دسمبر 21, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی خبریں

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں تجزیے اور تبصرے

ڈاکوﺅں نے اپنی کار کی چھت پر لگی نیلی ہوٹر لائٹ کا استعمال کرکے کار سوار چار افراد کو روک کر لوٹ لیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) تھانہ یاک کی حدودمیں ڈکیتی کی واردات،کالے اور خاکی کپڑوں میں ڈاکوﺅں نے اپنی کار کی چھت پر لگی نیلی ہوٹر لائٹ کا استعمال کرکے کار سوار چار افراد کو روک کر لوٹ لیا، 18لاکھ روپے سے زائد کی رقم ،پانچ موبائل فون چھین کرفرارہوگئے، پانچ ڈاکوﺅں کے خلاف ڈکیتی کامقدمہ درج کرلیاگیا ،تفصیلات کے مطابق جمال موڑ کے قریب کالے اور خاکی کپڑوں میں ڈاکوﺅں نے کار کی چھت پر لگی نیلی ہوٹر لائٹ کا استعمال کرکے خود کو سرکاری ادارے کے اہلکار ظاہر کر تے ہوئے ایک کار کو روک لیا اور کارمیں سوار میانوالی کے رہائشی ہادی شاہ سے نولاکھ بیس ہزارروپے،بھکر کے رہائشی عنصرعباس سے پانچ لاکھ چوالیس ہزارروپے، دوموبائل فون بھکر کے رہائشی امتیازحسین سے تین لاکھ چھتیس ہزارسات سوروپے اوردوموبائل فون اور بھکر کے ہی رہائشی گل محمدسے انیس ہزارروپے اورایک موبائل فون چھین کر لے گئے ۔ متاثرہ کار سوار امتیازحسین نے پولیس کو بتایا کہ کار سوار پانچ ملزمان نے چہرے نقاب سے ڈھانپ رکھے تھے اور وہ پشتو زبان بولتے تھے ،ہمیں کار سے اتار کر قریبی اراضی کے اندر لے گئے اور اسلحہ کی نوک پر ہمیں لوٹ لیا ،یارک پولیس نے امتیازحسین کی رپورٹ پرپانچ نامعلوم ملزمان کے خلاف 395PPCکے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے ۔
٭٭٭
انجینئرمسعودالرحمان خان کا ڈیرہ پریس کلب رجسٹرڈکا خصوصی دورہ

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)محکمہ پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے ایس ای ڈیرہ اسماعیل خان انجینئرمسعودالرحمان خان نے ڈیرہ پریس کلب رجسٹرڈکا خصوصی دورہ کیا۔اس موقع پرڈیرہ پریس کلب کے جنرل سیکرٹری محمدفضل الرحمان،محمدیاسین قریشی ،محمداقبال بھٹی ،محمدریحان ، حاجی لطیف الرحمان ،گوہر غنچہ اورعبداللہ جان نے ان کا استقبال کیا اوران کوڈیرہ پریس کلب آمدپر خوش آمدیدکہا۔ ایس ای پبلک ہیلتھ مسعودالرحمان خان کوڈیرہ پریس کلب کے مختلف حصوں کادورہ اور تعمیراتی کاموں کا معائنہ کرایاگیا۔ اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کا کام لوگوں کوپینے کاصاف پانی اور نکاسی آب کی سہولیات فراہم کر نا ہے ۔محکمہ پبلک ہیلتھ کے پاس پانی کی ٹیسٹنگ کے لیے دفتر کے علاوہ ایک موبائل ٹیسٹنگ لیبارٹری بھی موجودہے جہاں لوگ اپنے گھروں میں موجود پانی کے معیار کوچیک کراسکتے ہیں ۔ واٹرسپلائی سکیموں کی بجلی کے بلوں کی مدمیں سالانہ کروڑروپے واجب الادا ءہونے کے باعث ہماری کوشش ہے کہ بجلی کے بلوں کی مدمیں بچت کے لیے واٹرسپلائی سکیموں کو سولر ز سسٹم پر منتقل کیاجائے ،ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی 306 واٹرسکیموں میں سے 102واٹرسپلائی سکیموں کو سولر سکیم پر شفٹ کردیاگیاہے تاکہ بجلی کے بلوں کی بچت کے ساتھ ساتھ دیہاتی لوگوں کوبغیرکسی تعطل کے پینے کاصاف پانی مہیاہو۔ ۔ انہوںنے کہاکہ ڈیرہ اسماعیل خان کے نکاسی آب کے مسئلہ کے حل کے لیے ہم نے ایک ماسٹرپلان ترتیب دیاگیا جس کا تخمینہ 14ارب روپے ہے لیکن اس سلسلے میں اب تک ہمیں 60سے70کروڑروپے کے فنڈزمل سکے ہیں اگریہی رفتاررہی تونہ صرف اس اہم منصوبے کی لاگت میں اضافہ ہوگا بلکہ اس کے فوائدجلد عوام تک نہیں مل سکیں گے ۔انہوںنے کہاکہ ڈیرہ شہر کے نکاسی آب کے پرانے نالوں کا تمام پانی دریائے سندھ میں جارہاہے لیکن اس پانی کو زراعت کے شعبے میں قابل استعمال بنانے کے لئے ایک منصوبہ ترتیب دیاگیا ہے جس پرلاگت کا تخمینہ تین ارب روپے لگایاگیاہے اس کا پی سی ٹوصوبائی حکومت کو بھجوایاگیاہے اس کے لیے ہم نے تین ہزار کنال اراضی کی نشاندہی کردی ہے جونہی فنڈزملتے ہیں اس اہم منصوبے پر کام شروع کردیاجائے گا۔
٭٭٭
لڑائی جھگڑے کے دوران دو گرپوں کی ایک دوسرے پر پتھروں کی بارش

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)لڑائی جھگڑے کے دوران دو گرپوں کی ایک دوسرے پر پتھروں کی بارش ،ایک شخص سر پر پتھر لگے سے بہوش ہوگیا ،تشویشناک حالت میں ملتان ریفر ،دونوں جانب کے ملزمان کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیاگیا ،تھانہ درازندہ کی حدود درازندہ بازار میں نیک نواز ہوٹل کے قریب دوگروپوں کے درمیان لڑائی جھگڑے میں دونوں جانب سے ایک دوسرے پر خوب پتھر برسائے گئے جس کے نتیجے میں ایک شخص نصر اللہ سر پر پتھر لگنے سے بہوش ہوگیا جسے تشویشناک حالت کے باعث ملتان ریفر کردیاگیا ہے ،درازندہ پولیس نے ایک جانب نصراللہ سمیت تین ملزمان جبکہ دوسرے فضل دین اقوام شیرانی سکنہ درازندہ سمیت سات افراد کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیاہے۔
٭٭٭
نویں ،دسویں ،گیارہویں اور بارہوں کے تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) خیبرپختونخوا میں نویں ،دسویں ،گیارہویں اور بارہوں کے تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے ،ایس او پیز پر سختی سے عملدرامد کیا گیا۔این سی او سی کے فیصلے کے مطابق صوبے بھر میں نویں ،دسویں ،گیارہویں اور بارہویں جماعت کی کلاسیں دوبارہ شروع ہوگئیں ،اسکول اور کالجز میں تعلیمی سرگرمیاں شروع ہوگئیں ،اسکول اور کالجز آنے والے طلبہ کے لیے کورونا سے بچاﺅ کے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا گیا ،اسکول آنے والے طلبہ کا ٹمپریچر باقاعدہ چیک کیا گیا ،سینی ٹائزر کا استعمال بھی یقینی بنایا گیا ،اسکول آنے والے طلباءوطالبات کیلئے فیس ماسک لازمی قرار دیا گیا ہے ، محکمہ تعلیم کی جانب سے رمضان المبارک میں اسکولوں کے اوقات جاری کیے گئے ہیں جس کے مطابق پیر تا جمعرات اور ہفتہ کو مڈل، ہائی،ہائرسیکنڈری اسکول صبح 8 سے ساڑھے بارہ بجے تک جبکہ جمعہ کوصبح 8 سے 12 بجے تک کھلے رہیں گے،پرائمری اسکولوں کے اوقات بھی مڈل و ہائی اسکولوں کے مطابق ہونگے۔
٭٭٭
مختلف انعامی اسکیموں کے نام پر ٹیلیفون کالز اور ایس ایم ایس کے ذریعے معلومات مانگنے والے جعلسازوں کو معلومات فراہم نہ کی جائیں ،پی ٹی اے

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)مختلف اسکیمز اور آفرز کے لیے شہریوں کو مختلف نمبرز سے روزانہ کی بنیاد پر کالز اور ایس ایم ایس موصول ہوتے ہیں لیکن ان میں سے کچھ کالز جعلسازوں کی جانب سے بھی کی جاتی ہے جس سے شہریوں کو نقصان بھی ہوتا ہے۔ کئی کالز میں شہریوں سے ان کے بینک اکاو¿نٹس کی تفصیلات اور اے ٹی ایم کا پن نمبر بھی مانگا جاتا ہے اور شہری دھوکا کھا کر اپنی تمام تر تفصیلات شئیر کر دیتے ہیں جس سے انہیں بھاری مالی نقصان بھی ا±ٹھانا پڑتا ہے۔شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کے پیش نظر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ایک پیغام جاری کیا جس میں شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے جس کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے عوام کو خبردار کیا کہ مختلف انعامی اسکیموں کے نام پر ٹیلیفون کالز اور ایس ایم ایس کے ذریعے معلومات مانگنے والے جعلسازوں کو معلومات فراہم نہ کی جائیں۔اس حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پی ٹی اے نے عوام کو ایسی دھوکہ دہی، جعلی اور ان چاہی کالوں اور ایس ایم ایس سے محتاط رہنے کے لیے کہا کہ جو ذاتی تفصیلات یا رقم کی منتقلی کا مطالبہ کریں۔ پی ٹی اے یا دیگر ادارے جیسے بینک کبھی بھی فون کرکے اے ٹی ایم پن ، کوڈ ، او ٹی پی اور اکا و¿نٹ سے متعلقہ دیگرذاتی تفصیلات طلب نہیں کرتے لہٰذا عوام الناس کو اس ضمن میں آگاہ کیا جاتا ہے کہ وہ اپنی ذاتی معلومات کسی نامعلوم کالز، ایس ایم ایس بھیجنے والے کے ساتھ ہرگز شیئر نہ کریں اور پی ٹی اے یا دیگر اداروں کے نام سے آنے والی ایسی کالیں نظر انداز کریں، اس حوالے سے شکایت کیلئے اپنے متعلقہ ٹیلی کام سروس آپریٹر سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
٭٭٭
جنگلی پرندوں کے غیر قانونی شکار سے نایاب پرندوں کی نسل تباہ ہونے لگی

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)جنگلی پرندوں کے غیر قانونی شکار سے نایاب پرندوں کی نسل تباہ ہونے لگی ،شکاریوں نے بریڈنگ کے سیزن میں نایاب پرندوں کا شکار کرکے ان کی نسل کشی شروع کررکھی ہے ،محکمہ تحفظ جنگلی حیات کی پابندی دفاتر تک محدود ،دریائے سندھ سمیت دیگر علاقوں میں محکمہ شکار کے ذمہ دران کی عدم دلچسپی کی وجہ سے نایاب نسل کے پرندے نایاب ہونے لگے ،شہر سمیت قصبات میں بااثر افراد نے محکمہ شکار کی سرپرستی میں پرندوں کی فروخت کا کاروبار شروع کررکھاہے ،ان دنوں پرندوں کی بریڈنگ کا سیزن شروع ہوچکا ہے ،قدرتی حسن کو دوبالا کرنے والے پرندوں نے درختوں پر گھونسلے بنانا شروع کررکھے ہیں ،محکمہ تحفظ جنگلی حیات کی جانب سے بریڈنگ سیزن کے دوران پرندوں کے شکار پر پابندی کے قانون پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے نایاب نسل کے پرندوں کی زندگیاں خطرات سے دوچار ہیں ،ان دنوں پرندے درختوں پر گھونسلے بنا کر اپنی نسل کو آگے بڑھانے کی تیاریاں شروع کردیتے ہیں ،اس ضمن میں پریشان کن امر یہ ہے کہ محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے پرندوں کی بریڈنگ سیزن کے دوران ان کے شکار پر پابندی عائد ہونے کے باوجود شکاریوں کا شکار کھیلنا سمجھ سے بالا تر ہے ،شہریوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیاہے کہ غیر قانونی شکار کرنے والے شکاریوں اور شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں پرندوں کا کاروبار کرنے والوں پر پابندی عائد کی جائے تاکہ نایاب نسل کے پرندوں کو تحفظ مل سکے ۔
٭٭٭
انتظامیہ شہر سمیت گردونواح میں برائلر مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں کمی نہ لاسکی

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں انتظامیہ شہر سمیت گردونواح میں برائلر مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں کمی نہ لاسکی ،برائلر مرغی کا گوشت شہر میں 400 روپے ،مضافاتی علاقوں میں 450 روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت ہورہا ہے ،گزشتہ ایک ماہ میں برائلر مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں 150 روپے کا اضافہ کیاگیا جس سے شہریوں سمیت سفید پوش طبقہ پریشان ہے،صارفین کا کہنا ہے کہ چھوٹا اور بڑا گوشت بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوچکا ہے رہی سہی کسر مہنگا ئی نے پوری کردی ہے ،برائلر مرغی کا گوشت مہنگا ہونے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔صارفین کا کہنا ہے کہ اگر یونہی تسلسل کے ساتھ برائلر مرغی کا گوشت مہنگا رہا تو عام آدمی اس سستی پروٹین سے بھی محروم ہو جائے گا اور غریب کی ہنڈیا میں کبھی گوشت نہیں پک سکے گا،صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ برائلر مرغی کے گوشت کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام دکھائی دے رہی ہے ،انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں مرغی کے گوشت کا استعمال بڑھ جاتاہے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے برائلر مرغی کا کاروبار کرنے والے بااثر افراد نے مرغی کے گوشت کی قیمتوں کو آسمان پر پہنچا دیاہے جو کہ انتظامیہ کی سرپرستی کے بغیر کسی صورت ممکن ہیں ،
٭٭٭
ھواں چھوڑنے والی گاڑیاں ،کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف آپریشن نہ ہونے کی وجہ سے آئے روز حادثات رونما ہونے لگے

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں ،کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف آپریشن نہ ہونے کی وجہ سے آئے روز حادثات رونما ہونے لگے ،ٹریفک پولیس ،محکمہ ماحولیات ،آر ٹی اے سیکرٹری نے چپ سادھ لی ،قانون شکن افراد کی موجیں ،ذمہ داران کی کارکردگی سوالیہ نشان بن گئی ،شہریوں کا ارباب اختیار سے نوٹس لینے کامطالبہ ،تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ضلع بھر میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں ،رکشوں ،بلا لائسنس ،کمر عمر ڈرائیوروں کے خلاف متعلقہ محکموں نے آپریشن کرنے کی بجائے خاموشی اختیار کررکھی ہے ،محکمہ ماحولیات ،ٹریفک پولیس ،آر ٹی اے سیکرٹری ،موٹر وہیکل ایگزایمینر کی عدم دلچسپی کے باعث قانون شکن افراد کی موجیں لگی ہوئی ہیں ،دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی وجہ سے شہری سانس ،دمے کی بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذمہ داران نے قانون کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں سے مکمل لاتعلقی اختیار کررکھی ہے ،دوسری جانب کم عمر چنگ چی رکشہ ڈرائیور کے خلاف جاری مہم سست روی کا شکار ہوکر رہ گئی ہے ،سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی طرف سے قائم کی جانے والی ٹیموں کی جانب سے بغیر روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر چلنے والی گاڑیوں کے خلاف کسی قسم کی کوئی کاروائی نہیں کی جارہی جس کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی سمیت حادثات میں اضافہ ہورہاہے ،شہریوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیاہے کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور کم عمر رکشہ ڈرائیوروں کے خلاف چالان کرکے انہیں تھانوں میں پابند سلاسل کیا جائے تاکہ شہری فضائی آلودگی سے پاک ماحول میں سانسیں لے سکیں ۔
٭٭٭
یوٹیلٹی سٹورز پر محدود اشیاءکی دستیابی ،شہری کئی کئی گھنٹے قطاروں میں لگنے کے بعد خالی ہاتھ واپس

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)یوٹیلٹی سٹورز پر محدود اشیاءکی دستیابی ،شہری کئی کئی گھنٹے قطاروں میں لگنے کے بعد خالی ہاتھ واپس ،حکومت نے اگر رعایت دے ہے تو سامان بھی فراہم کرنا چاہیے ،چند روپے بچانے کی خاطر گھنٹوں خوار کیا جاتاہے ،ایک کلو گھی یا چینی خریدنی ہو توساتھ چار اشیاءاور خریدنی پڑتی ہیں ،شہریوں کا حکومتی پالیسی پر افسوس کا اظہار ،تفصیلات کے مطابق ماہ رمضان میں شہریوں کو سستی اشیاءکی فراہمی کے لئے بلند وبانگ دعوﺅں کے ساتھ یوٹیلیٹی سٹورز پر جانے کی ہدایت تو کردی جاتی ہے لیکن ان سٹورز پر اشیاءخوردنوش انتہائی کم مقدار میں سپلائی کی جاتی ہے جس کی وجہ سے سٹورز پر آنے والے شہریوں کو ایک کلو گھی یا چینی کے لئے تین سے چار گھنٹے تک قطاروں میں کھڑا ہونا پڑتاہے ،اکثر شہریوں کی باری آنے تک سامان ہی ختم ہوجاتاہے جبکہ جس شہری کو چینی یا گھی مل جاتاہے اس کے ساتھ کئی ایک اشیاءمزید خرید نے کی شرط لگادی جاتی ہے ،شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے حسب سابق یوٹیلیٹی سٹورز پر چند روپے کی رعایت تودے دی ہے لیکن یہاں نہ سامان پورا ہے نہ تین چار گھنٹے سے قبل باری آتی ہے ،روزے کی حالت میں بزرگ ،خواتین کھڑے رہتے ہیں اور اکثر ان کو خالی ہاتھ وآپس جانا پڑتاہے ،حکومت اگر شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا چاہتی ہے تو عام مارکیٹ میں سبسڈی دے تاکہ ہر شہری اپنی ضرورت کی چیز آسانی سے حاصل کرسکے ۔
٭٭٭
رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی مساجد کی رونقیں بحال ہوگئیں

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی مساجد کی رونقیں بحال ہوگئیں ،پانچوں نمازوں کے اوقات میں مساجد میں تل دھرنے کی جگہ نہیں ملتی ،تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی مساجد کی رونقیں بحال ہوگئیں ،نماز تراویح ودیگر نمازوں میں مساجد میں بے پناہ رش نظرآتاہے ،مساجد نمازیوں سے بھر چکی ہیں ،مسلمان اس ماہ مبارک کی خوبصورت ساعتوں میں اللہ کے حضور توبہ استغفار کرکے رحمتیں برکتیں سمیٹتے نظر آرہے ہیں ،نماز سمیت تلاوت قرآن پاک اور نوافل بھی خشوع وخضوع کے ساتھ ادا کرتے دکھائی دیتے ہیں،اسی طرح بازاروں میں بھی افطاری سے قبل سموسے پکوڑوں ،فروٹ اور کھجوروں سمیت مشروبات کی دکانوں ،ریڑھیوں پر کافی رش نظر آتاہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ لوگ مہنگائی کا رونا بھی دکھائی دیتے ہیں ،اس حوالے سے شہریوں کہنا ہے کہ اکثر ممالک اپنے قومی یا مذہبی تہواروں پر اشیاءخوردونوش سمیت اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں کمی کرکے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرتے ہیں لیکن پاکستان واحد ملک ہے جہاں مذہبی اور قومی تہواروں پر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کرکے شہریوں سے خوشیاں چھین لی جاتی ہیں ۔
٭٭٭
2 کروڑ روپے کی مالیت کا نان کسٹم پیڈ چھالیہ ٹرک سے برآمد

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) تھانہ مغل کوٹ پولیس کی کاروائی، 2 کروڑ روپے کی مالیت کا نان کسٹم پیڈ چھالیہ ٹرک سے برآمد،دوسری کاروائی میں کلاچی پولیس نے ٹکواڑہ چیک پوسٹ پر لاکھوں کی مالیت کا سامان پکڑلیا،تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں نئے ضم شدہ علاقے میں قائم شدہ تھانہ مغل کوٹ کی حدود میں ڈی ایس پی خالد محمود کی زیر قیادت ایس ایچ ایس او مغل کوٹ طیب خان نے مغل کوٹ چیک پوسٹ پر اور ایس ایچ او کلاچی نے ٹکوڑا چیک پوسٹ پر نان کسٹم پیڈ اشیاءکی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے الگ الگ کارروائی کی ہے، بدوران ناکہ بندی ایک گاڑی ہینو ٹرک کو روکا،گاڑی کو چیک کرنے پر 495 عدد گٹو نان کسٹم پیڈ چھالیہ جن کی مالیت تقریبا 02 کروڑ روپے کروڑ بنتی ہے برآمد کرلیا۔ سامان مذکورہ کو فوری طور پر قبضہ پولیس کیا گیا جو کہ بعد میں کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا۔اسی طرح دوسری کاروائی میں کلاچی پولیس نے انچارج ٹکواڑہ چیک پوسٹ کے ہمرا نان کسٹم پیڈ اشیاء کی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے کارروائی کی ہے بدوران ناکہ بندی ایک گاڑی جو کہ وانا سے براستہ ٹانک ڈیرہ اسماعیل خان آرہی تھی جس کو روکا چیک کرنے پر گاڑی میں لوڈ تقریبا 50 بوری کھوپرا(ناریل)اور جیرا جن کی مالیت تقریبا چھ لاکھ پچاس ہزار روپے بنتی ہے نان کسٹم پیڈ سامان برآمد کرلیا،سامان کو فوری طور پر قبضہ پولیس کیا گیا جو کہ بعد میں کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا۔
٭٭٭
تھانہ جات و چیک پوسٹوں پر سولر سسٹم و دیگر ضروری سامان کی فراہمی کر دی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ضلعی پولیس سربراہ کی جانب سے نئے ضم شدہ علاقے میں قائم تھانہ جات و چیک پوسٹوں پر سولر سسٹم و دیگر ضروری سامان کی فراہمی کر دی گئی ،تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس کے احکامات کی روشنی میں ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن ریٹائرڈ نجم الحسنین لیاقت کی جانب سے اعجاز شہید پولیس لائن میں نئے ضم شدہ علاقوں کے تھانہ جات درازندہ،کھوئی بہارہ،مغل کوٹ و مذکورہ تھانہ جات کی چیک پوسٹوں کو سولر سسٹم ودیگر ضروری اشیاءکی فراہمی کی گئی۔ ضلعی پولیس سربراہ نے مجموعی طور پر 18 عدد مکمل سولر سسٹم معہ بیٹری،سولر کنٹرولر و چارجر تقسیم کیے دیگر سامان میں 20 عدد پیڈسٹل فین،14عدد LED لائٹس، 16عدد سولر فین اور فرنیچر کا سامان مہیا کیا۔اس موقع پر ضلعی پولیس سربراہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ضم شدہ علاقہ جات میں قائم تھانہ جات کو قومی دھارے میں لانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
٭٭٭
ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی اور کورنا وائرس کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے اجلاس منعقد

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ عارف اللہ اعوان کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی اور کورنا وائرس کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے اجلاس منعقد کیاگیا۔اجلاس میں ضلعی انتظامیہ ڈیرہ کے تمام افسران سمیت محکمہ صحت کے ضلعی افسر ودیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر محکمہ صحت کے افسران کی جانب سے فورم کو کورونا کی موجودہ صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اگر ہم نے احتیاطی تدابیر پر عمل نا کیا تو حالات سنگین ہو سکتے ہیں۔ جس پر ڈپٹی کمشنر کی جانب سے افسران کو ایس او پیز کے عملدرآمد کےحوالے سے واضح ہدایات جاری کی گئیں۔ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نے اشیاء خوردنوش کی قیمتوں کے کنٹرول، سستا بازاروں میں اشیاءکی فراہمی، کرونا وائرس سے بچاو¿ کے حوالے سے حکومتی ایس او پیز کے نفاذ پر سختی سے عملدرآمد، پاکستان سیٹیزن پورٹل پر موصول شکایات پر عوامی اعتماد، تجاوزات کے خاتمہ اور عوام الناس کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔
٭٭٭
اسسٹنٹ کمشنر ٹانک حمید خان نے پٹوار حلقہ ڈیرہ اور گومل کا دورہ کیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ڈپٹی کمشنر ٹانک محمد کبیرآفریدی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ٹانک حمید خان نے پٹوار حلقہ ڈیرہ اور گومل کا دورہ کیا ۔ ریونیو ریکارڈ جس میں لال کتاب، رجسٹر انتقالات، رجسٹر حقداران زمین ، گرداوری، روزنامچہ کارگزاری اور روزنامچہ واقعاتی چیک کی گئی۔ اس موقع پر اے سی کا کہنا تھا کہ لوگوں کو ریونیو سے متعلق تمام مسائل کے حل کے سلسلے میں جانفشانی سے کام کریں اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔
٭٭٭
اسسٹنٹ کمشنر نواب سمیرحسین لغاری نے رمضان سستا بازار کا دورہ کیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر نواب سمیرحسین لغاری نے رمضان سستا بازار کا دورہ کیا اور وہاں موجود سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اے سی نے وہاں موجود سٹاف کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس مبارک مہینے میں عام لوگوں کو اشیائے خورد ونوش کو مقررہ قیمتوں پر دستیابی سے متعلق کسی قسم کی شکایت نہیں ہونی چاہیے تاکہ عام غریب لوگ حکومتی اقدامات سے ریلیف حاصل کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان سستا بازار کا مقصد ہی عام غریب لوگوں کو مستفید کرانا ہے اس لئے اس سلسلے میں کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔
٭٭٭
منفرد کنٹنٹ تخلیق کرنے والوں کی یو ٹیوب قدر افزائی کر رہا ہے

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) منفرد کنٹنٹ تخلیق کرنے والوں کی یو ٹیوب قدر افزائی کر رہا ہے،ہر ماہ 2 ارب سے زائد افراد یو ٹیوب پر آتے ہیں جن کا مقصد تفریح حاصل کرنا، خود کو تعلیم دینا، نئی مہارتیں سیکھنا اور کنٹنٹ تخلیق کرنے والے اپنے پسندیدہ افراد اور کمیونٹیز سے رابطہ کرنا ہوتا ہے۔ پاکستان بھی ایسے ممالک میں سے ایک ہے جہاں لوگ یوٹیوب پر مختلف اقسام کا کنٹنٹ دیکھنا پسند کرتے ہیں لیکن ایسا دلچسپ کنٹنٹ بھی تخلیق کرتے ہیں جو عالمی سطح پر لاکھوں لوگوں کو پسند آتا ہے۔ایسا منفرد کنٹنٹ تخلیق کرنے والوں میں سے ایک مبشر صادق ہیںجن کی یو ٹیوب قدر افزائی کر رہا ہے۔ مبشر صادق اپنے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے چینل ولیج فوڈ سیکریٹس پر بہت مقبول ہیں۔اس موقع پر یوٹیوب ایک متاثر کن ویڈیو دنیا بھر میں ریلیز کر رہا ہے جس میں ان کی کہانی کو نمایاں حیثیت دی گئی ہے۔اس ویڈیو میں مبشر،کا سفر بیان کیا گیا ہے ، جو بظاہر پاکستان کے عام شہری ہیں اور جن کا تعلق پنجاب کے ایک دورافتادہ گاو¿ں، شاہ پور سے ہے۔تاہم،وہ سیالکوٹ میں رہتے ہیں اور فٹبال بنانے والی ایک فیکٹری میں کام کرتے ہیں۔ وہ ہر ہفتے کے اختتام پر اپنے گھر واپس جاتے ہیں۔ اِس موقع پر وہ اپنے اہل خانہ کے لیے کھانا پکاتے ہیں اور ا±س سے بہت لطف اندوز بھی ہوتے ہیں جس نے انھیں یوٹیوب پر ولیج فوڈ سیکریٹس کے لیے ایک کنٹنٹ تخلیق کرنے والا بنادیا ہے۔ چار برس تک، مسلسل، ایسا کنٹنٹ تیار کرنے کے بعد، جس میں پاکستان کی دیہی زندگی کے بارے میں دلکش نظم بھی پیش کی گئی ہے اور ساتھ ہی کھانا پکانے میں ان کی مہارت بھی دکھائی گئی ہے، ان کے 2.84 ملین سبسکرائبرز بن گئے ہیں جن کا تعلق دنیا کے مختلف حصوں سے ہے۔یوٹیوب پر کھانا پکانے کے بارے میں مبشر کاشوق ان کے بھائی نے متعارف کرایا تھا جنھیں وی لاگنگ کے بارے میں معلوم ہوا تھا اور اس وقت وہ یوٹیوب پر مبشرصادق اور فوڈ سیکریٹس کے نام سے دو مقبول چینلز چلا رہے ہیں۔مبشر نے سنہ 2017ءمیں یو ٹیوب ا±س وقت جوائن کیا جب شاہ پور میں انٹرنیٹ کی مناسب سہولت دستیاب نہیں تھی اور وہ اپنا کنٹنٹ ایک مڈ رینج اسمارٹ فون پر ریکارڈ کرنے کے بعد سیالکوٹ لے جاتے تھے اور اپنے دفتر میں ایڈیٹ کرنے کے بعد اپ لوڈ کرتے تھے۔ولیج فوڈ سیکریٹس، دیکھنے والوں کو پاکستان کے خوبصورت دیہی علاقوں کی یاد تازہ کرنے کے لیے متبادل ذریعہ فراہم کرنے کے ساتھ کھانا پکانے کے لیے ، دیہات کی روایتی تراکیب بھی پیش کرتا ہے جنھیں سن کر اور دیکھ کر منہ میں پانی بھر جاتا ہے۔ مبشر کے اصلی کنٹنٹ کے باعث،ان کے چینل نے تیزی سے ترقی کی ہے اورنہ صرف ان کے لیے بلکہ ان کے اہل خانہ کے لیے بھی مالی اعانات کا ذریعہ بن گیا ہے بلکہ دیہات کے لیے بھی۔یوٹیوب پر ا±ن کی کامیابی نے ا±ن کے گاو¿ں کو فائدہ پہنچایا ہے بلکہ زیادہ اہم بات یہ ہے کہ ا±ن کامیابی پورے پاکستان میں اثر پیدا کرنے کا باعث بن گئی ہے۔ اطراف کے دیہاتوں میں آباد لوگ بھی اب بڑی تعداد میں یو ٹیوب پر آ رہے ہیں اور کنٹنٹ تخلیق کر رہے ہیں، اپنی کمیونٹیز کے لیے روزگار کما رہے ہیں بلکہ عالمی ناظرین کے لیے یوٹیوب پر اپنی کہانیاں بھی سنا رہے ہیں۔ یوٹیوب ایسے افراد کی مدد کرتا رہے گا اور مبشر جیسے ،کنٹنٹ تخلیق کرنے والے پاکستانیوں کی قدردانی کرتا رہے گا جو یوٹیوب پر جدید کنٹنٹ تخلیق کرتے ہیں۔
٭٭٭
ڈیرہ ضلع بھر میں کم وزن روٹی و نان کی فروخت کاسلسلہ نہ رک سکا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ڈیرہ ضلع بھر میں کم وزن روٹی و نان کی فروخت کاسلسلہ نہ رک سکا ،کم وزن روٹی 10روپے اور نان کی 15روپے میں فروخت جاری۔ضلعی انتظامیہ کا گراں فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ۔ دستیاب معلومات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ، نان اورتندوری روٹی 150گرام 10روپے مقرر ہے تاہم ضلع بھر میں نان بائی من مانی کرتے ہوئے انتہائی کم وزن روٹی 10روپے اور نان15روپے میں فروخت کررہے ہیں .جبکہ دوسری جانب نان بائی آٹے کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ کاکہنا ہے کہ کسی کو بھی گراں فروشی کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ نان بائی کم وزن روٹی و نان کی زائد قیمت وصول کررہے ہیں۔اسی طرح سرکاری نرخوں کے مطابق ،بڑا گوشت 400روپے فی کلو گرام اور چھوٹا گوشت 775روپے فی کلو گرام مقرر کیا گیا ہے۔ جبکہ بڑا گوشت 550روپے فی کلو گرام اور چھوٹا گوشت 1100روپے فی کلو گرام میں فروخت کیاجا رہاہے۔
٭٭٭
کاشتکار پیازکی پنیری کھیتوں میں منتقل کرنا شروع کردیں

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ترجمان محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کوہدایت کی ہے کہ وہ پیازکی پنیری کھیتوں میں منتقل کرنا شروع کردیں نیز پنیری کی منتقلی سے قبل پانی کی فراہمی روکنے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں تاکہ نرسری سخت جان ہوجائے تاہم پودے آسانی سے نکالنے کیلئے پنیری کو کھیت میں منتقل کرنے سی2گھنٹے قبل اچھی طرح پانی دے دیناچاہئے۔انہوں نے ” صحافیوں“کوبتایا کہ پنیری کی جڑیں ٹوٹنے سے بچانابھی اشدضروری ہے کیونکہ جڑ ٹوٹنے کی صورت میں پنیری کے پھلنے پھولنے کے امکانات انتہائی معدوم ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کاشتکاروں کویہ بھی تاکیدکی کہ وہ زمین کی تیاری کیلئے پہلے مٹی پلٹنے والا ہل چلائیں اور بعدمیں 2مرتبہ کلٹی ویٹر چلاکر زمین کو کھلاچھوڑ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگرکاشتکار کسی قسم کی مشکل محسوس کریں تو وہ ماہرین زراعت یامحکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے رجوع کرسکتے ہیں۔
٭٭٭
ہری مرچ پھیپھڑوں کے سرطان سے تحفظ کے ساتھ بڑھتی عمرکے اثرات کو زائل کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے، ماہر طب

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ہری مرچ پھیپھڑوں کے سرطان سے تحفظ کے ساتھ بڑھتی عمرکے اثرات کو زائل کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے، ماہر طب ،ہری مرچوں میں پائے جانیوالے قدرتی اجزاء آنکھوں کے تحفظ ‘انسانی جسم کے مدافعتی نظام‘ کھانسی اور پھیپھڑوں کے سرطان سے تحفظ فراہم کرتے ہیں جبکہ ہری مرچ بڑھتی عمرکے اثرات کو بھی زائل کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے۔ان خیالات کا اظہار فاضل طب الجراحت‘فزیشن آف ہربل میڈیسن نے” صحافیوں‘ ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایاکہ ہری مرچ میں پائے جانے والے وٹامن سی‘ اے‘ بی 6‘آئرن‘ کاپر‘ پوٹاشیم سمیت پروٹین اور کاربوہائیڈریٹ پائے جاتے ہیںاس لئے ہمیں چاہئے کہ ہری مرچ کے استعمال کواپنی خوراک میں لازمی حصہ بنائیں تاکہ مختلف امراض سے بچاجاسکے۔
٭٭٭
اہم سڑکوںکو سیوریج کے لئے دوبارہ اڈھیر کر رکھ دیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) سرکلر روڈ،زنانہ ہسپتال ،کچہری روڈ سمیت سرکاری اداروں کو جانے والی اہم سڑکوںکو سیوریج کے لئے دوبارہ اڈھیر کر رکھ دیاگیا ۔اقتدار بدلے حکومتیں بدلی مگر ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سمیت مضافاتی علاقوں کے حالات نہ بدل سکے ۔تبدیلی سرکار بھی اندرون شہر سمیت مضافاتی علاقوں پر اثرانداز نہ ہوسکی ۔ہزاروں ،لاکھوں نفوس پر مشتمل تاریخی شہر انتہائی پسماندگی کا شکار ہے ۔گلیوں ،سڑکوں ،تعلیم صحت ،سیوریج کے مسائل نے شہریوں کو ذہنی مریض بناکر رکھ دیا ہے جبکہ اندرون شہر کی سڑکوں سمیت مضافاتی علاقوں کی سڑکوں کی حالت بھی ناگفتہ بہ ہے ۔کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی سڑکوںکو سیوریج کے لئے دوبارہ اڈھیر کر رکھ دیاگیا ہے جن کی دوبارہ کوئی مرمت نہیں کی جارہی، شہریوں کوٹریفک کی آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔شہریوں نے منتخب ممبران قومی وصوبائی اسمبلی سمیت ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اندرون شہر اور مضافاتی علاقوں کی سڑکوںسیوریج کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے اڈھیری جانے والی سڑکوں کی فوری تعمیر ومرمت پر توجہ دی جائے تاکہ ڈیرہ کے شہری حکومتی بنیادی سہولیات سے مستفید ہوسکیں ۔
٭٭٭
سکولز بند ہونے کے باوجود بچوں سے فیس لینے کا سلسلہ جاری ، بچوں اور والدین کا شدید احتجاج

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) کورونا وائرس کے باعث ڈیرہ میں سکولز بند ہونے کے باوجود بچوں سے فیس لینے کا سلسلہ جاری ، بچوں اور والدین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اسے ظلم قرار دے دیا ،کورونا وائرس کی تیسری لہر کی وجہ سے ملک میں حفاظتی اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے سکول اور کالجز کو بند کیا گیا ہے جس میں پرائیویٹ سکول بھی شامل ہیں۔پرائیویٹ سکولوں نے حکومتی احکامات کی پیروی کرتے ہوئے سکولز تو بند کردئیے لیکن بچوں سے فیس لینا بند نہیں کیا جو کہ بچوں اور والدین کے ساتھ ظلم ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سکولز مالکان بچوں سے فیس وصول کرتے ہیں جبکہ اساتذہ کو تنخواہ ادا نہیں کرتے۔اس ظلم میں نا صرف چھوٹے سکول بلکے چند بڑے اور نام نہاد سکولز بھی شامل ہیں۔والدین کا مزید کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے ہمارے کاروبار متاثر ہوئے ہیں اور ہم ابھی بچوں کی تعلیم کی فیس ادا نہیں کرسکتے۔ ہماری ضلعی انتظامیہ اور صوبائی گورنمنٹ سے مطالبہ ہے کہ وہ پرائیویٹ سکولوں کو پابند کریں کہ وہ کرونا کے دنوں میں فیس لینے سے گریز کریں۔دوسری جانب سکول مالکان کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے اور سکول عمارت کے کر ایہ ،سٹاف کی تنخواہیں ،یوٹیلیٹی بلز سمیت دیگر اخراجات کو بھی پورا کرنا ہے ،اگر والدین فیس ادا نہیں کریں گے کہ وہ اپنے اخراجات کہاں سے پورے کریں گے ،
٭٭٭
11افراد نے لاتوں مکوں اورڈنڈوں سے چارافرادکوزخمی کردیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)علاقہ کوکارمیں اراضی میں پانی لگانے کے تنازعے پر11افراد نے لاتوں مکوں اورڈنڈوں سے چارافرادکوزخمی کردیا،صدرپولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ صدرمیں کوکار کے رہائشی عنایت اللہ میانی ولد پائندہ خان نے رپورٹ درج کرائی ہے کہ 11ملزمان ہماری اراضی پلاٹ سے پانی گزارکراپنی اراضی سیراب کر رہے تھے منع کیاتو11ملزمان نے لاتوںمکوںاورڈنڈوںسے مجھے،ابراہیم،برہ خان اورچچازادمحب اللہ ولدعمردین کوزخمی کردیااورملزمان نے جاتے ہوئے ہماری سوزوکی پک اپ کا شیشہ بھی توڑدیا۔
٭٭٭
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان محمد اقبال خان وزیر نے حقنواز پارک میں قائم سستا بازار کا دورہ کیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ عارف اللہ اعوان نے صبح نو بجے اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان محمد اقبال خان وزیر نے حقنواز پارک میں قائم سستا بازار کا دورہ کیا۔ اس موقع پر یوٹیلیٹی اسٹور،محکمہ فوڈ،محکمہ زراعت سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔ دورے کے موقع پراشیاءضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کا جائزہ لیا۔ شہریوں سے سستا بازار میں فراہم کی جانے والی سہولیات اوراشیاءضروریہ کی قیمتوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ عارف اللہ اعوان نے کہا کہ رمضان المبارک کے موقع پر ضلع کے تمام سرکلز میں سستا بازار سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد اقبال خان وزیر نے اس موقع پر کہا کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کوچینی، آٹا، گھی سمیت دیگراشیاءخوردونوش سستے داموں فراہم کرنے کے لیے خیبرپختونخواہ حکومت کی ہدایات پرسستے بازارلگائے گئے ہیں یقیناسستے بازاروں میں لوگوں کوایک ہی جگہ پررعایتی اشیائے خوردونوش فراہم ہورہی ہیں۔ ماہ رمضان المبارک برکتوں اوررحمتوں کامہینہ ہے کسی کواشیائے خوردونوش مہنگے داموں فروخت کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔سستابازارمیں ماہ رمضان المبارک کے حوالے سے 82روپے فی کلوچینی کی فراہمی کے لیے بھی ضلعی انتظامیہ اورمحکمہ فوڈ کی کوششوں سے سٹال لگایاگیاہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نے مذکورہ سٹال پر چینی کی فراہمی کے عمل کا بھی جائزہ لیا جب کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نے سستابازارمیں لگائے گئے دیگر سٹالو ں پر جاکراشیائے خوردونوش کی اشیا کی چیکنگ کی اورلوگوں سے بھی ملے اوران سے اشیائے خوردونوش کی فراہم کے حوالے سے بات چیت کی جس پر لوگوں نے اطمینان کا اظہارکیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈیر ہ محمد اقبال خان وزیر نے کہاکہ کسی کوماہ رمضان المبارک کے دوران سرکاری نرخوں سے زائد نرخوں پراشیائے خوردونوش فروخت کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ مہنگے داموں اشیا فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

٭٭٭

۔۔۔۔۔

یہ بھی پڑھیے:

بہاول نگر کی خبریں

مظفرگڑھ کی خبریں

راجن پور کی خبریں

ڈیرہ غازی خان کی خبریں

About The Author