مئی 2, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

29جنوری2020:آج ضلع ڈیرہ غازی خان میں کیا ہوا؟

ضلع ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں،تبصرے اور تجزیے۔

ڈیرہ غازیخان

کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن نسیم صادق نے اپنے آفس میں کھلی کچہری لگائی اور اوپن ڈور پالیسی کے تحت سائلین کے مسائل سنے،

تحریری اور زبانی درخواستوں پر احکامات جاری کیے.کمشنر نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان شہر کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

شہر کو چار زون میں تقسیم کرکے ہر زون کیلئے الگ سٹاف تعینات کر دیا ہے۔زون اے میں ایک سے چار یونین کونسل، زون بی میں پانچ سے 9 یونین کونسل،زون سی میں دس سے 13 یونین کونسل اور زون ڈی میں 14 سے 17 یونین کونسل کے علاقے شامل کیے گئے ہیں۔

کمشنر نسیم صادق نے کہا کہ عوام صفائی عملہ کو عزت وتکریم دیں۔یہ لوگ آپ کا گند صاف کرتے ہیں۔گھر اور دکانوں کا کوڑا کارپوریشن کے مخصوص کردہ پوائنٹس پر اکٹھا کیا جائے۔


ڈیرہ غازیخان

ڈیرہ غازی خان شہر کی واٹر سپلائی کی کلورینیشن کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے کمشنر نسیم صادق نے کارپوریشن اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے عملہ کو ٹاسک دے دیا۔کمشنرنے کہا کہ

میٹروپولیٹن کارپوریشن کے واٹر سپلائی عملہ کو جدید تقاضوں کے مطابق آلات سے لیس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے انچارجز اور عملہ کو بلاکر اوزار اور آلات کی فہرست طلب کرلی گئی ہے عملہ کو اچھے آلات دیکر معیاری کام لیا جائیگا

۔واٹر سپلائی پائپ لائن اور جوڑ کی لیکج سے سیوریج کا پانی مکس ہونے کی شکایات عام ہیں۔شہریوں کو صاف پانی فراہم کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات کریں گے۔

ڈیرہ غازی خان شہر میں گھریلو اور کمرشل عمارتوں کے نقشے منظور کرائے جائیں۔کارپوریشن کی متعلقہ برانچ 24 گھنٹے کے اندر نقشے منظور کرے گی۔

بغیر نقشے کی تعمیرات روکنے کے ساتھ سیل اور منہدم کی جاسکتی ہیں۔


ڈیرہ غازیخان

چوک چورہٹہ پر غریب عوام کیلئے لنگر خانہ کی تعمیر اور مانکا کینال پر بچوں کی تفریح کیلئے جھولے،بنچز،سلائیڈنگ کی تنصیب شروع کردی گئی۔کمشنر ڈیرہ غازی خان نسیم صادق نے کام کا جائزہ لیا اور ہدایات جاری کیں.

کمشنر نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں اورمانکا کینال کی ڈی سیلٹنگ اور ڈریسنگ کا جائزہ لیا.انہوں نے کہاکہ

مانکا کینال کی صفائی کے بعد شجرکاری کی جائے گی موجود درختوں کی کانٹ چھانٹ کرائی جارہی ہے۔مانکا کینال کے کناروں کو گرین بیلٹس میں تبدیل کرکے جھولے اور بنچز کی تنصیب شروع کردی گئی ہے

مانکا کینال کی سٹریٹ لائٹس کو فنکشنل کرایا جائیگاکمشنر نے کارپوریشن کے وئیر ہاؤس کا بھی دورہ کرتے ہوئے سکریپ سے بنچز،جھولے،سلائیڈنگ اور دیگر اشیاء کی تیاری کا جائزہ لیا

انہوں نے چوک چورہٹہ کا دورہ کرتے ہوئے لنگر خانہ اور مانکا کینال کے کناروں پر جھولے،بنچز،سلائیڈنگ کی تنصیب کا جائزہ لیا۔

کمشنر کی ہدایت پرمانکا کینال کے کناروں پر کنکریٹ ڈسٹ بن کی بھی تعمیر شروع کردی گئی ہے کمشنر نے جنرل بس سٹینڈ کا بھی دورہ کرتے ہوئے ملحقہ رقبہ پر پارک کی تیاری کا جائزہ لیا۔

انہوں نے روڈ کے پیچ ورک کا بھی معائنہ کیا اور معیاری کام کی ہدایات جاری کیں.


