نومبر 24, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

نیشنل ہائی پرفارمنس کیمپ میں شرکت کے لیے26 کھلاڑیوں کو لاہور طلب کرلیا گیا

کیمپ میں طلب کردہ کھلاڑیوں کو متعلقہ طرز کی کرکٹ سے متعلق ہی ٹریننگ فراہم کی جائے گی

نیشنل ہائی پرفارمنس کیمپ میں شرکت کے لیے26 کھلاڑیوں کو لاہور طلب کرلیا گیا

لاہور :

پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کی سفارش پر26 کھلاڑیوں کو جمعرات سےشروع ہونے والے

نیشنل ہائی پرفارمنس کیمپ میں شرکت کے لیےنیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور طلب کرلیا ہے۔

تین جون سے شروع ہونے والے اس کیمپ میں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی اور ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے

ان کھلاڑیوں کوطلب کیا گیا ہے جو ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز میں حصہ نہیں لے رہے۔

38 روزہ کیمپ میں کھلاڑیوں کی ذہنی اور جسمانی پختگی کے ساتھ ساتھ ان کے تکنیکی پہلوؤں پر کام کیا جائے گا۔

کیمپ میں طلب کردہ کھلاڑیوں کو ریڈ اور وائیٹ بال پلیئرز کے دو مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

کیمپ میں طلب کردہ کھلاڑیوں کو متعلقہ طرز کی کرکٹ سے متعلق ہی ٹریننگ فراہم کی جائے گی ۔

این ایچ پی سی میں انٹرنیشنل پلیئرز ڈویلمپنٹ کے سربراہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دینے والے سابق کرکٹر ثقلین مشتاق اس کیمپ کی نگرانی کریں گے۔

اس دوران نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹرکے دو کوچز محمد یوسف اور عمر رشید سمیت قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستان شاہینز کرکٹ ٹیم کے دستیاب کوچزبھی ان کی معاونت کریں گے۔

ان کوچز میں مصباح الحق( ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم)، عبدالمجید (فیلڈنگ کوچ قومی کرکٹ ٹیم)،

اعجاز احمد (ہیڈ کوچ پاکستان شاہینز کرکٹ ٹیم)، راؤ افتخار انجم (باؤلنگ کوچ پاکستان شاہینز کرکٹ ٹیم) اور مہتشم رشید (فیلڈنگ کوچ پاکستان شاہینز کرکٹ ٹیم) شامل ہیں۔

کیمپ میں طلب کردہ تمام کھلاڑی کل بروز جمعرات کو نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں رپورٹ کریں گے

جہاں وہ 4 جون بروز جمعہ سے باقاعدہ ٹریننگ سیشنز کا آغاز کریں گے۔

دورہ ویسٹ انڈیز پر روانگی سے قبل قومی ٹیسٹ کرکٹرز کا تربیتی کیمپ بعد میں نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں لگایا جائے گا۔

محمد وسیم، چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم

محمد وسیم کا کہنا ہے کہ ہم ان کھلاڑیوں کومسابقتی کرکٹ کی ٹریننگ کے لیے ایک منظم ماحول فراہم کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ کیمپ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا سبب بننے کے

ساتھ ساتھ انہیں ماہر کوچزکی زیرنگرانی اپنی خامیوں پر قابو پانے کا ایک بہترین موقع فراہم کررہا ہے۔

محمد وسیم نے امید ظاہرکی ہے کہ یہ کیمپ ہمارے بیک اپ میں موجود کھلاڑیوں کےپول کو مزید تقویت بخشنے میں معاونت کرے گا۔

ثقلین مشتاق، سربراہ انٹرنیشنل پلیئرز ڈویلمپنٹ:

ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی پرفارمنس کیمپ کا بنیادی مقصد کھلاڑیوں کو اعلیٰ معیار کی سہولیات فراہم کرنا ہے، جہاں وہ اپنی صلاحیتوں میں نکھار لانے کے لیے محنت کرسکیں۔

ثقلین مشتاق نے کہا کہ دنیا بھر میں کھلاڑی آف سیزن میں اپنی صلاحیتوں اور فٹنس میں بہتری لانے پر کام کرتے ہیں تاکہ

وہ آئندہ سیزن کے لیے تیار ہوں،ہم کیمپ میں شریک کھلاڑیوں کی خامیوں کی نشاندی کرنے کے بعد ان کی مشاورت سے ان کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کی کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ایک جامع کوچنگ پروگرام تیار کیا ہے، جس کے تحت ہم جسمانی اور اعصابی طور پر مضبوط کھلاڑی تیار کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

کیمپ میں طلب کردہ کھلاڑی:

عبداللہ شفیق (سینٹرل پنجاب) ، اطہر محمود (ناردرن) ، فیصل اکرم (سدرن پنجاب) ، حارث سہیل (بلوچستان) ، عمران بٹ (بلوچستان) ،

عرفان اللہ شاہ (خیبر پختونخوا) ، اسرار اللہ (خیبر پختونخوا) ، کامران غلام (خیبر پختونخوا ) ، میر حمزہ (سندھ) ، محمد عباس (سدرن پنجاب) ، محمد طحٰہ (سندھ) ،

مبصر خان (ناردرن) ، مختار احمد (سدرن پنجاب) ، منیر ریاض (ناردرن) ، نعمان علی (ناردرن) ، عمیر بن یوسف ( سندھ) ،

صاحبزادہ فرحان (خیبر پختونخوا) ، ساجد خان (خیبر پختونخوا) ، سلمان ارشاد (ناردرن) ، سعود شکیل (سندھ) ، تاج ولی (بلوچستان) ،

عمر خان (سدرن پنجاب) ، عثمان صلاح الدین (سینٹرل پنجاب) ،

وقار حسین (سدرن پنجاب) ، یاسر شاہ (بلوچستان)

اور ضیاء الحق (سدرن پنجاب)۔

About The Author