دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ڈیرہ غازیخان کی خبریں

ڈیرہ غازی خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں،تبصرے اور تجزیے۔

ڈیرہ غازیخان

حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع کونسل ہال ڈیرہ غازیخان میں ڈیرہ غازیخان اور راجن پو راضلاع کے قبائلیوں کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا

جس میں کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد، ڈیرہ غازیخان او رراجن پور کے ڈپٹی کمشنرز بالترتیب کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز، ذوالفقار علی کھرل،

پولیٹیکل اسسٹنٹ حمزہ سالک، قبائلی علاقہ کے تمن دار، مقدمین اورمعززین علاقہ موجود تھے اجلاس میں قبائلی فورس بی ایم پی

بلوچ لیوی کی پنجاب پولیس میں ضم سمیت متعلقہ امور پر تجاویز طلب کی گئیں۔


ڈیرہ غازیخان

ضلع ڈیرہ غازیخان میں خانہ بدوش بستیوں میں قطرے پلا کر پانچ روزہ قومی پولیو مہم کا آغاز کر دیاگیا ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے خانہ بستیوں میں جا کر

بچوں سے ملاقات کی اور انہیں حفاظتی ویکسین پلاکر مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا سی ای او ہیلتھ ڈ اکٹر خلیل احمد

اسسٹنٹ کمشنر صدر ملک راشد نعمت اوردیگر متعلقہ افسران موجود تھے ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ خانہ بدوش پولیو وائرس کی منتقلی اور پھیلاؤ کے حوالے سے ہائی رسک پاپولیشن ہے

مہم میں خانہ بدوش بچوں کو خصوصی طو رپر فوکس کیاگیا ہے اور آج کی تقریب کا مقصد بھی جھگیوں میں جا کر صفائی اورماحول کا جائزہ لے کر احتیاطی اقدامات کرنا ہے

ڈپٹی کمشنرنے خاندانوں کے سربراہان سے بھی ملاقات کی اور روز مرہ زندگی کے معمولات دریافت کرنے کے ساتھ پولیو مہم کی کامیابی کیلئے پانچ سال تک کے تمام بچوں کو

پولیو کے قطرے پلانے کیلئے ترغیب دی ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ڈیرہ غازیخان تین صوبوں کے سرحدی مقام پر ہونے سے انتہائی حساس اضلاع میں شامل ہے

سردیوں میں پہاڑوں سے نقل مکانی شروع ہو جاتی ہے اس لیے مہم کے دوران ضلع کے داخلی و خارجی مقامات کو سیل کر کے ہر ٹارگٹ بچے کو پولیو ویکسین پلا کر

ضلعی حدود میں داخل ہونے دیا جائے خانہ بدوش بستیوں اور بچوں کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب کرنے کے ساتھ متعلقہ محکمے ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھیں

ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ٹرانزٹ سائٹس، دربار، جنرل بس سٹینڈ اور دیگر مصروف مقامات پر متحرک ٹیمیں تعینات کی جائیں

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر خلیل احمد نے بتایاکہ ضلع میں پانچ سال تک کے 697578بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیاگیا ہے

پولیو مہم میں 1611موبائل، 97فکسڈ 47ٹرانزٹ سمیت 1775ٹیمیں کام کریں گی۔


ڈیرہ غازیخان

ثانوی و اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ ڈیرہ غازیخان کے زیر اہتمام انٹرمیڈیٹ کوویڈ19 سپیشل امتحان2020، کے مکمل تفصیل پر

مبنی تمام رزلٹ کارڈزارسال کردئیے گئے ہیں ڈپٹی کنٹرولر امتحانات شیخ امجد حسین نے بتایا کہ رزلٹ کا اعلان 26نومبر کو کیاگیا تھا

جس کے رزلٹ کارڈز ریگولر امیدواروں کوان کے ادارہ جات جبکہ پرائیویٹ امیدواران کے رزلٹ کارڈ ان کے داخلہ فارمز پر درج پتہ جات پر روانہ کر دئیے گئے ہیں

ڈپٹی کنٹرولر نے کہا کہ مذکورہ امتحان میں فیل ہونے والے یا سپلی ہولڈر امیدواران کے چانسز کی تفصیل امیدواروں کی اہلیت کے مطابق واضح طور پر لکھ دی گئی ہے

ڈپٹی کنٹرولر نے کہا ہے کہ مذکورہ سپیشل امتحان میں فیل ہونے والے امیدواروں کے لئے کوئی علیحدہ سے سپلمنٹری امتحان نہ ہو گا

بلکہ سپیشل امتحان کے نتیجے میں سپلی ہولڈرز انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2021 کے ساتھ امتحان دیں گے

جو کہ مئی 2021 میں متوقع ہے اور مذکورہ امتحان کیلئے داخلہ جات بھجوانے کا شیڈول جنوری 2021 میں متوقع ہے

ڈپٹی کنٹرولر شیخ امجد حسین نے واضح کیا کہ ری اپیئریا فیل ہونے والے جن امیدواروں کا بمطابق اہلیت آخری چانس سپلمنٹری امتحان 2020 بنتا تھا

تو ایسے امیدوارکا سپیشل امتحان میں فیل ہونے کی صورت میں آخری چانس انٹر میڈیٹ سالانہ امتحان 2021 ہو گا

جوکہ رزلٹ کارڈ پر واضح طور پر لکھ دیاگیا ہے مزید معلومات کیلئے دفتر بورڈ سے رجوع کیا جاسکتاہے۔


ڈیرہ غازیخان

ڈیرہ غازیخان میں بچوں کی قبل از وقت پیدائش کے عالمی دن کے موقع پر سیمینار اور آگاہی واک کاانعقاد کیا گیا

جس کے مہمان خصوصی چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈیرہ غازیخان ڈاکٹر خلیل احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ

بچوں کی پیدائش کے حوالے سے ماؤں کو آگاہی دی جائے اور ماں اوربچہ کی صحت کے بارے میں معلومات ہر گھر تک پہنچائی جائیں تاکہ

بچوں کی قبل از وقت پیدائش کی شرح میں کمی لائی جاسکے ضلعی ادارہ ترقی صحت میں منعقدہ سیمینار سے ڈی ایچ او ڈاکٹر اطہر فاروق

گائناکالوجسٹ ڈاکٹر نازیہ اور ڈاکٹر محمد اصغر عطاری اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے

اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی اس موقع پرسکول ہیلتھ اینڈ نیو ٹریشن سپروائزر ز، لیڈی ہیلتھ سپروائزر ز

لیڈی ہیلتھ ورکرز اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے دیگر سٹاف نے شرکت کی بعد ازاں چیف ایگزایکٹو آفیسر ڈاکٹر محمد خلیل احمد کی قیادت میں

ورلڈ پری میچور ڈے کی آگاہی کے لیے واک کا انعقاد کیا گیا۔


ڈیرہ غازیخان

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر منگل یکم دسمبر کو دس بجے دن تحصیل کمپلیکس ڈیرہ غازی خان میں عوامی خدمت ریونیو کھلی کچہری منعقد ہوگی

جس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز کے علاوہ تما م محکموں کے افسران موجود ہوں گے

اس موقع پر لوگوں کے ریونیو سمیت دیگر مسائل سننے کے ساتھ حل کیلئے موقع پر احکامات بھی جاری کئے جائیں گے۔


ڈیرہ غازیخان

محمد اسد عباس مگسی کو ڈی جی خان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کا چیف ایگزیکٹو آفیسر تعینات کر دیاگیا ہے

عوامی و سماجی حلقوں نے ان کی تعیناتی پرنیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔


ڈیرہ غازیخان

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان کیپٹن(ر) محمد علی اعجاز کی ہدایت پر ضلع میں ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی تیز کر دی گئی ہے

اسسٹنٹ کمشنر کوٹ چھٹہ محمد اسد چانڈیہ نے مارکیٹوں کے معائنہ کرتے ہوئے گرانفروشوں کو 23500روپے جرمانہ عائد کر دیا

اسسٹنٹ کمشنرز سمیت پرائس مجسٹریٹس کو واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ سہولت بازاروں

مارکیٹوں سمیت آٹا او رچینی کے سیل پوائنٹس پر بھی نظر رکھیں مارکیٹوں میں نرخنامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کرنے کے علاوہ اشیاء کی

سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنائی جائے ڈپٹی کمشنرنے کہاکہ ضلع میں آٹا او رچینی کی کوئی قلت نہیں.

سرکاری نرخ پر اشیائے خوردونوش کی دستیابی یقینی بنائی جا رہی ہے انہوں نے عوام سے بھی درخواست کی کہ

وہ ناجائز منافع خوروں کی نشاندہی کریں قیمت ایپ پنجاب پر شکایات درج کرانے کے ساتھ ان کے دفتر میں بھی اطلاع دی جاسکتی ہے۔


ڈیرہ غازیخان

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان کیپٹن(ر) محمد علی اعجاز کی زیر نگرانی

ڈیرہ غازیخان شہرمیں بھانے قائم کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے

مزید ایک بھانہ سیل، دس جانور ضبط کر کے تین مالکان کے خلاف مقدمات درج کرادیئے گئے

اسسٹنٹ کمشنر صدر ملک راشد نعمت نے ٹیم کے ہمراہ شہری حدود میں کارروائی کی۔


ڈیرہ غازیخان

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان کیپٹن(ر) محمد علی اعجازنے کہا ہے کہ غیر قانونی طریقے سے جائیدادوں سے محروم کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں شہریوں کی

حق تلفی کرنے والوں کو پابند سلاسل کر کے نشان عبرت بنایا جائے گا سرکاری امور کی انجام دہی میں بدعنوانی برداشت نہیں کی جائیگی

انہوں نے یہ بات اراضی ریکارڈ سنٹر تحصیل آفس اور دیگر شعبوں کے اچانک معائنہ کے دوران سائلین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی

ڈپٹی کمشنرنے اے ڈی ایل آر آفس کا بھی معائنہ کیا انہوں نے رجسٹری،جائیداد کی منتقلی، گوشوارے اور دیگر مراحل کا تفصیلی جائزہ لیا

موجود سائلین اور لوگو ں سے ملاقات کر تے ہوئے عملہ کے رویہ کے بارے میں بھی استفسار کیا

ڈپٹی کمشنرنے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ریونیو شعبہ میں بہتری کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں

اور ہر ماہ کی یکم کو تحصیل سطح پر ریونیو عوامی خدمت کھلی کچہریوں کا سلسلہ بھی جاری کیاگیاہے

جہاں زیادہ تر ریونیو معاملات کے بارے میں سائلین کے مسائل سننے کے ساتھ موقع پر حل کیلئے اقدامات کیے جاتے ہیں

انہوں نے کہاکہ ان کے دفتر کے دروازے ہر خاص و عام کیلئے کھلے ہیں سرکاری محکموں سے متعلق شکایات کیلئے براہ راست رابطہ کیاجاسکتا ہے۔


ڈیرہ غازیخان

انجمن آڑھتیان نیو سبزی منڈی کے الیکشن سال 2021 کے لئے ایک اجلاس زیر نگرانی حاجی غفار

آغا نصیر پٹھان،ملک نواز آرائیں منعقد ہوا۔

الیکشن میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ 3 دسمبر تا 4 دسمبر صبح دس بجے سے دو بجے دن تک مقرر کی گئی۔

شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال اور واپسی کی تاریخ 5 دسمبر مقرر کی گئی۔

جبکہ الیکشن کیلئے پولنگ نیو سبزی منڈی میں صادق رند کی دکان نمبر35 پر صبح دس بجے سے دن چار بجے ہو گی

اور پانچ بجے شام امیدواروں کی کامیابی کا اعلان کیا جائے گا

الیکشن میں وہ آڑھتی اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔ جو لائسنس ہولڈر ہوں گے

جو آڑھتی لائسنس ہولڈر نہیں ہو گا اس کو ووٹ ڈالنے کا حق نہیں ہو گا۔


ڈیرہ غازیخان

ڈسٹرکٹ بار الیکشن 2021 کے لیے امیدواروں کی نامزدگیوں کاسلسلہ شروع۔ گروپس میں مشاورت کا آغاز۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ ڈسٹرکٹ بارمیں متوقع انتخابات کے لئے وکلاءنے اپنے گروپس میں مشاورت کاسلسلہ شروع کردیا ہے۔

گزشتہ روزسابق ممبر پنجاب بارکونسل عارف خان گورمانی سمیت دیگر وکلاءنے ایک میٹنگ منعقدکی۔

ابتدائی میٹنگ میں سینئر وجوئنیر وکلاءنے شرکت کی۔ جس میں صدر کے لئے مختلف ناموں پر غور کیا گیا۔

بعد ازاں بیشتر دوستوں نے سلیم رضاخان کاکڑکو صدرکے اُمیدوارکے لئے نامزد کرتے ہوئے اس کی حمایت کی۔ میٹنگ میں صدر بارسردار نسیم کھوسہ ایڈوکیٹ،

سابق صدر بار راو اعجاز ایڈوکیٹ،رانا افلاطون ایڈوکیٹ، مظہر ناصر ایڈوکیٹ، سلیم جان ایڈوکیٹ اور سید ارشد شاہ ایڈوکیٹ کے علاوہ دیگر وکلاءبھی موجود تھے۔


ڈیرہ غازیخان

پی ڈی ایم ملتان کے جلسہ میں شرکت کرنے کے لئے اپوزیشن پارٹیوں کے قافلے ملتان پہنچ گئے

پیپلزپارٹی کے راہنما سابق وزیراعلی پنجاب سرداردوست محمد کھوسہ، مسلم لیگ ن کے سابق ممبر صوبائی اسمبلی سید عبدالعلیم شاہ، سلطان محمود ڈاہا،

تحریک استقلال کے مولانا جمال عبدالناصر، شبلی شب خیز غوری، مسلم لیگ کے ڈویژنل عہدے دار طارق علی کاکڑ، خالہ نمو ودیگر کی قیادت میں بڑی

چھوٹی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر قافلے مختلف اوقات میں ڈیرہ،کوٹ چھٹہ، چوٹی،تونسہ، جام ہور، تونسہ سے روانہ ہوئے۔

قافلے کے شرکاءنے بڑے بڑے بینرز اور پوسٹر بھی اٹھا رکھے تھے اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔

اس موقع پر سردار دوست محمد کھوسہ نے کہا کہ یہ جلسہ حکمرانوں کے خلاف آخری دھکا ثابت ہوگا۔

عوام نااہل حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے مر رہے ہیں جھوٹ کی سیاست کا وقت ختم ہوگیا ہے۔


ڈیرہ غازیخان

کاروکاری قرار دے کر لڑکی اور اس کے مبینہ آشنا کے دوہرے قتل کی واردات پر آر پی او فیصل رانا کاسخت نوٹس

ڈی پی او سے رپورٹ طلب کر لی،24گھنٹوں میں ملزمان کی گرفترای کا حکم،پولیس کی مدعیت میں دوہرے قتل کی واردات کا مقدمہ درج کر لیا گیا

تفصیلات کے مطابق ضلع راجن پور کے تھانہ سونمیانی کی حدود میں لڑکی اور اس کے مبینہ آشنا کے دوہرے قتل کی واردات کی اطلاع پر

ریجنل پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی ا وراجن پور فیصل گلزار سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی

ڈی پی او نے آر پی او فیصل رانا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ

ضلع رحیم یار کان کے رہائشی عمران نے ضلع راجن پور کے قصبہ دیہوٹ میں پرائیویٹ کلینک کھول رکھا تھا

ملزمان نادر کو شک تھا کہ اس کی اہلیہ کریم بی بی کے عمران کے ساتھ ناجائز تعلقات ہیں جس پر نادر نے اپنے عزیزوں پیر بخش،اکمل اور بھورل سے مل کر فائرنگ کر کے

کریم بی بی اور اس کے مبینہ آشنا عمران کو کاروکاری قرار دے کر قتل کر دیا،وقوعہ کی اطلاع ملنے پر آر پی او فیصل رانا نے جائے وقوعہ پر پولیس کو بھجوایا

آر پی او کو بتایا گیا کہ کاروکاری کی وجہ سے دوہرے قتل کی اس واردات کے مقدمہ کے اندراج کے حوالے سے مقتولین کے ورثاء میں سے کوئی دستیاب نہیں کیوں کہ

دوہرے قتل کی یہ واردات مقتولہ کریم بی بی کے بھائی اور عزیزوں نے کی ہے جس پر آر پی او فیصل رانا نے حکم دیا کہ

پولیس کی مدعیت میں دوہرے قتل کی اس واردات کا مقدمہ درج کیا جائے،جس پر ایس ایچ او تھانہ سونمیانی عمران جمیل کی مدعیت میں قتل اور کاروکاری کی دفعات کے تحت

مقدمہ درج کر لیا گیا،آر پی او فیصل رانا نے ڈی پی او راجن پور فیصل گلزار کو حکم دیا کہ دوہرے قتل کی اس المناک واردات کے ملزمان کو24گھنٹوں میں گرفتار کیا جائے

آر پی او نے کہا کہ کاروکاری کے تحت دوہرے قتل کی واردات کے ملزمان کی عدم گرفتاری ناقابل برداشت ہے،انہوں نے کہا کہ

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن اور آئی جی پنجاب انعام غنی کی ہدایات پر کاروکاری کی قبیح رسم کے خلاف ڈی جی خان ریجن میں جو اقدامات شروع کئے گئے ہیں

انہیں ہر صورت نتیجہ خیز بنا کر اس قبیح اور قانون کو چیلنج کرنے والی روایت کا جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا

آر پی او نے کہا کہ ڈی پی او مجھے مقدمہ کے نامزد ملزمان کی گرفتاری سے متعلق خود آگاہ کریں گے،آر پی او نے کہا کہ دوہرے قتل کی اس واردات میں کتنے بھی سہولت کار ہیں انہیں بھی گرفتار کیا جائے


ڈیرہ غازیخان

آر پی او فیصل رانا کی ”ایگریسو پولیسنگ“ جاری،تھانہ کوٹ چھٹہ کا دورہ،غیر قانونی حراست اور پولیس تشدد پر سخت فوجداری اور محکمانہ کارروائی کئے جانے کی تنبیہہ

حوالات میں بند ملزمان کے انسانی حقوق کا خیال رکھنے کی ہدائت،تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا کی طرف سے ڈی جی خان ریجن کو

کرائم فری بنانے کے لئے ”ایگریسو پولیسنگ“ کا سلسلہ جاری ہے،انہوں نے پیر کے روز امن و امان کی صورتحال کو خوشگوار رکھنے کے حوالے سے ریجن کے چاروں

اضلاع ڈی جی خان،مظفر گڑھ،لیہ اور راجن پور میں پولیسنگ کی مانیٹرنگ اور کمانڈنگ کی،آر پی او نے اس کے ساتھ معمول کی پولیسنگ کا سلسلہ جاری رکھا

”ایگریسو پولیسنگ“ کے حوالے سے انہوں نے ڈی جی خان کے تھانہ کوٹ چھٹہ کا دورہ کیا،انہوں نے تھانہ کا ریکارڈ چیک کرنے کے علاوہ تھانہ کی صفائی ستھرائی کا جائزہ بھی لیا،آر پی او فیصل رانا نے

تھانہ کی حوالات میں بند ملزمان سے بات چیت بھی کی،آر پی او فیصل رانا نے کہا کہ تھانوں میں غیر قانونی حراست اور پولیس تشدد پر کسی صورت بھی کوئی کمپرومائیز نہیں،

جس تھانہ میں غیر قانونی حراست یا پولیس تشدد کی شکائت اعلیٰ سطحی انکوائری میں ثابت ہو گئی تو ذمہ داروں کو نہ صرف محکمانہ احتسابی کارروائی ہو گی

بلکہ قانون کے مطابق فوجداری کارروائی بھی ہر صورت ہو گی،آر پی او فیصل رانا نے کہا کہ نفرت جرم سے ہے

انسان سے نہیں جو ملزمان حوالات میں بند ہوں ان کی انسانی حقوق کا مکمل خیال رکھا جائے

آر پی او نے کہا کہ تھانوں کی اندرونی اور بیرونی سیکورٹی کو مکمل طور پر فول پروف بنایا جائے،تھانوں کے حوالے سے تمام مانیٹرنگ افسران ہر حوالے سے جوابدہ ہوں گے۔


ڈیرہ غازیخان

پولیس کے زیر استعمال سرکاری گاڑیوں کی انسپکشن،گاڑیوں کی بروقت مرمت اور دیکھ بھال کو یقینی بنائیں۔ ڈی پی او عمر سعید ملک۔

تفصیلات کے مطابق پولیس کے زیر استعمال سرکاری گاڑیوں کی ڈی پی او عمر سعید ملک نے انسپکشن کی اس موقع پر انہوں نے گاڑیوں کے انجن،ٹائرز، بیٹرویوں ،پوشش وغیرہ کا تفصیلی معائینہ کیا۔

جن گاڑیوں کےنقائص پائے گئےنقائص دور کرنے کا حکم دیا۔اس موقع پر انہوں نے ڈرائیوروں کو ہدایت کی کہ گاڑیوں کی دیکھ بھال اور بروقت مرمتی کو یقینی بنائیں تاکہ

دوران ڈیوٹی کسی قسم کی پریشانی اور دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ڈی پی او عمر سعید ملک نے کہا کہ

جرم ہونے سے پہلے جرم کو روکنا زیادہ ضروری ہے جس کیلئے پولیس کو ہر وقت متحرک رہنا ہوگا

جب پولیس کی گاڑیاں درست حالت میں ہونگی تو موثر گشت ممکن ہوگی اور میں اس طرح ضلع بھر کی سرکاری گاڑیوں کی سرپرائز انسپکشن کرتا رہوں گا۔

بعدازاںعوام الناس کے مسائل فوری حل کرنے کے لئے روزانہ کی بنیاد پر ڈی پی او عمر سعید ملک کی طرف سے کھلی کچہری کا سلسلہ بھی جاری رہا

ڈی پی او عمر سعید ملک نے آۓ ہوۓ سائلین کے براہ راست مسائل سنے۔جہاں پر محتلف سائلین اپنی شکایات کے سلسلہ میں پیش ہوۓ۔

جس میں سائلین نے ڈی پی او کو اپنی اپنی شکایات سے آگاہ کیا۔ڈی پی او ڈیرہ غازیخان عمر سعید ملک نے کھلی کچہری میں آنے والے تمام سائلین کی شکایت کو بغور سن کر موقع پر

ہی متعلقہ آفیسران کو میرٹ پر شکایت دور کرنے کے احکامات جاری کئے۔

ڈی پی او نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد براہ راست سائلین کے مسائل سن کر ان کی دہلیز پر حل کرنا ہے۔


ڈیرہ غازیخان

ریسکیو 1122انسانوں کے ساتھ کوبچانے میں بھی پیش پیش۔

ریسکیو اہلکاروں کواطلاع ملی کہ خدابخش چوک کے قریب ایک بھینس کا بچھڑا گٹر میں گر گیا ہے

جس پر ریسکیو کی ٹیم نے موقع پر پہنچ گئی۔ ریسکیو کے شیر جوانوں نے بہت ہی اعلی مہارت کے ساتھ کامیاب ریسکیو آپریشن کیا

اور بھینس کے بچھڑے کوگٹر سے بحفاظت نکال کر اس کے مالک کے حوالےکر دیا اموقع پرعلاقہ مکینوں نے ریسکیو

اہلکاروں فخر، عمران اور جمیل کوشاندار آپریشن کرنے پر سراہااور کہا کہ

ریسکیو کے جوان انسانوں کے ساتھ جانوروں کی زندگیوں کو بھی بچانے میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں جوکہ قابل تحسین امر ہے۔


ڈیرہ غازیخان

ڈیرہ غازی خان میں کردار سازی کا تاریخی پروگرام ”پرواز شاہین“ کے نام سے شروع ہو چکا ہے 29نومبر کو پروگرام کے تاسیسی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے

معروف سیاسی سماجی شخصیت ڈاکٹر شاہینہ کھوسہ نے کہا کہ حالات تبدیل کرنے کے لیے کردار تبدیل کرنے کی ضرور ہوتی ہے ۔

مثبت تبدیلی مثبت کردار سازی کے بغیر ممکن نہیں فرد کی انفراد ی زندگی اور بحیثیت قوم اجتماعی زندگی شعوری اور مسلسل کوششوں کی متقاضی ہے

ڈاکٹر شاہینہ نے اہل ڈیرہ غازی خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس انقلابی اور تاریخ ساز پروگرام کا ڈیرہ غازی خان سے شروع ہونا بہت بڑے اعزاز اور فخر کی بات ہے

کردار سازی کے اس غیر سیاسی پروگرام کو عنقریب حکومتی سطح پر پورے پنجاب میں لایا جا ئے گا

اس حوالے سے دل و جان سے دن رات کوششیں جاری ہیں پروگرام کی تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ

انسانی زندگی کو 12کیٹگری میں تقسیم کرکے ان پر علیحدہ علیحدہ اور سنجیدگی کے ساتھ بتدریج کام کیا جا رہا ہے ۔

اس پروگرام کا حصہ بننے والے افراد زیادہ بہتر” کردار کے حوالے سے “ انسان بن کر زیادہ اچھے بھی ” شوہر ، والدین اور شہری بن سکتے ہیں

اس موقع پر پروا ز شاہین ،پروگرام کے چیئر مین ڈاکٹر کاشف نے کہا چونکہ یہ ایک انتہائی مخلصانہ انداز سے معاشرے میں بہتری کی

سنجیدہ قابل عمل کوشش ہے اس لیے ڈی جی خان کی عوام کو اس میں بھر پور شرکت کرنی چاہیے ۔

تاسیسی اجلاس میں 12کیٹگریز میں گروپ لیڈرز بنائے گئے اور گروپس تشکیل دئیے گئے اور ہر مہینے کے پہلے اتوار کو ماہانہ اجلاس کا فیصلہ کیا گیا

اجلاس میں ضیاءالرحمن ڈاکٹر شفیق ، ڈاکٹر فرحاج ، ڈاکٹر روزینہ ، رقیہ رمضان ، فرزانہ ، بشریٰ سعید ، قاسم بزدار ، اسلم بزدار ،

وقار چانڈیہ ، احمد عباس ، کامران ، نعمان ، ضیاء، نیلو فر لغاری ، سلمیٰ میرانی ، سمیت درجنوں افراد نے شرکت کی ۔

About The Author