مئی 10, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

02فروری2020:آج ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا ہوا؟

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں ،تجزیے اور تبصرے

ڈیرہ میں یوٹیلٹی اسٹور عملہ کی ملی بھگت ، مافیا سرگرم ہوگیا

ڈیرہ اسماعیل خان :ڈیرہ میں یوٹیلٹی اسٹور عملہ کی ملی بھگت ،بلیک مافیا سرگرم ہوگیا،،یوٹیلٹی سٹور زکی بجائے چینی مہنگے دام بازار میں فروخت ہونے لگی ،

ذرائع کے مطابق یوٹیلٹی سٹور ڈیرہ کے عملہ کی ملی بھگت سے مافیا سرگرم ہوگیا جس کی وجہ سے ڈیرہ کے یوٹیلٹی اسٹورز سے چینی غائب ہوگئی جبکہ مارکیٹ میں چینی مہنگے دام میں فروخت کی جا رہی ہے۔ شہر میں شوگر مافیا کے سرگرم ہونے سے مارکیٹ میں چینی 78 سے 80 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔

خریداروں کا کہنا ہے کہ اسٹورز پر صرف ریٹ لسٹ لگی ہوئی ہے لیکن چینی اور گھی نہیں مل رہا جبکہ مارکیٹ میں یہ اشیاء بہت مہنگی ہے۔کمشنری بازار ڈیرہ کے یوٹیلٹی اسٹور منیجر کا کہنا ہے کہ لوگ چینی لینے آتے ہیں ہمارے پاس انکو دینے کو بس جواب ہی ہوتا ہے کیونکہ چینی آ ہی نہیں رہی۔

واضح رہے کہ ایک ماہ میں چینی کی قیمتوں میں دو بار اضافے کی وجہ سے شہری پریشانی کا شکار ہیں۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران چینی کی قیمت میں 8 روپے کلو کا اضافہ ہوا۔ یوٹیلٹی سٹور عملہ اور بلیک مارکیٹنگ مافیا کی ملی بھگت سے چینی کے اضافے کے ساتھ یوٹیلیٹی سٹور پر چینی غائب ہوگئی جس کے باعث شہریوں کو خالی ہاتھ لوٹنا پڑا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بلیک مافیا، ذخیرہ اندوزوں کو قابو کرنے میں حکومت بالکل ناکام ہو چکی ہے۔ بلیک مارکیٹنگ مافیا اور ذخیرہ اندوزوں کی وجہ سے چینی کی قیمتیں بھی بڑھ رہی اور چینید بھی غائب ہے۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بلیک مارکیٹنگ مافیا اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے اور عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف دینے کے لئے روز مرہ کے استعمال کی اشیا سستی کرے۔


الیکٹرانکس مصنوعات اقساط پر دینے کی آڑ میں سود کا کاروبار عروج پر

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ میں الیکٹرانکس مصنوعات اقساط پر دینے کی آڑ میں سود کا کاروبار عروج پر ،حکام خاموش ،شہر ومضافاتی علاقوں میں الیکٹرانکس مصنوعات اقساط پر دینے کی آڑ میں سود کا کاروباری جاری ،

الیکٹرانکس مصنوعات ،موٹرسائیکلیں ،جنریٹرز وغیر ہ اقساط پر دینے کی آڑ میں سود کا کاروبار عروج پر ،چالیس ہزار روپے کا موٹرسائیکل قسطوں می 65ہزار روپے میں فروخت کرکے پچیس ہزار روپے اضافی سود وصول کیا جارہاہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر وگردونواح میں الیکٹرانکس مصنوعات ایل سی ڈیز ،ایل ای ڈیز ،فریج ،اے سی ،پنکھے ،موٹرسائیکلیں ،جنریٹرز ،موبائل فونز وغیرہ قسطوں پر فروخت کے رجحان میں اضافہ ہورہا ہے

جبکہ اس طرح موٹرسائیکلوں کی خریدوفروخت کا کاروبار کرنے والے سینکڑوں بااثر افراد سود کی آڑ میں شہریوں کو کنگال کرکے جمع پونجی لوٹ رہے ہیں ۔

ڈیرہ کے شہریوں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سود کا دھند ہ کرنے پر پابندی عائد ہونے کے باوجود بااثر افراد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی آنکھوں میں دھول جھونک کر دیدہ دلیری کے ساتھ سودی کاروبار کو فروغ دے رہے ہیں

جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کاروائی کرنے کی بجائے خاموشی اختیار کررکھی ہے جس کی وجہ سے روزانہ بااثر سود کا دھندہ کرنے والے افراد شہریوں کی جیبوں کا صفایا کررہے ہیں ۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں سود کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے تاکہ سادہ لوح شہری لٹنے سے محفوظ رہیں ۔


منتخب عوامی نمائندوں کی عدم دلچسپی کے باعث شہر میں مسائل کے انبار

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)منتخب عوامی نمائندوں کی عدم دلچسپی کے باعث شہر میں مسائل کے انبار ،سڑکیں کھنڈر ،گندگی کے ڈھیر ،نکاسی آب کے ناقص انتظامات ،ترقیاتی کام نہ ہونے کی وجہ سے مکین منتخب نمائندوں سے مایوس ہوکر رہ گئے ،

شہریوں نے وزیر اعظم پاکستان سے شہرو مضافاتی علاقوں کے لئے ترقیاتی فنڈز جاری کرنے کا مطالبہ ،تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر جسے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کا درجہ حاصل ہے جو آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے ۔

تبدیلی سرکار نے بھی عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے خاموشی اختیار کررکھی ہے۔ڈیرہ کے منتخب ممبران قومی وصوبائی اسمبلی عوام کے بنیادی مسائل بارے آگاہ ہونے کے باوجود بت بنے ہوئے ہیں ،تحریک انصاف کو ووٹ دینے والے ووٹرز پی ٹی آئی کے ممبران کو کوستے نظر آتے ہیں ۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ سال سے زائد کا عرصہ بیت چکا ہے ۔پاکستان تحرین انصاف نے دوصوبوں اور وفاقی میں اقتدار کے مزے لوٹنے شروع کررکھے ہیں ۔شہر ومضافاتی علاقوں میں ترقیاتی کام نہ ہونے کی وجہ سے عوام ایک بار پھر پتھر کے دور میں چلے گئے ہیں ۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہ لیے اور ترقیاتی کاموں کے لئے فنڈز جاری نہ کیے تو شہر موہنجو داڑو کے کھنڈرات کی منظر کشی کرنے لگے گا اور عوام بنیادی سہولیات نہ ملنے کی وجہ سے سڑکوں پر ہوں گے جسے حکمرانوں کو سنبھالنا مشکل ہوجائے گا۔

شہریوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع ڈیرہ کے مسائل کے حل کے لئے خصوصی اقدامات کرکے فنڈز جاری کیے جائیں تاکہ شہری بنیادی سہولیات سے مستفید ہوسکیں ۔


غیر معیاری برگر ،شوارموں ،ہوٹلوں پر کھانوں کی کی فروخت جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ میں غیر معیاری برگر ،شوارموں ،ہوٹلوں پر کھانوں کی کی فروخت جاری ،شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ،سرشام سڑکوں کو بلاک کیے جانے کا رواج عام ہوگیا ،شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ،ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ ۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ سرکلر روڈ ، اندرون شہر اور اردگرد کی سڑکوں پر قائم ہونے والے فاسٹ فوڈ ،برگر شوارما سمیت باربی کیو کا دھندہ کرنے والے بغیر حفاظتی انتظامات کے کھانے پینے کی اشیاءفروخت کررہے ہیں

جس کی وجہ سے گردوغبار پڑنے سے کھانے پینے والی اشیاءمضر صحت ہوجاتی ہیں ،کھانے پینے کی اشیاءکا کاروبار کرنے والے افراد سرکلرروڈ ،ٹانک اڈہ ،بنوں اڈہ سمیت مختلف مقامات پر مستقل بنیادوں پر ٹھیے قائم کررکھے ہیں جو سرشام سڑکوں کے ارد گرد اپنے ٹھیے سجا لیتے ہیں ،

پیسے وصول کرکے شہریوں میں بیماریاں فروخت کرنے کا سلسلہ شروع کردیتے ہیں ۔دوسری جانب سرکلر روڈ اور اندرون شہر میں قائم ہوٹلوں کے مالکان نے بھی ناقص وغیر معیاری گوشت وسبزیاں فروخت کرناشروع کررکھی ہیں ،

ہوٹل مالکان نے فوڈ اتھارٹی کی سرپرستی میں ناقص وغیر معیاری مضر صحت ،باسی گوشت کو چٹ پٹے مصالحے لگا کر فروخت کرنے کا دھندہ شروع کررکھا ہے جس کے استعمال سے شہری پیٹ کی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں ۔

شہریوں نے ڈی جی خیبر پختونخوا فوڈ اتھارٹی ،ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے سربراہان سے مطالبہ کیاہے کہ غیر معیاری اشیاءخوردونوش فروخت کرنے والے بااثر دکانداروں ،ہوٹل مالکان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہری بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں ۔


ڈیرہ پولیس کی ماہ جنوری کے دوران ہونے والی کاروائیوں کی رپورٹ جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ پولیس نے ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز اور کریک ڈاﺅن کے دوران قتل ، اقدام قتل اور سنگین مقدمات میں مطلوب 71اشتہاریوں سمیت 279مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے ۔

ماہ جنوری کے دوران ضلع بھر میں کریک ڈاﺅن کے نتیجہ میں زیر حراست افراد کے قبضہ سے مجموعی طور پر 06کلاشنکوف ، 01کالاکوف،17رائفلز،49بندوق ،72پستول ، 05خنجر ،04ہنڈ گرینیڈاور 1686مختلف بور کے کارتوس برآمد کیے گئے ۔

اپریشنز کے دوران ضلع بھر میں کرایہ کے 4958مکانات اور3002مرتبہ ہوٹلز کو چیک کیا گیا جن میں مقیم 73غیر رجسٹرڈ افراد اور 11ہوٹلوں کے خلاف کرایہ داری ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے ۔

ضلع کے 3331حساس مقامات، 1518مرتبہ اڈہ جات اور 2102سکولوں کو چیک کرکے 20اہم مقامات اور01سکول کی سیکیورٹی ایکٹ کے تحت سیکیورٹی نہ ہونے پر مقدمات درج کیے گئے ۔کریک ڈاﺅن کے دوران پولیس نے ماہ جنوری میں 39.960کلو گرام چرس،افیون 40گرام،1.628گرام ہیروئن ،بھنگ2.975کلوگرام،15گرام آئس اور 12بوتل شراب برآمد کی گئی ۔

گزشتہ ماہ میں مختلف کاروائیوں میں پولیس نے 1053مقامات پر وقتاً فوقتاً اچانک چیکنگ کے دوران چھوٹی بڑی46709گاڑیوں بشمول موٹر سائیکلز اور 82502افراد کا ڈیٹا چیک کیا،پولیس نے کاروائیوں کے دوران ہوائی فائرنگ کے واقعات میں 04مقدمات درج کرکے 04ملزمان کو گرفتارکیا۔

سود کے خلاف 05مقدمات درج ہوکر 04افراد کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی ہے۔لاﺅڈ سپیکر کے غلط استعمال پر 18مقدمات ،بھتہ خوری کے خلاف 02مقدمات درج کیے گئے جبکہ قماربازی کے 11مقدمات درج رجسٹر ہوکر103افراد کو گرفتار کیا گیاجبکہ14فارن ایکٹ کے تحت 02افغان باشندے گرفتار ہوکر اس کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

اسی طرح گزشتہ ماہ میں 23پٹرولیم ایکٹ کے تحت 31مقدمات درج ہوئے جس میں ملوث31افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 18400لیٹر ایرانی ڈیزل اور 1117لیٹر ایرانی پٹرول برآمد ہوا،


ٹڈی دل کے ممکنہ نقصانات سے بچنے کیلئے موثر پلان کو حتمی شکل دیدی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر کی ہدایت پر ٹڈی دل کے ممکنہ نقصانات سے بچنے کیلئے موثر پلان کو حتمی شکل دیدی گئی۔

ضلع بھر اور بالخصوص زڑکنی‘ کلاچی‘ درابن سمیت دیگر نواحی علاقوں کے کسانوں سے اپیل کی گئی ہے کہ ٹڈی دل سے بچاﺅ کیلئے وہ اپنی فصلوں کو بچانے کیلئے ہمارے ساتھ ساتھ اپنی مدد آپ کے تحت بھی سپرے کریں

اگر کسی کسان کو ٹڈی دل کے حوالے سے کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ فوری طور پر ڈپٹی کمشنر دفتر یا محکمہ زراعت کے دفتر میں رابطہ کرسکتا ہے۔ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے
کہا کہ اگر کسی کاشتکار کو ٹڈی دل کی موجودگی کا شبہ ہویا اس کے حوالے سے کوئی مسئلہ درپیش ہوتو وہ فوری طور پر ڈپٹی کمشنر دفتر یا محکمہ زراعت دفتر سے رابطہ کرسکتا ہے ۔

ایسی صور ت میں کاشتکار کو سپرے اور مشینری فوری طور پر فراہم کی جائیگی۔انہوں نے کسانوں سے اپیل کی کہ ٹڈی دل سے بچاﺅ کی اس مہم میں نا صرف ہمارا ساتھ دیں بلکہ اپنی فصلوں کو بھی محفوظ بنائیں۔

ضلعی انتظامیہ اس مسئلہ کے لئے چوکس ہے اور تمام تر انتظامات مکمل کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل سے بچاﺅ سے نا صرف ہم اپنی فصلوں بلکہ خوراک کے ذخیرہ کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔ اپنی اردگرد مکمل نظر رکھیں۔

خوراک اور فصلیں محفوظ بنا کر ہم نہ صرف اپنے ضلع بلکہ پورے صوبے کیلئے بھی خوراک کی ضروریات کو پورا کرسکتے ہیں۔


سی آر بی سی نہر کے قریب ہینڈ گرنیڈ برآمد

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)سی آر بی سی نہر کے قریب ہینڈ گرنیڈ برآمد ،پولیس اوربی ڈی ایس نے ناکارہ بنا دیا، نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ کڑی خیسور کی حدود گاﺅ رنگو خیل میں سی آر بی سی نہر کے قریب ہینڈ گرنیڈ کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس اور بی ڈی ایس کا عملہ فوری موقع پرپہنچ گیا اور ہینڈ گرنیڈ کو تحویل میں لے لیاگیا

جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملہ نے ناکارہ بنادیا۔ کڑی خیسور پولیس نے اس واقعے کا مقدمہ 5EXP کے تحت نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا۔


فائرنگ سے ایک شخص کو گھائل کردیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ سے ایک شخص کو گھائل کردیا ،ملزمان موقع سے فرار ، زخمی کو ہسپتال منتقل کردیاگیا ،پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ ،پولیس ذرائع کے مطابق کلاچی کے محلہ جعفر زئی میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے سیف الرحمن ولد عبدالغفار سکنہ ہتھالہ حال محلہ جعفر زئی کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ زخمی کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیا ،زخمی کے مطابق ان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے۔کلاچی پولیس نے زخمی کی رپورٹ پر نامعلوم ملزم کے خلاف اس واقع کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔


گھریلو پیمانے پر سبزیوں کی کاشت کامشغلہ سود مند

ننڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ترجمان محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ گھریلو پیمانے پر سبزیوں کی کاشت کامشغلہ نہ صرف انسانی صحت کے لئے اکسیرکی حیثیت رکھتاہے بلکہ یہ
انسا ن کے جسم اور دماغ کو توانا رکھنے میں بھی اہم کردارکاموجب ہوتاہے

کیونکہ گھرکے باغیچہ میں کاشت کی گئی سبزیاں سپرے اور دیگر غلاظتوں سے پاک ہوتی ہیں لہذاعوام کو چاہئیے کہ وہ بازاری سبزیوں کی خریدسے بچنے اور اپنی صحت کو بہترین حالت میں رکھنے کیلئے کچن گارڈننگ کوفروغ دیں۔

انہوں نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ اگر گھریلوپیمانے پر سبزیوں کی کاشت کیلئے جگہ دستیاب نہ ہو تو ضرورت کیلئے گملوں‘ کھلے ڈبوں‘پلاسٹک یا لکڑی کی ٹرے میں بھی سبزیاں لگائی جاسکتی ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ گھریلو پیمانے پر چھوٹے پلاٹوں میں ایسی سبزیاں کاشت کی جائیں جو کافی دیر تک پیداوار دینے کی صلاحیت رکھتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ پالک‘ دھنیا‘ میتھی‘ گوبھی‘ٹماٹر‘ شلجم‘ گاجر‘ مولی جیسی سبزیاں تین سے پانچ مرلہ کے پلاٹ میں باآسانی کاشت کی جاسکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان سبزیوں کیلئے اگر نہری پانی دستیاب نہ ہو تو پینے کا گھریلو پانی بھی استعمال کیا جاسکتاہے۔

انہوں نے بتایا کہ سبزیاں کاشت کرنے کے بعد انہیں پانی دیتے وقت اس بات کاخیال رکھناچاہئیے کہ پانی کھیلیوں سے اوپرنہ جائے ورنہ اس سے زمین سخت اور اگاﺅمتاثر ہوسکتاہے۔


ذیابیطس کے مریضوں کیلئے زیتون کا تیل انتہائی موثر قرار

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ماہرین فزیشن آف ہربل میڈیسن نے کہا ذیابیطس کے مریضوں کیلئے خون سے شوگر کی مقدارکم کرنے اور وزن کو کنٹرول کرنے کیلئے زیتون کا تیل انتہائی موثر ہے جوکہ کم نشاستے والی غذائیں اورلحمیات کی زیادتی کے اثرات بھی اس سے کنٹرول کئے جاسکتے ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ خون میں شوگرکی مقدارکم کرنے کیلئے اپنے طرز زندگی میں تبدیلی لاتے ہوئے وزن کم کرنے کی کوشش کرنی چاہئیے‘پاکستان میں اسوقت 7ملین افرادذیابیطس کا شکارہیں اگریہ تعداد اسی رفتار سے بڑھتی رہی تو 2030ء تک پاکستان ذیابیطس کے مرض کے حساب سے چوتھا بڑاملک ہوگا

اور یہاں ذیابیطس سے متاثرہ افراد کی تعددا 1 کروڑ 38لاکھ تک جاپہنچے گی۔انہوں نے بتایا کہ ذیابیطس میں مبتلاءلوگ اپنے طرزِ زندگی میں تبدیلی لائیں ‘روزانہ صبح شام پیدل واک کریں ذیابیطس کے مریضوں کیلئے ادویات سے اہم روزانہ سیرکرنا بہترہے۔

انہوں نے بتایا کہ روزمرہ کھانوں میں دارچینی کا زیادہ استعمال ذیابیطس کے مرض کوکم کرنے کیساتھ جسم میں موجوداضافی چربی ختم کرکے موٹاپا کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔


کنوار گندل (ایلوویرا)کی کاشت رواں ماہ فروری میں شروع کرنے کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو کنوار گندل (ایلوویرا)کی کاشت رواں ماہ فروری میں شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کنوار گندل کاپودا کھیتوں میں لگانے کے ساتھ ساتھ گھروں اور گملوں میں بھی ضروری استعمال اور ذیبائش کیلئے لگایاجاسکتاہے۔

انہوں نے بتایاکہ کنوار گندل کے پودے کاتنا نہیں ہوتا بلکہ اس کے پتے تنانما ہی ہوتے اور گودے سے بھرے ہوئے ہوتے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ کنوار گندل کوغذاء کے طور پر استعمال کرتے ہوئے جزو بدن بنانے والے افراد نظام انہضام کی اصلاح و بحالی میں خصوصی مدد حاصل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ فروری و مارچ کے ایام میںکنوار گندل کے پودے بہتر پرور ش پاتے ہیں جن کی کاشت کے بعد پودے کے درمیان سے ایک پتلی شاخ نکلتی ہے جس پر پھول لگتے ہیں اور جب ان پھولوں سے بیج بن جائیں تو موسم بہار میں ان کو ریت سے بھر ی ہوئی ٹرے ، گملے یا دیگر جگہوں پر لگایا جاسکتاہے۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار و گھریلو افراد اس سلسلہ میں ماہرین زراعت سے مزید رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔


کاشتکار سویابین کی کاشت فروری کے پہلے ہفتہ میں مکمل کرلیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)محکمہ زراعت کے ترجمان نے ہدایت کی ہے کہ کاشتکار سویابین کی کاشت فروری کے پہلے ہفتہ میں مکمل کرلیں تاکہ بروقت کاشت سے بہتر پیداوار کا حصول ممکن ہو سکے۔

کاشتکاروں کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ سویابین ایک نہائت منافع بخش فصل ہے جسے بطور سبزی اور دال استعمال کیاجاسکتاہے لیکن موجودہ دور میں اس کی اہمیت تیلدار فصل کے طور پر بڑھتی جارہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ سویابین کی بہاریہ فصل کی کاشت فروری کے پہلے ہفتہ تک مکمل کرنے کی صورت میں شاندار کراپ کاحصول ممکن ہوسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار اس ضمن میں مزید رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے افسران اور فیلڈسٹاف سے معاونت حاصل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ فری ایگری کلچرل ہیلپ لائن سے بھی اس سلسلہ میں مشاور ت حاصل کی جاسکتی ہے۔
ڈسپلے مراکز ہفتہ اور اتوارکو بھی عوام کی سہولت کے لئے کھلے رہے


خوردنی تیل کی پیداوار میں خودانحصاری حاصل کرکے سالانہ ساڑھے تین ارب روپے بچائے جا سکتے ہیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)زرعی ماہرین نے کہاہے کہ خوردنی تیل کی پیداوار میں خودانحصاری حاصل کرکے سالانہ ساڑھے تین ارب روپے بچائے جا سکتے ہیں کیونکہ پاکستان ہر سال 350ارب روپے کا خوردنی تیل درآمدکرتا ہے۔

کاشتکاروں کو سورج مکھی کی کاشت کی ترغیب دینے کے لیے رواں برس حکومت سورج مکھی کے کاشتکاروں کو 5ہزار روپے فی ایکڑ سبسڈی بھی فراہم کر رہی ہے۔محکمہ زراعت کے ترجمان نے صحافیوںکو بتایاکہ سورج مکھی کی بروقت کاشت سے بہترین فصل حاصل کی جاسکتی ہے۔

کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ ہائبرڈ اقسام کے بیج کے حصول کے لیے محکمہ زراعت کے مقامی عملہ سے ضرور مشورہ کریں۔

سورج مکھی کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لئے صحیح وقت پر کاشت ضروری ہے تاخیرسے کاشت کرنے کی صورت میں نہ صرف اِس کی پیداوار میں کمی ہو جاتی ہے بلکہ اِس سے تیل بھی کم حاصل ہوتا ہے۔

بارانی علاقوں میں اس کی کاشت کا انحصار زیادہ تر بارشوں کے پھیلاﺅ پر ہوتا ہے۔


نزلہ زکام کھانسی کو معمولی بیماری سمجھ کر نظر انداز نہ کیا جائے طبی ماہرین

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) طبی ماہرین نے کہا ہے کہ نزلہ زکام کھانسی کو معمولی بیماری سمجھ کر نظر انداز نہ کیا جائے بالخصوص جب وبائی امراض پھیل رہے ہوں تو احتیاط اور ڈاکٹرسے چیک اپ ضرور کروایاجائے تاکہ بر وقت علاج معالجہ کے ساتھ انسانی زندگی کی قدر کے تقاضوںکو پورا کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک چین میں کرونا وائرس سے پریشان اور خوف ذدہ ہونے کی بجائے اللہ کریم سے رجوع کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر پر عمل یقینی بنایا جائے۔

تاکہ اس قادر مطلق کے حضور عرضداشت پیش کر کے صحت ،زندگی ،جان ومال ِ،گھر ،کاروبار ،اولاد اوردیگرمعاملات زندگی سے متعلق پریشایوں سے نجات حاصل کی جاسکے۔


رواں ماہ ملک میں دھند اور بارش کا سپیل داخل ہونے کی پیشگوئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) محکمہ موسمیات نے رواں ماہ ملک میں دھند کا آخری سپیل داخل ہونے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں ماہ فروری کے وسط میں بارش برسانے والا ایک اور سپیل ملک میں داخل ہوگا

جس کے باعث مارچ کا مہینہ موسم کے لحاظ سے خوشگوار اور بہتر گزرے گا،محکمہ موسمیات کے مطابق اتور کے روز شہر میں سردی کی شدت میں معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔

جس کے نتیجے میں ڈیرہ کا کم سے کم درجہ حرارت۰۵ ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت18 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


جیلوں میں معمراور بیمار کے قیدیوں کو ریلیف کی فراہمی کے عمل میں تاخیرکاامکان

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک بھر کی جیلوں میں قید 65سال یا اس سے زائد عمر کے شدید بیمار اورمعمولی جرائم میں ملوث کم عمر قیدیوں کو ریلیف کی فراہمی کے عمل میں تاخیرکاامکان ہے ڈیٹا جمع کرنے کے عمل میں ٹیموں کوشدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑ رہاہے

گزشتہ سال کابینہ نے ملک بھر کی جیلوں میں 65سال قیدیوں ،شدید بیمار قیدیوں،معمولی جرائم میں قید کم عمر قیدیوں کو ریلیف فراہم کرنے کا اعلان کیاتھا جس کے بعد تشکیل کردہ ٹیموں نے دورے شروع کردیئے ہیں تاکہ قیدیوںکی تفصیلات حاصل کی جا سکے

اور حکومتی اعلان کے مطابق معیار پر پورا اترنیوالے قیدیوں کو ریلیف دیاجا سکے۔ٹیموں کے مختلف جیلوں کے حکام سے 65سال یا ا س سے زائد عمرکے قیدیوں کی تفصیلات طلب کی ہیں

تاہم جیل خانہ جات ذرائع کے مطابق صوبے کی جیلوں کی انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی جواب نہیں دیاگیاہے اورجیل حکام عمر وں کے حوالے سے ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں جبکہ کم عمر قیدیوں کا ڈیٹا کے متعلق بھی جیلوں کی انتظامیہ کے پاس انتظامات نہ ہونے کے برابر ہیں

ذرائع کے مطابق ایسے ہی مسائل کم عمر قیدیوں کے ڈیٹا کے حوالے سے آ رہے ہیں کیونکہ بہت سے قیدی یہ دعوی کرتے ہیں کہ وہ کم عمر ہیں اور ان کے مقدمات مختلف عدالتوں میں بھی چل رہے ہیں۔


روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)گذشتہ ایک ہفتے کے دوران انٹر بینک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان رہا۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے میں انٹر بینک میں ڈالر18پیسے سستا ہو گیا

جس سے ڈالر کی قیمت خرید 154.60روپے سے کم ہو کر154.42روپے اور قیمت فروخت154.70روپے سے کم ہو کر154.52روپے ہو گئی اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر30پیسے کم ہو گئی

جس سے ڈالر کی قیمت خرید 154.60روپے سے کم ہو کر154.30روپے اور قیمت فروخت154.90روپے سے کم ہو کر154.60روپے پر آ گئی۔فاریکس رپورٹ کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے میں یورو کی قدر25پیسے بڑھ گئی

جس سے یورو کی قیمت خرید 170روپے سے بڑھ کر170.25روپے اور قیمت فروخت171.50روپے سے بڑھ کر171.75روپے ہو گئی جبکہ70پیسے کے اضافے سے برطانوی پونڈ کی قیمت خرید 201.80روپے سے بڑھ کر202.50روپے اور قیمت فروخت203.30روپے سے بڑھ کر204روپے ہو گئی۔

فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق ہفتہ کے دن مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مستحکم رہی تاہم یورو55پیسے اور برطانوی پونڈ1روپے مہنگا ہو گیا۔


مکان کی چھت گرنے کے افسوسناک سانحہ پر اہل خانہ سے اظہار تعزیت

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) یونین کونسل نمبر 5 کے سابق وراڈ نائب ناظم ذاہد اقبال بیٹنی کے مکان کی چھت گرنے سے اہل خانہ کی اموات بڑا سانحہ ہے حکومت ورثا کو معاوضہ ادا کرکے ان کی تلافی کرے

ان خیالات کا اظہار یونین کونسل 5 کے سابق ضلع ممبر ڈاکٹر انور علی وارڈ ناظم چوہدری شکیل ایڈوکیٹ ،مدثر حکیم دین اورمحمد اسماعیل جان نے اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں کیا ہے ، انہوںنے کہا کہ ہم مصیبت کی اس گھڑی میں غمزادہ خاندانوں کے ساتھ ہیں ،

انہوں نے دعاکی کہ اللہ تعالی مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلی مقام اور پسماندگان کو صبر جمیل جبکہ زخمیوں کو جلد صحت کاملہ عطافرمائے ،آمین۔


یوم اظہار یکجہتی کشمیر پر عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا جائے گا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان میں پانچ فروری کو یوم اظہار یکجہتی کشمیر پر عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا جائے گا جس میں عوامی نمائندگان، سرکاری ملازمین، ٹریڈرز ،مذہبی ، سماجی و فلاحی تنظیموں کے کارکنان سمیت تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کثیر تعداد شرکت کرینگے ،

ریلی کے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائیں گے۔ضلعی انتظامیہ ڈیرہ نے تمام سرکاری محکموں کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اداروں میں یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں تقاریریب کا انعقاد کریں

بالخصوص سکولوں اور کالجز میں طالب علموں کے مابین آزادی کشمیر کے موضوع پر تقریری اور ملی نغموں کے مقابلہ جات کا انعقاد کیا جائے گا۔
٭٭٭٭

%d bloggers like this: