ستمبر 21, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

عمران خان نے اپنے دوستوں کو نوازنے کے لئے آٹے کا بحران پیدا کیا ، بلاول بھٹو زرداری

بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے 40ہزار میٹرک ٹن گندم افغانستان بھیج کر جان بوجھ کر آٹے کا بحران پیدا کر دیا ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں گندم کے بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت نے گندم پیدا کرنے والے ملک کو گندم درآمد کرنے والا ملک بنا دیا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے 40ہزار میٹرک ٹن گندم افغانستان بھیج کر جان بوجھ کر آٹے کا بحران پیدا کر دیا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ عمران خان نے اپنے مخصوص دوستوں کو نوازنے کے لئے آٹے کا بحران پیدا کیا۔ حکومت کے گودام بھرے ہوئے ہیں مگر عام آدمی کو سپلائی نہیں دی جاتی۔ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت گندم اور آٹے کے بحران کی مکمل ذمے دار ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ عمران خان کے صرف نوٹس لینے سے کام نہیں چلے گا سلیکٹڈ وزیراعظم بری طرح ناکام ہو چکا ہے۔ بلوچستان میں آٹے کے بحران نے سنگین مسائل پیدا کر دئیے ہیں جبکہ عمران خان دعوے کرنے سے باز نہیں آرہے۔

انہوں نے کہا کہ کے پی کو آٹے کی سپلائی پانچ روز سے بند ہے اور صوبے کے عوام کو فائن آٹا نہ کھانے کے مشورے دے رہے ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ عمران حکومت کا اپنے گوداموں سے سندھ کو آٹے کی فراہمی روکنا بڑی ناانصافی ہے۔ کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک بھر میں عوام آٹے کے حصول کے لئے قطاروں میں کھڑے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک ہفتے میں دوسری بار آٹا مہنگا ہوا جو حکومت کی مکمل ناکامی ہے۔ گیس، بجلی اور پٹرول مہنگا کرنے سے بنیادی ضروریات کی تمام اشیاءعام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو رہی ہیں۔ ملک میں آج تاریخ کی مہنگی ترین قیمتوں پر آٹا فروخت ہو رہا ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔

About The Author