ڈیرہ غازیخان

حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازی خان میں ٹڈی دل کے بچاؤ اور حفاظتی اقدامات کے بارے میں آگاہی سیمینار 30 جنوری کو 11 بجے دن ضلع کونسل ہال میں منعقد ہوگا

جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق کریں گے

ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع مہر عابد حسین نے بتایا کہ سیمینار میں سٹیک ہولڈرز کو تربیت دی جائے گی.


ڈیرہ غازیخان

بزدار حکومت کی ہدایت پر سوشل ویلفئیر کمپلیکس ڈیرہ غازی خان میں کلین اینڈ گرین مہم کے تحت پودے لگائے گئے

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و پلاننگ عبدالغفار،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر محمد رضوان جمیل،منیجر ویمن کرائسز سنٹر ثریا مجید رانا،سپرنٹنڈنٹ دارالامان زرینہ بی بی بی اور دیگر نے دارالامان،

ویمن کرائسس سنٹر اور سوشل ویلفئیر کمپلیکس کے دیگر شعبوں میں پودے لگائے۔


ڈیرہ غازیخان

ڈپٹی کنٹرولر ا متحانات ثانوی و اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ ڈیرہ غازیخان شیخ امجد حسین نے کہا ہے کہ بورڈ کے زیر اہتمام 28، اپریل 2020سے شروع ہونے والے انٹر میڈیٹ سالانہ امتحان کیلئے داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 30جنوری ہے

اس مقصد کیلئے بورڈ کی متعلقہ برانچیں شام چھ بجے تک کھلی رہیں گی. شیخ امجد حسین نے بتایاکہ انٹر میڈیٹ سالانہ امتحان کیلئے داخلہ فارمز کی تمام کیٹیگریز / گروپس کیلئے پروفارما ویب سائیٹ www.bisedgkhan.edu.pkپر اپ لوڈ کر د یئے گئے

ہیں ڈپٹی کنٹرولر نے بتایا کہ امیدوار اور ادارہ جات کیلئے متعلقہ داخلہ فارم کا ڈیٹا آن لائن کر کے فارمز کی ہارڈ کاپی بعداز تصدیق و بنک چالان کی کاپی مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ بورڈ دفتر میں جمع کرانا لازمی ہے.

انہو ں نے کہاکہ ایسے امیدوار جنہو ں نے انٹر پارٹ فرسٹ گیارہویں کا امتحان 2019میں دیا او رپاس ہوئے مگر کسی وجہ سے پارٹ سیکنڈ بارہویں کا داخلہ 2020ء کے سالانہ امتحان کیلئے نہیں بھیج سکے اور امتحان دینے سے قاصر رہے

تو ایسے ریگولر / پرائیویٹ امیدواروں کا گیارہویں کلاس کا نتیجہ برقرار رہے گا اور وہ 2021ء کے سالانہ امتحان میں شامل ہو سکتے ہیں. ڈپٹی کنٹرولر امتحانات شیخ امجد حسین نے مزید کہاکہ

نمبر بہتر کرنے کی غرض سے کوئی بھی امیدوار انٹر پاس کرنے کے بعد کسی ایک پارٹ، گیارہویں / بارہویں یا مکمل انٹر میڈیٹ یا ایک اور زیادہ مضامین کا امتحان دینے کیلئے داخلہ بھیج سکتے ہیں.


ڈیرہ غازیخان

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے زیر اہتمام میٹرک، ایف اے، بی ایس، ایم ایس سی، ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی کے داخلے جاری ہیں ریجنل ڈائریکٹر اوپن یونیورسٹی ڈیرہ غازیخان قیصرعباس کاظمی نے بتایا کہ میٹرک او رایف اے کیلئے داخلہ کی

آخری تاریخ 21فروری جبکہ چار سالہ ایم ایس سی، ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی کیلئے 14فروری اور بی اے بی ایڈ، ایم اے،ایم ایڈ کیلئے 2مارچ مقرر کی گئی ہے.

انہوں نے بتایاکہ ریجنل کیمپس کے زیر اہتمام بی ایڈ کے ڈیڑھ، اڑھائی اور چار سالہ کورس کی ورکشاپ 20جنوری سے جاری ہے جبکہ بی ایڈ اولڈ پروگرام کورس کوڈ 655کی ورکشاپ 10فروری سے ریجنل سنٹر پر شروع ہو گی.

قیصر عباس کاظمی نے کہاکہ تمام طلبہ کو اطلاع نامے جاری کر دیئے گئے ہیں جبکہ مزید معلومات کیلئے ویب سائیٹ www.aiou.edu.pk/workshop.aspسے رجوع کیاجاسکتا ہے.


ڈیرہ غازیخان

ڈسڑکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن ڈیرہ غازی خان کا ایک تعزیتی اجلاس زیر صدارت استاد مجاہد فرید چانڈ یہ اور شیخ الیاس احمد ہوا جس میں پی ٹی آئی کے رہنماء اخوند ہمایوں رضا کے نوجوان بھائی اخوند تیمور رضا کی ناگہانی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہارکیا

اور مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم اخوند تیمور رضا کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور کروٹ کروٹ جنت الفردوس نصیب فرمائے

اور اخوند ہمایوں رضا اور ان کی فیملی کو صبر وجمیل عطا فرمائے مرحوم وفاقی وزیر ماحولیات زرتاج گل کے دیور تھے

اجلاس میں ڈی جی خان کے تمام سپورٹس کلبوں کے صدور اور جنرل سیکٹریوں نے شرکت کی مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی

اور کہا کہ تمام لوگ غمزدہ فیملی کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔


ڈیرہ غازیخان

پہلا عطا سپورٹس آل پنجاب فٹبال ٹورنامنٹ بمقام گورنمنٹ ہائی سکول راجن پور میں جاری ہے ٹورنامنٹ کے چوتھے روز ینگ مسلم فٹ بال کلب جام پور بمقابلہ راجن پور فٹ بال اکیڈمی کے درمیان ایک کانٹے دار میچ ہوا

جوکہ ینگ مسلم فٹ بال کلب نے صفرکے مقابلہ میں 1گول سے راجن پور فٹ بال اکیڈمی کو شکست دے کر جیت لیا ریفریز کے فرائض خالد نذیر فیض رانجھو عرفان مکی نے سرانجام دیئے

جبکہ مہمان خصوصی چوہدری اکبر ضیاء تھے جن کا دونوں ٹیموں سے تعارف کرایا گیا

آرگنائزر عطا اللہ اور عرفان مکی نے مہمان خصوصی کاشکریہ ادا کیا۔


ڈیرہ غازیخان

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کرؤنا وائرس کے نام سے خوف وہراس پھیلانے والی جھوٹی سوشل میڈیا پوسٹ پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرف سے وضاحت بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بکرے کے گوشت اور کرؤنا وائرس کے حوالے سے کوئی پوسٹ جاری نہیں کی۔بکرے کے گوشت اورکرؤنا وائرس میں ابھی تک کوئی تعلق سامنے نہیں آیا۔

بکرے کا گوشت نہ کھانے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی پوسٹ جھوٹی ہیں۔عرفان میمن نے عوام سے گزارش ہے کہ

درست معلومات کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کا آفیشل فیس بک پیچ لائک کریں۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی پنجاب فوڈ اتھارٹی کا آفیشیل پیج facebook.com/PunjabFoodAuthorityپنجاب فوڈ اتھارٹی سے منسوب کسی بھی قسم کی معلومات پر یقین کرنے سے پہلے

ہم سے تصدیق لازمی کریں۔درست معلومات کے حصول کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی فیس بک پیچ یا ٹول فری نمبر080080500 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔


ڈیرہ غازیخان

معمولی تلخ کلامی پر2 گروپوں میں تصادم، فائرنگ کا تبادلہ، فائرنگ سے 6افراد شدید زخمی، ریسکیو 1122 نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا، پولیس نے کاروائی شروع کردی

