دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

کیا میں سٹھیا گیا ہوں؟||مبشرعلی زیدی

اگر آج شفاف الیکشن کروادیے جائیں اور فرض کریں کہ مسلم لیگ ن جیت جائے تو فوج اسے اقتدار منتقل ہونے دے گی؟ میرا جواب ہے، نہیں۔
مبشرعلی زیدی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ ملک میں جمہوریت چلتی رہے، بیس تیس چالیس سال تک مسلسل الیکشن ہوتے رہیں تو ایماندار، بہادر اور مضبوط سویلین قیادت مل جائے گی جو ملک کے حالات سدھار دے گی۔
لیکن کیا پاکستان کے مسائل ایسے ہیں کہ ان کے حل کے لیے بیس تیس چالیس سال انتظار کیا جاسکتا ہے؟
میرا جواب ہے، نہیں۔
کیا اس وقت ملک میں جمہوریت ہے؟
میرا جواب ہے، نہیں۔
کیا آئندہ کے الیکشن فوج کی مداخلت سے پاک نظر آرہے ہیں؟
میرا جواب ہے، نہیں۔
اگر آج شفاف الیکشن کروادیے جائیں اور فرض کریں کہ مسلم لیگ ن جیت جائے تو فوج اسے اقتدار منتقل ہونے دے گی؟
میرا جواب ہے، نہیں۔
۔
کیا پاکستان کی خارجہ پالیسی درست ہے؟
میرا جواب ہے، نہیں۔
کیا پاکستان کی معیشت درست سمت میں چل رہی ہے؟
میرا جواب ہے، نہیں۔
کیا حکومت ملک کو لاحق مسائل حل کرنے کی اہلیت رکھتی ہے؟
میرا جواب ہے، نہیں۔
کیا پارلیمان عوام کی فلاح کے لیے قانون سازی کررہی ہے؟
میرا جواب ہے، نہیں۔
کیا عدالتیں انصاف فراہم کررہی ہیں؟
میرا جواب ہے، نہیں۔
کیا قانون نافذ کرنے کے ذمے دار ادارے امن و امان قائم کرنے میں کامیاب ہیں؟
میرا جواب ہے، نہیں۔
کیا ایجنسیوں کو لگام ڈالے بغیر حالات بہتر ہوسکتے ہیں؟
میرا جواب ہے، نہیں۔
کیا جہادی تنظیموں کو جڑ سے اکھاڑے بغیر، انتہاپسندی پھیلانے والے مدرسے بند کیے بغیر اور دہشت گردوں کو لٹکائے بغیر ملک کا مستقبل محفوظ بنایا جاسکتا ہے؟
میرا جواب ہے، نہیں۔
تمام لاپتا افراد کو رہا کیے بغیر اور فوج کو بلوچستان اور رینجرز کو کراچی سے بلائے بغیر عوام کا اعتماد بحال کیا جاسکتا ہے؟
میرا جواب ہے، نہیں۔
کیا دفاعی بجٹ کو کم کیے بغیر، فوج کے کاروبار بند کرائے بغیر اور جرنیلوں کو زمین کی الاٹمنٹ ختم کیے بغیر فوج کا قبلہ درست کیا جاسکتا ہے؟
میرا جواب ہے، نہیں۔
۔
اگر حالات یہی رہے تو کیا مہنگائی مزید بڑھے گی؟
میرا جواب ہے، ہاں۔
کیا افغانستان میں طالبان کی حمایت کرنے سے پاکستان میں دہشت گردی بڑھے گی؟
میرا جواب ہے، ہاں۔
کیا ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں جانے کا خطرہ ہے؟
میرا جواب ہے، ہاں۔
کیا کرونا وائرس کی وبا بڑھنے کا خدشہ ہے؟
میرا جواب ہے، ہاں۔
کیا ماحولیات کو نقصان سے پاکستان میں قدرتی آفات بڑھیں گی؟
میرا جواب ہے، ہاں۔
کیا بڑے شہروں میں پانی نایاب ہونے والا ہے؟
میرا جواب ہے، ہاں۔
۔
کیا صرف خواہش اور دعاؤں سے حالات بہتر ہوسکتے ہیں؟
میرا جواب ہے، نہیں۔
کیا سویلین بالادستی کے بارے میں فیس بک پوسٹ اور کالم لکھنے اور بیان اور انٹرویو دینے سے سویلین بالادستی قائم ہوجائے گی؟
میرا جواب ہے، نہیں۔
کیا کوئی بیرونی قوت پاکستان کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے؟ (امریکا؟ چین؟ سعودی عرب؟)
میرا جواب ہے، نہیں۔
کیا پاکستان کے مسائل حل کرنے کے لیے کوئی مسیحا آسمان سے اترے گا؟
میرا جواب ہے، نہیں۔
کیا پاکستان کے عوام نظام پر قابض قوتوں کے خلاف انقلاب لاسکتے ہیں؟
میرا جواب ہے، نہیں۔
کیا فوج کے اندر سے تبدیلی آجائے تو حالات بدل سکتے ہیں؟
میرا جواب ہے، ہاں۔
کیا فوج کے اندر سے تبدیلی آسکتی ہے؟
میرا جواب ہے، شاید۔
۔
کیا میں فوجی اقتدار کا حامی ہوں؟
میرا جواب ہے، نہیں۔
کیا میں کسی کے ایجنڈے پر رائے عامہ ہموار کررہا ہوں؟
میرا جواب ہے، نہیں۔ (بیروزگار ہوں اور گھر کے خرچے پورے کرنے کے لیے اوبر چلاتا ہوں)
کیا میں پاکستان واپسی کے لیے فوج کے حق میں بات کررہا ہوں؟
میرا جواب ہے، نہیں۔ (شاید کبھی واپس نہ آسکوں)
کیا میں نشہ کرنے لگا ہوں؟
میرا جواب ہے، نہیں۔ (اینزائٹی کی دوا لیتا ہوں۔ شراب یا کسی اور نشے سے بیماری بڑھ جاتی ہے)
کیا میں سٹھیا گیا ہوں؟
میرا جواب ہے، شاید۔

یہ بھی پڑھیں:

مبشرعلی زیدی کے مزید کالم پڑھیں

About The Author