دسمبر 22, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

29اپریل 2020: آج ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا ہوا؟

سرائیکی وسیب کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے نامہ نگاروں اور نمائندگان کے مراسلوں پر مبنی خبریں، تجزیے اور تبصرے

متعدد بیکریوں میں غیر معیاری مضر صحت اشیاء سر عام بنائی اور فروخت کی جانے لگیں

ڈیرہ اسماعیل خان :لاک ڈاﺅن کے باعث چیک اینڈ بیلنس کے مناسب اقدامات نہ ہونے کا بھرپور فائدہ اٹھا کرشہر بھر میں متعدد بیکریوں میں غیر معیاری مضر صحت اشیاء سر عام بنائی اور فروخت کی جا رہی ہیں۔

ڈبل روٹی، بسکٹ، کیک وغیرہ کی تیاری میں غیر معیاری میٹریل استعمال ہونے کی وجہ سے پیٹ اور آنتوں کی بیماریاں پیدا ہو رہی ہیں۔مختلف بیکری مالکان کا کہنا ہے کہ اگر وہ ایک نمبر اشیاء استعمال کریں تو مہنگی بنتی ہیں۔

جبکہ گاہک اتنی زیادہ قیمت ادا نہیں کرتا۔ کیک کی تیاری میں کریم کے نام پر مختلف کیمیکلز کے استعمال سے شہریوں میں گلے اور سانس کی بیماریاں بڑھ گئی ہیں، فوڈ اتھارٹی ڈیرہ کے اہلکار اپنی توجہ صرف معیاری دودھ پر رکھے ہوئے ہیں،

جبکہ دیگر غیر معیاری اشیاءخوردونوش کے استعمال نے شہریوں میں متعدد بیماریاں پیدا کر دی ہیں۔ بڑھتی ہوئی بیماریوں کی وجہ سے ڈاکٹروں نے بھی بیکری کو غیر معیاری اشیاءکے استعمال سے منع کرنا شروع کر دیا ہے۔

شہریوں نے اعلیٰ حکام کو ایسی بیکریوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
٭٭٭
ایکسئین پیسکو کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے الزام میں محمد امین فہیم کے خلاف مقدمہ درج

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)کینٹ پولیس نے ایکسئین پیسکو سٹی ڈویژن ملک عبدالحفیظ کو ان کے دفتر میں گھس کر سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے اور کار سرکار میں مداخلت کرنے کے الزام میں ملزم محمد امین فہیم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا،

پولیس ذرائع کے مطابق ایکسئین پیسکو سٹی ڈویژن ڈیرہ ملک عبدالحفیظ نے تھانہ کینٹ میں رپورٹ درج کرائی کہ ملزم محمد امین فہیم سکنہ اباشہید ان کے دفتر میں آیا اور انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور کار سرکار میں مداخلت کی ۔

وجہ عداوت یہ بیان کی گئی ملزم ان سے ناجائز اور غیر قانونی کام کروانا چاہتاہے۔پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
٭٭٭
مختلف حادثات میں میاں بیوی اور پولیس اہلکار سمیت تین افراد زخمی ہوگئے

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ٹریفک کے مختلف حادثات میں میاں بیوی اور پولیس اہلکار سمیت تین افراد زخمی ہوگئے ،زخمی کو ہسپتال منتقل کردیاگیا ،تھانہ صدر کی حدود ڈیرہ ٹانک روڈ مرحبا کالونی کے قریب تیز رفتار مزدا پک اپ کے اچانک بریک لگانے پر اس کے پیچھے آنے والے موٹرسائیکل سوار میاں بیوی پک اپ گاڑی سے ٹکرا کر شدید زخمی ہوگئے ،

موٹرسائیکل سوار محمد الطاف ولد شائستہ خان قوم گنڈہ پور سکنہ پوٹہ نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنی بیوی کے ساتھ موٹرسائیکل پر اپنے گھرعلاقہ پوٹہ جارہا تھا کہ ٹانک روڈ مرحباکالونی کے قریب مزدا پک اپ وین نے اچانک بریک لگائی جس سے وہ گاڑی کے پیچھے ٹکرا کر سڑک پر جاگرے ،

دوسرے حادثے میں موٹرسائیکل سوار پولیس اہلکار کانسٹیبل محمد صفدر ڈیرہ چشمہ روڈ پر واقع کوکار اڈہ کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سوار کی ٹکر سے شدید زخمی ہوگیا ،زخمی کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیاگیا ہے۔پولیس نے دونوں حادثات کی الگ الگ رپورٹس درج کرلی ہیں ۔
٭٭٭
بھاری مقدار میں چرس برآمد کرکے دوملزمان کو گرفتارکرلیا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ڈیرہ پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف کاروائیاں جاری ،بھاری مقدار میں چرس برآمد کرکے دوملزمان کو گرفتارکرلیا ،سٹی پولیس نے کاروائی کے دوران عقب لیاقت پارک میں منشیات فروش ملزم لیاقت علی ولد غلام محمد سکنہ گلی نیم والی کو گرفتارکرکے اس کے قبضہ سے ایک کلو تیس گرام چرس برآمد کرلی ،

ٹاﺅن پولیس نے ڈیرہ ٹانک روڈ پر علاقہ کورائی اڈہ کے قریب ملزم پیر ملاخان ولد غرزمان سکنہ حال گومل کے قبضہ سے ساڑھے نو سو گرام چرس برآمد ہونے پر اسے گرفتارکرلیاہے۔پولیس نے دونوں منشیات فروشوں کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کرلیے ہیں ۔
٭٭٭
ملزمان شہری سے نقدی اورپرس چھین کر فرار ہوگئے

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)تھانہ کینٹ کی حدود کوٹلی امام حسین کے قریب ملزمان موٹرسائیکل سوار شہری سے نقدی اورپرس چھین کر فرار ہوگئے ، ملزمان کے خلاف راہزنی کا مقدمہ درج کرلیاگیا ۔پولیس ذرائع کے مطابق خیر آباد کالونی ڈیرہ کے رہائشی منظور ظفر ولد ظفر قوم مپال نے تھانہ کینٹ میں رپورٹ درج کرائی

کہ میرا والد ظفر موٹرسائیکل پر روانہ تھا کہ کوٹلی امام حسین کے قریب پہنچنے پر دو ملزمان عاقب ولد رفیق مروت سکنہ تھہیم آباد اور بابری ولد خالد سکنہ عقب کوٹلی امام حسین میرے والدسے زبردستی دس ہزار ایک سوروپے اور پر س چھین کر فرارہوگئے ،

پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف راہزنی کا مقدمہ درج کرکے ان کی تلاش شروع کردی ہے۔
٭٭٭
سڑک کی تعمیر کا کام زبردستی روکنے اور ٹھیکیدار کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے پر پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)تحصیل درازندہ کے علاقہ کھوئی بہار ہ میں سڑک کی تعمیر کا کام زبردستی روکنے اور ٹھیکیدار کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے الزام میں پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ،

پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان نے تحصیل درازندہ کے علاقہ کھوئی بہارہ میں سڑک کی تعمیر کا کام زبردستی بند کرایا اور ٹھیکیدار کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی ہیں ،

درازندہ پولیس نے پانچ ملزمان جھنگی ولد بادشاہ ،عطاءاللہ ولد جھنگی ،حنان ولد غزل ،بہاﺅالدین ولدگل زیر سکنہ پرواڑا،اور نورالدین ولد خان وزیر سکنہ پرواڑا کے خلافمقدمہ درج کرلیاہے۔
٭٭٭
لاکھوں روپے مالیت کے نان کسٹم سامان کی بڑی کھیپ برآمد کرکے سمگلنگ کی کوشش ناکام

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ڈیرہ پولیس نے لاکھوں روپے مالیت کے نان کسٹم سامان کی بڑی کھیپ برآمد کرکے سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی ، پولیس نے 2000کلو سیب ، ایک بوری کشمش ،ایک بوری کھوپرا، دو کاٹن سپیئر پارٹس اور 12کلو بادام برآمد کرکے کسٹم حکام کے حوالے کردیئے ،

کلاچی پولیس نے ہتھالہ چیک پوسٹ پر ناکہ بندی کے دوران گاڑیوں کی چیکنگ کرتے ہوئے02کاٹن گاڑیون کے سپیئرپارٹس، 01بوری کھوپرا، 01بوری کشمش اور 12کلو بادام اسی طرح ایس ایچ او صدر نے 2000کلو سیب برآمد کرلیے

پولیس کے مطابق مذکورہ سامان غیر قانونی طور پر کسٹم کی ادائیگی کے بغیر سمگل کیا جارہا تھا ،پولیس نے مذکورہ سامان تحویل میں لے کر اسے کسٹم حکام کے حوالے کردیاہے۔

واضح رہے کہ ڈیرہ پولیس نے گزشتہ 05 ماہ کے دوران 34عدد نان کسٹم پیڈ گاڑیاں،13ٹرک ٹینکر ،01کوسٹر، 1284کلو چائے ،137852لیٹر ایرانی ڈیزل ،40000لیٹر ایرانی آئل،4555لیٹر ایرانی پٹرول،24کاٹن تھرماس ،

کوکونٹ12270کلو گرام،962کلو گرام بادام، 1234کلو گرام کشمش ،54بوری چلغوزہ ،55عدد ٹائر ، 45000کلو سیب،199کلو گرام کوکنگ آئل،2200کلو تازہ انار،16کاٹن سگریٹ،27بیگ خشک میوہ جات،175کلو چائنہ نمک

،06کاٹن سرجیکل میڈیکل آلات،08کاٹن سپئیر پارٹس ،1750کلو گلیسرین ،20کاٹن موبل آئل ،01گٹو کپڑا،09گٹو شاپر ،51678کلو گرام مونگ پھلی ،06گٹو چھلی، 04عدد انورٹر،11عدد ہیٹر ،04عدد ہیٹر شمسی انورٹر ،

89عدد موبائلز،09عدد واٹر پمپ سمیت متفرق سامان جس کی مالیت اربوں روپے بنتی ہے ۔ جو کہ ملکی خزانے کو نقصان پہنچاتے ہوئے کسٹم ڈیوٹی ادا کیے بغیر سمگل کیا جا رہا تھا ۔کسٹم حکام کو موقع پر ان کے حوالے کر دیا گیا۔
٭٭٭
گومل یونیورسٹی کا پہلی بار آن لائن آل ڈیرہ ہم نصابی سرگرمیوںکے مقابلوںکا انعقاد

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)گومل یونیورسٹی کا پہلی بار آن لائن آل ڈیرہ ہم نصابی سرگرمیوںکے مقابلوںکا انعقاد،گومل یونیورسٹی کی گومل سٹوڈنٹس کونسل (جی ایس سی) نے صوبہ خیبرپختونخوا تاریخ میںپہلی مرتبہ آن لائن آل ڈیرہ مختلف مقابلے جات کا انعقاد کرکے تاریخ رقم کر دی ۔

ان مقابلوںمیں قرات‘ نعت، کورونا سے بچاﺅ کےلئے سینیٹائزر، کورونا سے حفاظتی اقدامات ،تقریری، مصوری، ڈرامہ ،شاعری، مضمون نویسی ، فوٹوگرافی، ٹک ٹاک سمیت دیگر مقابلے جات کا آن لائن انعقاد کروایا ۔مقابلوںمیں حصہ لینے والے طلباءنے آن لائن اپنی ویڈیوز اور تصاویر بھیجتے رہے ۔

جس کے بعد ہر مقابلے کے نامزد ججز نے پوزیشن لینے والے طلباءکو آن لائن نتیجہ سنایا۔ وائس چانسلرگومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرافتخار احمد نے ڈائریکٹر سٹوڈنٹس آفیئر ڈاکٹر شفیع اللہ خان اور جی سی سی کے تمام صدور کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے باعث جہاں پورا ملک لاک ڈاﺅن ہے اور تمام طلباءگھروںمیںمحصور ہیں

اور وہیں سے اپنی آن لائن کلاسز سے مستفید ہو رہے ہیں ۔قرات مقابلے میںحافظ عثمان تور نے پہلی اسامہ نور نے دوسری اور احسان اللہ نے تیسری ، نعت مقابلے میں محمد سلمان نے پہلی سید محمد اقبال شاہ نے دوسری فتح اللہ نے تیسری ،

اردو تقریری مقابلوںمیں سانول جان نے پہلی،احمد ارشاد نے دوسری،سیدہ بنت الہداءنے تیسری ، محمد حسن زیب راجہ نے کانوسولیشن پرائز انگریزی میں اشہد خان نون نے پہلی، حافظ ماہ نور نے دوسری، آیات بتول علوی نے تیسری،

آن لائن مارکیٹنگ فکسچر مقابلوں میں یوشنا آرزو،پہلی،ہاشم یار خان دوسری، شاداب نواز نے تیسری ،پیٹنگ میں ماریہ امتیاز نے پہلی، شہزادی اقصیٰ نے دوسری، مریم افتخار نے تیسری، ڈرائنگ میں مہوش بلوچ نے پہلی ،سلطان خان نے دوسری، ردا تحریم نے تیسری ،

آرٹ مقابلوںمیں پیٹنگ میں ثقلین علی نے پہلی، ازائمہ سوزین نے دوسری رومان علی نے تیسری، ڈرائنگ میں مہک فاطمہ نے پہلی، حمزا نے دوسری، ماہین نے تیسری سوشل ویلفیئر سوسائٹی کے مقابلوںمیں ماسک بنانے میں سدرة المنتہ نے پہلی،علی زین العابدین نے دوسری، چوہدری عمر علی نے تیسری ،

آگاہی مقابلوںمیںعلی حسن زیب نے پہلی ، امتیاز الحق نے دوسری اور ارسلان نے تیسری، سینیٹائزر بنانے میں علی زین العابدین نے پہلی، لائبہ توقیر نے دوسری، شازیہ بشیر نے تیسری ،فوٹو گرافی میں اسجد اقبال نے پہلی، حسنین معاویہ نے دوسری،عثمان حیدر نے تیسری،

موجودہ صورتحال صبا ثناءنے پہلی، قصہ فاطمہ نے دوسری، ماہ ریاض نے تیسری ،پوسٹر بنانے میں حیدر علی ضیغم نے پہلی ، علی زین العابدین نے دوسری ، مشا زہرا نے تیسری ،انگریزی مضمون لکھائی میں عتیقہ شہزاد نے پہلی، احتشام حسن نے دوسری، علی حسین زیب نے تیسری،

اردو مضمون لکھائی میں عرفان مزمل نے پہلی، ملک سمیع کودن نے دوسری ،ناظم علی نے تیسری ،اردو غزل میں عاطف عباس عاطف نے پہلی، سمیع سیر نے دوسری، عون عباس نقوی نے تیسری،

اردو نظم میں ملک سمیع کودھن نے پہلی ، انگریزی نظم مین علینہ طارق نے پہلی جبکہ ٹی ٹکا میں فرحان حبیب نے پہلی، احتشام لیاقت نے دوسری، عبدالوحید نے تیسری جبکہ ڈرامہ میں محمد ریحان نے پہلی پوزیشن حاصل کی

۔واضح رہے کہ مقابلے جیتنے والے طلباءمیں انعامات تقسیم کرنے کی باقاعدہ تقریب لاک ڈاﺅن ختم ہونے کے بعد کی جائے گی۔
٭٭٭
کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز اور شہریوں کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے لاک ڈاون میں دوبارہ سختی

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ڈیرہ میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز اور شہریوں کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے لاک ڈاو¿ن میں دوبارہ سختی کردی گئی ہے اور پولیس نے شہر میں ناکوں پر سختی کرتے ہوئے آمدورفت بند کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ میں شہریوں نے لاک ڈاون میں نرمی کا غلط فائدہ اٹھا لیا۔شہریوں نے لاک ڈاون میں غفلت کی انتہا کردی۔انتظامیہ دوبارہ سختی کرنے پر مجبور ہوگئی ہے۔شہر کے داخلی اور خارجی راستوں سمیت تمام ناکوں پر دوبارہ سے سخت چیکنگ شروع کردی گئی ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قانون کو خاطر میں نہ لانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ شہر کے داخلی خارجی راستوں سے شہر میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی مکمل چیکنگ کی جا رہی ہے۔جب کہ شہر سے باہر جانے والوں کو بھی بنا ضرورت سفر کی اجازت نہیں ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق لاک ڈاون پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھی کاروائی کی جا رہی ہے۔پولیس نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کے خلاف کارروائی بھی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور موٹرسائیکل پر صرف ایک اور گاڑی میں دو لوگوں کو سفر کی اجازت ہوگی۔

بتایا گیا ہے کہ سختی اس وجہ سے کی جارہی ہے تاکہ شہریوں کو باور کروایا جاسکے کہ ابھی لاک ڈاون ختم نہیں ہوا ہے۔
٭٭٭
ریڈی میڈ کپڑوں کی مانگ میں اضافہ کارجحان فروغ پانے لگا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)کورونا لاک ڈاون کے باعث کپڑے، جوتے، درزی کی دکانیں وغیرہ بند ہونے کی وجہ سے ریڈی میڈ کپڑوں کی مانگ میں اضافہ کارجحان فروغ پانے لگا ہے جس کی وجہ سے مختلف برانڈز کے ریڈی میڈ گارمنٹس تیار وفروخت کنندگان نے اپنے کسٹمرز کیلئے آن لائن سروس کا بھی آغاز کردیاہے

جبکہ کئی دوکانداروں نے کپڑے وجوتے گھر منتقل کرکے وہاں خریدوفروخت بھی شروع کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق معلوم ہوا ہے کہ جہاں ایک طرف کورونا سمارٹ لاک ڈاو¿ن کے باعث کپڑے، جوتے، درزی کی دکانیں وغیرہ بند ہونے کی وجہ سے ریڈی میڈ کپڑوں کی مانگ میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے

وہیں کپڑے کے تاجروں اور برانڈڈ سٹورز مالکان نے کپڑے گھروں میں رکھ لئے ہیں اور اپنی دکانوں پر آرڈرز کیلئے موبائل نمبرز آویزاں کردیئے ہیں جس کی وجہ سے لوگ اپنے من پسند کپڑے حاصل کرنے کیلئے متعلقہ نمبر پر رابطہ کرتے ہیں

جہاں انہیں ہوم ڈلیوری کے علاوہ گھروں سے کپڑے وغیرہ فراہم کئے جارہے ہیں۔یہی صورتحال جوتوں کی بھی ہے جبکہ درزیوں کی دوکانیں کھلی ہونے کے باوجود اکثر خواتین نے گھروں میں بھی سلائی کا کام شروع کررکھا ہے اور سوٹ کی سلائی 800 روپے سے بڑھا کر 1000 روپے تک کردی گئی ہے۔

درزیوں کا کہنا ہے کہ چونکہ کپڑے کی دوکانیں اور کپڑوں کی سلائی میں استعمال ہونے والے میٹریل کی شاپس کو تاحال کھولنے کی اجازت نہ دی گئی ہے اس لئے ان کا کام بری طرح متاثر ہورہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ قبل ازیں رمضان المبارک کا آغاز ہوتے ہی ان کے پاس عیدکی سلائی کیلئے کپڑوں کا رش لگ جاتاتھا اور بعض اوقات وہ پہلے عشرہ میں ہی بکنگ بند کردیتے تھے لیکن اب صورتحال یہ ہے کہ وہ گاہکوں کی راہ تک رہے ہیں اور ان کے پاس کپڑوں کی سلائی کیلئے آنے والا کوئی نہ ہے۔

انہوں نے بتایاکہ سمارٹ لاک ڈاون کی وجہ سے ریڈی میڈ گارمنٹس کی فروخت میں اضافہ ہورہا ہے جس سے ان کے کاروبار بری طرح مندی کا شکار ہیں۔ انہوں نے حکومت سے ایس او پیز کے تحت کپڑے کی دوکانیں کھولنے کی بھی اپیل کی ہے۔
٭٭٭
شہریوں نے آن لائن اشیاءو مصنوعات کی خریداری میں اضافہ کر دیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)لاک ڈاون کے باعث شہریوں نے آن لائن اشیاءو مصنوعات کی خریداری میں اضافہ کر دیا۔جزوی لاک ڈاو¿ن کی وجہ سے شہری گھر بیٹھے مختلف ایپز سے چیزیں کی خریداری کر رہے ہیں۔