تفصیل کے مطابق تھانہ کوٹ چھٹہ کی حدود ڈاٹ قریشی میں معمولی تلخ کلامی پر 2 گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ میں 6افراد شدید زخمی ہوگئے،

زخمیوں میں گلیشیر احمد، مشتاق احمد، نادر چانڈیہ، فاروق احمد،زاہد بدرو سمیت 6افراد شدید زخمی ہوگئے،

اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی 2 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں، ریسکیو 1122 نے زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال کوٹ چھٹہ اور ٹیچنگ ہسپتال ڈی جی خان کے ٹراما سنٹر منتقل کردیا،

پولیس تھانہ کوٹ چھٹہ نے موقع پر کاروائی شروع کردی ہے اورملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس کے چھاپے بھی جاری ہیں۔


ڈیرہ غازیخان

رابطہ عالم اسلامی کی سپریم کونسل کے رکن و سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبد الکریم نے کہا ہے کہ حکومتی نااہلی کے باعث شدید مہنگائی نے غریبوں سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے، ملکی معیشت سمیت حکومت تمام شعبو ں میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے

اور عوام تبدیلی سرکار سے سخت مایو س اور پریشان ہے اپنی رہائش گاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ

نت نئے ٹیکسز کی بھر مار اور بڑھتی ہو ئی مہنگائی،بے روزگاری کی وجہ سے لوگ خودکشیوں پر مجبور ہیں ڈاکٹر حافظ عبد الکریم نے ڈیرہ غازی خان میں تعینات ہو نے والے نئے کمشنر نسیم صادق کی کارکردگی کو سراہتے ہو ئے کہا کہ

وہ شہر کی تعمیر و ترقی اور عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے بھر پور طریقے سے اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں با لخصوص مانکہ کینال کی بحالی،جنرل بس اسٹینڈ کی اپ گریڈیشن، ناجائز تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز آپریشن،پارکس کا قیام اور میٹروپولیٹن کی کارکردگی کو بہتر بنانا

جیسے ان کے اقدامات قابل ستائش ہیں انہوں نے کہا کہ شہر کو خوبصورت بنانے اور بہترین صحت و صفائی قائم رکھنے کے لئے معاشرے کے تمام طبقات اور ہر شہری کو ضلعی انتظامیہ سے بھر پور تعاون کر کے اپنا کردار ادا کر چاہئے

اور اس سلسلے میں کمشنر نسیم صادق اور اس کی پوری ٹیم کے ساتھ ہم بھی ہمہ قسم کے تعاون کے لئے ہر وقت تیار ہیں تاکہ

یہاں سے پسماندگی کا خاتمہ کر کے اسے مثالی ضلع بنایا جا سکے اس موقع پر عمائدین علاقہ اور شہر کی مختلف سیاسی و سماجی شخصیات

نے انہیں رابطہ عالم اسلامی کی سپریم کونسل کا رکن منتخب ہو نے پر مبارکباد دی اور پھولوں کے ہار پہنائے۔


ڈیرہ غازیخان

چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے خلاف ڈسٹرکٹ بار کی ہڑتال، وکلاءنے عدالتی امور کا بائیکاٹ کیا ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری بلال احمد بوہڑ نے بتایا کہ

شہرمیں بڑھتی ہوئی چوری کی وارداتوں کے خلاف وکلاءعدالتوں میں پیش نہیں ہوئے وکلاءکی ہڑتال کے باعث ماتحت عدلیہ میں زیرسماعت مقدمات بغیرکسی عدالتی کارروائی کے ملتوی کردیئے گئے

جنرل سیکرٹری نے بتایا کہ سابق صدربارسمیت دیگربار کے اراکین کی گزشتہ دنوں گاڑیاں اوردیگرقیمتی اشیاءچوری ہوگئیں

تاہم مقامی پولیس چوری شدہ اشیاءکی برآمدگی اورملزمان کی گرفتاری میں مکمل طور پر ناکام ہوئی ہے وکلاءنے چوری شدہ اشیاءکی فوری برآمدگی

اور قانون کی عمل داری کویقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کامطالبہ کیاہے۔

%d bloggers like this: