دسمبر 25, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

اب یہ 10 نکاتی ” ایجنڈا ” اللہ خیر کرے ۔۔۔||حیدر جاوید سید

حیدر جاوید سید سرائیکی وسیب سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے نامور صحافی اور تجزیہ کار ہیں، وہ گزشتہ کئی دہائیوں سے پاکستان کےمختلف قومی اخبارات میں مختلف موضوعات پر تواتر سے کالم لکھ رہے ہیں، انکی تحریریں انہی کی اجازت سے ڈیلی سویل کے قارئین کی نذر کی جارہی ہیں،

حیدر جاوید سید

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اس پر دو رائے نہیں کہ کرپشن کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ ڈالر سمگلنگ خصوصاً اس کی افغانستان سمگلنگ کرنے والوں حصہ داروں اور سرپرستوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔ ایرانی تیل (پٹرولیم مصنوعات) کی سمگلنگ کا بھی خاتمہ ہونا چاہیے۔ ملک کے خسارے والے اداروں میں سے سیاسی بھرتیاں ختم ہونی چاہئیں (اس پوائنٹ میں یہ اضافہ کرلیجئے کہ ملک کے تمام سول اداروں میں کھپائے گئے ریٹائر عسکری نابغوں کو بھی گھر بھیجا جانا چاہیے۔

سیاسی بھرتیاں جتنا جرم ہیں بندوق کے زور پر حاصل کی گئی بوڑھاپے کی نوکری بھی اتنا ہی ظلم ہے) غیرمنافع بخش اداروں کی نجکاری یقیناً ضروری ہے ، شرپسند عناصر سے آہنی ہاتھ سے نمٹنے کا فیصلہ تو ہوتا ہی رہتا ہے عمل کب ہوگا ؟ نان فائلر معیشت کا خاتمہ ، عرب ممالک سے سرمایہ کاری لاکر ڈالر کی شرح تبادلہ میں کمی، پاکستان میں سیاسی استحکام اور معیشت کی بحالی ، یہ مجموعی طور پر 10 نکات ہیں۔

پچھلے دو دن سے سوشل میڈیا اور بعض ٹی وی چینلز پر یہ دس نکات اس دعویٰ کے ساتھ گھوم پھر رہے ہیں کہ یہ باتیں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملک کے 50 ممتاز سرمایہ کاروں سے اپنی حالیہ ملاقات میں بیان کیں ۔

اصولی طور پر ان میں سے کوئی بات یا یوں کہہ لیجئے کہ کام غلط نہیں سیاسی بھرتیوں والے نکتے کے ساتھ ضمنی طور پر اپنی رائے لکھ دی ہے مکرر بھی عرض کئے دیتا ہوں کہ سول محکموں میں ریٹائر عسکری نابغوں بابوں کو ازسرنو ملازمت دینا یا حاضر سروس افسران کو دونوں کام غلط ہیں یہ ایک تو اہل و باصلاحیت افراد کا استحصال ہے ثانیاً اس کی وجہ سے نئی نسل میں مایوسی پیدا ہوتی ہے۔

اب آیئے اصل معاملے کے حوالے سے بنیادی بات کرتے ہیں۔ یہ باتیں اگر 50 ممتاز سرمایہ کاروں سے ملاقات میں واقعتاً آرمی چیف نے کی ہیں تو یہ ان کا دائرہ اختیار ہی نہیں ہے۔ ایک رائے یہ ہے کہ وہ ان نکات کو (اگر واقعی ان کے ہیں) ایک تحریر کی صورت میں وزارت دفاع کی معرفت حکومت کو بھجوادیتے تو زیادہ بہتر تھا۔ ذاتی طور پر میں اس رائے سے بھی متفق نہیں ہوں اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کی ملازمت کا شعبہ اور فرائض منصبی دونوں انہیں اپنی حدود سے تجاوز کی اجازت نہیں دیتے

جبکہ ان سے منسوب یہ گفتگو سیاسی اور معاشی حوالوں سے ہے فوج کا کام سیاست و معیشت نہیں ملکی سرحدوں کا دفاع اور قومی سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنا ہے۔

ہمارے ہاں چونکہ باواآدم ہی نرالا ہے، دستور بنانے والے منتخب قانون سازوں نے ہی اپنے بنائے دستور کو کبھی اہمیت نہیں دی تو دوسرے ایسا کیوں کریں گے۔

باردیگر عرض کئے دیتا ہوں یہ کام ہونے چاہئیں اور کرنے کی ذمہ دار حکومت پاکستان ہے جس نے اپنے ماتحت محکموں اور اداروں سے یہ کام لینا ہے لیکن اگر جان کی امان رہے تو یہ عرض کردوں کہ افغانستان کو ڈالرز سمیت دیگر اشیاء کی سمگلنگ کے کاروبار کے پس پشت کون ہے کیا بارڈر مینجمنٹ کے تعاون کے بغیر سمگلنگ ممکن ہے؟ ظاہر ہے کہ جواب نفی میں ہوگا۔

اسی طرح ایران سے پٹرولیم مصنوعات اور ٹائروں کی سمگلنگ کے کاروبار کا اصل سرپرست کون ہے؟ کم از کم پچھلے 2 عشروں سے کوئٹہ کے کس گھر کے مکین کی طرف انگلیاں اٹھ رہی ہیں اس حوالے سے؟

اسی طرح پچاس سرمایہ کاروں سے ہوئی گفتگو کا جو ایک اور جملہ ذرائع کے حوالے سے گردش کررہا ہے وہ یہ ہے کہ تینوں بڑی سیاسی جماعتوں میں کرپٹ لوگ موجود ہیں نیز یہ کہ یہ تینوں جماعتیں ملک اور نظام سے مخلص نہیں کیا کرپٹ لوگ صرف سیاسی جماعتوں میں ہی ہوتے ہیں ۔

حکومت پاکستان کے تمام محکموں اور اداروں میں سارے "حاجی لطیف اللہ” بھرتی ہیں ان میں کرپشن بالکل نہیں ہوتی؟

سرمایہ کاروں سے آرمی چیف کی گفتگو کے چنیدہ چنیدہ جو نکات گردش کررہے ہیں ان پر بات ہونی چاہیے۔ بات اس لئے بھی ہونی چاہیے کہ آرمی چیف کی گفتگو سے جو تاثر ابھرا ہے وہ یہ ہے کہ ’’کوئی لمبا‘‘ پروگرام ہے۔

’’لمبا‘‘ پروگرام بنانے والے بین الاقوامی برادری کا دبائو برداشت کرلیں گے؟ کیا کسی کے علم میں یہ نہیں ہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستانی ذمہ داروں سے حال ہی میں کہا ہے کہ ایسے اقدامات اور بیانات سے گریز کیا جائے جس سے یہ تاثر ابھرے کہ نظام کو منتخب قیادت کے بغیر چلانے کا پروگرام ہے۔

یہ بھی کہ امریکی حکومت نے بارڈر مینجمنٹ کے لئے اعلان کردہ ساڑھے 4ارب ڈالر کی رقم کی ادائیگی عارضی طور پر ملتوی کردی ہے۔ یہ التواء کانگریس کے اس طے شدہ اصول کے مطابق ہے کہ کسی ملک کو کسی بھی طرح کی امداد دیتے وقت یہ ضرور دیکھا جائے گا کہ اس ملک میں جمہوری نظام ہے یا نہیں البتہ امریکی صدر امداد لینے والے ملک کے معروضی حالات اور ضرورتوں کے حوالے سے کانگریس کو اطمینان دلائیں کہ غیرمنتخب قیادت والے ملک کو دی جانے والی امداد نادرست مدوں میں استعمال نہیں ہوگی۔

یہاں ایک سوال ہے وہ یہ کہ کیا اس وقت پاک امریکہ تعلقات اس نہج پر استوار ہیں کہ امریکی صدر بارڈر مینجمنٹ کے لئے اعلان کردہ رقم کی پاکستان کو فراہمی کے لئے مزید عملی اقدام کرے؟ کم از کم میرا جواب نفی میں ہے۔

کابل پر افغان طالبان کا قبضہ کرانے کے وقت سے اب تک یہ تعلقات ٹھنڈے ماٹھے ہیں۔

کرپشن ایک مسئلہ ہے لیکن یہ کہنا کہ صرف سیاسی جماعتوں کے لوگ کرپشن کرتے ہیں یہ سفید جھوٹ تو ہے ہی اس کے ساتھ ساتھ یہ الزام اصل میں ان بڑے ڈاکوئوں کے جرائم سے لوگوں کی توجہ ہٹانے کے لئے اچھالا جاتا ہے جن کی کرپشن پر بات کرنے سے خطرات حادثات میں تبدیل ہوجاتے ہیں۔

نظام میں بہتری لانے کے لئے اصلاحات ہونی چاہئیں اس کے لئے تجاویز طریقہ کار کے مطابق دی جانی چاہئیں۔

صرف نگران وزیراعظم نہیں مجھے ماضی کے منتخب وزرائے اعظموں کے اس بیان پر ہمیشہ حیرت ہی ہوئی کہ ’’فوج کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں ہم ایک پیج پر ہیں سیاسی استحکام اور معاشی بحالی کے لئے مل کر کام کررہے ہیں‘‘۔

یقین کیجئے اس طرح کا بیان قانون کی حاکمیت والے کسی ملک میں اول تو کسی وزیراعظم کی جرات نہیں کہ وہ دے اور اگر اتفاق سے وہ دے بھی دے تو یہ اتفاق اس کی سیاسی زندگی کا سب سے بڑا المیہ بن سکتا ہے۔

ہمارے ہاں سب جائز اور چلتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ سیاستدان اپنے منتخب کرنے والوں پر اعتماد نہیں کرتے۔ وہ بھی پچھتر نہیں تو ستر برسوں سے ملک کا اصل مالک عوام کو نہیں سول و ملٹری اشرافیہ کو سمجھتے ہیں۔

ہم کسی شخص یا منصب دار کے اخلاص پر سوال نہیں اٹھارہے ہم صرف یہ عرض کررہے ہیں کہ اگر مملکتیں نظام کے تحت چلتی ہیں تو پھر ہر کس و ناکس کے لئے ایک حد مقرر ہے اس سے تجاوز درست نہیں۔

بالفرض اگر ہم مان لیتے ہیں کہ تینوں بڑی سیاسی جماعتوں میں کرپٹ لوگ موجود ہیں والی بات آرمی چیف نے کی ہے تو کیوں نہ ایک کام کرلیں

پچھلے 20 برسوں کے دوران وزیر، مشیر، ارکان اسمبلی، جج، بیورو کریٹس اور جرنیل رہنے والوں کے اثاثوں کی تحقیقات کروالیں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔

دوسری صورت یہ ہوسکتی ہے کہ ان چاروں شعبوں میں پچھلے بیس برسوں میں کام کرنے والے کچھ ’’دانوں‘‘ کا انتخاب کرکے ان کے اثاثوں کی تحقیقات کروالی جائیں۔

یہ دونوں باتیں ممکن نہیں ہوپائیں گی وجہ اس کی یہ ہے کہ اگر کسی دن واقعی تحقیقات کا ڈول پڑگیا تو سیاستدان باقی کے تین شعبوں کے لوگوں کے مقابلہ میں "کمی کمین” ثابت ہوں گے۔

حرف آخر یہ ہے کہ جس کا جو کام ہے اسے وہی کرنا چاہیے یہ نگران دور ہے قانون اس دور میں امور مملکت چلانے نبھانے کی جو ذمہ داریاں اور حدود مقرر کرتا ہے ان سے تجاوز نہیں ہونا چاہیے

ثانیاً اس امر کو بطور خاص مدنظر رکھنا ہوگا کہ ایسی کوئی بات نہ کی جائے جس سے یہ تاثر ابھرے کہ ’’ہنوز دلی دور است‘‘ یعنی الیکشن ’’دور‘‘ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:

About The Author