کئی گھنٹوں بجلی بند ہونے سے شہری بلبلا ا ٹھے ،ناروا لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں کا شدید احتجا ج ،

شہریوں نے شدید گرمی کے دوران ظالمانہ لوڈ شیڈنگ پر اپنے شدید غم وغصہ کا اظہار کرتے کہا ہے کہ گرمی اور لوڈ شیڈنگ کے باعث پیسکو نے عوام کو دہرے عذاب میں مبتلا کردیا ہے، پیسکو ڈیرہ نے شہر اور گردونواح میں غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کر کے ہٹ دھرمی اور بے حسی کی تمام حدیں توڑ دی ہیں،

ان کا کہنا ہے کہ انتہائی افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ شہرکے مختلف علاقوں میں فنی خرابی کا بہانہ بنا کر شہر بھر میں بد ترین لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے شہریوں کیساتھ چوری اور سینہ زوری کا مظاہرہ کر کے یہ ثابت کیا جا رہا ہے

پیسکو سے کوئی پوچھنے اور روکنے والا نہیں ہے، سخت گرمی میں کئی کئی گھنٹوں بجلی بند ہونے سے بزرگ شہری اور بچے بلبلا ا ٹھے ہیں ،انہوں نے کہا کہ اگر پیسکو ڈیرہ نے اپنا قبلہ درست نہیں کیا تو شہری مجبور اً سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہو جائینگے ،

شہریوں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران بجلی کی لوڈ شیڈ نگ کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث ڈیرہ میں گھروں کے اندر خواتین ،بچے اور بزرگ شدید ذہنی و جسمانی اذیت سے دوچار ہیں۔

بجلی کی بندش سے علاقے میں پانی کا بحران بھی شدت اختیار کر تا جا رہاہے جبکہ لاک ڈاﺅن اور اب لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے کاروبار زندگی بھی بری طرح مفلوج ہو گیا ہے

سخت گرمی میں حکومت کی جانب سے علاقہ مکینوں کو بجلی اور پانی جیسی بنیادی انسانی سہولت تک میسر نہیں ہے اور پریشان حال عوام سڑکوں پر نکلنے اور احتجاج کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں، انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان ،

وزیر اعظم پاکستان ، وفاقی وزیر پانی و بجلی ،سیکریٹری پاور اینڈ انرجی ، پیسکو چیف سمیت دیگر متعلقہ محکمے کے افسران سے مطالبہ کیا ہے گرمی کی شدت میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیرہ شہر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ کو فی الفور ختم کر کے شہریوں کو دوہرے عذاب سے بچایا جا ئے۔

٭٭٭

 انشورنس کمپنیوں نے کرونا سے بچاﺅ کے لئے صحت پلان متعارف کر ا لیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) انشورنس کمپنیوں نے کرونا سے بچاﺅ کے لئے صحت پلان متعارف کر ا لیا ہے۔ کرونا وائرس سے ہونے والے اموات کے بعد ملک میں کرونا وائرس کے پھیلاﺅ نے لوگوںکو صحت کے حوالے سے انتہائی حساس بنا دیا ہے۔

کرونا وائرس سے بچاﺅ کے لئے پاکستان میں پہلی بار ، کوریڈپر ٹیکشن پلان ، متعارف کرایا گیا ہے۔انشورنس کمپنی نے ملک بھر میں پہلی بار کرونا سے بچاﺅ کے لئے صحت پلان متعارف کرایا ہے۔

کوویڈ پروٹیکشن پلان کے تحت انفرادی طور پر 1699تا 699روپے اور پورے خاندان کے لئے 3999تا 9999روپے کی ایک بار ادائیگی پر کرونا وائرس سے بچاﺅ کے لئے صحت پلان حاصل کیا سکتا ہے

کو ویڈ پروٹیکشن پلان اصل کرنے والے صارفین کو کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر اخراجات کی مد میں پانچ ہزار روپے فی کس ، ہسپتال میںداخل ہونے کی صورت میں پانچ سے پندرہ ہزار یومیہ اخراجات اورکرونا سے موت کی صورت میں ایک سے دو لاکھ روپے تک انشورنس حاصل کر سکیں گے۔

٭٭٭

 اعلی سرکاری دفاتر میں ماسک کے بغیر شہریوں اور سائلین کا داخلہ مکمل طور پر بند کردیا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ میں کرونا خطرات کے پیش نظر اعلی سرکاری دفاتر میں ماسک کے بغیر شہریوں اور سائلین کا داخلہ مکمل طور پر بند کردیا گیا۔

حکومت خیبرپختونخوا کے احکامات کی روشنی میں ڈی پی اودفتر سمیت دیگر سرکاری محکموں کے مرکزی گیٹ نہ صرف بند کردیئے گئے ہیں بلکہ مختلف کاموں کی غرض سے آنے والے شہریوں اور سائلین کیلئے ماسک کی شرط ضروری قرار دے دی گئی ہے۔

٭٭٭

قیامت خیز گرمی کے باعث ائیرکولرز ،ائیر کنڈیشنز اور فر بجوںنے کام کرنا چھوڑ دیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ اور گردو نواح میں شدید قیامت خیز گرمی کے باعث ائیرکولرز ،ائیر کنڈیشنز اور فر بجوںنے کام کرنا چھوڑ دیا،شدید گرمی کے باعث دوپہر سے شہر کی گلیاں ویران اور بازار بند ہوگئے،

لوگ گھروں تک محدود ہوگئے ،گرمی لگنے سے متعدد افراد بے ہوش اور درجنوں متاثر ہو کر مختلف ہسپتالوں میں پہنچ گئے ،برف اور ٹھنڈے مشروبات کی مانگ میں اضافہ ،رہی سہی کسر بجلی کی آنکھ مچولی اور پانی کی شدید قلت نے پورا کر دی ،

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر اور گردونوح کے علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں شدید گرمی کے باعث مختلف علاقوں میں گرمی لگنے سے متعدد افراد بے ہوش ہو گئے جبکہ درجنوںافراد گرمی سے بیمار ہو کر مختلف ہسپتالوں اور پرائیوٹ کلینکوں میں پہنچ گئے

قیامت خیز گرمی کے باعث دو پہر سے شہر کی گلیاں اور بازار سنسان ہو جاتے ہیں اور لوگ شدید گرمی کے باعث اپنے گھروں تک محدود ہو کر رہ جاتے ہیں شدید گرمی کے باعث دو پہر کو ایرکولرز ،ایر کنڈیشنز اور فریج کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں

جس کی وجہ سے لوگوں کو مذید مشکلات کا سامنا رہتا ہے قیامت خیز گرمی کے باعث شہر میں برف اور ٹھنڈے مشروبات کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے ،

ڈیرہ میں ایک جانب قیامت خیز گرمی تو دوسری جانب بجلی کی آنکھ مچولی اور پانی کی بحران نے شہریوں کو ذہنی مریض بنا دیا ہے شہر کے مختلف علاقوں میںلوگوں پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،

٭٭٭

 پاکستان میں کرونا سے مرنے والوں کی شرح اموات دیگر نوّے ممالک کے مقابلے میں انتہائی کم ہے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پاکستان میں کرونا سے مرنے والوں کی شرح اموات دیگر نوّے ممالک کے مقابلے میں انتہائی کم ہے، کرونا ورلڈ میٹر نے اعداد و شمار جاری کردئیے۔

کرونا وائرس کی مہلک ترین وبا نے امریکا، چین، سعودی، بھارت اور یورپی ممالک سمیت دنیا کے تقریباً 215 چھوٹے بڑے ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس میں پاکستان بھی شامل ہے۔دنیا کے مختلف ممالک میں کرونا وائرس پر کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے

تاہم پاکستان میں شروع میں تو کرونا کنٹرول میں تھا تاہم گزشتہ دنوں لاک ڈاون میں نرمی کے بعد سے روزانہ کی بنیاد پر پاکستان میں ہزاروں کیسز رپورٹ ہورہے ہیں اور کرونا متاثرین کی اموات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

دنیا بھر میں اب تک لاکھوں افراد کرونا کے باعث لقمہ اجل بن چکے ہیں تاہم پاکستان میں اب بھی شرح اموات دیگر ممالک کی نسبت کم ہے۔

کرونا کے حوالے سے ورلڈ میٹر نے اعداد و شمار جاری کیے ہیں جس سے معلوم ہوتا ہے کہ دنیا کی پانچویں بڑی آبادی والے ملک پاکستان دس لاکھ میں سے 12 افراد روزانہ کی بنیاد پر کرونا وائرس کے باعث موت کے منہ میں جارہے ہیں۔

امریکا، برطانیہ اور دیگر ترقی یافتہ ممالک میں کرونا کی شرح اموات کہیں زیادہ ہے، امریکا میں یہ شرح دس لاکھ میں سے 357افراد،برازیل میں 208اور روس میں 49ہے، برطانیہ میں 615،اسپین میں 580،اٹلی میں568افراد ہر دس لاکھ میں سے کرونا کیباعث موت کا شکار ہورہے ہیں۔

کرونا متاثرین کے حوالے پیش کیے گئے ورلڈ میٹر کے اعداد و شمار کے حساب سے بھی پاکستان 70 ترقی یافتہ ممالک سے کئی گناہ بہتر ہے جہاں ہر دس لاکھ میں سے روزانہ کی بنیاد پر 655 افراد کرونا میں مبتلا ہورہے ہیں

جبکہ امریکا، برطانیہ، ترکی اور یورپی ممالک سمیت ستر ممالک میں یہ تعداد ہزاروں میں ہے لہذا عوام کرونا وائرس کے باعث اپنے اوسان خطا کرنے کے بجائے حوصلے سے کام لیں اور حکومت اور ماہرین کی بتائی ہوئی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

٭٭٭

%d bloggers like this: