نومبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

پی سی بی نے کورونا وائرس کے تمام 128 ٹیسٹ منفی آنے کی تصدیق کردی

چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ ہمیں مصافحہ کرنےیا گلے ملنے سے پرہیز کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعات سے دور رہیں

• کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف اراکین، میچ آفیشلز، براڈ کاسٹرز اور ٹیم مالکان کے ٹیسٹ لیے گئے
• پی سی بی مسرور ہے کہ تمام کھلاڑی اور آفیشلز محفوظ اور تندرست ہیں اور وہ بغیر کسی خدشہ کے ایک بار پھر اپنے اہلِ خانہ کاحصہ بن گئے ہیں، وسیم خان

لاہور، 19 مارچ 2020ء:

پاکستان کرکٹ بورڈ نے17مارچ بروز منگل کو ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں شریک کُل 128 کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف اراکین،میچ آفیشلز، براڈکاسٹرز اور ٹیم مالکان کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کروائے۔ پی سی بی تصدیق کرتا ہے کہ ان تمام افراد کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔

پی سی بی نے احساسِ ذمہ داری کے تحت ان ٹیسٹوں کو منعقد کروانے کا فیصلہ کیا۔

علاوہ ازیں، ملتان سلطانز کی جانب سے16 مارچ بروز پیر کو کروائے گئے کورونا وائرس کےتمام17 ٹیسٹ کے نتائج بھی منفی آئے ہیں۔

وسیم خان، چیف ایگزیکٹو پی سی بی:

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی ساکھ کے لیے ضروری تھا کہ ایونٹ کے اختتامی مرحلے تک شرکت کرنے والے کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف اراکین، میچ آفیشلز، براڈکاسٹرز اور ٹیم مالکان کے ٹیسٹ منفی آتے۔

انہوں نے کہا کہ اس پس منظر میں پاکستان کرکٹ بورڈ اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہا ہے کہ تمام کھلاڑی اور میچ آفیشلز محفوظ اور تندرست ہیں اوروہ بغیر کسی خدشہ کے ایک بار پھر اپنے اہلِ خانہ کاحصہ بن گئے ہیں۔

وسیم خان نے کہا کہ پی سی بی اپنے ملازمین کے مکمل تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام مداحوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ احتیاط برتیں اور معاشرے کے دیگر افراد کی بہبود کا بھی خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل کرکے اس وباء سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ ہمیں مصافحہ کرنےیا گلے ملنے سے پرہیز کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعات سے دور رہیں اور کھانسنے یا چھینکنے والے افراد کے ساتھ قریبی رابطے سے گریز کریں۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے مداحوں سے درخواست کی ہے کہ وہ وباء سے نجات کے لیے دوسروں کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے لیےبھی آگاہی فراہم کریں۔

وسیم خان نے مزید کہا پی سی بی دعاگو ہے کہ حالات جلد معمول پر آئیں اور خواہش ہے کہ ہم جلد میدانوں میں صحت مندانہ سرگرمیوں کا انعقاد دیکھ سکیں۔

اس دوران تمام 25 غیر ملکی کھلاڑی، اسپورٹ اسٹاف میں شامل اراکین اور میچ آفیشلز اپنے اپنے وطن واپس لوٹ چکے ہیں۔

پی سی بی کی ایڈوائزری برائے صحت:

• چھینک، کھانسی، کھانے سے پہلے اور بعد میں اور ٹوائلٹ کے استعمال کے بعد باقاعدگی سے صابن یا الکوحل والے سینیٹائزر سے ہاتھ دھوئیں
• چھینکتے وقت ٹشو پیپر یا رومال کا استعمال کریں
• ٹشو پیپر یا رومال کے استعمال کے فوری بعد اسے کوڑے دان میں پھینکیں
• مصافحہ کرنےیا گلے ملنے سے پرہیز کریں
• کھانسنےیا چھینکنے والے افرادسے دور رہیں

About The Author