دسمبر 21, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی خبریں

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں تجزیے اور تبصرے

ٹریفک کے مختلف حادثات میں دو افراد جاں بحق ،تین شدید زخمی ہوگئے

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ٹریفک کے مختلف حادثات میں دو افراد جاں بحق ،تین شدید زخمی ہوگئے ،تحصیل کلاچی کے علاقہ اٹل شریف کے قریب دوموٹرسائیکل آپس میں ٹکرا گئے ،ایک موٹرسائیکل سوار جاں بحق ،دوشدید زخمی ،ایف آر درازندہ کے علاقے لنڈی متاور کے قریب موٹر سائیکل کے حادثے میں ایک شخص جاں بحق ایک زخمی، تفصیلات کے مطابق تحصیل کلاچی کے علاقہ اٹل شریف کے قریب دو موٹرسائیکلوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک موٹرسائیکل پر سوار پچاس سالہ عبدالقیوم ولد شیرزمان سکنہ کلاچی جبکہ دوسرے موٹرسائیکل پر سوار دوافراد شدید زخمی ہوگئے ،زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں ایک زخمی عبدالقیوم جانبر نہ ہوسکا تو ہسپتال میں دم توڑ گیا ،پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کرلی ہے۔ دوسرے واقعہ میں ایف آر درازندہ کے علاقے لنڈی متاور کے قریب موٹر سائیکل کے حادثے میں ایک شخص جاں بحق ایک زخمی ہوگیا، ریسکیو1122 درازندہ ٹیم نے زخمی کو ابتدائی طبی امداد مہیا کر کے ہسپتال منتقل کر دیا ،
٭٭٭
موسم برسات میں نالوں کے بپھرنے کے نقصانات سے نمٹنے کے لئے کوئی منصوبہ بندی نہیں

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)میونسپل کمیٹی ڈیرہ کے ذمہ داران کی غفلت موسم برسات سے قبل سیویج نالوں کی صفائی نہ کی جا سکی، موسم برسات میں نالوں کے بپھرنے کے نقصانات سے نمٹنے کے لئے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی، شہر کے گلی محلوں میں نالوں یا نالیوں کی صفائی نہیں کی گئی،جس کی وجہ سے خطرے کی گھنٹیاں بج رہی ہیں، پانی کی نکاسی کا نظام نہ ہونے کیوجہ سے بارش برسنے کے ساتھ ہی پانی گھروں اور دکانوں کے اندرداخل ہو جاتا ہے، شہر سمیت دیگر سڑکوں اور علاقوں کے نالے گزشتہ کئی سالوں سے انتظامیہ کی ملی بھگت کی وجہ سے بند ہو چکے ہیں، چند فٹ نالے کوکھولنے کی میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ نے کبھی ضرورت ہی محسوس نہیں کی، جس کی وجہ سے گنداپانی شہر کی مسجدوں، سکولوں، گھروں، دکانوں اور سرکاری اداروں کے سامنے اور اردگرد کھڑا ہو جاتا ہے بارش کے دنوں میں تو کئی کئی دن ان سڑکوں پرسے گزرنا مشکل ہو جاتا ہے میونسپل کمیٹی کی توجہ متعدد بار اس جانب دلائی گئی مگر میونسپل کمیٹی ودیگر متعلقہ افسران و اہلکاروں نے کوئی نوٹس نہیں لیا، اہلیان ڈیرہ نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ، کمشنر ڈیرہ ،ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اورمیونسپل کمیٹی کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ برساتی نالوں کی صفائی کروا کر پانی کی نکاسی کی بحالی یقینی بنایا جائے تاکہ مون سون کی بارشوں میں شہریوں کی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے۔
٭٭٭
پبلک مقامات ٹرانسپورٹ اڈوں، ہسپتالوں، اور سرکاری اداروں میں سگریٹ نوشی جاری

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ڈیرہ کے پبلک مقامات ٹرانسپورٹ اڈوں، ہسپتالوں، اور سرکاری اداروں میں سگریٹ نوشی جاری۔انتظامیہ بے بس، عوامی، سماجی اور شہری حلقوں کا وزیر اعلیٰ خیبر، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا سے نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر و گردونواح میں موجود پبلک مقامات، ٹرانسپورٹ اڈوں، سرکاری ہسپتالوں اور دفاتر میں سرعام سگریٹ نوشی کا سلسلہ عروج پکڑتا جا رہا ہے جس کیوجہ سے سگریٹ نہ پینے والوں کو شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے، عوامی مقامات پر اور گاڑیوں میں سیگریٹ پینے اور نہ پینے والوں کے درمیان اکثر اوقات لڑائی جھگڑے اور گالی گلوچ بھی ہوتے رہتے ہیں۔ سگریٹ کا استعمال نہ کرنے والے شہریوں نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری اداروں سمیت پبلک مقامات اور بازاروں میں سگریٹ نوشی پر عائد پابندی پر عملدرآمد کروایا جائے تاکہ شہری زہریلے دھوئیں سے پھیلنے والی بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔
٭٭٭
مضر صحت شوارمے کی فروخت، شہری پیٹ کی موذی امراض کا شکار ہونے لگے

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ڈیرہ شہر میں مضر صحت شوارمے کی فروخت، شہری پیٹ کی موذی امراض کا شکار ہونے لگے۔ محکمہ صحت کے افسران و اہلکاروں نے چپ سادھ لی متاثرہ افراد کاڈی جی فوڈ اتھارٹی، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق عرصہ دراز سے ڈیرہ شہر کے بارونق بازاروں اور شہر کے گلی کوچوں، چوک چوراہوں میں مبینہ طور پر مضر صحت شوارمے کی فروخت کا دھندہ پورے عروج پر ہے، جبکہ شوارما کھانے سے درجنوں شہری پیٹ کی موذی امراض کا شکار ہو کر ہسپتالوں میں پہنچ رہے ہیں۔ شوارمے کی تیاری کے دوران آگ پر تیار کئے جانے والے مواد سے اس قدر بدبو پھیلتی ہے کہ قریب سے گزرنے والے راہگیر بھی کھانسی، گلے اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہونے لگتے ہیں کچھ عرصہ قبل یہ باز گشت بھی سنائی دی گئی تھی کہ شوارمے کا کارروبار کرنے والے عناصر مردہ مرغیوں کا گوشت استعمال کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے، مرغی کا گوشت فروخت کرنے والے ڈیلروں سے مردہ مرغیاں کا فی مرغی کے حساب سے گوشت خرید کر شوارما تیار کیا جاتا ہے۔ جبکہ مردہ مرغیوں کا گوشت فراہم کرنے وا لاایک الگ مافیا بھی موجود ہے۔انسانی زندگیوں سے بلا خوف وخطر کھیلنے والے ان افرا د کے خلاف متعدد بار شہریوں نے ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں سے کارروائی کا مطالبہ بھی کیا مگر کسی بھی ذمہ دار افسر یا اہلکار کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی، شوارمے میں استعمال ہونے والا گوشت اور دیگر مواد شوارما پوائنٹ پر بغیر ڈھانپے مسلسل کئی کئی گھنٹوں تک غیر محفوظ پڑا رہتا ہے ٹریفک کیوجہ سے سڑکوں پر سے اڑنے والی زہریلی گردوغبار بذریعہ شوارما انسانوں کے اندر داخل ہو رہی ہے شہریوں نے ڈی جی فوڈ اتھارٹی، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

٭٭٭
سنوکر زاور بلیئرڈ کلب جرائم پیشہ افراد کے لئے نرسریوں کا کام کرنے لگے

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ڈیرہ شہر کے مختلف مقامات پر قائم سنوکر زاور بلیئرڈ کلب جرائم پیشہ افراد کے لئے نرسریوں کا کام کرنے لگے۔ بچے اور نوجوان نسل سنوکر اور بلیئرڈ کلبوں کے زریعے جوئے اور منشیات کے عادی ہونے کے ساتھ ساتھ سٹریٹ کرائم کا حصہ بننے لگی، تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر کے مختلف مقامات پر سنوکر اور بلیئرڈ کلبوں کی بھر مار نے بچوں اور نوجوان نسل کو بے راہ روی کی طرف گامزن کر دیا ہے۔ سکول جانے والے طلباءموسم گرما کی چھٹیوں میں اپنا زیادہ تر وقت بلیئرڈ کلبوں میں جواءکھیل کر گزاررہے ہیں اور اپنے گھروں سے نقدی اور قیمتی اشیا ء چوری کر کے سنوکر و بلیئرڈ کلبوں پر جوئے کی نظر کر رہے ہیں جبکہ اس مکروہ کھیل کی سرپرستی کرنے والے بااثر افراد منشیات اور بدکاری کی بھی ترغیب بلیئرڈ اور سنوکر کلبوں پر دیدہ دلیری سے دے رہے ہیں۔قابل زکر امر یہ ہے کہ بااثر بلئیرڈ و سنوکر کلب مالکان نے اپنے دھندے کو تحفظ دینے کے لئے بلیئرڈ و سنوکر کلبوں کے باہر سی سی ٹی کیمرے نصب کر رکھے ہیں اس طرح پولیس یا مشکوک افراد کی آمد سے قبل سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے فوٹیج دیکھ کر قانون نافذ کرنے والوں کی آمد سے قبل چوکنا ہو کر غیر اخلاقی دھندے کو وقتی طور پر روک لیا جاتا ہے۔ متاثرہ بچوں کے والدین، شہر کی عوامی، سماجی شخصیات نے ڈی پی او ڈیرہ اور ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
٭٭٭
مسلسل گرمی کے دوران بجلی کے بحران نے صورتحال سنگین بنادی

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ڈیرہ ضلع بھرمیں پینتالیس ڈگری سے زیادہ مسلسل گرمی کے دوران بجلی کے بحران نے صورتحال سنگین بنادی ہے، دن اور رات کے اوقات میں اضافی لوڈ شیڈنگ اور آنکھ مچولی سے عوام ذہنی و معاشی پریشانی کا شکارہیں، دن اور رات کو بجلی بندش سے حبس میں گھروں میں رہنالوگوں کے لئے مشکل ہوگیاہے، جبکہ ضعیف بیمارافراد جان کنی کے عذاب میں ہیں، تپتے سورج سے دہکتی چھتوں پر رات کو پانی ڈالنے کے لئے پانی تک مہیانہیں ہے اور بجلی نہ ہونے سے پانی بھی بند ہے، عوام نے پیسکو چیف سے انسانیت کے ناطے اپیل کی ہے کہ کچھ غریبوں پررحم کرکے بجلی کا نظام درست کرائیں، گرمی میں عوام کو جلاکرمارنے کا سلسلہ بند کیاجائے
٭٭٭
یادگار شہداءکو غیر قانونی اور غیر اخلاقی منہدم کرنا ڈیرہ اسماعیل خان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے، علامہ غضنفر نقوی

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)مجلس وحدت المسلمین پاکستان کے ضلعی جنرل سیکرٹری علامہ غضنفر نقوی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ملت جعفریہ کی طرف سے کوٹلی امام حسین میں پانچ سال قبل تعمیر کی گئی یادگار شہداءجس کا سنگ بنیاد قائد وحدت المسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کیا تھا جس کو گزشتہ روز ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی ڈیرہ کی جانب سے غیرقانونی اور غیر اخلاقی طورپر منہدم کردیاگیا جبکہ ان کے پاس اسے منہدم کرنے کا کوئی قانونی جواز نہیں ہے ، اس موقع پر علامہ اظہر ندیم اور دیگر قائدین بھی موجود تھے ۔انہوںنے کہا کہ کوٹلی امام حسین ملت جعفریہ کی قیمتی ترین زمین ہے جو کہ ملت جعفریہ کے لئے کربلا کی حیثیت رکھتی ہے ،لیکن ضلعی انتظامیہ نے ہمیشہ اس کو دکان کے طور پر استعمال کرتے ہوئے ناجائز تعمیرات کروائی ہیں اور کافی رقبہ ناجائز قابضین کے حوالے کیاہوا ہے ،ان کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان میں حکومت ،افواج پاکستان اور پولیس کی طرف سے یادگار شہداءہر شہر میں خود تعمیر کی گئی ہیں لیکن ڈیرہ اسماعیل خان میں ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی ڈیرہ نے مذہبی تعصب اور منافرت کی بنیاد پر ملت جعفریہ کے سینکڑوں شہداءکی یاد میں تعمیر کی جانے والی یادگار شہداءپر غیر قانونی اور غیر اخلاقی رویہ اپنا کر ڈیرہ اسماعیل خان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے ،لہذا اس تعصبانہ اقدام پر یادگار شہداءکو ڈیرہ انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی ڈیرہ فی الفور دوبارہ تعمیر کروائیں ، ان کا کہنا تھاکہ یہ ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے جس سے ہم کبھی بھی دستبردار نہیں ہوں گے اگر یادگار شہداءملت جعفریہ کی دوبارہ فوراًتعمیر نہ کروائی گئی توملت جعفریہ ڈیرہ اسماعیل خان میں بھر پور احتجاج کرے گی جو بعد میں ملک گیر احتجاج کی شکل اختیار کرسکتاہے ،اور متوقع صورت حال کی تمام ذمہ داری ڈیرہ انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی ڈیرہ پر ہوگی ۔
٭٭٭
منشیات کی فروخت اور فروغ کے خلاف مشاورتی اجلاس منعقد

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) درازندہ میں ایس ایچ او رحمت اللہ خان کی کاوشوں سے درازندہ پولیس اور شیرانی قبائل کے اکابرین کا منشیات کی فروخت اور فروغ کے خلاف ایک مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں شیرانی قبائل کے معتبرین اور اکابرین نے شرکت کی, جس کا مقصد معاشرے میں آئیس سمیت دیگر منشیات کی روک تھام کے حوالے سے پولیس کی مدد سے اقدامات اور کاروائیوں کو تیز کرنا اور منشیات کی روک تھام کے حوالے سے پولیس کے ساتھ تعاون کرنا تھا،جرگہ میں ایک کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا جس میں ہر گاو ¿ں و شہر سے 02/02 افراد پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی گئی۔ اور یہ فیصلہ طے ہوا کہ درازندہ سے حسن خیل اور سولخیل کی طرف سے ڈیرہ تک منشیات استعمال کرنے اور فروخت کرنے والے کو پولیس کے حوالے کیا جائے گااور پولیس مذکورہ بالا جرم کا ارتکاب کرنے والے کو اپنے باپ بھائیوں کی ضمانت پر رہا نہیں کرے گی اور نہ ہی اس کے گھر کا کوئی فرد اس کی ضمانت کے لیے پولیس سے رجوع کرے گا یا دباو ¿ ڈالے گا۔یہ طے پایا گیا کہ اگر کوئی بھی خاندان میں کوئی فرد اس ملزم کی ضمانت کے لیے پولیس پر دباو ¿ ڈالے گا تو اس سے تمام علاقہ کے لوگ عدم تعلق اور عدم تعاون کے مرتکب ہوں گے۔مذکورہ بالا طے پاجانے کے بعد علاقہ معززین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے ہر ممکن پولیس کے ساتھ تعاون کریں گے اور اس کے انسداد کے لئے ہر ممکن اور ہر حد تک جائیں گے مزید ان کا کہنا تھا کہ منشیات جو کہ ہماری نسلوں کو کو تباہ کر رہی ہے اس پر فوری عمل درآمد اور حکمت عملی از حد ضروری ہے اور اس کے لیے پولیس کے تعاون کے ساتھ مل کر معاشرے میں منشیات جیسے ناسور کو ختم کیا جا سکتا ہے۔ آخر میں ایس ایچ او درازندہ رحمت اللہ خان نے تمام معزز مہمان اور مشران کا شکریہ ادا کیا اور معاشرے میں منشیات کے انسداد کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں جرائم کے انسداد کے لیے عوام کا تعاون ناقابل گزیر ہے اور اس سلسلے میں ہر سطح پر پولیس عوام کے ساتھ شانہ بشانہ ہو گی۔
٭٭٭
آئس اور 01 کلو 755 گرام چرس برآمد

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)صدر پولیس نے مختلف کارروائیوں میں 682 گرام آئس اور 01 کلو 755 گرام چرس برآمد کر لی، ملزمان گرفتار، مقدمہ درج ۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخواہ معظم جاہ انصاری کے جاری کردہ احکام اور ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن (ر) نجم الحسنین لیاقت کی جاری کردہ ہدایات پر ڈیرہ پولیس کی منشیات کی روک تھام کے حوالے سے کاروایاں بدستور جاری ہیں ایس ایچ او صدر کرم الہی نے مختلف کارروائیوں میں ملزمان سے مجموعی طور پر 682 گرام آئیس اور 01 کلو اور 755 گرام چرس برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کرلیا اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
٭٭٭
نان کسٹم پیڈ گاڑی برآمد کرلی گئی ،دوسری گاڑی سے اسلحہ برآمد

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) یارک پولیس کی اہم کارروائی، ایک نان کسٹم پیڈ گاڑی برآمد کرلی گئی، دوسری گاڑی سے 01 عدد کلاشنکوف معہ 02 عدد میگزین اور ایمونیشن بر آمد ملزمان گرفتار مقدمہ درجتفصیلات کے مطابق ایس ایچ او یارک رفیق خان نے جرائم پیشہ افراد اور نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں سرانجام دی ہے بدوران ناکہ بندی ایک مشکوک گاڑی نمبر LEC-3531 کو جب روکا گیا تو چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ گاڑی نان کسٹم پیڈ ہے مذکورہ گاڑی کو فوری طور پر قبضہ پولیس کیا گیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا اسی طرح دوسری کارروائی میں بدوران ناکہ بندی ایک مشکوک گاڑی نمبر D-7953 کو روکا جا کر جب اس کوچیک کیا گیا تو گاڑی کے خفیہ خانوں سے 01 عدد یکضرب کلاشنکوف معہ 02 عدد میگزین اور 10 عدد کارتوس برآمد کر لئے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔
٭٭٭
کورونا ویکسینیشن کے عمل کو جلد سے جلد مکمل کرنے کیلئے تمام وسائل کا استعمال یقینی بنایا جائے گا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ملک میں کورونا وائرس کے خلاف جاری کورونا ویکسینیشن کے عمل کو جلد سے جلد مکمل کرنے کیلئے تمام وسائل کا استعمال یقینی بنایا جائے گا اور اس ضمن تمام ضروری اقدامات تکمیل کے مراحل میں ہیں تاکہ ملک پر آئی کورونا وباءکو شکست دی جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار ڈویژنل کمشنر ڈیرہ عامر لطیف نے کورونا وائرس ویکسینیشن کے سلسلے میں منعقدہ ویڈیولنک میٹنگ کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈویژن کے تینوں ڈپٹی کمشنر ز ڈیرہ، ٹانک اور جنوبی وزیرستان نے شرکت کی۔ کمشنر نے کہا کہ حکومتی اداروں کے ملازمین خصوصا اور عام لوگ عموما ویکسینیشن مکمل کر کے قومی ذمہ داری پوری کریں اور اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ز اپنا اپنا کردار ادا کریں۔ ڈویژنل کمشنر ڈیرہ عامر لطیف نے اس موقع پر ویکسین کی دستیابی پر اطمینان کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ الحمد اللہ کورونا ویکسین کی وافر خوراکیں موجود ہیں تاہم اس سلسلے میں نگرانی خود کر رہا ہوں کہ یہ ہماری قوم کے مستقبل کا سوال ہے۔کمشنرنے ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ ریاست مخالف پروپیگنڈوںکو غیر موثر کرنے کے سکسلے میں ٹھوس اقدامات اُٹھائیں اور اپنے عوام کی صحت کو یقینی بناکر اپنے فرائض پورے کریں۔
٭٭٭
اشیائے خوردونوش کی دکانوں پر زائدالمعیاد اشیاء کا معائنہ

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر پروا شاہ ندیم نے اشیائے خوردونوش کی دکانوں پر زائدالمعیاد اشیاء، سرکاری نرخنامہ آویزاں کرنے اور اس کے مطابق اشیاءکی فروخت سے متعلق معائنہ کیا اور موقع پر ضروری ہدایات جاری کیں۔ اے اے سی نے اس موقع پرتاجروں کو سختی سے تنبیہ کی کہ وہ عوام کو معیاری اشیائے خوردونوش کی دستیابی میں منافقت سے کام نہ لیں اور ذخیرہ اندوزی جیسے قبیح فعل سے بچے تاکہ روزگار میں برکت اور قانون کے مطابق حلال رزق پاسکو۔
٭٭٭
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد اقبال وزیر نے ٹرائیبل ٹیکسٹائل ملز ڈیرہ کا دورہ کیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد اقبال وزیر نے ٹرائیبل ٹیکسٹائل ملز ڈیرہ کا دورہ کیا اور کورونا ویکسینیشن کی افادیت سے متعلق تفصیلی گفتگو کی۔ اے ڈی سی نے موقع پر ملز سٹاف کو کورونا وائرس کی ویکسینیشن پراسس کو دیکھ کر اطمینان کا اظہار کیا۔ اے ڈی سی نے کہا کہ کورونا وائرس سے مستقل بچاﺅ کا واحد حل کورونا وائرس کی ویکسینیشن ہے اس لئے تمام لوگ ویکسین لگائیں اور اس آفت سے جان چھڑائیں۔ انہوں نے بعض ضروری احکامات پر فوری عمل درآمد کرانے ہدایت کی۔
٭٭٭٭٭٭
29 تعلیمی بورڈ کے لئے ایک ہی طرز پر امتحانی پیپرز تیار کرنے کا فیصلہ

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر کے 29 تعلیمی بورڈ کے لئے ایک ہی طرز پر امتحانی پیپرز تیار کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے ،جس کے لئے اسلام آباد میں تعلیمی بورڈ کے ہیڈ کوارٹر میں آن لائن پیپر بینک قائم کرنے کا منصوبہ تیار کیاگیاہے جس کے تحت تمام مضامین کے پیپرز تیار کرکے بینک میں رکھے جائیں گے ،نیشنل ٹیلی کمیونیکشن کے پاس اس بینک کا سرور ہوگا ،بورڈ ز اسی وقت پیپر حاصل کرسکیں گے جب انہوں نے پرنٹ کرانا ہوگا ،اس سے پہلے کچھ بورڈ ز کے بارے میں یہ تاثر ہے کہ وہاں آسان پیپرز جبکہ بعض بورڈز کا تصور ہے کہ وہاں پیپرز بہت مشکل ہوتے ہیں ،پیپربینک کی سیکورٹی کے حوالے سے بھی خصوصی اقدامات کیے جائیں گے ،ان پیپرز کومسلسل اپ ڈیٹ کیا جاتارہے گا۔
٭٭٭
نیب نے سیاستدانوں اور بیوروکریٹس کے ٹیکس ریکارڈ تک رسائی مانگ لی

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)نیب نے سیاستدانوں اور بیوروکریٹس کے ٹیکس ریکارڈ تک رسائی مانگ لی ، نیب انکم ٹیکس آرڈیننس کی دفعہ 216 میں نرمی چاہتا ہے جو ٹیکس دہندگان کی رازداری کو یقینی بناتا ہے، سیکریٹری قانون نے نیب کی درخواست وزارت خزانہ بھجوا دی ہے ، اب ان تجاویز کو قبول یا رد کرنے کا فیصلہ انہیں کرنا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق قومی احتساب بیورو نے حکومت سے بجٹ کی منظوری سے قبل قانونی ترامیم کے ذریعے سیاستدانوں، بیوروکریٹس اور ان کے اہل خانہ کے ملکی اور غیر ملکی ٹیکس ریکارڈ تک رسائی دینے کا مطالبہ کیا ، جس پر وفاقی حکومت نیب کو سیاستدانوں اور بیوروکریٹس کے ٹیکس ریکارڈ تک رسائی دینے کی تجویز پر غور شروع کردیا ہے ، ان تجاویز کو اگر حکومت نے قبول کرلیا تو نیب کو گذشتہ 20 سال کے بند کئے گئے کھاتے دوبارہ کھولنے کی اجازت ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 میں فنانس بل 2021 کے توسط سے چار بڑی ترامیم کی سفارش کی ہے ، اس ضمن میں نیب کی جانب سے اصرار کیا جارہا ہے کہ اس تجویز کو ترمیم شدہ فنانس بل 2021 میں شامل کیا جائے جسے وزیر خزانہ شوکت ترین کل قومی اسمبلی میں پیش کریں گے ، تاہم اس وقت حکومت کے سینئر عہدیدار نیب کی درخواست کا جائزہ لے رہے ہیں ، اس حوالے سے حتمی فیصلہ وزیر اعظم عمران خان ہی کریں گے۔دوسری طرف 30 برس کی چھان بین کے بعد ریکوڈک کیس میں ملکی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف ناقابل تردید ثبوت اکٹھے کر لیے گئے، نیب نے حکومت بلوچستان کے سابق عہدیداروں سمیت 28 افراد کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا ، نیب علامیے میں بتایا گیا ہے کہ 30 برس کی چھان بین کے بعد نیب کو ریکوڈک کیس میں ملکی خزانے کے ناقابل تلافی نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف ناقابل تردید ثبوت مل گئے ہیں، جس کے بعد نیب نے حکومت بلوچستان کے سابق عہدیداروں سمیت کل 28 افراد کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے-
٭٭٭
نفسیاتی اور ذہنی دباﺅ کی وجہ سے بال سفید ہوجاتے ہیں

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)تحقیق کے مطابق نفسیاتی اور ذہنی دباﺅ کی وجہ سے بال سفید ہوجاتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق طبی ماہرین بالوں کی سفیدی کی وجہ جاننے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ جنوبی امریکا میں واقع ملک کولمبیا میں ہونے والی تحقیق میں کہا گیا نفسیاتی اور ذہنی دباﺅ کی وجہ سے بال سفید ہوجاتے ہیں۔کولمبیا یونیورسٹی ویگیلوس کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز کی تحقیق میں پہلی بار ہوا ہے یہ شواہد ایک مکمل تجزیہ کے بعد سامنے آئے، ذہنی اور نفسیاتی دبا بالوں کے سفید ہونے کی وجوہات ہیں۔جبکہ لوگوں کے بالوں کا رنگ سرمئی ہونے کی وجہ بھی ان کے نفسیاتی عوارض یا دباو کا سبب ہیں۔اس تحقیق کے نتائج جرنل ای لائف میں شائع ہوئے ہیں۔ چوہوں پر کیے گئے اس تجربے کے تقابل کے دوران یہ بھی پتہ چلا کہ ذہنی دباﺅ سے سفید ہونے والے بال مستقل ایسے ہی رہتے ہیں۔دیگر ماہرین کا ماننا ہے کہ جن لوگوں میں وٹامن بی 12 کی کمی ہوتی ہے اور جنہیں تھائی رائیڈ کے مسائل کا سامنا ہو ان کے بال جوانی میں سفید ہوجاتے ہیں اور یہ عام وجوہات سمجھی جاتی ہیں۔جبکہ جنک فوڈ کے زیادہ استعمال سے کم عمری میں بالوں پر سفیدی چھانا شروع ہوجاتی ہے۔وہ افراد جو مسلسل ذہنی تناﺅں کا شکار رہتے ہیں یا زیادی فکر مند رہتے ہیں ان میں بال سفید ہونے کی وجہ عام ہے، مذکورہ تناﺅ سے اسٹیم سیلز متاثر ہوتے ہیں جن کی وجہ سے بالوں کی نشونما نہیں ہوپاتی۔
٭٭٭
انسولین کی دریافت کے سو سال پورے ہونے پر ڈاک ٹکٹ جاری

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) پاکستان نے انسولین کی دریافت کے سو سال پورے ہونے پر ڈاک ٹکٹ جاری کر دیا۔تفصیلات کے مطابق وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز نے انسولین دریافت کی 100 ویں سال گرہ پر یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کر دیا ہے۔وزارت صحت کے مطابق یہ ڈاک ٹکٹ وزارت صحت، مواصلات اور پاکستان پوسٹ نے مشترکہ طور پر جاری کیا ہے، ڈاک ٹکٹ میں بینٹنگ اور چارلس کی تصاویر شامل ہیں۔وزارت صحت کے مطابق پاکستان میں ذیابیطس کے بارے میں مناسب آگاہی نہیں ہے، یادگاری ڈاک ٹکٹ عوام میں شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔واضح رہے کہ انسولین کی دریافت اہم ترین طبی پیش رفت میں سے ایک ہے، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق 2019 میں 463 ملین افراد ذیابیطس میں مبتلا تھے، اور 2030 تک یہ تعداد 578 ملین تک پہنچ جائے گی۔ذیابیطس کے شکار افراد کے لحاظ سے پاکستان دنیا کا چوتھا بڑا ملک ہے، پاکستان میں 4 افراد میں سے 1 فرد ذیابیطس میں مبتلا ہے، بہت سے افراد ذیابیطس کی تشخیص کے وقت پہلے ہی پیچیدگیوں کا شکار ہو چکے ہوتے ہیں۔وزارت صحت کے مطابق ذیابیطس کے شکار افراد کی تعداد تشویش ناک شرح سے بڑھتی جا رہی ہے، ذیابیطس کے باعث خاندان اور معاشروں پر بوجھ پڑتا ہے۔
٭٭٭٭٭٭
ڈیرہ اسماعیل خان شہر کو دالوں کی مارکیٹ بنائیں گے

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان شہر کو دالوں کی مارکیٹ بنائیں گے ، حکومت نے آئندہ مالی سال کیلئے زراعت کے بجٹ میں کئی گنااضافہ کیا ہے جبکہ سبسڈی کی مد میں 680ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے ،وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ پہلی مرتبہ پورے پاکستان کی ایگریکلچرل میپنگ کر لی گئی ہے جس کے تحت بنجر زمینوں کو زیر کاشت لایا جائے گا ،میپنگ کے تحت پورے پاکستان میں سالانہ فصلوں کی کاشت اور موزوں فصلوں کے انتخاب کے ساتھ ساتھ لائیو سٹاک کے فروغ کا جامع پلان تیار کر لیا گیا ہے،ڈیرہ اسماعیل خان شہر کو دالوں کی مارکیٹ بنائیں گے ، حکومت نے آئندہ مالی سال کیلئے زراعت کے بجٹ میں کئی گنااضافہ کیا ہے جبکہ سبسڈی کی مد میں 680ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنی رہائشگا ہ پر کسانوں کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے زراعت کی حقیقی ترقی کی بجائے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے صرف بیان بازی کی ، زراعت کے شعبے میں اصلاحا ت او راسے ٹیکنالوجی سے جوڑنے کے لئے کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا جس کے نتائج آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وڑن کے مطابق حکومت نے ایگریکلچرل ٹرانسفارمیشن کا موثر پلان ترتیب دیا ہے جس کے تحت ہم خوراک کی ضروریات پوری کرنے کے لئے ہر ممکن اقداما ت اٹھا رہے ہیں ، اس کے تحت اجناس، دالوں، پھلوں، سبزیوں ،گوشت ،دودھ اورخوردنی تیل کی پیداوار بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چولستان کی 60لاکھ ایکڑ زمین کو قابل کاشت بنا کر کسانوں میں تقسیم کرے گی اور کارپوریٹ فارمنگ بھی متعارف کرائی جائے گی،کم درجہ حرات والے علاقوں میں کسانوں کو 60ٹن سویا بین کا بیج دیا ہے ، شوگر ، ٹیکسٹائل، فلور او ررائس ملز کی حوصلہ افزائی کریں گے ، سمال اینڈ میڈیم پاور فارم مشینری مینو فیکچرننگ کے لئے ترغیب دی جارہی ہے۔
٭٭٭
ماش کی کاشت تر وتر حالت میں کرنے اور قطاروں کافاصلہ ایک فٹ تک رکھنے کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ماہ جولائی کے دوران ماش کی کاشت تر وتر حالت میں کرنے اور قطاروں کافاصلہ ایک فٹ تک رکھنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار ماش کی کاشت کیلئے میرازمین کا انتخاب کریں اور ماش کی منظور شدہ ترقی دادہ اقسام ماش 97، ماش عروج 2011، چکوال ماش کاشت کریں جن کی پیداواری صلاحیت 22 سے25 من فی ایکڑ تک ہے۔محکمہ کے ترجمان نے بتایاکہ زیادہ بارش والے علاقوں میں شرح بیج 8کلوگرام فی ایکڑ جبکہ دیگر علاقوں میں 10کلوگرام فی ایکڑ ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار زیادہ بارش والے علاقوں میں کھیلیوں پر ماش کی کاشت تروتر حالت میں کریں اورقطاروں کا باہمی فاصلہ ایک فٹ تک رکھیں۔انہوں نے بوقت کاشت ایک بوری ڈی اے پی اور آدھی بوری پوٹاشیم سلفیٹ فی ایکڑ ڈالنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
٭٭٭
دھان کے کاشتکاروں کو سپرفائن ‘ کشمیرا‘مالٹا‘ہیرو‘سپرااور اسی طرح کی دیگر اقسام کی کاشت نہ کرنے کی ہدایت کی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)محکمہ زراعت نے دھان کے کاشتکاروں کو سپرفائن ‘ کشمیرا‘مالٹا‘ہیرو‘سپرااور اسی طرح کی دیگر اقسام کی کاشت نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیاہے کہ کاشتکار صرف منظور شدہ اقسام ہی کاشت کریں تاکہ دھان کی فصل کو بکائنی اورپتوں کو بھورے دھبوں جیسی بیماریوں سے بچانے کیساتھ ساتھ صحتمند فصل حاصل کی جاسکے۔ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت (توسیع)نے صحافیوںکوبتایا کہ دھان کی فصل ہر قسم کی زمین میں کاشت کی جاسکتی ہے سوائے ایسی ریتلی زمینوں کے جہاں پانی کھڑا نہ رہ سکے۔ انہوں نے بتایا کہ زرخیززمینوں کے علاوہ ایسی شعورزدہ کلراٹھی زمینوں میں بھی دھان کامیابی سے کاشت کیاجاسکتاہے جہاں کوئی اور فصل کامیاب نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار سفارش کردہ پھپھوندی کش زہر بحساب2سے اڑھائی گرام فی کلوبیج کو لگائیں اور شرح بیج مروجہ طریقہ کاشت کے حساب سے رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرموٹی اقسام کی پنیری کدوکے طریقہ سے کاشت کرنی ہو تو 6سے 7کلوگرام‘ خشک طریقہ میں 8سے 10کلوگرام‘داب کے طریقہ میں12سے 15کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کیاجائے۔
٭٭٭
کھجورکی فصل کو گرنے و ٹوٹنے سے بچانے کیلئے حفاظتی تدابیر اختیارکرنے کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)کھجورکے باغبانوں کو رواں ماہ کے دوران کھجور وں کے گچھوں کو اوپرکے حصے پروزن برابر رکھنے کیلئے ایک دوسرے سے الگ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کھجورکی فصل کو گرنے و ٹوٹنے سے بچانے کیلئے حفاظتی تدابیر اختیارکرنے کیلئے ضروری اقدامات وسفارشات پر استفادہ کرنے کیلئے بھی کیاگیاہے تاکہ کھجورکے باغبانوں کو اچھی پیداوار کے حصول میں کسی مشکل کا سامنانہ کرناپڑے۔ترجمان محکمہ زراعت نے بتایا کہ کھجورکے گچھوں کو ایک دوسرے سے الگ کردیناچاہئیے تاکہ اوپرکے حصے پر وزن برابرتقسیم ہوسکے۔ انہوں نے بتایا کہ ہرگچھے کو شاخ کیساتھ اس طرح باندھ دیناچاہئیے کہ انہیں سہارا مل سکے اور وہ ٹوٹنے یا گرنے سے محفوظ رہ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کھجور کے پھل کے پکنے کے ایام میں پرندے اس کی طرف خاص طورپر راغب ہوتے ہیں جس سے فصل کو نقصان ہوسکتاہے اسلئے باغبان کھجورکے پھل کو پرندوں سے بچانے کے لئے خصوصی تدابیر اختیارکریں۔
٭٭٭
موسم کی تبدیلی کے باعث پیاز اور لہسن کی فصل کو تھرپس سے بچانے کیلئے فوری حفاظتی وتدارکی اقدامات کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ترجمان محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ موسم کی تبدیلی کے باعث پیاز اور لہسن کی فصل کو تھرپس سے بچانے کیلئے فوری حفاظتی وتدارکی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے بتایاکہ آج کل پیازاور لہسن پر تھرپس کے حملہ کا خطرہ موجودہے جس سے پودوں کے پتے چڑمڑ ہوکر آہستہ آہستہ خشک ہوجاتے ہیں اور حملہ شدہ پتے کی سطح چمکیلی ہوجاتی ہے جس سے فصل کو شدیدنقصان پہنچنے اور پیداوارمتاثر ہونے کا خطرہ ہوتاہے۔انہوں نے بتایا کہ تھرپس کا تدارک اس انداز سے کیاجاسکتاہے کہ کاشتکار فصل کی آبپاشی کرتے رہیں اور پودوں کو سوکانہ آنے دیں۔ انہوں نے کہا کہ تھرپس کے کیمیائی انسداد کے لئے امیڈاکلوپرڈ250ملی لیٹرکو 100لیٹر پانی میں ملاکرسپرے کرنے سے تھرپس اور پھپھوندی کاخاتمہ ممکن ہوسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ اس بیماری کے طبعی انسداد کے سلسلہ میں کھیتوں کو جڑی بوٹیوں سے پاک رکھتے ہوئی2سے 3بار گوڈی کرنا بھی مفید ثابت ہوسکتاہے
٭٭٭
مولی کی اگیتی کاشت جولائی میں شروع کرنے کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو مولی کی اگیتی کاشت جولائی میں شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار مولی کی اگیتی کاشت جولائی کے پہلے ہفتہ سے شروع کرکے وسط اگست تک مکمل کرلیں تاکہ اس کی بہتر پیداوار حاصل ہوسکے۔ محکمہ زراعت کا کہنا ہے کہ مولی موسم سرما کی فصلوں میں بہت ہی اہم اور مقبول سبزی ہے جسے ہرعمرکے افرادیکساں پسندکرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مولی کو سلاد کے علاوہ مختلف سبزیوں کے ساتھ پکاکر بطورسالن بھی استعمال کیاجاتاہے۔ انہوں نے بتایا کہ مولی کی 40یوم والی قسم بہترین پیداواردیتی ہے۔ جہاں یہ مولی40روزمیں تیارہوجاتی ہے وہیں یہ کھانے میں خستہ ہونے کے علاوہ کڑواہٹ میں بھی کم ہوتی ہے۔ایک ایکڑ رقبہ پر مولی کی کاشت کیلئے 3کلوگرام بیج کافی ہوتاہے۔ مزیدمعلومات کے لئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف سے بھی رابطہ کیاجا سکتا ہے۔
٭٭٭
کو گھیاتوری کی فصل کونقصان دہ کیڑوں سے محفوظ رکھنے کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو گھیاتوری کی فصل کونقصان دہ کیڑوں سے محفوظ رکھنے کی ہدایت کی ہے ، کاشتکار گھیاتوری کی فصل کو ضرررساں کیڑوں کے حملے سے بچانے کے لئے پیشگی احتیاطی تدابیر اختیارکریں، فصل پر کیڑے مکوڑوں کاحملہ مشاہدے میں آئے تو فوری طورپر ماہرین زراعت یامحکمہ زاعت کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے معیاری زہر کا سپرے بھی یقینی بنایاجائے تاکہ فصل کو نقصان سے بچایاجاسکے۔پتوں کی لال بھونڈی پتوں، شگوفوں اور پھول پر حملہ آورہوکر اسے کھاجاتی ہے۔ضرررساں کیڑوں اور بیماریوں سے متاثرہ پودے اکھاڑ کر فوری طورپر تلف کردینے چاہئیں تاکہ وہ دیگر صحتمند پودوں کومتاثر نہ کرسکیں۔لال بھونڈی اور دیگر نقصان دہ کیڑوں کے کیمیائی تدارک کے لئے ماہرین زراعت یامحکمہ زراعت کے مقامی فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے کیڑے مار اور پھپھوندکش ادویات کا سپرے کرکے مثبت نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔
٭٭٭
پاکستان میں آم کی سالانہ پیداوار 20 لاکھ میٹرک ٹن ہے

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) زرعی ماہرین نے کہاہے کہ پاکستان میں آم کی سالانہ پیداوار 20 لاکھ میٹرک ٹن ہے ، پاکستان میں 1,72,308ایکڑ رقبہ پر آم کی کاشت کی جاتی ہے اور پاکستان آم کے زیر کاشت رقبے کے لحاظ سے دنیا میں ساتویں نمبر پر ہے ، صوبہ پنجاب میں آم کا زیرکاشت رقبہ ایک لاکھ 11 ہزار 432 ایکڑ ہے۔پاکستان میں آم کی سالانہ پیداوار 20 لاکھ میٹرک ٹن ہے جس میں سے صرف صوبہ پنجاب میں 13 لاکھ میٹرک ٹن سے زیادہ پیداوار حاصل ہوتی ہے۔مجموعی طور پر پاکستان میں اس وقت اعلی معیار اور بہترین لذت کے حامل آم کی تقریبا دو سو سے زیادہ اقسام کاشت کی جاتی ہیں جبکہ ان میں سے 20 اقسام کے آم تجارتی مقاصد کے لئے کاشت کئے جاتے ہیں تاکہ انہیں برآمد کر کے زرمبادلہ حاصل کیا جاسکے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

۔۔۔۔۔

یہ بھی پڑھیے:

بہاول نگر کی خبریں

مظفرگڑھ کی خبریں

راجن پور کی خبریں

ڈیرہ غازی خان کی خبریں

About The Author