نومبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

لاہور میٹرو بس منصوبے نے بھی پشاور بی آر ٹی کا رنگ اپنا لیا

لاہور میٹرو بس کے ٹریک پر مسافروں کے پیدل چلنے کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبے کے بعد صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور

کی میٹرو بس سروس بھی شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بننے لگی ہے۔

بدھ کے روز لاہور کی میٹرو بس نمبر 12 گجومتہ جاتے ہوئے اتفاق اسٹیشن کے قریب خراب ہوگئی تھی۔

تکنیکی خرابی کے باعث مسافروں کو بس سے اتر کر سخت گرمی میں پیدل سفر کرنا پڑا تھا۔

مسافر ٹریک پر پیدل چلتے ہوئے اسٹاپ تک پہنچ کر دوسری بس میں سوار ہو کر روانہ ہوئے تھے۔ ٹریک پر مسافروں کے پیدل چلنے کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔

 میٹرو بس سروس کے مسافروں نے کہا کہ ’یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے کوئی بس خراب ہوئی ہو

بلکہ اب بسز کا خراب ہونا معمول کی بات بن گئی ہے۔ عملے کی خدمات کا معیار بھی کم ہوگیا ہے۔‘

 میٹرو بسز میں تکنیکی خرابی کے ساتھ ساتھ بسز کا ٹریک بھی جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے سفری اجازت ملنے کے بعد لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں میٹرو بس سروس شہریوں کے لیے پریشانی کا باعث بن گئی ہے۔

اس سے قبل حکومت پنجاب نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملتان، راولپنڈی اور لاہور میں میٹرو بس سروس کو معطل کردیا تھا

جس کی وجہ سے ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو 22 دن میں 12 کروڑ روپے سے زیادہ کا نقصان ہوا تھا۔

About The Author