دسمبر 19, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

احسن اقبال نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف نیب میں درخواست دیدی

فنڈز روکنے کے الزام میں وزیراعظم کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی درخواست نیب کو دے دی۔

احسن اقبال نے نارووال سپورٹس سٹی کمپلیکس منصوبہ کے فنڈز روکنے کے الزام میں وزیراعظم کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی درخواست نیب کو دے دی۔

پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے مریم اورنگزیب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نجم سیٹھی نے نارووال کمپلیکس گراؤنڈ میں پی ایس ایل میچ کا وعدہ کیا تھا، میرے خلاف نارووال سپورٹس کمپلیکس میں بے ضابطگیوں کا مقدمہ دائر کیا گیا، نارووال سٹی کمپلیکس کی آسٹرو ٹرف برباد کر دی گئی، انتقامی کارروائی کے نتیجے میں پاکستان کھیلوں کے منصوبے سے محروم ہوا، نارووال سٹی کمپلیکس منصوبے کو فی الفور مکمل کیا جائے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا عمران خان نے حکومت میں آتے ہی فوری طور پر فنڈنگ بند کر دی، بے بنیاد الزامات سے میری کردار کشی کی گئی، صوبائی منصوبے کو پی ایس ڈی پی میں کیوں شامل کیا گیا ؟ یو سی سطح کے منصوبے پی ایس ڈی پی میں شامل کیے جا رہے ہیں، اس منصوبے کو تباہ و برباد کر دیا گیا جس سے ہمارے اولمپئنز نے تربیت لینا تھی، تمام قومی کھلاڑیوں نے نارووال سپورٹس سٹی گراؤنڈ میں میچ کھیلا۔

لیگی رہنما نے مزید کہا بی آر ٹی پشاور کرپشن کا سب سے بڑا سکینڈل ہے، نیب ہماری ضمانتوں کیخلاف اپیل کیلئے 2 گھنٹے میں اجلاس بلا لیتا ہے، پی ٹی آئی عوام کی جیبوں پر 300 ارب کا ڈاکا ڈالے، کوئی پوچھنے والا نہیں، نیب کو گندم، چینی کا معاملہ نظر نہیں آتا ؟ نیب کو پی ٹی آئی کی کرپشن فیکٹریاں نظر نہیں آتیں ؟ عمران خان اس وقت کرپشن کی سب سے بڑی چھتری بن چکے۔

احسن اقبال نے کہا پی ٹی آئی کیخلاف تمام ریفرنس نیب میں لائیں گے، ایسا کبھی نہیں ہوا گندم مارکیٹ میں آئے اور آٹے کا بحران پیدا ہو جائے، نوجوان شخصی سحر سے نکلیں اور دیکھیں ملک کدھر جا رہا ہے، پوری دنیا میں ملک کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔

About The Author