مئی 8, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

30مارچ2020:آج ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا ہوا؟

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ،تجزیے اور تبصرے

کورونا وائرس کا خوف ،ڈیرہ کے تمام اسسٹنٹ کمشنر زیر زمین چلے گئے

ڈیرہ اسماعیل خان:کورونا وائرس کا خوف ،ڈیرہ کے تمام اسسٹنٹ کمشنر زیر زمین چلے گئے ،ڈی سی ڈیرہ بھی انتہائی محدود ،کورونا کے خلاف جنگ چھوٹے افسران کے ذمہ ڈال دی ،ڈی پی او ڈیرہ متحرک ،

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ضلعی انتظامیہ ڈیرہ مکمل طور پر لاک ڈاﺅن کا شکار ہوچکی ہے اور تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر مکمل طور پر زیر زمین چلے گئے ہیں اور لاک ڈاﺅن کو ایک ہفتہ سے زائد گزر جانے پر بھی کسی سرگرمی میں سامنے آنے کی زحمت نہیں کی،

دوسری طرف ڈی سی ڈیرہ بھی انتہائی محدود ہوچکے ہیں اور شہر کے مختلف سرکاری اداروں کے چھوٹے افسران کو ذمہ داریاں سونپ کر خاموشی اختیار کرچکے ہیں ،ضلع ڈیرہ میں انتظامی ذمہ داریاں عملی طور پر سی اوز کے پاس ہیں ،

ڈی پی او ڈیرہ حافظ واحد محمود نے بھی اس حوالے سے مختلف رویہ اپنایاہے اور وہ مختلف علاقوں میں ذاتی طور پر جاکر پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹیاں چیک کررہے ہیں جبکہ قرنطینہ پر موجود اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کے لئے بھی متحرک ہیں ،
٭٭٭
ٹی ایم اے ڈیرہ سمیت دیگر نیم خود مختیار اداروں میں مالیاتی ڈسپلن کا بحران پیدا ہونے کے خدشات پید ا ہوگئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ٹی ایم اے ڈیرہ سمیت دیگر نیم خود مختیار اداروں میں ذرائع آمدن کا نظام ٹھپ ہونے کے باعث مالیاتی ڈسپلن کا بحران پیدا ہونے کے خدشات پید ا ہوگئے ہیں ،کورونا وائرس سے معطل ہونے والی سرگرمیوں کے باعث ذرائع آمدن کا نظام ٹھپ ہونے سے بعض اداروں کے ملازمین کو مارچ کی تنخواہیں ادا کرنا مشکل ہوگیاہے ،

مالیاتی ڈسپلن کا بحران کا شکار ہونے والے ایسے بعض ادارے جو اپنے وسائل سے ملازمین کو تنخواہیں ادا کرتے ہیں کے لئے اب تنخواہوں کی ادائیگی ممکن نہیں ہے ، ٹی ایم اے سمیت بعض دیگر ادارے اپنے وسائل سے ملازمین کو تنخواہوں او رپنشن کی ادائیگی کرتے ہیں ،

مختلف ٹیکسز سمیت دیگر ذرائع آمدن کا انحصار کرنے والے اداروں کے آمدنی کے حوالے سے نظام مکمل طور پر ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے جائیدادوں کی خرید وفروخت کی سرگرمیاں مکمل طور پر بند ہوچکی ہیں ،پبلک ڈیلنگ پر پابندی بھی عائد کی جاچکی ہے ،

ذرائع نے بتایا ہے کہ ٹیکسز کی وصولی ،کرایوں کی مد میں آنے والی رقوم کو تنخواہوں اور پنشن کی مد میں استعمال کیا جاتاہے ،صوبے کی مختلف یونیورسٹیوں میں بھی مزیدمالی بحران پیدا ہونے کے امکانات ہیں ،
٭٭٭
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ کے دفتر میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال اور اقدامات سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ کے دفتر میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال اور اقدامات سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر سمیت سٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر شمیریز خان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) واحد محمود، ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر عظمت، انچارج آپریشنل روم ڈی سی آفس انور شیرانی نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال اور اقدامات پر تفصیلی غورو خوص کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ڈیرہ اسماعیل خان میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے

اور اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر دفتر میں قائم آپریشنل روم اور ریپڈ رسپانس ٹیمیں انتہائی تندہی سے فرائض کی بجا آوری میں کوشاں ہیں اور جہاں کہیں بھی کورونا کے مشتبہ فرد یا کورونا کی علامات کی ساتھ موجود فرد کی نشاندہی کی جا رہی ہے

اس پر ریپڈ رسپانس ٹیمیں فوری ایکشن لیتے ہیں اور اسی ضرورت کے پیش نظر ریپڈ رسپانس ٹیموں کی استعداد کار کو بھی بڑھائے جانے کے ساتھ ساتھ انکی ٹریننگ کے عمل پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

اس موقع پر سٹیشن کمانڈر بریگیڈیر شمیریز خان نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں ریپڈ رسپانس ٹیموں کے ذریعے سرویلنس کے نظام کو مزید مضبوط کیا جائے ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) واحد محمود نے کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق عوام میں اعتماد بڑھایا جائے کیونکہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ عوام کے تعاون کے بغیر نہیں جیتی جا سکتی

لہذا لوگوں کو چاہیے کہ گھروں تک محدود رہیں اور بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ کورونا سے ممکنہ انسانی جانوں کے نقصان کو کم سے کم کرنے کیلئے اس وقت سب سے زیادہ ضروری امر فرد کا محتاط اور ذمہ دارانہ برتاﺅ ہے جو قومیں مشکل حالا ت میں صبر کے ساتھ تنظیم اور اتحاد کا مظاہرہ کرتی ہیں وہی کامیابی سے ہمکنار ہو پاتی ہیں۔
٭٭٭
ڈیرہ کے رہائشی ستر سالہ شخص کی ہلاکت پر اس کے ٹسٹ کورونا وائرس کی تصدیق کے لئے بھجوا دیئے گئے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) جگر کے عارضے میں مبتلا ڈیرہ کے رہائشی ستر سالہ شخص کی ہلاکت پر اس کے ٹسٹ کورونا وائرس کی تصدیق کے لئے بھجوا دیئے گئے ،ضلعی انتظامیہ ڈیرہ اسماعیل خان کے دفتر سے جاری رپورٹ کے مطابق دو روز قبل کو ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ایک مریض لایا گیا جسکا نام عبدالمجید ولد عمر خان اور عمر 70سال سے زائد تھی ۔

مذکورہ شخص کو انتہائی درجہ کا جگر کا عارضہ لاحق تھا جس کے باعث اسے خون کی الٹیاں جاری تھیں ۔ ابتدائی طبی سہولیات مہیا کرنے کے بعد چونکہ مذکورہ شخص کی علامات کورونا وائرس سے متاثر ہو کر وفات پانے والے محمد عامر سے ملتی تھیں

تاہم شک کی بنیا د پر ٹرائی ایج فسیلیٹی سنٹر ڈی ایچ کیو ہسپتال نے مذکورہ شخص کو مفتی محمود ہسپتا ل ریفر کر دیا تاکہ وہاں کورونا وائرس کی تشخیص کے سلسلے میں سیمپلنگ کی جا سکے۔وہاں پر موجود ڈاکٹرز نے مذکورہ شخص کو مفتی محمود ہسپتال کے آئسولیشن سنٹر منتقل کیا اور وہاں پر اس کے سیمپل بھی حاصل کیے گئے۔

مذکورہ شخص چونکہ جگر کے عارضے کے انتہائی درجہ پر تھا لہذا ڈاکٹرز کی رپورٹ کے مطابق اس عمر میں اس درجہ کی حالت کے مریض کا زندہ بچنا تقریباً نا ممکن ہے۔ 29مارچ کو سہ پہر ایک بجے کے قریب عبدالمجید خالق حقیقی سے جا ملا۔

ڈاکٹرز کے مطابق مذکورہ شخص کے سیمپل حاصل کیے جا چکے ہیں لہذاٹیسٹ رپورٹ آنے تک مذکورہ شخص کو کورونا وائرس سے متاثرہ نہیں کہا جا سکتامگر احتیاطی تدابیر اور مجوزہ لائحہ عمل کے مطابق کفن دفن کا انتظام کیا گیا ہے ۔
٭٭٭
پابندی کے باوجود شادی کی تقریب ،دلہا گرفتار ہوکر حوالات پہنچ گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) درابن پولیس کی کاروائی،پابندی کے باوجود شادی کی تقریب ،دلہا گرفتار ہوکر حوالات پہنچ گیا ،پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ،۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ درابن کی حدود محلہ سلیم آباد میں شادی کی تقریب میں باراتیوں کے جمع ہونے کی اطلاع پر

ایس ایچ او تھانہ درابن محمد رمضان نے پولیس نفری کے ہمراہ شادی کی تقریب پر چھاپہ مار ا اور کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے عائد پابندی کے تحت دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر دولہا وارث فقیر ولد گل جان کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا ، پولیس نے دلہا کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔
٭٭٭
باسی اور مضر صحت گوشت فروخت کرنے پر قصاب کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) شہری کی رپورٹ پولیس کی کاروائی ، باسی اور مضر صحت گوشت فروخت کرنے پر قصاب کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق علاقہ دین پور کے رہائشی سعید اختر چغتائی ولد ظفر حسین نے تھانہ سٹی ڈیرہ میں رپورٹ درج کرائی

کہ اس نے مسلم بازار میں قصاب سے گوشت خریدا جو انتہائی بدبودار اور مضرصحت پایا گیا جس کی بعدازاں ڈاکٹر نے بھی تصدیق کرتے ہوئے اسے مضر صحت قرار دیا، سٹی پولیس نے شہری کی رپورٹ پر قصاب کیخلاف8سلاٹر ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔
٭٭٭
پہاڑ پورپولیس کا والی بال میچ پر چھاپہ،کھلاڑیوں کی پولیس سے ہاتھا پائی و ہوائی فائرنگ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) دفعہ 144 کی خلاف ورزی ،پہاڑ پورپولیس کا والی بال میچ پر چھاپہ،کھلاڑیوں کی پولیس سے ہاتھا پائی و ہوائی فائرنگ،پولیس کی بھی جوابی فائرنگ،پانچ کھلاڑیوں کو موقع سے گرفتارکرلیاگیا ، پانچ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ،

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ پہاڑ پور کی حدود گاﺅں لاڑ میں عرفان نامی شخص کی حویلی میں والی بال میچ کی اطلاع پر پہاڑ پور پولیس نے وہاں چھاپہ مارا اس دوران ملزمان محسن، فہد پسران بلال، معاذ، عبدالحسیب، فہیم، شہزاد سمیت دیگر 10 افراد سکنائے گاﺅں لاڑ نے پولیس اہلکاروں سے ہاتھا پائی کی

اور پولیس پارٹی پر ہوائی فائرنگ بھی کی۔ پولیس کی جانب سے بھی ملزمان کو منتشر و قابو کرنے کیلئے جوابی فائرنگ کی گئی،پولیس نے اس دوران پانچ افراد کو موقع سے گرفتارکرلیا جبکہ دیگر پانچ افراد وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ،پولیس نے دس افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔
٭٭٭
منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں چر س برآمد کرلی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) یارک پولیس نے کارائی کے دوران منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں چر س برآمد کرلی ،پولیس نے ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلیے ، پولیس ذرائع کے مطابق یارک پولیس نے گاﺅں گلوٹی، جمال موڑ اور گاﺅں معظم میں منشیات فروشوں کیخلاف کاروائیوں کے دوران تین منشیات فروشوں ارشاد اللہ ، شفیع اللہ، محمد شفیع کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے مجموعی طور پر 2420گرام چرس برآمد کرلی ،پولیس نے ملزمان کیخلاف الگ الگ مقدمات درج کرلئے۔
٭٭٭
فائرنگ اور قاتلانہ حملہ میں ایک شخص شدید زخمی ہوگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)فائرنگ اور قاتلانہ حملہ میں ایک شخص شدید زخمی ہوگیا ،ملزم موقع سے فرار ،زخمی کو ہسپتال منتقل کردیاگیا ،پولیس نے ملزم کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ کلاچی کی حدود گاﺅں میر بازی میں ملزم نے فائرنگ کرکے محمد منیر گنڈہ پور سکنہ میر بازی کو شدید زخمی کردیا ،وجہ عداوت گھاس چوری کاٹنے اور فصل کو نقصان پہچانے پر گلہ دینے کا تنازع بیان کیاگیا ۔

کلاچی پولیس نے زخمی شخص کی رپورٹ پر ملزم کے خلاف اقدام قتل کامقدمہ درج کرلیا۔
٭٭٭
مسیحی برادری کے ایسٹر تہوار کی تیاریاں اور خریداری رک گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کورونا وائرس کے وبائی مرض کے باعث مسیحی برادری کے ایسٹر تہوار کی تیاریاں اور خریداری رک گئی ،پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری دس اپریل کو اپنا مذہبی تہوار ایسٹر مناتے ہیں تاہم اس سال کورونا وائرس نے یہ خوشیاں اور خریداری ماند کردی ہے

،شہر میں لاک ڈاﺅن کے باعث مسیحی برادری خریداری نہیں کررہی ہے ،مسیحی برادری نے نقصانات کے باعث ایسٹر تہوارانتہائی سادگی سے منانے کا فیصلہ کیاہے ،کورونا وائرس کے باعث مسیحی براردی کو ایسٹر تہوار سادگی سے منانے کی ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں ،

کورونا وائرس کے دوران مسیحی برداری سے تعلق رکھنے والے مختلف محکموں کے ملازمین بھرپور خدمات سرانجام دے رہے ہیں ،
٭٭٭
ریلیف پیکج کے تحت مزدوروں اور یومیہ دیہاڑی پر کام کرنے والوں کو راشن کی فراہمی کے منصوبے پر کام جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)وزیر اعظم ریلیف پیکج کے تحت مزدوروں اور یومیہ دیہاڑی پر کام کرنے والوں کو راشن کی فراہمی کے منصوبے پر کام جاری ہے ،آئندہ ہفتے اس پیکج کو حتمی شکل دے دی جائے ،ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کے باعث بے روزگار اور مستحق افراد کی ڈیٹا انٹری کے لئے پورٹل تیار کرنے کی تجویز پر کام کیا جارہاہے ،

ڈیلی ویجزپر کام کرنے والے اور مزدوروں کو ترجیح دی جائے گی ،منصوبے پر وزیر اعظم کے احکامات کے مطابق عمل کیا جائے گا ۔وزیر اعظم عمران خان کے اعلان کردہ پچاس ارب روپے کے فنڈ میں سے یوٹیلیٹی سٹورز کی جانب سے مزدوروں اور یومیہ دیہاڑی پر کام کرنے والوں کو ماہانہ تین ہزار روپے کا راشن فراہم کیا جائے گا ،

خیال رہے کہ چند روز قبل وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر بڑے معاشی ریلیف پیکج کی منظوری دی تھی جس کے تحت ستر لاکھ دیہاڑی دار (ڈیلی ویجز) افراد کو تین ہزار روپے ماہانہ دینے کا اعلان کیاگیا تھا۔
٭٭٭
مختلف کورسز پر بیرون ملک جانے والے افسران کو کورونا وائرس کے خطرات کے باعث قرنطینہ میں منتقل کیا جائے گا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)خیبر پختونخوا کے مختلف کورسز پر بیرون ملک جانے والے افسران کو کورونا وائرس کے خطرات کے باعث قرنطینہ میں منتقل کیا جائے گا ،خیبر پختونخوا نے عمرہ کی ادائیگی ،تبلیغ پر جانے والے اور مختلف کورسز کے لئے بیرون ممالک جانے والے افسران اور ملازمین کو کورونا وائرس کے باعث طلب کرلیا ہے ،

سرکاری ملازمین کی بڑی تعداد تبلیغ پر گئی تھی جن کی تفصیلا ت وزارت امیگریشن اینڈ پاسپورٹ اور این او سی فراہم کرنے والے محکموں سے طلب کی ہے ،عمرہ کی ادائیگی کے بعدواپس آنے والے تبلیغی جماعت کے ساتھ جانے والے ملازمین اور مختلف کورسز پر بیرون ملک جانے والے افسران کو کورونا وائرس کے خطرات کے باعث قرنطینہ میں منتقل کیا جائے گا ،

ان کی تفصیلات صوبائی حکومت کو فراہم کردی گئی ہے ،سینکڑوں ملازمین بالخصوص اساتذہ کی بڑی تعداد تبلیغی جماعت کے دوروں پر اندون ملک اور بیروں ملک گئے تھے ،سرکاری افسران کورسز کے ضمن میں مختلف بیرون ممالک گئے تھے جس کے باعث کورونا وائرس کے پھیلنے کے خدشات مختلف سرکاری دفاتر میں پیدا ہوئے ہیں ،

ان سرکاری افسران اور ملازمین کی نشاندہی ان محکموں کے بعض ملازمین کی جانب سے بھی کی گئی ہے ۔
٭٭٭
لاک ڈاﺅن ،شہریوں کے ساتھ تاجر برداری بھی مشکلات کا شکار ہوگئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک بھر میں لاک ڈاﺅن ،شہریوں کے ساتھ تاجر برداری بھی مشکلات کا شکار ہوگئی ،کئی روز سے کاروبار ٹھپ ہونے کے باوجود دکانوں کے کرائے اوربجلی کے بل اور دیگر اخراجات کی باعث پریشانی کا شکار ،حکومت اور دکان مالکان سے ریلیف کا مطالبہ،ڈیرہ اسماعیل خان کے تاجروں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ چونکہ لاک ڈاو¿ن کے ایام میں سب سے زیادہ نقصان تاجر برادری کا ہو رہاہے،

تاجر لاک ڈاو¿ن کے ایام میں دکانوں کے کرائے، ملازمین کی تنخواہ، انکے گھر کا راشن بجلی پانی گیس کے بل ادا کررہے ہیں لیکن حکومتی ریلیف پیکج میں انھیں شامل نہ کیا گیا ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ چونکہ سات اپریل تک لاک ڈاو¿ن چلے گا اس لیے بجلی بلوں کی اقساط کا فارمولا سات اپریل کے بعد رائج کیا جائے اور اس میں کمرشل صارفین کو بھی شامل کیا جائے

، حکومت ریلیف پیکج میں چھوٹے تاجروں کو بھی شامل کرے، انہوںنے کہا چونکہ ابھی تک ریلیف پیکج کی جو معلومات سامنے آئی ہیں اس میں صرف تین سو یونٹ تک استعمال والے گھریلو صارفین کو شامل کرنے کی ہدایت کی گئی اور کمرشل صارفین کے حوالے سے کوئی ہدایات نہیں ہیں ۔

تاجر برادری کا کہنا ہے کہ لاک ڈاﺅن کے دوران ان کے کاروبار ٹھپ ہوچکے ہیں ، انہیں گھریلو اخراجات سمیت دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جس سے انہیں دکانوں کے کرائے ادا کرنے میں بھی بہت زیادہ مشکلات درپیش ہیں ،

انہوں ضلعی انتظامیہ اور دکان مالکان سے مطالبہ کیا کہ وہ دکانوں کے کرایوں کی ادائیگی میں ریلیف دیتے ہوئے ان کے کرائے معاف کر ا ئیں ،یا انہیں دکانوں کے کرایے کی اقساط کی ادائیگی میں سہولت فراہم کی جائے ۔
٭٭٭
عالمی پوسٹل یونین نے پاکستان پوسٹ کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)عالمی پوسٹل یونین نے پاکستان پوسٹ کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے ،پاکستان پوسٹ نے دوروز میں دولاکھ بہتر ہزار بزرگوں کو ان کے گھروں کی دہلیز پر پنشن پہنچائی تھی ،

تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے پاکستان پوسٹ کے اس اقدام کو زبردست سراہا گیا جبکہ عالمی پوسٹل یونین کے ٹوئیٹر اکاﺅنٹ پر اس کی نمایاں تشہیر کی ہے ،واضح رہے کہ پاکستان پوسٹ کے ڈاکیہ نے دوروز میں دو لاکھ بہتر ہزار بزرگوں کو ان کے گھروں کی دہلیز پر پنشن پہنچائی ،

اس موقع پر نہایت جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے تھے ،بزرگ شہریوں نے وزیراعظم عمران خان ،وزیر پوسٹل سروسز مراد سعید پاکستان پوسٹ کے ڈاکیوﺅں کو دعائیں دیں۔
٭٭٭
کورونا وائرس کے مشتبہ ومصدقہ مریضوں کو قرنطینہ اور آئسو لیشن میں رکھنے کے حوالے سے پالیسی جاری کردی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا وائرس کے مشتبہ ومصدقہ مریضوں کو قرنطینہ اور آئسو لیشن میں رکھنے کے حوالے سے پالیسی جاری کردی ،ڈی جی ہیلتھ خیبر پختونخوا کے دفتر سے جاری پالیسی میں قرنطینہ اور آئسولیشن کا طریقہ کار وضع کیاگیا ہے ،

صوبے بھر کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران سمیت ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹندنٹس ،ایم ٹی آئی ہسپتالوں کے میڈیکل ڈائریکٹرز اور قرنطینہ کے انچارجز کو صوبائی ہیلتھ ڈائریکٹریٹ نے پالیسی ارسال کردی ہے،

پالیسی کے مطابق قرنطینہ کا مطلب مشتبہ شخص کو چودہ روز کے لئے دوسروں سے الگ رکھنا ہے ،کورونا پھیلنے کے سبب کسی بھی شخص کو چودہ روز کے لئے قرنطینہ کیا جاسکے گا جب کہ مذکورہ شخص میں چودہ روز کی قرنطینہ مدت گزرانے کے بعد علامات ظاہر نہ ہونے کی صورت میں مشتبہ مریض کو کلیئر قرار دیا جائے گا ،

پالیسی میں بتایاگیا ہے کہ اگر چودہ دن میں مشتبہ شخص میں وائرس کے حوالے سے علامات ظاہر ہوں تو اسے سات روز کے لئے آئسولیشن میں رکھا جائے گا ،آئسولیشن میں سات روز بعد مریض کا ٹیسٹ کیا جائے گا،
مثبت آنے پر دوبارہ آئسولیشن میں رکھا جائے گا جبکہ پانچ روز بعد دوبارہ ٹیسٹ اور وائرس کے خلاف مریض کا علاج جاری رکھا جائے گا ،آئسولیشن ایک ریسپانس اسٹریٹجی ہے جو کہ متاثرہ مریض سے انفکیشن دوسروں تک منتقلی کی روک تھام کے لئے ہوتاہے اور بیمار شخص کو متعدی مرض کے ساتھ جو بیمار لوگ نہیں ہوتے ان سے الگ رکھا جاتاہے ،

علاوہ ازیں جس شخص میں بھی قرنطینہ کی متعین کردہ مدت کے بعد کسی قسم کے انفکیشن کی علامات ظاہر ہوتی ہیں تو اس کو علیحدہ کیا جاتاہے تاکہ اس کے لئے مزید اقدام کیے جاسکیں ،اسی طرح پالیسی میں قرنظینہ میں رکھے گئے افراد کے مابین محفوظ فاصلے ،جگہوں کی لازمی صفائی ستھرائی اور مستقل مانیٹرنگ کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
٭٭٭
پلاسٹک کی بالٹی ،براتوں اور ڈرموں میں کھلے عام دودھ دہی کی فروخت جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)لاک ڈاﺅن کے دوران دودھ دہی فروش پلاسٹک کی بالٹی ،براتوں اور ڈرموں میں کھلے عام دودھ دہی فروخت کررہے ہیں ،رنگ والی پلاسٹک کی بالٹی اور ڈرموں کے استعمال سے مختلف قسم کی بیماریاں پھیلنے کا خدشتہ ،

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر اور گردونواح میں لاک ڈاﺅن کے دوران صوبائی حکومت نے دودھ دہی سبزی فروش ،کریانہ شاپ اور میڈیکل سٹورز کھولنے کی اجازت دی ہوئی ہے مگر لاک ڈاﺅن کا دودھ دہی فروش ناجائز فائدہ اٹھارہے ہیں اور رنگ والی پلاسٹک کی بالٹیوں ،ڈرموں اور پراتوں میں دودھ دہی فروخت کررہے ہیں ،

فوڈ انسپکٹر ودیگر انتظامیہ کی عدم دلچسپی کی وجہ سے دودھ فروش ناجائز فائدہ اٹھارہے ہیں ،شہریوںنے ایسے دکانداروں کے خلاف قانونی کاروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے دودھ دہی فروشوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کیا جائے جو دکاندار مٹی یا سٹیل کی پرات اور بالٹیوں کے علاوہ کسی برتن میں دودھ دہی فروخت کررہے ہیں ۔
٭٭٭
شہریوں کو بازار وں ،گلیوں میں کھلی چہل قدمی ،پولیس اور ضلعی انتظامیہ صرف وارننگ تک محدود

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کورونا وائرس ،شہریوں کو بازار وں ،گلیوں میں کھلی چہل قدمی ،موٹرسائیکلوں پر تین تین نوجوان گھومنے لگے ،پولیس اور ضلعی انتظامیہ صرف وارننگ تک محدود ،

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر میں شہریوں نے کورونا وائرس پابندیوں کو مستر د کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکلنا شروع کردیاہے اور مرکزی بازاروں میں بڑی تعداد میں شہری آوارہ گردی کرتے نظر آتے ہیں جبکہ نوجوانوں نے ڈبل سواری پر پابندی کے باوجود موٹرسائیکلوں پر تین تین سواروں کی شکل میں مختلف سڑکوں پر گھومنا معمول بنالیاہے

جس کی وجہ سے شہر میں وائرس کے پھیلاﺅ کا زبردست خدشہ پیدا ہوگیا ہے ،اس حوالے سے سڑکوں پر موجود پولیس اہلکاروں کے ساتھ کئی شہریوں کی تلخ کلامی بھی ہوچکی ہے جوکہ انتہائی قابل افسوس ہے ،

شہریوں کا کہنا ہے کہ قانون شکن افراد کے خلاف ڈیرہ پولیس کا رویہ انتہائی نرم ہے جس کا فائدہ ایسے لوگ اٹھارہے ہیں انتظامیہ کو سخت کاروائی کرنی چاہیے ۔
٭٭٭
لاک ڈاﺅن کے دوران شہری گھروں کے اندر زیادہ سے زیادہ وقت تلاوت قرآن پاک کیا کریں ،سہیل احمد اعظمی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)مرکزی انجمن تاجران ڈیرہ کے سرپرست اعلیٰ سہیل احمد اعظمی نے شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاﺅن کے دوران شہری گھروں کے اندر زیادہ سے زیادہ وقت تلاوت قرآن پاک کیا کریں اور اپنے اہل خانہ کے ساتھ مل کر روزانہ کم از کم ایک پارے کی تلاوت ضرور کریں ،

انہوںنے کہا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ کو راضی کرنے کی بھی اشد ضرورت ہے ،کورونا وائرس نے انسانوں کو مارا ،عالمی معیشت کو تباہ کیا اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا ناکام کرکے رکھ دیا

،انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت سرکاری وغیر سرکاری ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کی فوری فراہمی کو یقینی بنائے ،بازاروں ،مارکیٹوں ،میڈیکل سٹورز پر سستے ماسک ،سینی ٹائزر اور اینٹی بائیوٹک صابن کی فروخت کو ارزاں نرخوں پر یقینی بنائے ،

ڈیلی ویجز ،مزدوروں اور گھروں میں کام کرنے والے مردو خواتین کے لئے امداد اور خوراک کے اعلان کردہ پیکج پر عمل درآمد کروایا جائے ۔
٭٭٭
کورونا وائرس مختلف سطحوں پر کتنی دیر تک زندہ رہ سکتاہے ؟

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کورونا وائرس مختلف سطحوں پر کتنی دیر تک زندہ رہ سکتاہے ؟ جیسے جیسے کورونا وائرس کی وبا پھیل رہی ہے ،ہمارا سرفیسز یعنی کسی بھی چیز کی سطح جیسے کہ ٹیبل یا دروازے کا خوف بڑھتاجارہاہے ،

اب عوامی مقامات پر بہت سے مناظر عام ہوگئے ہیں جیسے کہ لوگوں کا دروازے اپنی کہنیوں سے کھولنے کی کوشش کرنا ،دوران سفر گاڑی میں کسی ہینڈل کو نہ پکڑنا،دفاتر میں ہر روز ملازمین کا اپنی میزوں کو صاف کرنا جن علاقوں میں کورونا وائرس کا اثر ہوا ہے

،وہاں تو میونسپل کمیٹی کے سینٹری ورکروں نے افسران کی موجودگی دیواریں ،گلیاں ،عمارتوں میں جراثیم کش ادویات چھڑک کر جراثیموں سے پاک کرنے کی کوشش کی ہے ،ہسپتالوں ،دفاتر ،دکانوں سب ہی میں صفائی کے اقدامات دیکھنے میں آرہے ہیں ،

یہ وائرس سانس کے نظام پر اثر انداز ہونے والے وائرسز کی طرح کورونا وائرس ان چھوٹے چھوٹے قطروں کے ذریعے پھیلتا ہے جو کسی کھانسنے والے کے منہ اور ناک سے خارج ہوتے ہیں ،ایک کھانسی میں تین ہزار ایسے قطرے آسکتے ہیں ،

قطروں میں جو ذرات ہوتے ہیں وہ کسی سطح ،یاکسی کے کپڑوں پر گرتے ہیں اور کچھ ہوا میں ہی رہتے ہیں ،اس بات کے بھی شواہد ہیں کہ یہ وائرس انسانی فضلے میں موجود ہوتاہے ،اسی لیے جو لوگ بیت الخلا استعمال کرنے کے بعدا پنے ہاتھ صحیح طریقے سے نہی دھوتے وہ جس چیز کو ہاتھ لگائیں اسے نقصان پہنچ سکتاہے۔

اس حوالے سے ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ کسی ایسی جگہ پر ہاتھ لگانا جہاں یہ وائرس ہواور پھر اسی ہاتھ کو اپنے چہرے پر لگانا اس وائرس کے پھیلاﺅ کا مرکزی طریقہ نہیں ہے ،اس کے باوجود عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کا اصرار ہے کہ ہاتھ دھونے اور سطح کو باربار صاف کرنا اس وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے میں اہم ترین اقدام ہے ،

ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ یہ وائرس کتنی دیر تک انسانی جسم کے باہر زندہ رہتاہے ،ماضی کی کچھ تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ اس سے ملتے جلتے وائرس میٹل ،شیشے یا پلاسٹک پر نو روز تک زندہ رہتے ہیں اگر انہیں صحیح سے صاف نہ کیا جائے ،

کم درجہ حرارت میں تو کچھ 28 دن تک بھی زندہ رہ سکتے ہیں ،کورونا وائرس کے بارے میں کہا جاتاہے کہ ان میں کئی قسم کے سرفیسز پر زندہ رہنے کی صلاحیت ہوتی ہے ،ماہر محققین صحت کی تحقیق یہ بتاتی ہے کہ کھانسنے کے بعد یہ وائرس ہوا میں تین گھنٹے تک زندہ رہ سکتاہے ،

کھانسی کے ایک سے پانچ مائیکرومیٹر چھوٹے چھوٹے قطرے ہوا میں کئی گھنٹوں تک رہ سکتے ہیں ،یہ سائز میں انسانی بال سے تیس گنا زیادہ کم ہوتاہے،یعنی کسی بغیر فلٹر والے اے سی کے نظام میں یہ زیادہ سے زیادہ کچھ گھنٹے تک رہ سکتاہے کیونکہ جہاں ہوا گھوم رہی ہو وہاں پر یہ قطرے جلدی سطح پر بیٹھ جاتے ہین ،

این آئی ایچ کی تحقیق سے پتا چلا ہے کہ یہ وائرس گتے پر زیادہ دیر تک یعنی چوبیس گھنٹے تک رہ سکتاہے ،اور اس سے زیادہ پلاسٹک اور سٹیل کی کسی سطح پر دو سے تین دن تک رہ سکتاہے ،یعنی دروازوں کے ہینڈل ،ٹیبل اور پلاسٹک کوٹڈ دیگر سطحوں پر یہ زیادہ عرصے تک رہے گا ،

مگر محققین کو یہ ضرور پتا چلا ہے کہ کاپر کی سطحوں پر یہ چار گھنٹوں میں مرجاتاہے ،تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اگر کسی سطح کو 62 سے 71 فیصد الکوحل والے یا 0.5 فیصد ہائیڈروجن پر اکسائیڈ والے گھریلو بلیچ جیسے کسی محلول سے صاف کیا جائے تو وہاں کورونا وائرس ایک منٹ کے اندر ختم ہوجاتاہے ،

زیادہ درجہ حرارت اور زیادہ نمی میں بھی کورونا وائرس جلدی مرجاتاہے ،محققین کی رائے میں اس جیسے کورونا وائرس 56 سینٹی گریڈ سے زیادہ گرمی میں مرجاتے ہیں مگر اتنا گرم ہے اس درجہ حرارت کے پانی میں نہانے سے انسانی جلد کو نقصان ہوسکتاہے ،

ابھی تک یہ تحقیق سامنے نہیں آئی کہ کپڑوں یا اس جیسے سطح جن کو ڈس انفکیٹ کرنا قدرے مشکل ہے وہاں یہ وائرس کتنی دیر تک رہتاہے ۔ماہر صحت کہتے ہیں کہ ہمارے خیال میں کسی ایسی سطح جہاں وہ جذب ہوسکتاہو جیسے کہ کپڑے وہاں یہ زیادہ جلدی خشک ہوجاتاہے مگر ان سے چپکا رہتاہے ،

درجہ حرارت اور نمی کے تناسب کا بھی اس میں عمل دخل ہے کہ یہ وائرس کتنی دیر تک انسانی جسم کے باہر زندہ رہ سکتاہے ،ماہر صحت کے محققین کا کہنا ہے کہ اس وائرس کے انسانی جسم سے باہر اتنی دیر تک زندہ رہتے ہیں

جب تک انسان ہاتھ دھونے اور سطح کو صاف کرتاہے ،اس سے ظاہر ہوتاہے کہ کورونا وائرس کے خاتمے کے لئے صفائی اہم جز ہے ،اسلام بھی ہمیں صفائی نصفف ایمان کا درس دیتاہے جس پر عمل کرکے ہم کورونا وائرس سے بچ سکتے ہیں ،
٭٭٭
کورونا وائرس ،ریسکیو 1122 کا شہر بھر میں سپرے جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کورونا وائرس ،ریسکیو 1122 کا شہر بھر میں سپرے جاری ،اہلکاروں کی زبردست کاوش پر شہریوں کا اظہار تحسین ،تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر میں ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی زبردست سروس جاری ہے

اور شہر کے مختلف علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر ریسکیو اہلکار کلورین سپرے کرکے شہریوں کو مہلک وائرس سے بچانے کے لئے متحرک ہیں،

اس حوالے سے ریسکیو کے ترجمان نے بتایا کہ ریسکیو نہ صرف سپرے کررہی ہے بلکہ میڈیکل ایمرجنسیز کو بھی بڑے پیمانے پر ہینڈل کررہی ہے ،شہریوں کے تحفظ کے لئے مکمل ریسکیو مکمل طور پر تیارہے۔
٭٭٭
دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود دودھ دہی کی دکانوں پر رش

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود دودھ دہی کی دکانوں پر رش ،سینکڑوں افراد بیک وقت جمع ہونے لگے ،ڈیرہ اسماعیل خان شہر میں دفعہ 144 کے باوجود قانون کے نفاذ کی صورت نہیں بن سکی اور مختلف جگہوں پر تاحال رش کی صورتحال جاری ہے ،

خصوصی طور پر شہر میں واقع دودھ دہی کی دکانوں پر شام ہوتے ہی سینکڑوں افراد جمع ہوجاتے ہیں جو ایک دوسرے سے آگے بڑھ کر سامان لینے کی کوشش کرتے ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف قانون کا مذاق اڑایا جارہا ہے بلکہ وائرس پھیلنے کا بھی بے تحاشا خدشہ موجود ہے ،

شہریوں نے ڈی پی او ڈیرہ سے صورتحال کے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔
٭٭٭
لاک ڈاﺅن کی وجہ سے سڑکیں سنسان ،بازار ویران ،سرشام ہی شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں گھپ اندھیرا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)لاک ڈاﺅن کی وجہ سے سڑکیں سنسان ،بازار ویران ،سرشام ہی شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں گھپ اندھیرا ،سڑکوں پر ہو کا عالم ،شہر کی رونقیں ماندپڑ گئیں ،شہری گھروں کے اندر آیت کریمہ ،تلاوت کلام پاک کا ورد کرنے میں مشغول ،

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس سے حفاظتی اقدامات اور شہریوں نے اپنے آپ کو محفوظ بنانے کے لئے اپنے آپ کو گھروں میں محصور کرلیاہے ،خواتین ،بزرگ ،بچے ،نوجوان گھروں کے اندر تلاوت قرآن مجید فرقان حمید ،آیت کریمہ سمیت دیگر تسبیحات پڑھنے میں مشغول ہوگئے ہیں ،

صوبائی حکومت نے شہریوں کو محفوظ بنانے کے لئے صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک مخصوص کاروباری مراکز کھلے رکھنے کی اجازت دے رکھی ہے ،شام کے بعد روشنیوں کے شہر میں اندھیرے چھا جاتے ہیں ہر طرف ہوکا عالم ہوتاہے ،

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران واہلکار سڑکوں پر شہریوں کی جان ومال کی حفاظت کے لئے موجود ہوتے ہیں ،شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ ٹی ایم اے ڈیرہ کے حکام سے مطالبہ کیاہے

شہر میں سٹریٹ لائٹس کو چالوں کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں اور اندرون شہر کی سڑکیں جو کہ بری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکی ہیں کی مرمت کروائی جائے تاکہ شہریوں کی گاڑیاں محفوظ رہ سکیں ،
٭٭٭
جلدی امراض پیدا کرنے والے غیر معیاری سینی تائزر کی فروخت ،متعلقہ ادارے خاموش تماشائی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)جلدی امراض پیدا کرنے والے غیر معیاری سینی تائزر کی فروخت ،متعلقہ ادارے خاموش تماشائی ،ایسے میڈیکل سٹورز مالکان کے خلاف کاروائیاں کرنے کا مطالبہ ،

تفصیلات کے مطابق شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں کورونا وائرس سے بچاﺅ کے نام پر بااثر میڈیکل سٹورز مالکان نے انتہائی ناقص وغیر معیاری سینی ٹائزر کی فروخت شروع کررکھی ہے جس سے شہری خارش اور جلدی امراض میں مبتلا ہورہے ہیں ،

شہریوں نے ڈرگ انسپکٹر سمیت متعلقہ ذمہ داروں سے مطالبہ کیاہے کہ اندرون شہر اور مضافاتی علاقوں میں قائم میڈیکل سٹورز پر فروخت ہونے والے سینی ٹائزرکی جانچ پڑتال کی جائے مہنگے وغیر معیاری سینی ٹائزر فروخت کرنے والے میڈیکل سٹورز مالکان کے خلاف کاروائیاں کی جائیں تاکہ شہری جلدی امراض سے محفوظ رہ سکیں ۔
٭٭٭
رواں سال دنیا بھر سے کورونا فری افراد ہی حج بیت اللہ کا سکیں گے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)رواں سال دنیا بھر سے کورونا فری افراد ہی حج بیت اللہ کا سکیں گے۔عازمین کے پاس ہیلتھ سرٹیفیکیٹ ہونا ضروری ہوگا جبکہ ان کو کورونا ٹیسٹ کرانا ہوگا۔

سعودی سفارتی ذرائع اور حج آرگنائزیشن ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے بتایا ہے کہ رواں سال بھی حج بیت اللہ پورے اہتمام کے ساتھ ہوگا تاہم کورونا وائرس کی صورتحال کے باعث عازمین کے پاس ہیلتھ سرٹیفیکیٹ ہونا ضروری ہے۔

طیارے میں سوار ہونے سے پہلے اور سعودی عرب پہنچنے پر دونوں جگہوں پر عازمین کے کورونا کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت نے پاکستان سمیت کئی ممالک کو محض عازمین کے لئے رہائش گاو¿ں اور ٹرانسپورٹ کی بکنگ سے روکا ہے۔عازمین کو حفاظتی تدابیر کے مدنظر معمول سے ہٹ کر رہائش گاہوں اور ٹرانسپورٹ کی سہولت دی جائے گی۔

سعودی حکومت نے پاکستان کو حج معاہدہ کرنے سے نہیں روکا بلکہ رہائش گاہوں اور ٹرانسپورٹ کی بکنگ سے روکا ہے جس کا اہتمام سعودی انتظامیہ خود موجودہ صورتحال میں کرے گی۔

چیئر مین نے واضح کیا ہے کہ سعودی حکومت نے پاکستان کو حج معاہدہ کرنے سے نہیں روکا ،صرف رہائش گاہوں اور ٹرانسپورٹ کے معاہدوں سے منع کیا ہے۔واضح رہے کہ سعودی حکومت نے پاکستان کو حج معاہدے سے روک دیا،

وزارت مذہبی امور نے سعودی حکومت کی اطلاع کے بعد حج پر کام روک دیا۔ اطلاعات کے مطابق سعودی حکومت نے پاکستان کو حج معاہدے سے روک دیا ہے،سعودی وزیر حج کا مراسلہ وزارت مذہبی امور کو موصول ہوگیا ہے۔

سعودی حکومت کی جانب سے خط میں کہاگیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے حج معاہدہ نہ کریں ،سعودی حکومت صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے ،صورتحال بہتر ہونے ہی آگاہ کریں گے ،وزارت مذہبی امور نے سعودی حکومت کی اطلاع کے بعد حج پر کام روک دیا۔
٭٭٭
گل شبو (ٹیوب روز ) کی تجارتی سطح پر کاشت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) زرعی ماہرین نے گل شبو (ٹیوب روز ) کی تجارتی سطح پر کاشت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ گل شبو ملک کے موسمی حالات سے مکمل مطابقت رکھتا ہے او ملک بھر میں اس کی کامیاب کاشت کی جا سکتی ہے۔

محکمہ زراعت کے ترجمان نے صحافیوں کو بتایاکہ گل شبو ( ٹیوب روز ) ایک خوشبودار پھول ہے جس کو ملک کے موسمی حالات میں کامیابی سے کاشت کیا جاسکتا ہے۔
ٹیوب روز کی ایک دفعہ بوائی کے بعد 3 سال تک اس سے پھول لیے جاسکتے ہیں۔

پنجاب میں اس کے زیر کاشت رقبہ میں مسلسل اضافہ ہورہاہے۔ ٹیوب روز کو تجارتی سطح پر کھیتوں میں بطور کٹ فلاور اور تیل کی کشید کیلئے کاشت کیا جاسکتا ہے۔ اس کا تیل کئی قسم کے قیمتی کیمیائی مرکبات سے بھرپور ہے۔

ٹیوب روز کی سنگل اور ڈبل دو اقسام ہوتی ہیں۔ اس کا وقت کاشت مارچ کے آخر تک ہے۔

ٹیوب روز کی افزائش بذریعہ ٹیوبر کی جاتی ہے۔ ایک ایکڑ کیلئے 25 سے 30 من ٹیوبرز کی ضرورت ہوتی ہے۔ ٹیوبرز کا سائز 3سے 4سینٹی میٹر ہونا چاہیے اور اس کا بیج زمین میں کم از کم 4سینٹی میٹر گہرائی میں لگائیں۔

اچھے نکاس والی زرخیز میرا زمین زیادہ موزوں ہے۔ موسم گرما میں اس کو زیادہ پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔اپریل سے جون کے دوران ایک ہفتہ کے وقفہ سے آبپاشی کریں۔ اگر کھیت میں نمی زیادہ ہو تو تو ٹیوبرز گلنا شروع ہوجاتے ہیں اس لیے جب فصل کو پانی کی ضرورت اس وقت آبپاشی کریں۔
٭٭٭
ناقص حکمت عملی کے سبب گندم کی کٹائی کے بعد 10فی صد فصل ضائع ہو جاتی ہے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ زراعت نے کہاہے کہ ناقص حکمت عملی کے سبب گندم کی کٹائی کے بعد 10فی صد فصل ضائع ہو جاتی ہے۔اس لیے گندم کی فصل کی کٹائی،گہائی اور سنبھال کے دوران پیش آنے والے زرعی عوامل خاص طور پر اہمیت کے حامل ہیں۔

ترجمان نے صحافیوں کو بتایاکہ کٹائی کے بعد گندم کی پیداوار کا10 فیصد حصّہ مختلف وجوہات کی بنا پر ضائع ہو جاتا ہے لہٰذا ضروری ہے کہ کٹائی سے قبل اچھی منصوبہ بندی کی جائے۔
کاشتکار گندم کی کٹائی کے دوران ریڈیو اور ٹیلی ویڑن سے نشر ہونے والے پیغامات کو توجہ سے سنیں اور اگر بارش کا خطرہ ہو تو گندم کی کٹائی روک دیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ گندم کی کٹائی کیلئے سب سے بہترین مشین کمبائن ہارویسٹر ہے جس کے استعمال سے کافی حد تک پیداوار کے ہونے والے نقصان کو کم کیا جا سکتا ہے۔

کاشتکار گندم کی فصل کی برداشت نہ وقت سے پہلے نہ تاخیر سے کریں کیونکہ دونوں صورتوں میں پیداوار کا نقصان ہو جاتا ہے۔

کاشتکار کٹائی گہائی شروع کرنے سے پیشتر مزدوروں،تھریشر،ترپال،پلاسٹک چادر اور کمبائن ہارویسٹر کا انتظام کر لیں۔ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ امسال بارشیں معمول سے زیادہ ہوئیں اور اس کے ساتھ ساتھ درجہ حرارت بھی کم رہا ہے لہٰذاکاشتکار کٹائی فصل کے پوری طرح پکنے پر کریں اور بارش ہونے کی صورت میں گندم کی فصل سے زائد پانی کی نکاسی کا انتظام کریں۔

کاشتکار گندم کی کٹائی اس وقت شروع کریں جب دانوں میں نمی کا تناسب10 فیصد رہ جائے اس کے لئے دانوں کو دانتوں کے تلے چبائیں اور ” کڑک” کی آواز آنے کی صورت میں کٹائی شروع کریں۔

کاشتکار فصل سے جڑی بوٹیوں،کانگیاری اور غیر اقسام کے پودوں سے پاک کرلیں اور فصل کی ہر قسم کے لئے علیحدہ کھلیان لگائیں۔کاشتکار گندم کی کٹائی کے بعد بھریاں قدرے چھوٹی باندھیں اور سٹّوں کا ر±خ ایک طرف رکھیں۔کھلواڑے چھوٹے رکھیں اور اونچے کھیتوں میںکھلیان لگائیں۔اس کے علاوہ کھلواڑوں کے اردگرد کھائی ضرور بنائیں۔
٭٭٭
ڈیرہ اسماعیل خان کے تمام چرچز بھی بندرہے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے حکومتی اعلان کے مطابق اتوار کے روز ڈیرہ اسماعیل خان کے تمام چرچز بھی بندرہے ، مسیحی برادری نے اپنے گھروں میں اپنی ہفتہ وارعبادات کیں۔

کوروناوائرس کی روک تھام کیلئے حکومتی ہدائت کے مطابق ضلع بھر کے تمام چرچز بندرکھے گئے اور مسیحی برادری سنڈے کی عبادات اپنے گھروں میں کیں۔

پادری نے تمام مسیحی برادری کوہدایات جاری کی تھیں کہ وہ اتوار کی عبادات گھروں میں کریں اورکورونا وائرس کے خاتمہ کیلئے دعائیں بھی کی جائیں۔پادری نے کہاکہ اس وقت مسیحی برادری اپنی پاک افواج اور حکومت پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور کورونا وائرس کے خاتمہ کیلئے تمام تر احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنایاجارہاہے۔

انکاکہناتھاکہ کوروناوائرس کے خدشات کے پیش نظرمسیحی برادری اپنی پام سنڈے کی عبادات بھی اپنے گھروں تک محدودرکھے گی ،مسیحی برادری کاعزم ہے کہ کوروناکو شکست دینی ہے اورپوری قوم کی زندگیاں محفوظ بنانی ہیں۔
٭٭٭
پاکستانی ڈریس ڈیزائنر نے کرونا سے بچا ﺅکا لباس تیار کر لیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پاکستانی ڈریس ڈیزائنر نے کرونا سے بچا ﺅکا لباس تیار کر لیا

کرونا وائرس سے بچا ﺅکے لیے جہاں دنیا بھر میں مختلف سطح پر اقدامات کیے جا رہے ہیں، وہاں ایک پاکستانی ڈریس ڈیزائنر نے بھی مخصوص لباس تیار کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق مشہور ڈریس ڈیزائنر عاصم جوفا نے کرونا وائرس سے بچنے کے لیے مخصوص لباس تیار کر لیا، ڈیزائنر کا اس لباس کے بارے میں کہنا ہے کہ یہ لباس ڈاکٹرز کی حفاظت کے پیش نظر ڈیزائن کیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ تیار کردہ لباس ڈاکٹرز کی حفاظت کے لیے بہترین ہے، ہماری ٹیم نے اس کی تیاری پر بڑی محنت کی، ہم نے ایک مشن کے تحت یہ لباس تیار کیا ہے تاکہ ہماری حفاظت کے لیے جو ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ فرنٹ لائن پر لڑ رہا ہے، انھیں تحفظ فراہم ہو۔

عاصم جوفانے بتایاکہ میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ اس مشن میں ہم کتنے کامیاب ہوں گے تاہم اپنی ٹیم سے میری بات ہوئی، وہ بہت پرعزم ہے اس سلسلے میں، حکام سے درخواست ہے کہ ہمیں سیلف پروٹیکشن لباس تیار کرنے کی اجازت دی جائے تاکہ ہم اسے آگے لے کر چل سکیں۔

انھوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے مریضوں کے علاج میں مصروف ڈاکٹرز کو لباس مفت دینا چاہتے ہیں، پہلا سیمپل تیار کر لیا، کامیاب رہا، دوسرا سیمپل تیار کیا جائے گا، لباس کی تیاری میں تمام حفاظتی اصولوں کو بھی مد نظر رکھا گیا ہے۔
٭٭٭
کورونا سے متاثر ہوکر صحتیاب ہوجانے والوں کا بلڈ پلازما ،اسی وائرس سے شدید بیمار افراد کو لگایا جائے گا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)پاکستان میں کورونا سے صحتیاب افراد کے پلازما سے 200 شدید متاثرین کا علاج کیا جائے گا

کورونا سے متاثر ہوکر صحتیاب ہوجانے والوں کا بلڈ پلازما، اسی وائرس سے شدید بیمار افراد کو لگایا جائے گا

حکومت نے کورونا وائرس کے خلاف چینی طرز کی حکمتِ عملی اختیار کرتے ہوئے پائلٹ پروجیکٹ کی تیاری مکمل کرلی ہے جس کے تحت کورونا وائرس سے متاثر ہو کر صحت یاب ہوجانے والے افراد کا بلڈ پلازما (خوناب) اسی وائرس سے شدید طور پر متاثر اور بیمار ہونے والے افراد کو لگایا جائے گا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ تدبیر جسے ”غیر عامل امنیت کاری“ (پیسیو امیونائزیشن )کہا جاتا ہے، چین میں کورونا وائرس کی حالیہ وبا میں نہایت کامیابی سے آزمائی جاچکی ہے۔ البتہ یہ صرف ایک عارضی حل ہے جو کورونا وائرس کی ویکسین دستیاب ہونے تک ہی اختیار کیا جائے گا۔اس پر امریکا میں عمل شروع ہوچکا ہی؛ اور اب پاکستان نے بھی یہی تدبیر اختیار کرنے کا حتمی فیصلہ کیاہے۔
٭٭٭
کورونا ٹیسٹ کہاں سے کرائیں‘شہری تذبذب کا شکار

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کورونا ٹیسٹ کہاں سے کرائیں‘شہری تذبذب کا شکار‘حکومت واضح پالیسی طے کرکے عوام کو آگاہ کرے‘ ڈیرہ اسماعیل خان سمیت دیگر علاقوں میں لوگ سوچنے پر مجبور ہیں کہ وہ کرونا ٹیسٹ کیلئے کونسی نجی لیبارٹریوں پر اعتماد کر سکتے ہیں اور ان لیبارٹریوں کے رزلٹ کس حد تک درست ہو سکتے ہیں

‘مبینہ طور پر کئی نجی اور گورنمنٹ کی لیبارٹریز کے ٹیسٹ کے رزلٹ آپس میں مطابقت نہیں رکھتے جس کی وجہ سے لوگوں میں تشویش پائی جا رہی ہے‘

عوامی سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ صحت کو واضح طور پر ایک پالیسی وضع کرنیکی ضرورت ہے تاکہ لوگ مستند پرائیویٹ اور گورنمنٹ کی لیب سے کرونا ٹیسٹ اعتماد کے ساتھ کروا سکیں۔
٭٭٭
‘تمام بنکوں نے اپنے اپنے اے ٹی ایم کارڈز کی لمٹ دوگنا کردی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کرونا وائرس کے پیش نظر موجودہ ہنگامی حالات میں بینکوں کا اپنے صارفین کیلئے اہم اعلان‘تمام بنکوں نے اپنے اپنے اے ٹی ایم کارڈز کی لمٹ دوگنا کردی تاکہ صارفین کو بار بار ٹرانزیکشن نہ کرنی پڑے

اسی طرح تمام بنکوں نے اپنی اے ٹی ایم پر دوسرے بینکوں کے اے ٹی ایم کارڈز استعمال کرنے پر کاٹے جانے والے چارجز بھی ختم کردیئے ہیں اب صارفین بغیر کسی چارجز کے کسی بھی بنک کا اے ٹی ایم کارڈ کسی بھی دوسرے بنک کے اے ٹی ایم کارڈ پر استعمال کرسکیں گے اور اس پر کوئی اضافی رقم نہیں وصول کی جائے گی
٭٭٭
نیشنل بینک آف پاکستان کی برانچز تا حکم ثانی پیر سے جمعرات صبح 10 بجے تا شام 4 بجے ، جمعہ 10بجے سے دوپہر 1 بجے تک کھلی رہیں گی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق نیشنل بینک آف پاکستان کی برانچز تا حکم ثانی پیر سے جمعرات صبح 10 بجے تا شام 4 بجے ، جمعہ 10بجے سے دوپہر 1 بجے تک کھلی رہیں گی۔ترجمان نیشنل بینک نے کہا کہ بینک کی ڈیجیٹل بینکنگ چینل سروسز،اے ٹی ایم سروس۔

ڈیبیٹ کارڈز اور موبائل ائپ فری آئی بی ٹی /آ بی ایف ٹی فیسیلیٹیز و بینکنگ کی ضروریات 24 گھنٹے دستیاب ہونگی۔کسی بھی شکایت یا معلومات کیلئے ہیلپ لائن 627627 111 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

نیشنل بینک آف پاکستان کی جانب سے کرونا وائرس کے پیش نظر اپنے صارفین اور اسٹاف کیلئے خصوصی حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔

نیشنل بینک ان مشکل حالات میں اپنی برانچز میں صارفین اور اسٹاف کو خدمات کی فراہمی جاری رکھتے ہوئے حفاظتی تدابیر سماجی دوری کے اقدامات اور طبعی فاصلوں پر عمل درآمد کیلئے خصوصی حفاظتی اقدامات کر رہا ہے جبکہ فرسٹ لائن کے ضروری اقدامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔
٭٭٭
کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے نویں روز بھی لاک ڈاﺅن جاری رہا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے نویں روز بھی لاک ڈاﺅن جاری رہا جہاں شہر کے اہم، چھوٹے و بڑے کاروباری مراکز بند رہے

جبکہ صوبائی حکومت کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شام پانچ بجے سے صبح آٹھ بجے تک لاک ڈاﺅں کو مزید سخت کرنے کے لئے میڈیکل سٹورز کے علاوہ شہر کی تمام دکانوں کو بند کر نے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں ،

ڈیرہ پولیس کی جانب سے دن کے اوقات میں شہر کے اہم شاہراہوں اور روڈوں پر بڑی تعداد میں اہلکاروں کو تعینات کیا گیا جہاں مختلف اوقات میں گھروں سے نکلنے والے شہریوں کو پولیس کی جانب سے روکا بھی گیا،

دوسری جانب پاک فوج کے دستوں اور پولیس کی جانب سے شہر کا گشت کرکے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔ دوسری جانب بین الاضلاعی شاہراﺅں پر ٹرانسپورٹ کی بندش کے باعث بھی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور خصوصا دوسرے اضلاع سے اشیاءخوردونوش لانے میں شدید مسائل پیش آرہے ہیں

جس سے ڈیرہ شہر میں اشیاءخوردونوش کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے ،خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈاﺅن کا سلسلہ جاری ہے جس میں پندرہ اپریل تک توسیع کی گئی ہے اور عوام کو گھروںتک محدود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
٭٭٭٭

%d bloggers like this: