دسمبر 23, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کی خبریں

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں تجزیے اور تبصرے

صوبائی ڈپٹی سیکرٹری بلدیات آڈٹ کے لئے ڈیرہ اسماعیل خان پہنچ گئے

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) صوبائی ڈپٹی سیکرٹری بلدیات ترقیاتی فنڈز اور سابقہ ڈسٹرکٹ فنڈ کا جائزہ لینے اور تمام ریکارڈ کی آڈٹ کرنے کے لئے ڈیرہ اسماعیل خان پہنچ گئے ،تمام ریکارڈ تحویل میں لے کر

ان کا معائنہ شروع کردیاگیا ،ذرائع کے مطابق ڈپٹی سیکرٹری ایڈمنسٹریشن محکمہ لوکل گورنمنٹ دیہی ترقی وبلدیات خیبر پختونخوا یاسر قیوم خان کی سربراہی میں فنانس آفیسر محمد عمران ڈیرہ اسماعیل خان پہنچ گئے ہیں

جہاں وہ ڈیویلپمنٹ فنڈ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلدیات کے دفتر میں استعمال ہونے والے فنڈز سال 2019.20 کی کے انٹرل آڈٹ کریںگے ، ذرائع کے مطابق انہوں نے صوبائی

حکومت کی ہدایت پر ریکارڈ اور استعمال ہونے والے ترقیاتی فنڈز اور سابقہ ڈسٹرکٹ فنڈ کا جائزہ لینے کے لئے تمام ریکارڈ تحویل میں لے لیا ہے اور آڈٹ مکمل ہونے پر فنڈز میں پائی جانے والی خرد برداور

ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی حتمی رپورٹ پشاور میں صوبائی حکومت کو پیش کی جائے گی جس کی روشنی میںرپورٹ کے مطابق اس پر عمل درآمد کیا جائے گا ،صوبائی حکومت کی طرف سے عوامی مفاداور بہبود سے

متعلقہ ترقیاتی منصوبہ جات فنڈز کے مطلوبہ نتائج کے تحت فائنل ورک اور عملی اقدامات کی مکمل سفارشات رپورٹ حکام بالا /محکمہ بلدیات ودیہی ترقی خیبر پختونخوا کو پیش کی جائے گی تاکہ مطلوبہ آڈٹ کے

مقاصد کو بھی تقویت مل سکے ۔
٭٭٭
شادی کی تقریبات کے سرکاری مقرر کردہ اوقات کی صریحاًخلاف ورزی کی جاری

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) شہریوں نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں متعددشادی ہالز موجود ہیں جہاں پر شادی کی تقریبات کے سرکاری مقرر کردہ اوقات کی صریحاًخلاف ورزی کی جاری رہی ہے جس

کی وجہ سے عوام کو سخت تکلیف اور دشواری کا سامنا ہے۔ شادی کارڈ پر ڈنر کا وقت رات سات بجے لکھا ہوتا ہے لیکن سردی کے اس شدید موسم کے باوجود مہمانوں کو کھانا رات 9سے 10بجے سے پہلے

پیش ہی نہیں کیا جاتا جبکہ مزید زیادتی یہ کہ شادی کی تقریب میں شریک خواتین اور بچوں کو مزید ایک گھنٹہ دیر سے کھانا پیش کیا جاتا ہے جس کے باعث شادی میں شریک مردوخواتین اور بچوں کو شدید سردی

میں آدھی رات کو گھر وآپس لوٹنا پڑتاہے ۔ آدھی رات کے وقت سڑکیں سنسان اور گلیاں ویران ہوچکی ہوتی ہیں جس سے انتہائی سیکورٹی خدشات لاحق ہوتے ہیں ہیں۔ شہریوںنے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا

کہ شادی کی تقریبات کے لئے شادی ہالز انتظامیہ کو سرکاری مقررہ اوقات کاپابند بنایا جائے جس کے تحت لنچ کے لئے دوپہر دو بجے اور ڈنر کے لئے 09 بجے رات تک شادی ہالز بند کردیئے جائیں
٭٭٭
سائبریا اور دیگر ملکوں سے ہجرت کرکے ہزاروں پرندے دریا سندھ کے کنارے جھیلوں میں پہنچ گئے

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)سائبریا اور دیگر ملکوں سے ہجرت کرکے ہزاروں پرندے دریا سندھ کے کنارے جھیلوں میں پہنچ گئے ،گزرتے وقت کے ساتھ قدرتی حسن کو دوبالا کرنے والے ان مہمان پرندوں

کی تعداد مسلسل کم ہورہی ہے۔تفصیلات کے مطابق ہر سال کی طرح روس اور سائبیریا اور دیگر ممالک میں شدید سردی اور جھیلوں میں برف جم جانے کی وجہ سے ہزاروں مہمان پرندوں کی پاکستان آمد کا سلسلہ

جاری ہے ،مختلف مختلف ممالک سے ہجرت کرکے آنے والے ہزاروں پرندے دریاسندھ کے کنارے جھیلوں میں پہنچے ہیں جس کی وجہ سے علاقے کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے اور نظارے دلفریب

ہوگئے ۔سرد ملکوں کے پرندے خوراک کی تلاش میںپاکستان کا رخ کرتے ہیں ،مہمان موسمی پرندوں جن میں کونج ،شاہین ،تلور ،بٹیر اور مرغابیاںشامل ہیں ان کی آمد کا سلسلہ رواں ماہ کے آخر تک جاری رہے گا

۔اسی طرح ڈیرہ کے علاوہ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی ہزاروں کی تعداد میں مہمان پرندے قیام کرتے ہیں ۔اسی طرح مختلف جھیلوں پر بھی ان پرندوں کی اچھی خاصی تعداد ڈیرے ڈالتی ہے ۔بدقسمتی سے

گزرتے وقت کے ساتھ قدرتی حسن کو دوبالا کرنے والے ان مہمان پرندوں کی تعداد مسلسل کم ہورہی ہے ۔ماہرین کے مطابق ایک براعظم سے دوسرے براعظم ہجرت کرنے والے یہ پرندے زمین پر

اترے بغیر مسلسل دس ماہ اڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ماہرین کا کہنا ہے کہ ہجرت کرکے آنے والے پرندوں کی تعداد میں پچاس فیصد سے زائد کمی آئی ہے جس کی ایک وجہ ان پرندوں کا بڑے پیمانے پر ہونے

والا غیر قانونی شکار ہے
٭٭٭
اصل ہیرو فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ہیلتھ ورکر ز اور ریسکیو 1122 کا عملہ ہے

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)عالمی تاریخ میں 2020 انتہائی تباہ کن سال ثابت ہوا ،کورونا وائرس کی وباءکے باعث دنیا کے تمام ممالک پر موت اور ناقابل تصور تباہی کے سائے منڈلاتے رہے ،اصل ہیرو

فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ہیلتھ ورکر ز اور ریسکیو 1122 کا عملہ ہے جنہوں نے اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر انسانی زندگیاں بچائیں ،دنیا بھر کی اقوام ان کی بے مثال قربانیوں اور خدمت پر تاابد شکر

گزاررہے گی ،کورونا وائرس کی وبانے جہاں شہریوں کو بے بس لاچار اور معاشی بدحالی کا شکار کیا ،یہاں تک کہ کھانے پینے اور ضروریات زندگی کی اشیاءمیسر نہ تھیں ،لوگوں کی ان مشکلات اور پریشانیوں کو مدنظر

رکھتے ہوئے سماجی ،فلاحی کارکن بھی حرکت میں آئے اور انہوںنے اپنے ہم وطنوں اور شہریوں کی مدد کی خاطر ہر ممکن کوشش کی ،
٭٭٭٭٭٭
کلین اینڈ گرین پاکستان کا ویژن کوڑے کرکٹ کچرے اور گندگی کے ڈھیروں تلے دبادیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)کلین اینڈ گرین پاکستان کا ویژن کوڑے کرکٹ کچرے اور گندگی کے ڈھیروں تلے دبادیاگیا۔اندرون شہر میں پچھلے کئی روز سے لگائے گئے گندگی کے ڈھیر نہ اٹھائے جاسکے اور نہ ہی

نکاسی آب کا نظام درست کیا جاسکا ،بدبو تعفن ،زہریلے کیڑوں ،مکھیوں اور مچھروں نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنادی ،شہر سمیت دیگر ملحقہ علاقوں میں گزشتہ کئی ماہ سے فلتھ ڈپو قائم نہ ہونے کی وجہ سے آبادیوں

کے اندر جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں ،کھلے پلاٹوں میں گندگی اور کوڑا کرکٹ وغیرہ پھینکا جارہا ہے ۔وہاں سے اٹھنے والی بدبو ،تعفن سے پرورش پانے والے زہریلے کیڑوں مکوڑوں ،مکھی مچھروں کی

وجہ سے ملحقہ گنجان آباد علاقوں کے رہائشیوں کی زندگیاں عذاب بن چکی ہیں ،بچوں سمیت شہری ہیپاٹائٹس ،ملیریا ،پیچس ،اسہال ،دمہ ،ٹی بی سمیت سانس کی مہلک بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں ۔شہریوں نے

وزیر اعلی ،کمشنر ڈیرہ اور ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
٭٭٭
مغربی ہواوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مغربی ہواوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کے باعث 7 سے 10جنوری تک سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا جبکہ 6اور7جنوری کی درمیانی شپ

ہلکی بارش کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں گذشتہ دو دنوں کے مقابلے میں سردی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے اور کم سے کم درجہ حرارت 09ڈگری سینٹی

گریڈ ریکارڈ کیاگیا، آئندہ 3روز تک سردی کی شدت برقرار رہے گی۔ محکمہ موسمیات کے ذرائع نے بتایا پانچ جنوری سے نیا سسٹم ایران کے راستے بلوچستان میں داخل ہوگا، جوسردی میں مزید اضافے کاسبب

بنے گا اور ملک بھر بارشیں متوقع ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں 6 اور7 جنوری کی درمیانی شپ ہلکی بارش کا امکان ہے اور 7جنوری سے مغربی ہواو¿ں کا نیا سلسلہ ملک میں شامل ہوگا، جس

کے باعث 7 سے 10 جنوری تک سردی کی شدت اضافہ ہوگا۔محکمہ موسمیات کے مطابق 11جنوری سے بارش کا ایک اور نیا سسٹم جنوبی ایران سے داخل ہوگا۔
٭٭٭
نئی جدید ٹیکنالوجی نصب نہ کرنے والے تمام اینٹ کے بھٹوں کے خلاف کریک ڈاﺅن

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)حکومت نے صوبہ بھر کے بھٹہ مالکان کی زگ زیگ نیو ٹیکنالوجی پر نصب کرنے کی تاریخ میں توسیع کرنے کی درخواستیں مسترد کردیں ،ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تحفظ

ماحولیات نے ضلع بھر میں پابندی کے باوجود ماحول دوست نئی جدید ٹیکنالوجی نصب نہ کرنے والے تمام اینٹ کے بھٹوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کا فیصلہ کرلیاہے ،اس بابت محکمہ تحفظ ماحولیات کے افسران اور

اسسٹنٹ کمشنرز پر مشتمل ٹیمیں معائنہ کریں گی ،ضلع بھر میں قائم درجنوں بھٹے جن میں سے صرف تاحال کوئی بھٹہ بھی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل نہیں ہوسکا ،محکمہ تحفظ ماحولیات کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ ضلع

میں وہ بھٹہ کام کرسکے گا جس نے نئی زگ زیگ ٹیکنالوجی نصب کرلی ہوگی جو بھٹے جدید ٹیکنالوجی پر منتقل نہیں کیے جائیں گے انہیں کام کرنے کی اجازت نہیں دے جائے گی ۔
٭٭٭
ضلع کچہری میں اسٹامپ فروشوں نے لوٹ مار کا بازار گرم کردیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ضلع کچہری میں اسٹامپ فروشوں نے لوٹ مار کا بازار گرم کردیا ،ایک سو مالیت کا اسٹامپ پیپر بلیک میں مہنگے داموں فروخت ہونے لگا ،کم مالیت کے اسٹامپ پیپرز تاحال ناپید

،کم مالیت کے اسٹامپ پیپر کی عدم دستیابی کے باعث شہری دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ،اسٹامپ پیپرز کی عدم دستیابی کی وجہ سے خزانے کو روزانہ لاکھوں کا نقصان ،متعلقہ ذمہ داران نے خاموش اختیار کرلی

،تفصیلات کے مطابق ضلع کچہری میں موجود اسٹامپ فروشوں نے اسٹام پیپرز کی قلت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک سو روپے والا اسٹامپ پیپر بلیکمیں فروخت کرنا شروع کررکھا ہے ،قابل ذکر بات یہ ہے کہ

سرکاری اداروں میں بھرتی ہونے والے ملازمین ،نجی اداروں میں خدمات سرانجام دینے والے ملازمین اور بجلی ،ٹیلیفون ،سوئی گیس سمیت طلباءوطالبات داخلوں کے لئے بھی ضلع کچہری میں اسٹامپ فروشوں

کے پا س پچاس اور ایک سوروپے والے اسٹامپ تلاش کرتے دکھائی دیتے ہیں ،ضلع کچہری میں موجود اسٹامپ فروشوں نے اسٹامپ پیپرز کی قلت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسٹامپ پیپرز بلیک میں فروخت

کرنے شروع کررکھے ہیں ،انتظامیہ صورتحال سے آگاہ ہونے کے باوجود خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے جس کی وجہ سے معصوم شہریوں کو مجبوریوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسٹامپ فروشوں نے من مرضی

کے نرخ وصول کرنے شروع کررکھے ہیں ،ضلع کچہری میں آنے والے سائلین نے وزیر اعظم پاکستان ،چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیاہے کہ ایوان عدل میں آنے والے سائلین کو اسٹامپ فروشوں

دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں جبکہ انتظامیہ سائلین کی بے بسی کاتماشہ دیکھ رہی ہے ،50 اور 30روپے کے اسٹامپ پیپرز کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہری مقررہ کردہ نرخوں پر اسٹامپ پیپرزخرید کر اپنی

ضروریات کو پورا کرسکیں ،مہنگے اسٹامپ فروخت کرنے والے اسٹامپ فروشوں کو بلیک لسٹ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے لائسنس منسوخ کیے جائیں تاکہ ضلع کچہری کا وقاربحال ہوسکے۔
٭٭٭
افغان باشندے سمیت غیرقانونی طور پر شناختی کارڈ بنانےوالے گروہ کے چارافرادگرفتار

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل ڈیرہ اسماعیل خان کی کارروائی ، افغان باشندے سمیت غیرقانونی طور پر شناختی کارڈ بنانےوالے گروہ کے چارافرادگرفتار، ملزمان کے قبضے سے افغانی

پاسپورٹ ،نادرا کے ٹوکن اور دیگر غیرقانونی دستاویزات برآمد۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کموزٹ سرکل ڈیرہ اسماعیل خان نے ڈائریکٹر ایف آئی اے ناصر محمود ستی کی ہدایت پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر

کموزٹ سرکل انعام اللہ مروت انسپکٹر شبیر احمد اے ایس ائی ظہورالدین اور دیگر عملے نے ٹانک اڈہ پرکارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی طریقے سے افغان باشندوں کے پاکستانی شناختی کارڈ بنانےوالے گروہ کے

چار افراد سفی اللہ، قاسم، جمال نیازی اور عرفان سمیت افغان باشندے اسماعیل کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے افغانی پاسپورٹ ،نادرا کے ٹوکن اور دیگر غیرقانونی دستاویزات برآمد ہوئے ۔ مقدمہ درج کر کے

تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
٭٭٭
بیکریوں، جنرل اسٹورز اور دیگر کئی دکانوں کا معائنہ

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) کورونا وائرس کی حالیہ لہر کے دوران ایس اوپیز پر عمل درآمد اور عوام کو مہنگائی میں ریلیف فراہمی کی ڈپٹی کمشنر ڈیرہ عارف اللہ اعوان کی خصوصی ہدایات کے تناظر میں اسسٹنٹ کمشنر

ڈیرہ نواب سمیر حسین لغاری نے کورونا وائرس ایس او پیز پر عمل درآمد او ر اشیائے خورونوش کی قیمتوں کی جانچ پڑتال اور صفائی ستھرائی وغیرہ سے متعلق سرگرمیوں کے جائزہ کیلئے متعدد بیکریوں، جنرل اسٹورز اور

دیگر کئی دکانوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نواب سمیر حسین لغاری نے مختلف دکانداروں کو ضروری ہدایات جاری کیں اور ایس او پیز و سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری جرمانہ

بھی عائد کیاگیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نواب سمیر حسین لغاری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دکاندار اپنی اور عوام کی صحت کے تحفظ کیلئے کورونا وائرس ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کریں اور عوام کو ریلیف

فراہمی کیلئے سرکاری نرخوں سے ہرگز تجاوز نہ کریں بصورت دیگر انہیں جرمانوں اور دکانوں کی بندش کی سزاﺅں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
٭٭٭
طبہ یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کو ایم فل کیمسٹری کے اجرا کی منظوری

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے قرطبہ یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کو ایم فل کیمسٹری کے اجرا کی منظوری دے دی۔ قرطبہ یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل کے ڈپٹی رجسٹرار محمد عدیل جانب سے

جاری اعلان کے مطابق شعبہ کیمسٹری کے سربراہ اور ملک کے مایہ ناز سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر موسیٰ کلیم بلوچ کی محنت اور کوششوں کے نتیجہ میں گزشتہ روز ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے قرطبہ یونیورسٹی ڈیرہ کو ایم فل

کیمسٹری کے لیے NOCجاری کر دیا ہے، جسکے تحت داخلوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ واضح رہے کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ایک ٹیم نے اس ضمن میں باقائدہ قرطبہ یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں انہیں شعبہ کی تعلیمی

تحقیقی کاوشوں لیبارٹریز اور وہاں موجود جدید سہولیات سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی جس کے بعد ایچ ای سی نے ایم فل پروگرام کے لیئے این او سی جاری کی۔
٭٭٭
مختلف علاقوں میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) تھانہ صدر کی حدود میں مختلف علاقوں میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے دوران مختلف مکانات اور ہوٹل سرائے کی تلاشی عمل میں لائی گئی۔ پولیس نے چیکنگ کے دوران مختلف

افراد سے بھاری مقدار میں اسلحہ ایمونیشن برآمدکیا۔جس میں 3 بندوقیں بارہ بور، 1 رائفل 3×3اور 3 پستول 30بور جبکہ متعدد کارتوس بھی برآمد ہوئے جن کو پولیس نے قبضہ میں لیتے ہوئے ملزمان کو پابند

سلاسل کردیا۔
٭٭٭
دو خواتین شعراءکی کتابوں کی پذیرائی کی تقریب منعقد

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) مفتی محمود سکول میں پرنسپل ارشد بلوچ کی کی سربراہی میں دو خواتین شعراءکی کتابوں جن میں روبینہ قمر کی بچوں کی نظموں مشتمل کتاب” پھول اور کلیاں“ جبکہ محترمہ نبیلہ خان کی

کتاب” اعجاز محبت“ کی پذیرائی کی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ پہلی بار ڈیر اسماعیل خان میں علم و ادب سے سے وابستہ خواتین نے اپنے طور پر پر تقریب کا انعقاد کیاجسے بہ احسن خوبی سر

انجام دیا ۔اس خوبصورت تقریب کے مہمان اعزازی معروف شاعر اور صحافی ادیب خورشید ربانی، مہمان خصوصی نور خان مستی خیل اور خاتون مہمان خصوصی تین کتابوں کی مصنف صائمہ قمر اور صدارت کے

فرائض ثناءاللہ خان شمیم نے ادا کئے۔ نظامت کے فرائض رخسانہ سمن اور محترمہ بشریٰ معسود نے سر انجام دئیے۔ نین الٰہی، خوشحال ناظر، منیر احمد فردوس، سید ارشاد شاہ، موسیٰ کلیم دوتانی، ملک عزیز اور دیگر مقررین

نے خواتین شاعرات کی کی تخلیقی کاوشوں پر روشنی ڈالی اور پرنسپل ارشد بلوچ کا شکریہ ادا کیا۔ اور ان کی ادب دوستی کو سراہا اور امید کی کہ وہ آئندہ بھی ادبی پروگرامز منعقد کرانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
٭٭٭
ڈیرہ پریس کلب کے نومنتخب کابینہ کو مبارکباد

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) مقامی سوشل میڈیا گروپ کے چیف ایگزیکٹیو اور انٹر نیشنل میڈیا فیڈریشن آف جرنلسٹس کے ضلعی صدرخرم علی کٹی خیل نے اپنے ایک بیان میں ڈیرہ پریس کلب کے نومنتخب جنرل

سیکرٹری محمد فضل الرحمن اور ایڈیشنل جنرل سیکرٹری محمد ریحان سمیت جملہ نومنتخب کابینہ کے ممبران کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ نومنتخب کابینہ ممبران بلاتفریق ڈیرہ

اسماعیل خان کے صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپناکردار ادا کریں گے۔
٭٭٭
بینکوں کے اے ٹی ایم مشینیں خراب ، سرکاری ملازمین اور عام شہریوں کو مشکلات

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) صوبے کا دوسرے بڑے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں اس وقت اکثر بنکوں کے اے ٹی ایم مشینیں عارضی طور پر خراب ہیں بعض میں کیش کی قلت سے سرکاری ملازمین اور عام

شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے لوگ کئی کئی بار مختلف بنکوں کا چکرلگاتے ہیں لیکن کسی بھی بنک میں انھیںکیش نہیں ملتا، ڈیرہ میں تمام اہم سرکاری اور غیر سرکاری بنکس موجود ہیں لیکن اسکے باوجود بنکوں کے اے

ٹی ایمز مشینوں میں کیش کا فقدان اکثر دیکھنے میں آتا ہے۔شہری اور بزرگ اب بھی روائتی طور پر قطاروں میں اپنے چیک کیش کرانے کیلئے کھڑے رہتے ہیں ایک تو شہریوں کے وقت کا ضیاع ہوتا ہے اور

دوسرے جانب ٹریفک کا مسئلہ بھی سڑکوں پر گاڑیوں کے کھڑے ہونے سے درپیش ہوتا ہے۔جدید ٹیکنالوجی کے آنے سے شہری کسی بھی وقت اے ٹی ایم سے اپنی ضرورت کے مطابق کیش نکال سکتے ہیں لیکن

اب یہ سہولت کے بجائے لوگوں کیلئے زحمت بنتے جارہے ہیں۔عوامی حلقوں نے تمام بنکوں کے انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر ماہ کے پہلی تاریخ کو سرکاری ملازمین اور عام لوگوں کو کیش کی

ضرورت پڑ تی ہے اور میل و فی میل اپنے شاپنگ کیلئے کسی بھی فرصت کے لمحات میں وقت نکال کر اے ٹی ایم مشین سے اپنا کیش نکال سکتے ہیں لہذا فوری طور پر جو مشین اس وقت خراب ہیں انکی مرمت کرالیں

اور چوبیس گھنٹے کیش ان اے ٹی ایم مشینوں میں ڈالی جائیں تاکہ کسی کو بھی زحمت اور مشکل پیس نہ آئے۔

یہ بھی پڑھیے:

ڈیرہ غازیخان کی خبریں

راجن پور کی خبریں

About The Author