مئی 9, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

03مارچ2020:آج ضلع ڈیرہ غازی خان میں کیا ہوا؟

ضلع ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں،تبصرے اور تجزیے۔

ڈیرہ غازیخان :

کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن نسیم صادق نے کہا ہے کہ ڈیرہ غازیخان شہر میں سیوریج مسائل کے حل کیلئے مانکہ کینال کی گنجائش کے مطابق صفائی کی جار ہی ہے. سوا تین کلو میٹرطویل اور پانچ فٹ تک گہری ڈی سیلٹنگ کر کے 1740ڈمپر گندگی نکالی گئی.

کناروں کی ڈریسنگ کے بعد چھوٹے پارک اور گھنی شجرکاری کے اقدامات کیے جا رہے ہیں. چوک چورہٹہ پر جھولوں او ربنچز کی تنصیب جاری ہے. انہوں نے یہ بات اپنے آفس میں شہریوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی.۔

انہوں نے کہاکہ سیوریج کے پانی کی بہتر نکاسی کیلئے شہر کے تمام ٖڈسپوزل ورکس کی بھی ڈی سیلٹنگ کی گئی او رکارپوریشن کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ تمام مشینری مرمت اور فنکشنل کرنے کے ساتھ جنریٹر اور اضافی موٹر وں کی موجودگی یقینی بنائے

اور اس سلسلے میں تمام انچارجز سے سر ٹیفکیٹ بھی طلب کر لیے گئے ہیں. کمشنر نے کہاکہ گرمیوں میں پانی کے زیادہ استعمال کے ساتھ سیوریج مسائل بڑھ جاتے ہیں

اس لیے مستقبل کی منصوبہ بندی کر کے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں. انہوں نے شہریوں سے کہاکہ وہ مسائل کے حل کیلئے انتظامیہ کا ساتھ دیں کارپوریشن سمیت سرکاری محکموں کے واجبات بروقت ادا کیے جائیں.


ڈیرہ غازیخان :

بزدار حکومت کی ہدایت پر صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار حسنین بہادر دریشک کی زیر نگرانی ضلع ڈیرہ غازیخان میں جانوروں کی ویکسی نیشن مہم کا آغاز کردیا گیا ہے.

ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر غلام نظام الدین نے تحصیل کوٹ چھٹہ کے علاقہ مانہ احمدانی میں ویکسی نیشن مہم کا افتتاح کیا.

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹرز لائیو سٹاک، ڈاکٹر جاوید کمال، ڈاکٹر اعجاز حسین کھوسہ و دیگر موجود تھے. ڈاکٹر غلام نظام الدین نے کہاکہ

مویشیوں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے ویکسی نیشن ضروری ہے محکمہ لائیو سٹاک ضلع ڈیرہ غازی خان میں دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافے کیلئے بھرپور اقدامات کررہا ہے

جس کے تحت مویشیوں کی ویکسی نیشن اقدامات کا حصہ ہے. انہوں نے مویشی پال حضرات کو ہدایت کی کہ جانوروں کی صحت کی بہتری کیلئے محکمہ لائیو سٹاک کی سفارشات پر عمل کریں.

محکمہ کی ٹیمیں حتیاطی تدابیر بارے آگاہی دیں گی. ویکسی نیشن مہم میں کام کرنے والی ٹیموں کی مانیٹرنگ کیلئے افسران کی ڈیوٹیاں لگادی گئی ہیں انہوں نے کہاکہ

موبائل ویٹرنری ڈسپنسریوں کے ذریعے مویشیوں کا طبی معائنہ کے ساتھ ساتھ علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں


ڈیرہ غازیخان :

کم پیمانوں کے ذریعے پٹرولیم مصنوعات فروخت کرنے پر ڈیرہ غازیخان شہر کے حسکو کمپنی اسماعیل پٹرولیم کو سیل جبکہ تین پٹرول پمپ مالکان کو 20ہزارروپے جرمانہ عائد کر دیاگیا.

اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد اسد چانڈیہ نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر کم پیمانے کے ذریعے شہریوں کا معاشی استحصال کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون شروع کر دیاگیاہے.

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان طاہر فاروق کی زیر نگرانی تحصیل سطح پر کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں جو اپنے علاقوں میں کام کر رہی ہیں. انہوں نے کہا کہ

ڈیرہ غازیخان شہر میں پی ایس او، شاکر ٹاون، حسکول، عسکر وغیرہ کو چیک کیاگیا اور کم پیمانے ثابت ہونے پر قانونی کارروائی کی گئی.


ڈیرہ غازیخان :

ریسکیو 1122ڈیرہ غازیخان کے میڈیکل ٹیکنیشن نے ایمبولینس میں محفوظ زچگی کر کے زچہ بچہ کو بچا لیا.ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں نے بتایا کہ

اطلاع ملنے پر ریسکیو کی ٹیم نے جھوک گوگڑی نزد بستی بوہڑ تونسہ شریف کے رہائشی محمد اسماعیل کے گھر گئی

اور ابتدائی طبی امداد کے بعد اس کی حاملہ بیوی کو زچگی کیلئے تحصیل صدر ہسپتال تونسہ منتقل کرنے کیلئے لے جایاگیا

تاہم راستے میں پیشہ وارانہ مہارت سے ریسکیو ر افتخار علی نے حاملہ کی ایمبولینس میں ہی محفوظ زچگی کو یقینی بنالیا جس سے زچہ بچہ دونوں کی قیمتی جانیں بچا لی گئیں.


ڈیرہ غازیخان :

ریسکیو 1122ڈیرہ غازیخا ن نے ایک ماہ کے دوران 4538ایمرجنسیوں میں 4503متاثرین کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی. ریسکیورز کا اوسط ریسپانس ٹائم 7.14منٹ رہا.

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میا ں نے بتایا کہ فروری میں سڑک حادثات کے 680میڈیکل کے 3207،ا ٓتشزدگی کے 25،

جرائم کے 94، ڈوبنے کے دو او رمختلف نوعیت کے 521واقعات رونما ہوئے جن میں سے 1634کو ابتدائی طبی امداد دی گئی اور 2826کو مزید علاج کیلئے ہسپتال منتقل کیاگیا.

ڈاکٹر حسین میاں نے بتایا کہ ریسکیورز نے 13اکتوبر 2007سے 29فروری 2020تک 433990افراد کو مختلف ایمرجنسیوں میں ریسکیو کیا.

اس موقع پر ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر محمد اختر بھٹہ، کنٹرول روم انچارج شفقت اللہ اور سٹیشن کوآرڈینیٹرز موجود تھے.


ڈیرہ غازیخان :

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈیرہ غازیخان سمیع اللہ فاروق نے کہاہے کہ کسی کو جائیداد سے محروم کرنے کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی. مالکان تک ان کا حق پہنچانا حکومت کی اولین ذمہ داری میں شامل ہے.

انہوں نے یہ بات گزشتہ روز مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ریونیو معاملات میں فریقین کی سماعت کی اور موقع پر فیصلے کیے.

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اراضی ریکارڈ سنٹر چوٹی زیریں کا بھی دورہ کیا. سنٹر میں سہولیات کا جائزہ لینے کے ساتھ سائلین کے مسائل سنے.

انہوں نے کہاکہ اراضی ریکارڈ سنٹر میں کاشتکار وں کیلئے مشکلات کی بجائے آسانیاں پیدا کی جائیں.

ناجائز تنگ اور تاخیری حربے استعمال کرنے والے عملہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی.


ڈیرہ غازیخان :

ڈی ایس پی ٹریفک ڈیرہ غازیخان مہر اسحاق کی ہدایت پر ٹریفک ایجوکیشن یونٹ نے نیو میختر بس سٹینڈ پر ڈرائیوروں اور لوگوں کو ٹریفک قوانین کی پاسداری اور معلومات پر مشتمل پمفلٹس تقسیم کیے.

ڈرائیوروں کو تیز رفتاری، اوور لوڈنگ سے اجتناب کے حوالے سے آگاہی دینے کے ساتھ لائن او ر لین کی پاسداری کی ہدایات جاری کی گئیں.

انچارج ٹریفک ایجوکیشن سمیع اللہ اور لیاقت علی نے کہا کہ کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی.

ٹریفک قوانین پر عمل کرکے حادثات اور دیگر مسائل سے بچا جاسکتاہے.


ڈیرہ غازیخان:

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے ملاقات کی 90شاہراہ قائداعظم پر ہونے والی ملاقات میں

ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں جاری فلاح عامہ کے منصوبوں پر پیش رفت، ترقیاتی پروگرام اوراراکین اسمبلی کے حلقوں کے مسائل کے حل کا جائزہ لیا گیا

اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے اپنے حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں اور نئی سکیموں کے بارے میں تجاویز دیں اور آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے بھی غورکیاگیا

وزیراعلیٰ عثمان بزدار اراکین اسمبلی کی تجاویز خود نوٹ کرتے رہیوزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مسائل کے حل اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی مشاورت سے ان کے علاقوں میں ترقیاتی کام ہوں گے۔

جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے پہلی بارحقیقی معنوں میں 35فیصد فنڈز مختص کیے۔ہماری حکومت نے جنوبی پنجاب کیلئے مخصوص فنڈکسی اورشہریا منصوبے کیلئے منتقل کرنے پر پابندی عائد کی ہے۔

جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کا وعدہ پورا کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مظفر گڑھ میں فلڈ پروٹیکشن بند بنائیں گے وزیر اعلی نے مظفرگڑھ سے علی پوراورعلی پور سے سید پور تک سڑک کی تعمیر و بحالی کا منصوبہ آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کا اعلان کیا

وزیر اعلی سردار عثمان احمد خان بزدار نے کہا کہ لیہ کاحال ہی میں دورہ کیا ہے،لیہ شہر میں یونیورسٹی کے قیام کاجائزہ لیں گے۔وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے راجن پور،

مظفر گڑھ،ڈیرہ غازی خان اورلیہ اضلاع میں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بڑے جرائم پیشہ گینگز کا خاتمہ کر کے رپورٹ وزیراعلیٰ آفس پیش کی جائے۔عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

پولیس مظلوم کی دادرسی کویقینی بنائے۔پولیس اورانتظامی افسران کو فری ہینڈ دیا ہے۔افسران محنت سے کام کریں اورعوام کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھانہ رکھیں سردار عثمان بزدار نے کہا کہ

مجھے صرف رزلٹ چاہیے۔پنجاب میں میرٹ کویقینی بنایا ہے۔کسی کو میرٹ کی خلاف ورزی کرنے دی ہے،نہ کرنے دوں گا۔

راجن پور،جام پوراورروجھان کی پسماندگی دور کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے وزیر اعلی نے کہا کہ انہیں پسماندہ علاقوں کے مسائل کا پورا ادراک ہے۔راجن پوراورڈیرہ غازی خان میں گندم خریداری مہم کا آغازپنجاب کے دیگرشہروں سے پہلے کیا جائے گا۔

روجھان میں گرلز کالج کے قیام کا منصوبہ اگلے اے ڈی پی میں شامل کریں گے۔ وزیر اعلی نے میونسپل کمیٹی روجھان میں بے ضابطگیوں کے معاملے کی انکوائری کرانے کا اعلان کیا اور کہا کہ وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم معاملے کی تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرے۔

مظفرگڑھ میں قانونگوئی کی سطح پر نئے اراضی سینٹرز جلدفنکشنل ہوجائیں گیجنوبی پنجاب میں تفریحی سرگرمیوں کیلئے نئے پارکس بنانے کیلئے اراضی کی نشاندہی کی جائے۔

اشتمال کے امورکے حوالے سے جامع پالیسی بنائی جائے گی۔اشتمال کے امور پنجاب بھر میں طے کرنے کی ضرورت ہے۔آب پاک اتھارٹی کے تحت واٹر فلٹریشن پلانٹ علاقائی ضرورت کے مطابق لگائے جائیں گے۔

بہت جلد راجن پور کا دورہ کروں گا۔منتخب نمائندوں کے ساتھ براہ راست رابطوں کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔آئندہ بھی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری رہے گا۔

اراکین اسمبلی نے کہا کہ آپ نے منتخب نمائندوں کے ساتھ براہ راست رابطہ کر کے نئی مثال قائم کی ہے۔

آپ نے نہایت تحمل کے ساتھ سب کی بات سنی اورحل کیلئے احکامات بھی دیئے۔آپ کی قیادت میں پنجاب حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترے گی۔

منتخب نمائندوں کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ آپ کا شانداراقدام ہے۔


ڈیرہ غازیخان  :

ایپکا کے چارٹر آف ڈیمانڈ کو حکومت فوری تسلیم کرئے مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گروپ انشورنس،یوٹیلیٹی الاونس جملہ سرکاری ملازمین کو دئیے جائیں ٹیکنیکل نان ٹیکنیکل سٹاف کے مسائل حل کیے جائیں

ایپکا کے پلیٹ فارم پر جملہ سرکاری ملازمین متحد ہیں اپنے حقوق و عزت نفس کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

ان خیالات کااظہار ڈویژنل صدر ایپکا سرفراز سرفراز اللہ والا ،صدر محکمہ انہار گڈ و دستی نے احتجاجی ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ

مرکزی صدر ایپکا حاجی چودھری محمد ارشاد کی کال پر ایپکا ملازمین نے مکمل ہڑتال کی تمام دفاتروں کی تلا بندی کی گئی سرفراز اللہ والا نے کہا کہ حکومت سرکاری ملازمین کو مہنگائی کی دلدل سے نکالے گروپ انشورنس ریٹائرمنٹ کے ٹائم پر دے یوٹیلیٹی الاونس جملہ سرکاری ملازمین کو دے

صوبائی و وفاقی ملازمین کی تفریق کو ختم کرئے مرکزی صدر ایپکا حاجی محمد ارشاد کی قیادت میں ایپکا متحد ہے اپنے حقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے

حکومت مسائل کے حل کیلئے اہم مثبت کردار ادا کربصورت دیگر احتجاجی تحریک جاری رہے گی ۔


ڈیرہ غازیخان  :

پٹرول کی عالمی منڈی میں 25 روپے لیٹر کمی ہوئی ہے حکومت نے 5 روپے کم کر کے 19 روپے منافع کما لیا جب کے ملک میں اس خوفناک مہنگائی میں پٹرول اور ڈیزل کی کمی کا فائدہ عوام کو پہنچنا چاہئے عمران خان خود کہتے تھے کہ

جب حکمران کرپٹ ہوتے ہیں تو ملک کا وزیر اعظم چور ہوتا ہے اب حکمران خود فیصلہ کریں کے کون چور ہے۔ان خیالات کااظہار مسلم لیگ (ن) کے سابق ممبر صوبائی اسمبلی سید عبدالعلیم شاہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ

پی ٹی آئی کی حکومت نے پاکستان کی عوام کو غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیا ہے ایک کروڑ لوگوں کو روزگار دینے والوں نے 55 لاکھ لوگوں کو بیروزگار کر دیا

گندم کی امدادی قیمت 15 روپے بڑھا کر کسانوں سے بھونڈا مذاق کیا گیا گندم کی 15 سو روپے قیمت اس وقت تھی جب ڈیزل کی قیمت 80 روپے لیٹر اور پیٹرول کی قیمت 70 روپے لیٹر تھی

سید عبدالعلیم شاہ نے کہا کہ اگر یہ ہی حال رہا تو اگلے سال پاکستان میں کسان کاشتکاری سے دور ہو جائے گا

اور ملک ایک اور بحران سے دوچار ہو جا ئے گا حکومت ڈیزل،پٹرول اور کھاد کی قیمتوں میں فوری کمی کرے۔

%d bloggers like this: