اپریل 29, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

18اکتوبر2019:ڈیرہ غازیخان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلے

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ غازی خان اور گردونواح سے ڈیلی سویل کے نمائندگان اور نامہ نگاروں کے مراسلوں پر مبنی خبریں۔

ڈیرہ غازیخان: حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازیخان میں یوم یکجہتی کشمیر بھر پور طریقے سے منایاگیا. تحصیل سطح کے علاوہ ضلع و ڈویژن کی مرکزی تقریب بمبے ہوٹل چوک پر منعقد ہوئی جس میں اسسٹنٹ کمشنر ز عثمان جلیس، شاہد ملک اوردیگر موجود تھے. شرکاء نے قومی اور کشمیر کے پرچم اٹھائے ہوئے تھے. پاکستان زندہ باد او رکشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے.

اسسٹنٹ کمشنرز نے کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے. کشمیر کی آزادی کیلئے ہر پلیٹ فارم سے آواز بلند کی جاتی رہے گی. اقوام عالم کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم او رجارحیت کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو ان کی خواہش کے مطابق حق خود ارادیت دلایاجائے.


ڈیرہ غازیخان:وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان وقاص رشید نے تحصیل کوہ سلیمان کے مختلف علاقوں میں جا کر کھلی کچہریاں لگائیں اور قبائلیوں کے مسائل ان کی دہلیز پر سننے کے ساتھ حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کیے. ڈپٹی کمشنر نے بارتھی اور زین میں کھلی کچہریوں کے دوران عوام کی تحریری و زبانی درخواستو ں پر متعلقہ محکمو ں کے افسران کو ہدایات جاری کیں.

ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار علاقہ بالخصوص قبائلیوں کی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات کر رہے ہیں ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرایاجائے گا جس سے علاقہ میں ترقی کے ساتھ روزگار کے مواقع بھی فراہم ہو ں گے. ڈپٹی کمشنر نے تعلیم، ہیلتھ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، ٹی اے ڈی پی، فورٹ منرو ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر محکمو ں سے متعلق موصول شدہ درخواستوں پر افسران کو تین روز کے اندر پیشرفت رپورٹ فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں. علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر نے قبائلی علاقہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں،مراکز صحت کا بھی جائزہ لیا اور احکامات جاری کیے۔


ڈیرہ غازیخان:ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان وقاص رشید نے کہا ہے کہ ان کے دفتر کے دروازے ہر شخص کیلئے کھلے ہیں عوام کے مسائل کا بروقت حل اولین ترجیح ہے. انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں سائلین کے مسائل سننے کے دوران کہی.

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام افسران کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ عوام کے مسائل حل کرنے میں تاخیری حربے استعمال کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی. اس موقع پر انہوں نے سائلین کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے احکامات جاری کیے.


ڈیرہ غازیخان:حکومت پنجاب کی ہدایت پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع تونسہ ملک محمد کلیم نے تونسہ کی مختلف کھاد مارکیٹس کا اچانک دورہ کیا. انہوں نے سٹاک رجسٹر، پرائس لسٹ، کیش میمو چیک کیے. انہوں نے کھاد کے نمونے بھی حاصل کیے. تونسہ اور کوٹ موڑ میں معائنہ کے دوران انہو ں نے دکاندارو ں کو ہدایات جاری کیں کہ کھاد کی خرید و فروخت کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب کیا جائے.

دکانوں میں نرخنامے آویزاں کیے جائیں. کھاد میں ملاوٹ اور گرانفروشی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی. علاوہ ازیں انہوں نے مختلف گاؤں میں جا کر کپاس او ردیگر فصلو ں کا سروے کرنے کے ساتھ کاشتکاروں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے حوالے سے مفید مشورے دیئے.


ڈیرہ غازیخان: حکومت پاکستان نے غربت کے خاتمے کا تہیہ کیا ہوا ہے مختلف منصوبوں کے ذریعے عام آدمی کے معیار زندگی بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پاکستان میں عام غریب آدمی کے طرز زندگی کو بدلنے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ حکومت پاکستان کو معاشی حوالے سے نچلے درجے پر موجود عام پاکستانیوں کا مکمل احساس ہے اور وزیر اعظم پاکستان کے وژن کے مطابق چیئرپرسن احساس،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ثانیہ نشتر نے احساس منسٹری کا حصہ بنا کر جامع پروگرامز ترتیب دئیے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار ڈویژنل ڈائریکٹر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام محمد عمار نذیر قریشی نے ڈی جی خان آفس میں غربت کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا. انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے پاکستان میں غربت کے خاتمے میں نہ صرف اہم کردار ادا کیا بلکہ شفاف طریقہ کار اپناتے ہوئے گھر گھر سروے کو نہ صرف مکمل کیا بلکہ ستاون لاکھ مستحق خاندانوں کو انکی دہلیز پر امدادی رقم پہنچا کر انکے امور خانہ کو بہتر بنانے میں ساتھ دیا جبکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے مختلف پروگراموں جن میں تعلیم صحت اور خود روزگار کے ذریعے غربت کے خاتمے کے لیے مربوط کوشش کی گئی ہے اور یہ با مقصد منصوبہ جاری ہے اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈی جی خان ملک محمد ظفر نے اپنے خطاب میں کہا کہ بہت جلد خوشحال پاکستان پروگرام کے ذریعے غربت کے خاتمے کے حوالے سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے پلیٹ فارم سے جامع پروگرام کا کیا آغاز جارہا ہے جو پاکستان میں غربت کے خاتمے اور عام غریب آدمی کے معاشی استحکام کے حوالے سے کلیدی کردار ادا کریگا۔اس موقع پر ایچ بی ایل کنکیٹ کے زونل منیجر نسیم احمد خان قیصرانی کے ساتھ سدرہ صفدر، عاصمہ سلیم اور کثیر تعداد میں لوگ موجود تھے.


ڈیرہ غازیخان: کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن مدثر ریاض ملک نے کہا ہے کہ ڈینگی کو مات دینے کیلئے صفائی کی عادت اپنانا ہو گی. مچھر کی افزائش روکنے کیلئے پرورش گاہوں کی تلفی ضروری ہے. تمام محکمے مسلسل کام کریں. موسم تبدیل ہوتے وقت ڈینگی کا حملہ رک جائے گا انہوں نے یہ بات ڈویژن بھر میں کیے گئے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ کے دوران کہی.

کمشنر مدثر ریاض ملک نے کہاکہ حکومت پنجاب ڈینگی کے خاتمے کیلئے سنجیدگی سے کام کررہی ہے. مطلوبہ نتائج کے حصول کیلئے کمیونٹی کو ساتھ ملانا ہو گا. کاٹھ کباڑ، کوڑا کرکٹ، پرانے ٹائر ٹھکانے لگانے کے ساتھ ماحول صاف رکھنے سے ڈینگی مچھر کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی. انہوں نے کہاکہ ڈینگی مچھر صاف پانی میں انڈے دیتا ہے اس لیے پانی کے ذخیروں کو ڈھانپنے کے ساتھ غیر ضروری جوہڑ اور پانی تلف کیاجائے.


ڈیرہ غازی خان: بی ایم پی تھانہ بواٹہ چیک پوسٹ نے غیر ملکی نان کسٹم پیڈ بی ایم ڈبلیو کا ر کو پکڑ لیا،قانونی کاروائی شروع تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ بواٹہ بی ایم پی حبیب اللہ خان لغاری نے صحافیوں کو بتایا کہ ہماری ٹیم امجد علی بجرانی،محمد رفیق،خلیل احمد رات گئے چیکنگ کر رہے تھے کہ بلوچستان سے نان کسٹم پیڈ کار بی ایم ڈبلیو جس کی مالیت لاکھوں روپے میں ہے اس کو روکا گیا جو کہ نان کسٹم پیڈ ثابت ہوئی فرضی جعلی نمبر LEB-5404کی پلیٹ بھی لگائی ہو ئی تھی جس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا گاڑی کے خلاف 550زیر دفعہ کی کاروائی کر دی گئی ہے ۔

کمشنر مدثر ریاض ملک،ڈپٹی کمشنر وقاص رشید،پی اے سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر چیک پوسٹ پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔


ڈیرہ غازی خان :پاکستان تحریک انصاف کی ایم پی اے ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ نے کہا کہ احساس پروگرام عوام کی مشکلات دور کرنے غربت میں کمی لانے خود روزگار میں اضافہ کرنے کا موجب بنے گا وہ احساس پروگرام کے تحت خواتین کو بلا سود قرضوں کے چیک د ینے کے موقع پرخطاب کر رہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کا ویژن اور مشن عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرکے اور انکا معیار زندگی بلند کرکے پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہے انہوں نے کہا کہ عنقریب ڈیرہ غازی خان میں خواتین کو ہنر مند بنانے کے مختلف پروگرامز کا آغاز کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے نہ صرف ہنر سکھایا جائے گا بلکہ مالی معاونت بھی کی جائے گی۔ اور نہ کی بنائی ہوئی اشیاء کی مارکیٹنگ بھی کی جائے گی تاکہ انکو انکی محنت کا اچھا معاوضہ مل سکے اس موقع پر زرینہ بلوچ، شہناز فاطمہ، فرزانہ و دیگر بھی موجود تھیں۔


ڈیرہ غازیخان :20 صفر چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل مجالس،جلوسوں کی سیکیورٹی پر 600 سے زائد پولیس افسران و ملازمان، والنٹئیرز تعینات کئے گئے ہیں مجلس و جلوس کی مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم قائم کئے گئے تمام حساس جلوس و مجالس کی CCTV کیمروں سے نگرانی کی جائے گی یہ بات ڈی پی او ڈیرہ غازیخان اسدسرفراز نے بتائی انہوں نے کہا جلوسوں سے ملحقہ راستوں کو خاردار تاروں سے بند رکھا جائے گا مجالس جلوسوں میں شامل ہونے والے افراد کی مخصوص انٹری پوائنٹس پر واک تھرو گیٹس،میٹل ڈٹیکٹراور فزیکل سرچنگ کے بعد ہی انٹری کی اجازت دی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ خواتین کی چیکنگ کیلئے لیڈیز پولیس اہلکارتعینات کئے گئے ہیں اور جلوسوں کے فرنٹ اور بیک پر تھری لیئر سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا اور اہم پوائنٹس اور چھتوں پر مسلح جوان تعینات کیے جائیں گے ڈ ی پی او اسدسرفراز خان نے مزیدکہا جلوسوں کے راستوں کی کلیئرنس سویپنگ کے ذریعے کی جائے گی جلوسوں کے روٹ پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے ٹریفک ملازمین تعینات کئے گئے ہیں انہوں نے بتایا تمام وسائل بروئے کار لاکر چہلم حضرت امام حسینؓ پر امن و امان برقرار رکھا جائے گا۔


ڈیرہ غازی خان :تین روز قبل راکھی گاج کے نزدیک بارڈر ملٹری پولیس اور محکمہ وائلڈ لائف کی ٹیموں کے مشترکہ ریڈ میں پکڑے جانے والے قومی پرندے چکور کے 289پرندوں کو راکھی گاج کے علاقہ میں سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ سید گل عباس نے تشکیل دی گئی کمیٹی جس میں ڈسٹرکٹ افسر وائلڈ لائف میاں محمد احمد،انسپکٹر وائلڈ لائف محمد سعید،ایس ایچ او تھانہ راکھی گاج لیاقت عباس لغاری اور دیگر اراکین کے ہمراہ اپنی نگرانی میں پہاڑی علاقہ میں آزاد کر دیئے تاکہ ان کی افزائش نسل قدرتی ماحول میں ہو سکے تین روز قبل یہ 289چکور بلوچستان سے لاہور سمگلنگ کے دوران راکھی گاج چیک پوسٹ پر چھاپہ مار کر پکڑے گئے تھے جبکہ ملزمان فرار ہو گئے تھے جس کا چالان محکمہ وائلڈ لائف نے سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ سید گل عباس کی عدالت میں پیش کیا تھا جسے محکمہ وائلڈ لائف کے قواعد و ضوابط کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں ان کے علاقہ اور قدرتی ماحول میں آزاد کر دیا گیا۔


ڈیرہ غازیخان: ٹیچنگ ہسپتال انتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت سے ادویات چوری کی ایک اور بڑی واردات،ادویات سے بھرا رکشہ پکڑا گیا، خاتون گرفتار، بڑی تعداد میں انجکشن،برنولے،کریمیں اور انٹی بائیوٹک ادویات،سرجیکل سامان اور بڑی مقدار میں گولیاں برآمد،دو ماہ قبل بھی اسی خاتون نے ادویات کی چوری پکڑی گئی تھی،صوبائی حکومت کی طرف سے ٹیچنگ میں سالانہ کروڑوں روپے کی ادویات فراہم کی جاتی ہیں لیکن غریب مریضو ں سے ادویات باہر سے منگوائی جاتی ہیں،شہریوں نے گینگ میں ملوث ہسپتال عملہ کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے، اس سلسلہ میں مزیدتفصیلات کے مطابق ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ میں ٹراما سنٹر کے باہر سیکورٹی گارڈ نے گزشتہ روز ایک مشکوک موٹر سائیکل رکشہ کو روکا،تلاشی لینے پر بڑی مقدار میں سرکاری ادویات برآمد ہونے پر رکشہ پر سوار خاتون کو گارڈ نے پکڑ لیا، جس سے انجکشن انوسیف، ڈرپ سیٹ،، نیٹو ٹیپ، سرنجیں، مختلف انجکشن، سٹاسون کریم، سرجیکل سامان کچابلڈ انجکشن اور بڑی مقدار میں گولیاں شامل ہیں خاتون کی شناخت شہناز کے نام سے ہوئی ہے،۔

اس سلسلہ میں رابطہ کرنے پر فوکل پرسن ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر خالد تحسین نے بتایا کہ خاتون دوسری مرتبہ ہسپتال سے پکڑی جارہی ہے ہو سکتا ہے اس کے ساتھ ہسپتال کا عملہ ملوث ہو سکتا ہے جو بھی ملوث ہو گا اس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی اور خاتون کو سول لائن پولیس کے حوالے کردیاگیا ہے۔ ٹیچنگ ہسپتال میں سالانہ کروڑوں کی ادوات سپلائی ہوتی ہیں لیکن غریبوں کو نہیں ملتیں،ایل پی کی مد میں روزانہ لاکھوں روپوں کی ادویات خردبرد ہو رہی ہیں، ٹیچنگ ہسپتال کی سرکاری ادویات مضافات میں عطائیوں کو فروخت ہونے کی بھی اطلاعات ملی تھی، واضح رہے کہ ٹیچنگ ہسپتال میں صحافیوں کے داخلے اور ہر قسم کی کوریج پر پابندی ہے،تاکہ اس طرح کے کاموں اور ڈاکٹروں کی علاج غفلت اور غیر حاضری کے معاملات پر پردہ ڈالا جا سکے کمشنر ڈیرہ کے پاس اوویات ایل پی کے بوگس بلوں کی کئی شکایت موصول ہوئی لیکن وہ تمام کی تمام فرضی انکوائری کی نظر ہو گئیں۔شہریوں محمد ایاز،محمدکامران،محمد اکمل،مقصود احمد،زاہد،طفیل احمد و دیگر نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ادویات چوری میں ملوث ہسپتال عملہ کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔


ڈیرہ غازیخان: نامعلو م مسلح موٹرسائیکل سواروں کی بھرے بازار میں آکر پریس کلب کے نزدیک فریدی بازار میں ہوٹل پر بیٹھے شخص پر فائرنگ، موقع پر جاں بحق،شہر میں خوف ہراس،حملہ آور فرار،پولیس نے نعش قبضہ میں لے لی۔فرانزک سائنس ٹیم نے شواہد اکٹھے کئے ریسکیو1122 نے نعش پوسٹ مارٹم کے لئے ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردی تفصیلات کے مطابق فریدی بازار میں واقع بسم اللہ ہوٹل میں بستی زادین رکنی بلوچستان کا رہائشی جو واپڈا ملازم بتایا جا تا ہے خمس ولد زاہرو وگہ کھتران ناشتہ کررہا تھا کہ اچانک موٹرسائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس سے وہ شدید زخمی ہو کر زخموں کی تاب نہ؛لاتے ہو ئے موقع پر دم توڑ گیا۔

نامعلوم حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے تھانہ بی ڈویثرن پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر کاروائی شروع کردی ذرائع کے مطابق مقتول کی پرانی دشمنی چل رہی تھی قتل پرانی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم اس کے ورثاء کے بلوچستان سے آنے اور پولیس کو بیان دینے کے بعد مقدمہ کے اندراج پر صورتحال واضح ہو سکے گی۔

%d bloggers like this: