دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

ڈیرہ اسماعیل خان کی خبریں

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں تجزیے اور تبصرے

قیضار خان میانخیل ایڈووکیٹ سے سر سے نااہلی کا خطرہ ٹل گیا ،مخالفین کی امیدوں پر پانی پھر گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈیرہ محمد یونس خان نے قیضار خان میانخیل ایڈوکیٹ کی نااہلی کی بابت انکوائری کی درخواست ناقابل سماعت قراردیتے ہوئے خارج کرنے کے احکامات جاری کردیئے،

ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ڈیرہ کی کرسی صدارت کے امیدوار قیضار خان میانخیل ایڈووکیٹ سے سر سے نااہلی کا خطرہ ٹل گیا ، الیکشن میں اپنی کامیابی کے لئے وہ ایک بار پھر پر امید ہوگئے ،حامی وکلاءکا جشن اور مبارکبادیں ،مخالفین کی سب امیدوں پر پانی پھر گیا،

ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ کے الیکشن میں سخت اور کانٹے دار مقابلہ متوقع ، دونوں گروپس پنچہ آزمائی کے لئے تیار،13 جون کوڈسٹرکٹ بارآڈیٹوریم میں دونوں گروپوں کے درمیان سخت معرکہ ہوگا ،قیضار خان میانخیل ایڈووکیٹ کی جانب سے

ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ کے معروف قانون دان پیر صدام حسین زکوڑی ایڈووکیٹ نے درخواست پر بحث کرتے ہوئے اس کے خلاف اپنے بھرپوردلائل پیش کرکے عدالت کو لاجواب کردیا،خیبر پختونخوا بار کونسل کے ممبر طاہر وسیم ڈیال ایڈوکیٹ کی جانب سے 02 مئی 2020 کوصدر کے امیدوار قیضار خان میانخیل ایڈوکیٹ ،

ان کے بھائیوں عمر فاروق ایڈووکٹ اور عنایت اللہ ایڈووکیٹ کے خلاف خیبر پختونخوا بار کونسل کے وائس چیئر مین کودرخواست ارسال کی جس میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ میانخیل برادران نے ایڈوکیٹ کے اینرولمینٹ کے لئے بار کونسل میں جعلی اور بوگس وکالت ناموں کی فہرست جمع کرائی ہے۔

وائس چیئر مین خیبر پختونخوا بارکونسل شاہد رضاملک نے 07 مئی 2020 کو لیٹر نمبر152 کے تحت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈیرہ کو میانخیل برداران کی جانب سے جمع کرائے گئے وکالت ناموں کی ویری فیکشن کرنے کے احکامات جاری کیے ،

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈیرہ کی عدالت میں درخواست پربحث کے دوران قیضار خان میانخیل ایڈوکیٹ کی جانب سے دلائل پیش کرتے ہوئے عدالت کو آگاہ کیا کہ ازروئے قانون بار ثبوت مستغیث فریق پر عائد ہوتاہے

لیکن اس سلسلے میں درخواست گزار طاہر وسیم ڈیال ایڈووکیٹ کی جانب سے قیضار خان میانخیل ایڈووکیٹ اور ان کے بھائیوں کے خلاف کسی قسم کی کوئی بھی ٹھوس شہادت پیش نہیں کی گئی ہے۔مزید یہ کہ بار کونسل کے قانون کے مطابق وائس چیئر مین صوبائی بار کونسل کے پاس ایسا کوئی اختیار نہیں

کہ وہ کسی بھی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کوایسی کسی انکوائری وریکارڈ کی تصدیق کے لئے حکم نامہ جاری کرے ،عدالت نے درخواست پرکئی روز سے جاری طویل بحث سننے کے بعد وائس چیئر مین صوبائی بارکونسل اور طاہر وسیم ڈیال ایڈووکیٹ کی درخواست خارج کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔ 

٭٭٭

مسلح ملزمان نے باپ کے سامنے اس کے جوانسال بیٹے کو گولیاں مار کر بے رحمی سے قتل کردیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)قتل کا انتہائی دلخراش واقعہ ،مسلح ملزمان نے باپ کے سامنے اس کے جوانسال بیٹے کو گولیاں مار کر بے رحمی سے قتل کردیا ، فائرنگ سے باپ بال بال بچ گیا ،مقتول کی لاش پوسٹمارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کردی گئی ،

پولیس نے بیٹے ،باپ اور دادا سمیت چار افراد کے خلاف قتل اور اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا ،تھانہ نواب کے علاقہ ٹوپی حاجیان پنیالہ میں سرکنڈے (کانے ) اٹھانے کے تنازع پر مسلح ملزمان نے اندھادھند فائرنگ کرکے پچیس سالہ نوجوان محمد ذیشان ولد احمد جان قوم مانا خیل سکنہ ٹوپی حاجیاں پنیالہ کو قتل کردیا

جبکہ فائرنگ کے دوران اس کا باپ احمد جان خوش قسمتی سے بال بال بچ گیا ،مقتول کے باپ نے پولیس کو بتایا کہ میں اپنے بیٹے کے ہمراہ گھر کی بیٹھک میں موجود تھا کہ اس دوران مسلح ملزمان فضل قیوم ولد شائستہ خان

اس کے دو بیٹے محمد شفیع اور محمد رفیع اور پوتا محمد ذیشان ولد محمد شفیع اقوام مروت ساکنا ن ٹوپی حاجیاں والا پنیالہ آئے اور ہم پر بنیت قتل اندھادھند فائرنگ کردی جس سے میرا بیٹا پچیس سلہ محمد ذیشان شدید زخمی ہوکر موقع پر جاں بحق ہوا جبکہ میں خوش قسمتی سے بال بال بچ گیا ،

وجہ عداوت سرکنڈے (کانے ) اٹھانے پر تنازع بیان کیاگیا ہے ،مقتول کی لاش پوسٹمارٹم کے بعد لواحقین کے سپرد کردی گئی ،پولیس نے مقتول کے والد کی رپورٹ پر بیٹے ،باپ ،چچا اور دادا سمیت چار وں افراد کے خلاف قتل اور اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیاہے۔ 

٭٭٭

 چھاپہ زنی کے دوران ہیروئن ،چرس اور بھنگ برآمد کرکے منشیات فروش کو گرفتارکرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)یونیورسٹی پولیس نے ٹی غفارے والی پر چھاپہ زنی کے دوران ہیروئن ،چرس اور بھنگ برآمد کرکے منشیات فروش کو گرفتارکرلیا ۔یونیورسٹی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کاروائی کے دوران

علاقہ ٹی غفارے والی پر منشیات فروش عبدالکریم ولد شادی خان گنڈہ پور کے مکان پر چھاپہ مارا ،پولیس نے چھاپہ زنی کے دوران منشیات فروش کے مکان سے 730 گرام چرس ،ایک سو بیس گرام ہیروئن اور ایک کلو بیس گرام بھنگ برآمد کرلی ،

پولیس نے منشیات فروش ملزم کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔

٭٭٭

 شادی شدہ خاتون اپنی بچیوں ،زیورات اور نقدی سمیت آشنا کے ساتھ گھر سے فرار

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)شادی شدہ خاتون اپنی بچیوں ،زیورات اور نقدی سمیت آشنا کے ساتھ گھر سے فرارہوگئی ،شوہر کی رپورٹ پر اغوائیگی کا مقدمہ درج کرلیاگیا ۔علاقہ بستی بلوچانوالی نزد دامان ہوٹل کے رہائشی محمد رمضان نے تھانہ یونیورسٹی میں رپورٹ درج کرائی

کہ اس کی بیوی (آ بی بی ) ناجائز تعلقات کی بناپر ملزم سجاول ولد بہاول قوم بلوچ سکنہ گنڈی عمر خان کے ساتھ گھر سے بھاگ گئی ہے جبکہ وہ گھر سے میری بچیاں ،تین تولہ طلائی زیورات اور ایک لاکھ روپے نقدی بھی ساتھ لے کر گئی ہے ۔

پولیس نے شوہر کی رپورٹ پر خاتون اور اس کے آشنا کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کی تلاش شروع کردی ہے۔

٭٭٭

منشیات فروشوں کا پولیس پر دھاوا ،گرفتار ملزمان کو چھڑانے کی کوشش اور ہاتھا پائی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)منشیات فروشوں کا پولیس پر دھاوا ،گرفتار ملزمان کو چھڑانے کی کوشش اور ہاتھا پائی ، پولیس اہلکار زخمی ،پولیس نے تمام ملزمان کو گرفتارکرکے آہنی سلاخوں کے پیچھے بند کردیا ،

تحصیل پہاڑپور میں منشیات فروشی کے گڑھ اور بدنام زمانہ علاقہ بستی فخر آباد میں منشیات فروشوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ پہاڑپور خانزادہ پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور ملزم علی گل ولد خمسو سکنہ عمر کوٹ سندھ کے قبضہ سے 70 گرام آئس

جبکہ ملزم مزمل ولد عصمت اللہ کے قبضہ سے 1200 گرام چرس اور 570 گرام ہیروئن برآمد کرکے انہیں گرفتارکرلیا ،پولیس نے ملزمان کو پولیس وین میں بٹھایا تو ان کے ساتھ دو ساتھ ملزمان مدثر اور ندیم پسران پسران عصمت اللہ ساکنان بستی فخر آباد وہاں پہنچ گئے

اور کار سرکار میں مداخلت کرتے ہوئے گرفتار ملزمان کو چھڑانے کے لئے شور شرابہ کرتے ہوئے پولیس سے آمادہ فساد ہوگئے ،ایس ایچ او کے گن مین سے سرکاری اسلحہ چھین کر ایس ایچ او پر تان کر اسے دھمکیاں دی اور ہاتھا پائی کے دوران اسے زخمی کردیا ،

پولیس نے گرفتارملزمان کو چھڑانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے تمام ملزمان کو قابو کرکے حراست میں لے لیا ، 

٭٭٭٭٭٭

 سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاون میں نمایاں کارکردگی پر انعامات

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرڈیرہ اسماعیل خان کیپٹن(ر) حافظ واحد محمود نے بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی کے اعتراف میں سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاو¿ن میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ایس ایچ او صدر انسپکٹر پرویز شاہ،

انچارج ڈسٹرکٹ اسپیشل برانچ معہ کانسٹیبلان کو نقد انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔جنہوں نے گزشتہ ایام میں نان کسٹم پیڈ ایک باو¿زر جس میں 30ہزار400کلو گرام انڈین و سری لنکن چھالیہ،40ہزارلیٹر ایرانی ڈیزل اور 2 نان کسٹم پیڈ گاڑیاں پکڑ کر کسٹم حکام کے حوالے کیں۔

ا س حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفس میں ایک پروقار تقریب کاانعقاد کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن (ر) حافظ واحد محمود نے کہا ہے کہ جان ہتھیلی پر رکھ کر پیشہ وارانہ فرائض میں رول ماڈل کا کردار ادا کرنے والے پولیس افسران اور جوانوں کی حوصلہ افزائی میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی۔

اپنی تمام توانائیاں صرف اور صرف سمگلنگ کی روک تھام،انسداد جرائم،امن و امان کے قیام اورعوام کو بلا امتیاز انصاف کی فراہمی کیلئے بروئے کار لائیں۔ڈی پی او ڈیرہ نے انعام پانے والے پولیس افسران کو باورکرایا کہ

پولیس فورس میں موجود ہ سزا و جزا کے عمل کو اس کی اصل روح کے مطابق عملی جامہ پہناتے ہوئے اچھی کارکردگی دکھانے والے ہر رینک کے پولیس افسران و اہلکاروں کی ہر فورم پر حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

٭٭٭

 بچہ نہر میں ڈوب کر جاں بحق ،لاش نکال لی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)کڑی خیسور کے علاقہ عمر خیل پکہ میں 8سالہ بچہ سی آر بی سی نہر میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا، سپر نمبر3کے نزدیک سے بچے کی نعش نکال لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ کڑی خیسور کی حدود میں عمر خیل پکہ میں

8سالہ کمسن عمران ولد غلام جان اعوان سی آر بی سی نہر میں گرکر ڈوب گیا۔ بچے کے ڈوبنے کی اطلاع پر مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت نعش نکالنے کی کوششیں شروع کردیں، بعدزاں سپر نمبر3کے قریب ڈوبنے والے بچے کی نعش نکال لی گئی۔

٭٭٭

 ایس او پیز کی خلاف ورزی پرپروآپولیس نے منڈی مویشاں پروآ بند کردی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈپٹی کمشنر کی جانب سے عائد دفعہ 144کی خلاف ورزی اور حکومتی ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر ٹی ایم او پروآ کی ہدایت پرپروآپولیس نے منڈی مویشاں پروآ بند کردی۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس پھیلاﺅ کے خدشات کے باعث حکومت کی جانب سے لاک ڈاﺅن کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ کے ساتھ ساتھ منڈی مویشیاں کے انعقاد پر پابندی عائد کی گئی تھی تاہم عوامی ضروریات اورٹی ایم ایز کے مالی خسارے کے پیش نظرایس اوپیز کے تحت منڈی مویشیاں کھولنے کی اجازت دی تھی۔

گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر کی جانب سے عائددفعہ 144کی خلاف ورزی اور حکومتی ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر ٹی ایم او پروآ کی ہدایت پروآپولیس نے ایس ایچ او تھانہ پروآ انسپکٹرمحمد رمضان کی قیادت میں کاروائی کرتے ہوئے منڈی مویشیاں پروآ کو بند کرادیا۔

٭٭٭

شیخ بدین نیشنل پارک میں سیاحوں کی سہولیات کیلئے کا م کا آغاز

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان اور لکی مروت کے سنگم پر واقع پرفضا تفریحی مقام شیخ بدین نیشنل پارک میں سیاحوں کی سہولیات کیلئے سڑک ، رہائش اور سیاحوں کی تفریح کے وسائل پر کام کے آغاز اور فزیبلٹی رپورٹ کے جائزہ کیلئے

محکمہ وائلڈ لائف کے ڈی ایف اوخان ملوک خان اور مانیٹرنگ اینڈ ایوالوشن M&E ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں کا دورہ۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان اور لکی مروت کے سنگم پر واقع پرفضا تفریحی مقام شیخ بدین نیشنل پارک میں سیاحوں کی سہولیات کیلئے سڑک ،

رہائش اور سیاحوں کی تفریح کے وسائل پر کام کے آغاز اور فزیبلٹی رپورٹ کے جائزہ کیلئے محکمہ وائلڈ لائف کے ڈی ایف اوخان ملوک خان اور مانیٹرنگ اینڈ ایوالوشن M&E ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے شیخ بدین نیشنل پارک کا دورہ کیا،

اس منصوبے کے تحت شیخ بدین نیشنل پارک میںسڑک ، رہائش اور سیاحوں کی تفریح کے وسائل پر بہت جلد کام شروع ہو جائے گاجس سے اس علاقے کے لوگوں کے بہترین روزگار کے ساتھ ڈیرہ اسماعیل خان ٹانک لکی مروت اور بنوں کے لوگ پرفضا تفریحی مقام شیخ بدین پر سیر و تفریح کیلئے آسانی سے آ سکیں گے۔

 بجلی چوروں کیخلاف کاروائیاں تیز کردی گئیں

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) بجلی چوروں کیخلاف کاروائیاںتیز کردی گئیں ، تین بجلی چوروں کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر کنڈوں میں استعمال ہونیوالی15گز تار برآمدکرلی گئی ،بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج ، تھانہ صدر اور کینٹ میں مقدمات کا اندراج۔

تفصیلات کے مطابق ایس ڈی او واپڈا پیسکو مندھراں سب ڈویژن معاذ احمد نے گاﺅں کوکار میں بجلی چوروں کیخلاف کاروائی کے دوران فضل اور غلام عباس جبکہ بلوچ سٹی میں سعداللہ کو ڈائریکٹ کنڈوں کی مدد سے بجلی چوری کرتے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا

اور ان سے کنڈوں میں استعمال ہونیوالی15گز تار بھی برآمد کی گئی۔ واپڈا حکام کی رپورٹ پر تھانہ صدر اور کینٹ پولیس نے ان بجلی چوروں کیخلاف الگ الگ مقدمات درج کرلئے ہیں۔

٭٭٭

 جیب کتروں نے بزرگ پنشنر کی جیب پر ہاتھ صاف کرلیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)جیب کتروں نے بزرگ پنشنر کی جیب پر ہاتھ صاف کرلیا، بینک سے پنشن کی رقم لے کر جانے والے بزرگ شہری کی جیب کاٹ کر اسے 1لاکھ روپے سے محروم کردیاگیا ، ،پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ درابن میں معراج الدین ولد قادر بخش اعوان سکنہ چودھوان نے رپورٹ درج کرائی ہے کہ وہ جوڈیشل کمپلیکس درابن کے قریب بنک سے اپنی پنشن کی رقم مبلغ1لاکھ روپے لے کر پیدل روانہ تھا

کہ اس دوران ملزمان محبوب ولد واحد بخش، عصمت اللہ عرف کالا ولدملازم حسین اقوام تھہیم سکنائے مندھراں کلاں اور خان گل ولد شاہجہان اعوان سکنہ کورائی نے مجھے چنگ چی پر بٹھا کر گھر چھوڑنے کا کہہ کر ساتھ بیٹھا لیا

لیکن کچھ ہی دور جاکر مجھے چنگ سے اتار دیا ، جب اپنی رقم سنبھالی تو وہ میری جیب سے رقم غائب تھی۔ درابن پولیس نے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے دو ملزمان محبوب اور خان گل کو گرفتار کے تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

٭٭٭

چرس اور ناجائز اسلحہ برآمد ، منشیات فروش گرفتار کرلیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)یارک پولیس نے منشیات فروش سے2کلو سے زائد چرس اور ناجائز اسلحہ برآمد کرکے منشیات فروش کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ یارک گلشیر نے پولیس نفری کے ہمراہ وانڈا ابو میں منشیات فروش فریداللہ ولد اللہ جان گیدا خیل کی

بیٹھک پر چھاپہ مار کر منشیات فروش سے 2040گرام چرس،2پستول30بور اور25کارتوس برآمد کرکے منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کیخلاف9S,CNSA/15AAکے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

٭٭٭

اے ٹی ایم کارڈ اور موبائل فون کے بلاک کے میسجز کرکے شہریوں کو ورغلانے کا سلسلہ

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)شہر وگردونواح میں بزریعہ موبائل فون وایس ایم ایس انعام نکلنے ،اے ٹی ایم کارڈ اور موبائل فون کے بلاک کے میسجز کرکے شہریوں کو ورغلانے کا سلسلہ جاری ،درجنوں سادہ لوح شہری اپنی جمع پونجی سے محروم ،

شہریوں کا پی ٹی اے ،ایف آئی اے سے جعل سازوں کے خلاف کاروائیاں کرنے کا مطالبہ ،تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر وگردونواح کے شہریوں کو مختلف موبائل نمبرز سے فون کالز کرکے جھانسہ دیا جاتاہے کہ ہم فلاں سرکاری ادارے سے فون کررہے ہیں اور اپنی تفصیلات فراہم کریں

اس طرح سادہ لوح شہریوں کو بیوقوف بنا کر ان سے جمع پونجی لوٹ لی جاتی ہے ،گزشتہ چند روز سے موبائل نمبرز سے شہریوں کو فون کرنے والے نوسر باز متحرک ہیں ۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے ازخود نوٹس پر سابق وفاقی وزیر داخلہ نے

لاکھوں کے حساب سے غیر رجسٹر د جعلی سمیں بند کروائیں تاکہ جرائم میں کمی واقع ہوسکے ،اس کے باوجود آج بھی غیر رجسٹرڈ سموں کے ذریعے نوسر بازی کا سلسلہ پورے عروج پرہے۔محسوس ہوتاہے کہ جس طرح مہنگائی کے خاتمے کے لئے بلند وبانگ دعوے کیے جاتے ہیں ،

اسی طرح غیر رجسٹر ڈ سموں کے خاتمے کا اعلان کرکے شہریوں کی سادگی کا مذاق اڑایا جاتاہے ،جس کے بارے میں متاثرہ افراد کی ڈیرہ سمیت ملک بھر میں خبر یں شائع ہوتی رہتی ہیں لیکن کوئی عمل درآمد نہیں ہوسکا ،شہریوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ

بااثر نوسر بازوں کے خلاف قانونی کاروائی کرنے کے لئے متعلقہ اداروں کے ذمہ داروں کو ہدایات جاری کی جائیں تاکہ وطن عزیز سے جعل سازی ،لوٹ مار ،بدعنوانی ،کرپشن کا خاتمہ ممکن ہوسکے ۔ 

٭٭٭

پرائس کنٹرول کمیٹی کے مقرر کردہ نرخوں کی بجائے من مرضی کے نرخوں پر گوشت کی فروخت جاری

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)شہر ومضافاتی علاقوں میں گوشت فروخت کرنے والے قصابوں نے پرائس کنٹرول کمیٹی کے مقرر کردہ نرخوں کی بجائے من مرضی کے نرخوں پر گوشت فروخت کرنا شروع کردیا ،سرکاری نرخ 375 روپے مقرر

،صارفین سے گوشت کے نرخ 500 روپے اور چھوٹا گوشت 1000 روے فی کلو گرام فروخت کیے جانے لگے ،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس خاموش تماشائی ،شہری سراپا احتجاج ،ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ ،

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ شہر وگردونواح میں گوشت فروخت کرنے والے قصابوں نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مقرر کردہ نرخوں پر گوشت فروخت کرنے کی بجائے من مرضی کے نرخ مقرر کرکے گوشت کی فروخت شروع کررکھی ہے ،

پرائس کنٹرول کمیٹی نے بڑے گوشت کے نرخ 375 روپے اور چھوٹے گوشت کے 750 روپے فی کلو گرام مقرر کرکھے ہیں لیکن قصابوں نے بڑا گوشت پانچ سوروپے جبکہ چھوٹا گوشت ایک ہزار روپے فی کلو گرام فروخت کرنا شروع کررکھا ہے ،

قابل ذکر بات یہ ہے کہ قصابوں نے نہ توجالیاں وغیرہ لگا رکھی ہیں اور نہ ہی گوشت کو ڈھانپنے کے لئے کوئی انتظامات کررکھے ہیں ،گوشت پر مکھیاں ،مچھر بھنبھناتے دکھائی دیتے ہیں جس سے شہری موذی امراض کا شکار ہورہے ہیں ،

پرائس کنٹرول مجسٹریٹس شہر کے بازاروں میں آنا گناہ سمجھتے ہیں جس کی وجہ سے گوشت فروخت کرنے والے قصاب کھلے عام بلاخوف مہنگے داموں گوشت کی فروخت جاری رکھے ہوئے ہیں ،شہریوں نے وزیر اعلی خیبرپختونخوا ،چیف سیکرٹری ،کمشنر ڈیرہ اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ سے مطالبہ کیاہے کہ

پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں گوشت کی قیمتوں کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کرنے کا پابند بنایا جائے اور مہنگے داموں گوشت کی فروخت کرنے اور حفظان صحت کے اصولوں کے برعکس 

گوشت فروخت کرنے والے قصابوں کو پابند سلاسل کروایا جائے

تاکہ شہری قصابوں کی لوٹ مار سے محفوظ رہنے کے ساتھ ساتھ بیماریوں سے بچ سکیں ۔

٭٭٭

آٹاکی قیمت میں رواں ہفتے میں دوسری مرتبہ اضافہ ،غریب مکاﺅ مہم کا آغاز نظر آتاہے

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)بڑھتی ہوئی مہنگائی نے غریب آدمی کا کچومر نکال دیا ،شہریوں کا کہنا ہے کہ پیٹرول نایاب ،آٹاکی قیمت میں رواں ہفتے میں دوسری مرتبہ اضافہ ،غریب مکاﺅ مہم کا آغاز نظر آتاہے

،حکومت نے بیس کلوگرام آٹے کے تھیلے کی قیمت 808 روپے مقرر رکھی ہے ،بااثر فلور ملز مالکان نے بیس کلو کا تھیلہ انتہائی مہنگا فروخت کرنا شروع کردیاہے جس کی وجہ سے غریب سفید پوش ،دیہاڑی دارطبقہ بچوں کو روٹی مہیا کرنے بھی بری طرح ناکام ہوچکا ہے ،

شہریوں نے وزیر اعظم پاکستان ،چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیاہے کہ گرانفروشی کے مرتکب افراد کے گوداموں کی چیکنگ کروائی جائے اور گندم سٹور کرنے والے تاجروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں

تاکہ غریب سفید پوش ،دیہاڑی دار محنت کش اپنے بچوں کو دو وقت کی روکھی سوکھی روٹی مہیا کرکے اپنی ذمہ داریاں پوری کرسکیں ۔

٭٭٭

بجلی اور گیس کے صارفین کو براہ راست ریلیف فراہم کرنے کی تجویز

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)بجلی اور گیس کے صارفین کو براہ راست ریلیف فراہم کرنے کے لئے آئندہ بجٹ میں بلوں میں وصول کیے جانے والی بجلی اور گیس کی مالیت پر جنرل سیلز ٹیکس کی شرح سترہ سے کم کرکے دس فیصد لانے اور وود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح چار فیصد سے کم کرکے دو فیصد کرنے کی تجویز ہے ،

اس اہم تجویز کی منظوری کی صورت میں بجلی اور گیس کی مد میں صارفین کو بچت ہوگی ،پاکستان میں بجلی کے صارفین کی تعداد دو کروڑ پچاس لاھ جبکہ گیس کے صارفین کی تعداد 93 لاکھ کے قریب ہے۔

٭٭٭

 کورونا وائرس کے علاج کیلئے سوشل میڈیا پر جڑی بوٹی سنا مکی کے حوالے سے بتائی گئی افادیت کی تردید

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز)طبی ماہرین نے کورونا وائرس کے علاج کیلئے سوشل میڈیا پر جڑی بوٹی سنا مکی کے حوالے سے بتائی گئی افادیت کی تردید کر دی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند روز سے کورونا وائرس کے علاج کے لیے سوشل میڈیا پر ایک جڑی بوٹی سنا مکی کی افادیت بتائی جارہی ہے

تاہم ماہرین طب نے اس کی تردید کی ہے۔طبی ماہرین کے مطابق سنا مکی ایک عام جڑی بوٹی ہے جسے پیٹ اور آنتوں کی بیماریوں کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے مگر یہ بات ابھی تک ثابت نہیں ہوئی ہے کہ اس کا استعمال جان لیوا پھیپھڑوں کے انفیکشن یا عالمی وبا کورونا وائرس میں مفید ہے۔

امریکی یونیورسٹی آف میری لینڈ اپر چیساپیک ہیلتھ میں بطور چیف آف انفیکشن ڈیزیز فرائض انجام دینے والے ڈاکٹر فہیم یونس نے اپنی ٹوئٹر پوسٹس کے ذریعے وضاحت کی کہ کورونا وائرس سے بچاﺅ یا اس کے علاج میں سنا مکی کے مفید ہونے کے کوئی واضح ثبوت نہیں ملتے

مگر اس کے کثرت سے استعمال کے کئی نقصانات ضرور سامنے آئے ہیں اس کے بعد انہوں نے تین سال پرانا دی گارجیئن میں شائع ہونے والا ایک مضمون اپنی ایک ٹوئٹ میں شیئر کیا جو جڑی بوٹیوں کے نقصان دہ اثرات سے متعلق تھا۔

اس مضمون کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں بتایا کہ چین اور ایشیا میں روایتی جڑی بوٹیوں میں 61 فیصد آرسینک، سیسا (لیڈ) ، کیڈمیئم ، پایا جاتا ہے جبکہ ان جڑی بوٹیوں کا استعمال گردے اور جگر کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

ڈاکٹر فہیم یونس نے اپنی اگلی ٹوئٹ میں وٹامنز لینے کے حوالے سے ایک مضمون شیئر کیا جس کے تحت انہوں نے بتایا کہ کورونا وبا سے بچنے کے لیے وٹامنز کا استعمال مفید ہے وہ بھی اگر آپ میں وٹامنز کی کمی ہو تو، کیونکہ وٹامنز کی زیادتی کی صورت میں بھی طبیعت خراب ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وٹامن سی کی زیادتی اعصاب یا جگر کو نقصان پہنچا سکتی ہے جب کہ وٹامن اے، ڈی ای کے زیادہ استعمال سے پیٹ کی صحت خراب، متلی، اور دل کی دھڑکن تیز ہو سکتی ہے۔

ڈاکٹر فہیم یونس کا سنا مکی کے استعمال سے متعلق کہنا تھا کہ اس کا وافر مقدار میں استعمال کرنا بھی نہایت خطرناک ثابت ہوتا ہے، اس کے استعمال سے پیٹ درد، ڈائریا، متلی، الیکٹرولائٹ کا غیر متوازن ہو جانا شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اومیگا تھری کا استعمال کیلئے آم ، ہرے پتے، ادرک اور سبزیوں وغیرہ سے متعلق بھی کوئی شواہد موجود نہیں ہیں کہ ان کے استعمال سے قوت مدافعت مضبوط یا کووڈ 19 سے بچاﺅممکن ہے۔ڈاکٹر فہیم نے کہا کہ اسی طرح زنک کے ضرورت سے زیادہ استعمال کی صورت میں متلی، اُلٹیاں ، پیٹ درد اور قوت مدافعت کمزور ہو سکتی ہے

جب کہ ہڈیوں کے بھی کمزور ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔ڈاکٹر فہیم نے اپنی ٹوئٹ کے آخر میں سوشل میڈیا پر سنا مکی کو کورونا وائرس کا علاج بتائے جانے سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے اس بات پرزور دیا کہ اگر کوئی غذائیت کی کمی کا شکار ہے تو اس وبا کے دوران وہ کورونا سے بچاﺅ کیلئے غذائیت سے بھر پور غذا کا استعمال کرے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی چیز کا ضرورت سے زیادہ استعمال پیسوں اور وقت کا ضیاع ہے، اس کے نتیجے میں آ پ کو صحت سے متعلق مشکلات لا حق ہو سکتی ہیں۔ڈاکٹر فہیم کے مطابق واٹس ایپ گروپ کی ویڈیوز اور جعلی خبروں پر کان دھرنے کے بجائے احتیاطی تدابیر اختیار کریں،

مجمع میں جانے سے گریز کریں، 6 فٹ کا فاصلہ رکھیں، بار بار ہاتھ دھوئیں اور ماسک کا لازمی استعمال کریں۔ سنا مکی گیسٹرو انٹیسٹائنل ہربل دوا ہے ، اس کے استعمال سے متلی اور ڈائریا ہو سکتا ہے جس کے نتیجے میں بلڈ پریشر کی سطح گر سکتی ہے

جو کہ صحت کے لیے مہلک ہے۔طبی ماہرین کے مطابق بہت سے لوگ سنا مکی کو کورونا کا علاج قرار دے رہے ہیں، کورونا مریضوں کا صحت یاب ہونا ان کے قوت مدافعت کے مضبوط ہونے پر انحصار کرتا ہے لیکن سنا مکی پھیپھڑوں میں موجود وائرس کے علاج کا سبب نہیں بن سکتی۔

٭٭٭

گیس کی لوڈ شیڈنگ ، گھریلوں سرگرمیاں مفلوج

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) شہر کے مختلف رہائشی علاقوں گیس کی لوڈ شیڈنگ ، گھریلوں سرگرمیاں مفلوج ، سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ ختم کی جا ئے اور پریشرمیں کمی کا سلسلہ بند کیا جائے، متاثرہ شہری ،

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے دوسرے بڑے شہر کے مختلف علاقوں میں سوئی گیس انتظامیہ کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کے باعث ایک بار پھر گیس لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے جس کے باعث ڈیرہ شہر کے مختلف علاقوںمیں گیس پریشر میں کمی اور لوڈ شیڈنگ کے باعث گھریلو سرگرمیاں شدید متاثر ہو گئیں ہیں

متاثرہ علاقوں کی مکین خواتین نے سوئی گیس انتظامیہ کی مبینہ زیادتی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے بتایا کہ ہمیں سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ اور پریشر میں کمی کے باعث امور خانہ داری میں سخت پریشانی کا سامناکرناپڑرہا ہے

مردوں اور بچوں کوناشتہ ، کھانا دینے سمیت دن اور رات کے کھانے میں مشکلات درپیش ہوتی ہیں ایک ہانڈی پکانے کے لیے گھنٹوں گھنٹوں انتظارکرناپڑتا ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ ختم کی جا ئے اور پریشرمیں کمی کا سلسلہ بند کیا جائے۔

٭٭٭

 پیٹرولیم مصنوعات کی شدید قلت،، نجی کمپنیوں کے بیشتر پٹرول پمپ بند

ڈیرہ اسماعیل خان ( غنچہ نیوز) ڈیرہ شہر اور اسکے گردو نواح میںپٹرولیم مصنوعات کی شدید قلت،، نجی کمپنیوںکے بیشتر پٹرول پمپ بند، عوام پٹرول اور ڈیزل کے حصول کیلئے سرکرداں ، تفصیلات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوتے ہی مبینہ طور پرملک بھر میں آئل کمپنیوں نے پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی میں کمی کر دی ہے۔

ڈیرہ میں نجی کمپنیوں کے بیشتر پٹرول پمپس پر پٹرول اور ڈیزل دستیاب نہیں ہے کئی مقامات و قومی شاہراﺅں پر بھی پٹرول پمپس پیٹرول اور ڈیزل ختم ہونے کی وجہ سے انہیں بند کرنا پڑ گیاہے واضع رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ڈیرہ میں بھی پیٹرول کا بحران دن بدن شدت اختیار کرتا جارہا ہے

جبکہ شہر میں کھلے چند پیٹرول پمپ پر لوگوں کی لمبی قطاریں لگنا شروع ہو گئی ہے شہریوں کیجانب سے حکومت سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد آئل کمپنیوں کی من مانیوں اور بلاجواز پیٹرول پمپ بند کر کے شہریوں کو پریشان کرنے والے عمل کا نوٹس لیکر شہریوں کومشکلات سے بچایا جائے۔

٭٭٭٭٭٭٭٭٭

About The Author