اپریل 27, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

22فروری2020:آج ضلع ڈیرہ غازی خان میں کیا ہوا؟

ضلع ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں۔تبصرے اور تجزیے۔

ڈیرہ غازیخان :

ضلع ڈیرہ غازی خان میں قومی پولیو مہم کے پانچ روز کے دوران ٹارگٹ سے زائد 106 فیصد بچوں کو حفاظتی ویکسین پلائی گئی۔9360 ہائی رسک موبائل پاپولیشن سمیت پانچ سال تک کے 697578 بچوں کو پولیو کی حفاظتی ویکسین پلائی گئی ہے۔

رہ جانے والے بچوں کو قطرے پلانے تک مہم جاری رکھی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے مہم کے پانچویں روز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد کیا جس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر بچہ کو پولیو کے قطرے پلانے کیلئے کردار ادا کیاجائے۔

گھروں میں موجود نہ ہونے والے اور انکاری خاندان کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب کرنے کے ساتھ قطرے پلانے کیلئے ہرممکن وسائل استعمال میں لائے جائیں۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر خلیل احمد اور دیگر نے بتایا کہ

پانچ روز کیلئے 654483 بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔ ٹیموں نے71028 این اے بچوں سمیت 654483 بچوں کو قطرے پلائے۔

قطرے پلانے سے انکار کرنے والے والدین کے تمام 38 بچوں کو قطرے پلا دئیے گئے ہیں۔پانچ روز کے دوران 4576 زیرو ڈوز ریکارڈ کئے گئے۔اجلاس میں متعلقہ افسران شریک تھے.


ڈیرہ غازیخان :

مانکا کینال ڈیرہ غازیخان پر موسم بہاراں شجر کاری مہم کا آغاز کر دیاگیا ہے
ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے پودا لگایا. پی ایچ اے کی جانب سے مانکا کینال کا کوڑا ہٹا کر 200 پودوں کی شجر کاری کی گئی۔

سکول کے بچوں نے بھی پودے لگا ئے. مانکا کینال کو سرسبز کرنے کے لیے شکور آباد سے شجر کاری کا آغاز کیا گیا

ڈپٹی کمشنرنے کہاکہ اس بار شجر کاری میں 5 سے دس فٹ کے پودے لگائے گئے ہیں انہوں نے کہاکہ شہر کو مستقبل میں آلودگی سے بچانے کے لیے شجر کاری کو یقینی بنایا جائے گا

ڈی جی خان کے جغرافیائی حالات کو دیکھتے ہوئے پودے لگائے جارہے ہیں.اس موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا

جس سے ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق،ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے ڈاکٹر عابد محمود اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے

کلین اینڈگرین مہم کی افادیت کے بارے میں تفصیلات بتائیں.


ڈیرہ غازیخان :

حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر آفس ڈیرہ غازی خان میں اراکین اسمبلی کی ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مشیر صحت محمد حنیف پتافی،چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی و ضلعی

صدر پاکستان تحریک انصاف سردار احمد علی دریشک،ایم پی اے ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ،ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق،ڈی پی او اسد سرفراز،اسسٹنٹ کمشنر محمد اسد چانڈیہ،

ملک محمد شاہد،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وسیم اختر جتوئی اور دیگر افسران موجود تھے.اجلاس میں امن عامہ،ترقیاتی منصوبوں،کلین اینڈ گرین مہم،

پرائس کنٹرول،ریونیو سروسز،میونسپل سروسز ٹریفک مسائل اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا.ڈی جی خان شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک کے مسائل کے حوالے بات کی گئی۔

مختلف سکولز اور پبلک پلیسزپر این جی اوز کی مدد سے واٹر فلٹریشن پلانٹس لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
مشیر صحت محمد حنیف پتافی نے ٹیچنگ ہسپتال کیلئے نئی سی ٹی سکین مشین فراہم کرنے اور پرانی مشین کو مرمت کرانے کی یقین دہانی کرائی.

انہوں نے ٹیچنگ ہسپتال میں اوپی ڈی اور فارمیسی کے کاؤنٹر بڑھانے کے بھی احکامات جاری کیے اجلاس میں سکولوں
میں زیر تعلیم طلبہ کے سکریننگ ٹیسٹ کرانے کے حوالے سے جائزہ لیا گیا.

چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سردار احمد علی دریشک نے ریونیو سروسز کی بہتری کے بارے میں آگاہی دی انہوں نے کہا کہ اراضی ریکارڈ سنٹر سمیت سرکاری اداروں میں موجود بد عنوان عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی.

ایم پی اے ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے پارلیمنٹیرینز عوام اور افسران کے ساتھ ملکر کام کریں گے.
ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے کہا کہ

عوامی نمائندوں کے حلقوں میں ڈویلپمنٹ کے کاموں کی نیم پلیٹ لگائی جائے گی اور ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت سے آگاہ کیا جائیگا
ڈی پی او اسد سرفراز نے کہا کہ شہر میں کرائم کی صورتحال اور ٹریفک کے مسائل کو کافی حد تک کم کیا گیا ہے۔اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے بریفنگ دی.


ڈیرہ غازیخان :

ڈیرہ غازی خان میں غیر قانونی مذبحہ خانہ بنانے والے راشد کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کردیا گیا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر غلام نظام الدین نے کہا کہ قصاب سلاٹر ہاؤس اور پرائس کنٹرول ایکٹ پر عملدرآمد کریں خلاف ورزی پر بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی

انہوں نے بتایا کہ قادریہ دربار چوک ڈیرہ غازی خان پر قصاب راشد کی دکان سے غیر قانونی مہر لگا گوشت برآمد ہوا

جس پر 70 کلو گرام گوشت قبضہ میں لیکر جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کردیا اور ملزم کو تھانہ سٹی میں بند کرادیا گیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ کی ہدایت پر مضر صحت گوشت تلف کردیا جائیگا۔


ڈیرہ غازیخان :

ڈیرہ غازی خان شہر میں غیر قانونی واٹر کنکشن منقطع کرنے کی مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔33 کنکشن منقطع کردئیے گئے۔کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن نسیم صادق کو بلاک ایریا میں 1439 غیر قانونی واٹر کنکشن کی تفصیلات فراہم کردی گئی ہیں

اور کمشنر نے بلا تفریق تمام غیر قانونی کنکشن منقطع کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں،گھروں پر مخصوص نشانات لگادئیے گئے کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق نے کہا ہے کہ منقطع کئے گئے

کنکشن بحال کرانے پر پانچ ہزار روپے سکیورٹی فیس وصول کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاہم اپنے پانی کے کنکشن فوری طور پر ریگولر کرانے والے شہری سکیورٹی فیس اور جرمانے سے بچ سکتے ہیں۔ درخواست پر کارپوریشن فوری کارروائی کرکے واٹر کنکشن کو ریگولر کردے گی۔

کمشنر نے کہا کہ
ابتک شہر کے بلاکوں میں 9633 گھروں کا سروے مکمل کرلیا گیا ہے دوسرے مرحلے میں نواحی کالونیوں میں گھر گھر سروے کرایا جائیگا جس کیلئے 48 افراد پر 12 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

اسی طرح کنکشن منقطع کرنے کیلئے 18 افراد پر مشتمل تین ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں کراس نشان کا مطلب عمارت میں پانی کا غیر قانونی کنکشن ہے۔

گول دائرہ کا مطلب پانی فیس اور بقایاجات ہیں،کراس اور دائرہ کا مطلب بقایاجات اور پانی کی موٹر ہے کمشنر نے کہا کہ شہریوں کو صاف پانی کی وافر مقدار میں فراہمی کیلئے کام کررہے ہیں۔

بوسیدہ پائپ لائنز تبدیل کی جارہی ہیں پانی کی باقاعدگی سے کلورینیشن کرائی جارہی ہے۔کئی سالوں سے 32 میں سے 24 خراب ٹیوب ویل کو مرمت کرکے فنکشنل کرایا جارہا ہے۔

کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ گرمیوں میں پانی کی ضرورت اور استعمال بڑھ جاتا ہے جس کیلئے ابھی سے تیاری شروع کردی ہے۔خراب مشینری ٹھیک کرنے کے ساتھ بیک اپ کیلئے مشینری کابندوبست کررہے ہیں

جس کیلئے فنڈز کی ضرورت ہے لہذا عوام اعتماد رکھیں اور کارپوریشن کے ہاتھ مضبوط کریں۔پانی فیس اور دیگر واجبات فوری اداکریں تاکہ

واٹر سپلائی کی ٹربائن کے بجلی بلز اور دیگر اخراجات کی ادائیگی ممکن بنائی جاسکے۔واٹر کنکشن کیلئے کمشنر آفس میں خصوصی سیل قائم کردیا گیا ہے

جس کیلئے ڈی بی اے شہزاد قدیر کو انچارج مقرر کیا گیا ہے۔شہری واٹر کنکشن کے حوالے سے ان سے رابطہ کرسکتے ہیں.


ڈیرہ غازیخان :

ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ڈیرہ غازیخان قیصرعباس کاظمی نے کہا ہے کہ

بی اے، بی ایڈ، ایم اے،ا یم ایڈ کے داخلے یکم مارچ 2020سے شروع ہو ں گے.

مزید معلومات کیلئے یونیورسٹی کی ویب سائیٹ یا ریجنل دفتر کے نمبر 0649260386-7پر رابطہ کیا جا سکتا ہے.


ڈیرہ غازیخان :

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پرکمشنرڈیرہ غازیخان ڈویژن نسیم صادق او ر ڈپٹی کمشنر ڈی جی خان طاہر فاروق کی زیر نگرانی کیٹل مارکیٹ منیجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام لوگوں کی تفریح کیلئے 25فروری سے 3مارچ تک

سخی سرور روڈ پر ٹریکٹر فیکٹری کے نزدیک میلہ مویشیاں و اسپاں منعقد کیا جارہا ہے منیجنگ ڈائریکٹر کیٹل کمپنی محمد یونس کھتران نے بتایا کہ

میلہ میں لکی ایرانی سرکس، خوبصورت جانوروں کے مقابلے، گھوڑ دور، نیزہ بازی، اونٹوں کا دودھ مقابلہ، اعلی نسل کے جانوراونٹ، گھوڑے، بھیڑ بکری کی نمائش سمیت مختلف نمائشی سٹالز بھی لگائے جائیں گے.

دریں اثنا مشیر صحت محمد حنیف پتافی، ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق اور دیگر افسران نے میلہ کی جگہ کا معائنہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا.

انہوں نے ہدایت کی کی کہ میلہ کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظا مات سمیت پارکنگ کے خصوصی انتظامات کیے جائیں. انہوں نے کہاکہ سٹالز اور مختلف پروگرامز کیلئے علیحدہ جگہ مختص کی جائے.


ڈیرہ غازیخان :

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آج مظفر گڑھ کا طوفانی دورہ کیااورمظفر گڑھ کے عوام کی ترقی اورخوشحالی کیلئے متعدد منصوبوں کا اعلان کیا جبکہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فلاح عامہ کے منصوبوں کا افتتاح بھی کیا

اورسنگ بنیاد بھی رکھا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے مظفر گڑھ کے لئے بڑا اعلان کرتے ہوئے یونیورسٹی آف مظفر گڑھ کے قیام کی اصولی منظوری دی اور علی پور مظفرگڑھ دو رویہ سڑک کی تعمیر کابھی اعلان کیا جبکہ چوک سرور شہید کو تحصیل کا درجہ دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مظفرگڑھ میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال مظفرگڑھ کا دورہ کیااور گائنی وارڈ و لیبر روم کے تعمیر نو کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گائنی وارڈ کا دورہ کیا

اور وارڈ میں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وارڈ میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور مریضوں سے طبی سہولتوں اور ادویات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا اور کہا کہ آپ کو کوئی مسئلہ ہے تو بتائیں میں حل کروں گا۔

ہماری حکومت صحت کے شعبہ میں انقلابی اصلاحات لارہی ہے۔مظفرگڑھ میں صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔صحت کی سہولتوں کو خوب سے خوب تر بنانے کا بیڑہ اٹھا لیا ہے۔ دور دراز علاقوں میں علاج معالجے کی سہولتوں کی بہتری کا مشن آگے بڑھا رہا ہوں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مظفرگڑھ میں قصر بہبود کا افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈریس میک مرکز،بیوٹیشن ٹریننگ سینٹر،آرٹ اینڈ گرافس اورکمپیوٹر مرکز کا دورہ کیااور تربیت حاصل کرنیوالی خواتین سے ان کے مسائل دریافت
5
کئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت معاشرے کے تمام طبقات کیلئے آسانیاں پیدا کر رہی ہے۔ آپ کا خیال رکھنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ قصر بہبود میں خواتین کو 8 مختلف فنون میں بلامعاوضہ تربیت دی جا رہی ہے اوراس منصوبے پر تقریباً 6 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تربیت مہیا کی جائے گی۔آپ کو دی جانے والی سہولتوں کو مزید بہتر بنائیں گے۔ خواتین نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے گفتگو کرتے ہوئے کرتے ہوئے کہا کہ

کوئی وزیر اعلی یہاں نہیں آیا، آپ کی آمد سے ہمیں بہت حوصلہ ملا ہے۔ آپ نے ہمارے مسائل سنے جس پر آپ کی شکرگزار ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مظفرگڑھ میں ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم اپنی نوعیت کے پہلے سہولت سینٹر کا بھی افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پولیس سٹیشن صدر مظفر گڑھ کا اچانک دورہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سہولت سینٹر میں عوام کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ

اس سہولت سینٹر میں عوام کو مختلف سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ سینٹر میں ڈومیسائل، تصدیق شدہ دستاویزات، اسلحہ لائسنس، نئے پٹرول پمپس کیلئے این او سی، بنیوولنٹ فنڈ، روٹ پرمٹ اور دیگر سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔عوام کو سہولتوں کی فراہمی میں یہ سینٹر اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کیس بلاجواز زیر التوا نہیں  رہنا چاہیئے۔عوام کے مسائل فوری طورپر حل کئے جائیں اور گاڑیوں کو روٹ پرمٹ جاری کرنے سے پہلے بس اڈوں پر سہولتوں کا بھی جائزہ لیا جائے.
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مظفرگڑھ میں پولیس سٹیشن صدرکادورہ کیا

اورتھانے کے مختلف حصے دیکھے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حوالات میں قید ملزم سے مسائل پوچھے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدا ر نے ملزم کی درخواست پر ڈی پی او مظفر گڑھ کو معاملے کی فوری انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کسی بے گنا ہ کو حوالات میں نہیں ہوناچاہیے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈی سی آفس مظفر گڑھ میں خاتون سائلہ کو پاس بلالیا۔خاتون نسیم اختر نے کہا کہ میں لاہور سے آئی ہوں اورمیری زمین پر ناجائزقبضہ کیاگیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے ڈی سی مظفر گڑھ کو معاملے کی خود انکوائری کرنے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ نے خاتون کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آپ کے ساتھ انصاف ہوگااورآپ کے ساتھ نا انصافی کرنے والوں کو قانون کے مطابق سزا ملے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایک اورنوجوان کو بھی پاس بلا کر اس کا مسئلہ سنا۔شہری نے کہا کہ مجھے قتل کی دھمکیاں مل رہی ہے،میری مدد کی جائے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈی پی او مظفر گڑھ کو فوری طورپر انکوائری کرکے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار اچانک ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کی کورٹ پہنچے توکورٹ کا دروازہ باہر سے بند تھا،خاتون سائلہ کی آواز سن کر وزیراعلیٰ نے خود دروازہ کھولا اور سائلہ کی بات سنی اور دادرسی کیلئے ہدایات دیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ریسکیو 1122کے کنٹرول روم کا بھی معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سرکٹ ہاؤس مظفرگڑھ میں شاہ جمال اورخان گڑھ میں دیہی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن کے منصوبوں کا افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کوٹ ادو اورجتوئی میں ریسکیو 1122 کے قیام کے منصوبوں کا افتتاح کیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جتوئی تا ستھاری روڈ کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔جتوئی تا ستھاری روڈ 8کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی جائے گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سرکٹ ہاؤس مظفر گڑھ کے احاطے میں پودا لگا کر شجرکاری کا افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ مظفرگڑھ کے عوام کی خوشحالی کیلئے 19 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج پر کام جاری ہے۔مظفرگڑھ میں نئی تحصیل بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔ چوک سرور شہید کو مظفرگڑھ کی پانچویں تحصیل کا درجہ دیا جائے گا۔

مظفرگڑھ کی محرومیاں دور کرکے دم لیں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سرکٹ ہاؤس میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ یونیورسٹی کے قیام سے مظفرگڑھ کے طلبا ء و طالبات کو دیگر شہروں  میں اعلی تعلیم کیلئے نہیں جانا پڑے گاجبکہ 400 ایکڑ رقبے پر انڈسٹریل اسٹیٹ بننے سے علاقے میں روزگار کے بے پناہ مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مظفرگڑھ کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی جائے گی۔ ہر شہر کی بیوٹیفکیشن کیلئے خصوصی پیکیج دیا جائے گا۔پولیس میں 16 ہزار بھرتیاں کی جائیں گی اور نئی گاڑیاں بھی دیں گے۔

مظفرگڑھ سے منسلک آبپاشی اور دیگر مسائل بھی حل کئے جائیں گے۔کاغذی کارروائی نہیں کرنے دوں گا۔ اب سب کو کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہیڈ پنجند اور ہیڈ تونسہ میں سیاحت کے فروغ کیلئے پارک بنائے جائیں گے۔مظفرگڑھ سے دلی لگاؤ ہے، اسے اپنا گھر سمجھتا ہوں۔مظفرگڑھ کی محرومیاں دور ہونے کا وقت آ گیا ہے۔

مظفرگڑھ کے عوام کی ترقی اورخوشحالی کیلئے جو کچھ بن پڑا کر گزریں گے۔وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مظفرگڑھ کے ہر تھانے میں خواتین کے خلاف جرائم کے خاتمے کیلئے جینڈر کرائم سیل قائم کئے گئے ہیں

اور سمارٹ سٹی پراجیکٹ کے تحت کیمروں کے ذریعے شہر کی نگرانی کی جا رہی ہے۔اجلاس میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، کمشنر، آر پی او ڈیرہ غازیخان او ردیگر افسران موجود تھے.


ڈیرہ غازیخان

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے سرکٹ ہاؤس مظفر گڑھ میں عمارت گرنے کے باعث جاں بحق افراد کے لواحقین کو مالی امداد کا چیک دیا۔

وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے سربراہ کو 24لاکھ روپے کی مالی امداد کا چیک دیا۔وزیراعلیٰ نے عمارت گرنے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرافسوس کرتے ہوئے

لواحقین سے دلی ہمدردی وتعزیت کا اظہار کیا.

%d bloggers like this: