جنوری 9, 2025

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

پی ڈی ایم کا 26 مارچ کو لانگ مارچ کا اعلان

پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں امیر جے یو آئی (ف) نے کہا کہ 10 فروری کو سرکاری ملازمین کےاحتجاج میں شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد کیا جائے۔

اسلام آباد: پی ڈی ایم میں شریک جماعتوں نے 26 مارچ 2021 کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ پی ڈی ایم کے مطابق 26 مارچ کو پورے ملک سے قافلے اسلام آباد کی طرف روانہ ہوں گے۔

 یہ بات پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس کے بعد مولانا فضل الرحمان نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ن لیگ کی مرکزی نائب صدر مریم نواز، چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری، محمود خان اچکزئی، احسن اقبال، امیر حیدر خان ہوتی، اسلم غوری اور میاں افتخار حسین سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے فیصلہ کیا ہے کہ سینیٹ الیکشن مل کر لڑیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم آپس میں مقابلہ نہیں کریں گے اور ہمارے مشترکہ امیدواران ہوں گے۔

امیر جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم نے سینیٹ اوپن بیلٹ کو یکسر مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے سینیٹ الیکشن سے متعلق حکومت کی مجوزہ تجویز کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں قائم کمیشن کو بھی مسترد کرتے ہیں۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے لوگ اپنے امیدواران کو ووٹ دینے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ عمران خان کو صادق اور امین نہیں قرار دیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی سے تعاون نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایوان کی کارروائی چلانے میں حکومت کے ساتھ تعاون نہیں کریں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے جامع پیکج پریقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی نےعوام کا جیناحرام کردیا ہے۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان پہلے ڈویلپمنٹ فنڈز کو رشوت قراردیتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ارکان اسمبلی کو رشوت کے طور پر فنڈز دینے سے روکا جائے۔

پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں امیر جے یو آئی (ف) نے کہا کہ 10 فروری کو سرکاری ملازمین کےاحتجاج میں شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد کیا جائے۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نےعمران خان کو کرپٹ قرار دیا ہے۔

About The Author