مئی 5, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

بلوچستان یونیورسٹی وڈیواسکینڈل:طالبات کی حاضری کم ،ہاسٹلز خالی

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ دنوں بلوچستان یونیورسٹی میں ویڈیو اسکینڈل سامنے آنے کے بعد طالبات کی بڑی تعداد نے یونیورسٹی جانا چھوڑدیا

کوئٹہ:  بلوچستان یونیورسٹی ویڈیواسکینڈل، ہراساں اور بلیک میلنگ کے بعد طالبات کی یونیورسٹی میں حاضری کم ہوگئی، طالبات خوف میں مبتلا ہوگئی ہیں، یونیورسٹی نفسیاتی سینٹرمیں تبدیل ہوکر رہ گئی ہے۔

بلوچستان کے مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ دنوں بلوچستان یونیورسٹی میں ویڈیو اسکینڈل سامنے آنے کے بعد طالبات کی بڑی تعداد نے یونیورسٹی جانا چھوڑدیاجبکہ حاضری نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے، یونیورسٹی میں اس وقت بھی طالبات نفسیاتی دباؤ میں پڑھائی کررہی ہیں، واش روم، کلاسز سمیت یونیورسٹی کے دیگرمقامات پر جانے سے کترانے لگ گئی ہیں، ایک طالبہ نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ یونیورسٹی میں تعلیم کا ماحول ختم ہوچکا ہے کیونکہ ہم شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہوکر رہ گئی ہیں۔

افسوس کامقام ہے کہ واش روم تک خفیہ کیمرے نصب کئے گئے تھے جس کا علم کسی کو بھی نہیں تھا مگر وائس چانسلر اور انتظامیہ کی لاعلمی سمجھ سے بالاتر ہے کیونکہ تمام تر اختیارات ان کے پاس ہیں کہ یونیورسٹی کے انتظامات کو کس طرح چلایا جاسکتا ہے، تمام طلبہ وطالبات وائس چانسلر اور انتظامیہ کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کررہے ہیں اور ایک شفاف کمیٹی تشکیل دینے پر زور دے رہی ہے جس میں ان طالبات کو بھی کمیٹی کے سامنے لایاجاسکے جنہیں عرصہ دراز سے بلیک میل کیاجاتارہا ہے مگر ان کے نام صیغہ راز میں رکھا جائے باوجود اس کہ طالبات کا بھروسہ اب کسی پر نہیں رہا ہے کہ وہ اپنا مؤقف دے سکیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ کئی سال سے طلبہ کو ہراساں کئے جانے اور بلیک میلنگ کا سلسلہ چلتا آرہا ہے جس کا انکشاف حال ہی میں ہوا ہے۔ طالبات کا یہ بھی کہنا ہے کہ گھروں میں ٹی وی پر نیوز دیکھنا بھی چھوڑدیا ہے کیونکہ خاندان کے افراد اس طرح کی خبروں کی وجہ سے ان کی پڑھائی روک نہ لیں۔ دوسری جانب وائس چانسلر اور انتظامیہ اب تک یونیورسٹی کے معاملات چلارہے ہیں جوکہ سراسر ناانصافی ہے۔

صوبائی حکومت اور گورنر بلوچستان براہ راست اپنا کردار ادا کرتے ہوئے وائس چانسلر سمیت انتظامیہ کے عہدیداران کو ہٹائیں  تاکہ شفاف تحقیقات کے ذریعے ایسے عناصر کو سخت سزا دی جائے جنہوں نے طالبات کے ساتھ گھناؤنا کھیل کھیلا ہے۔دوسری جانب ایف آئی اے سائبرکرائم ٹیم تحقیقات کررہی ہے مگر کوئی خاص پیشرفت اب تک سامنے نہیں آئی ہے۔

%d bloggers like this: