دسمبر 19, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

چینی کمپنی کےلئے رکھ چوبارہ کی لیز کے خلاف مقامی لوگوں کاحتجاج

دانشور فضل رب لنڈ نے کہا کہ زنفا سولر کیلیے رکھ چوبارہ 650 ایکڑ زمین کی لیز غیر قانونی ہے، رکھوک کی زمینیں کسی قانون کے مطابق نہ الاٹ کی جاسکتی ہیں اور نہ ہی لیز پر دی جا سکتی ہے.

لیہ :چینی کمپنی زنفا سولر کیلیے رکھ چوبارہ کی لیز کے خلاف ڈسٹرکٹ پریس کلب لیہ کے سامنے مقامی لوگوں نے شدید احتجاج کیا. مقامی لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے دانشوروں، وکلاء، سیاسی ورکرز اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی. دانشور فضل رب لنڈ نے کہا کہ زنفا سولر کیلیے رکھ چوبارہ 650 ایکڑ زمین کی لیز غیر قانونی ہے، رکھوک کی زمینیں کسی قانون کے مطابق نہ الاٹ کی جاسکتی ہیں اور نہ ہی لیز پر دی جا سکتی ہے.

زنفا سولر منصوبہ اصل میں رکھ چوبارہ کی زمین ہتھیانے کا منصوبہ ہے. سیاسی ورکر شیخ بدر منیر کا کہنا تھا کہ رکھوک کی لاکھوں جانوروں کی چراگاہ والی زمین ہتھیا کر مقامی لوگوں کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے، دانشور خالد میرانی نے کہا کہ پرائیویٹ کمپنی زنفا کیلیے رکھ چوبارہ کی غیر قانونی لیز کرنے والے بیوروکریٹ کو سخت سے سخت سزا دی جائے، ریٹائرڈ پروفیسر سبطین سرگانی نے کہا کہ رکھ چوبارہ کی غیر قانونی لیز کرکے وہاں پر لاکھوں کی تعداد میں قیمتی درختوں کو برباد کرکے ماحول کو تباہ کیا جا رہا ہے . مظاہرین نے شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے رکھ نیں تے کھ نیں، زنفا بھگاو تھل بچاو، تھل رکھوک کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور لیز نہ منظور نہ منظور. مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر زنفا سولر کی غیر قانونی لیز کینسل نہ کی گئی تو ہم، لاہور، اسلام آباد تک شدید احتجاج اور دھرنا دیں گے

About The Author