سروے کے د وران شہریوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے تجارتی مراکز بند ہیں اس لیے ضرورت کی اشیاء آن لائن آرڈر بک کروا کے منگوا رہے ہیں،شہریوںنے بتایا کے اشیاء و مصنوعات کی خریداری کے مختلف کمپنیوں کی ایپس موجود ہیں اس لیے ان لائن آرڈر دیے جاتے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ ان لائن شاپنگ محفوظ طریقہ ہے جس سے مستفید ہو رہے ہیں۔ شہریوںنے بتایا کہ کورونا وائرس کی وجہ دن بدن مریضوں کی تعداد بڑھ رہی رش والی جگہوں میں جانے کے بجائے آن لائن آرڈر کے تحت چیزیں خریدتے ہیں

انھوں نے کہا کہ شہری کوشش کریں باہر جانے سے پرہیز کریں اور آن لائن سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔
٭٭٭
گرانفروں نے سرکاری نرخ ناموں کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)شہر میں رمضان المبارک کے موقع پر گرانفروں نے سرکاری نرخ ناموں کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا، فروٹ اور دیگر کھانے پینے کی اشیاءمن مانے نرخوں پر فروخت کرنا شروع کر دیں،

انتظامیہ کی جانب سے متواتر بازاروں کی چیکنگ نہ ہونے کی وجہ سے منافع خور تاجروں کو کھلی چھٹی مل گئی، شہریوں نے ڈی سی ڈیرہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک شروع ہوتے ہی ڈیرہ کے بازاروں میں سبزی و فروٹ اور بعض کریانہ فروشوں نے من مانے نرخوں پر چیزیں فروخت کرنا شروع کر دی ہیں،

بھنڈی 120 روپے، لہسن 400 روپے، ادرک ساڑھے چار سو روپے کلو، فریش بین 80 روپے، کریلا 80 روپے، کیلا 130 روپے درجن، خربوزہ 100 روپے کلو، تربوز 70 روپے کلو، سیب سفید 200 روپے کلو فروخت ہو رہے ہیں

جبکہ دکانداروں کی جانب سے دیگر اشیاءگھی، آٹا، چینی، چائے، دالیں، چاول، کھجوریں بھی من مانے ریٹوں پر فروخت کی جارہی ہیں۔
٭٭٭
پیازکومناسب وقت پر برداشت کرکے کم ازکم 6ماہ تک اس سے بھی زائد عرصہ تک ذخیرہ کیاجاسکتاہے

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)ترجمان محکمہ زراعت نے کہا کہ پیازکومناسب وقت پر برداشت کرکے کم ازکم 6ماہ تک اس سے بھی زائد عرصہ تک ذخیرہ کیاجاسکتاہے جبکہ برداشت اور سٹوریج کے لئے محکمہ زراعت کی مشاورت بہتر نتائج فراہم کرسکتی ہے۔

انہوں نے صحافیوںکوبتایا کہ اگرپیازکی فصل کو مناسب وقت پربرداشت کرلیاجائے تو کم ازکم 6ماہ تک اس کی اصل حالت کو برقراررکھاجاسکتاہے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو چاہئیے کہ وہ فصل کی برداشت میں احتیاط سے کام لیں اور جب پودوں کے تنے 15سی20فیصد تک خشک ہوکرٹوٹنا شروع ہوجائیں

تو پھر پیازکی برداشت میں تاخیرسے اجتناب برتناچاہئیے کیونکہ پیازکی برداشت جتنی تاخیرسے ہوگی اتنا فصل کے گلنے سڑنے کے خدشات میں اضافہ ہوتاجاتاہے۔انہوں نے کہا کہ موٹے تنے والے پیاز کے ایسے گٹھے جومکمل طورپر پک کرتیار نہ ہوئے ہوں ان کو ذخیرہ نہ کیاجائے۔
انہوں نے کہا کہ اگر پیازکی فصل کو دیر سے برداشت کیاجائے تو اس میں عمل تنفس بڑھنے اور درجہ حرارت زیادہ ہونے سے اس کا رنگ اور معیار متاثرہوتاہے۔انہوں نے کاشتکاروں کو مزیدہدایت کی کہ جب پیازکو برداشت کرلیاجائے

تو اسے فوری طورپر ذخیرہ کرنے کی بجائے دو ‘تین تک سایہ دار اور ہوادار جگہ میں ہی پڑارہنے دیاجائے تاکہ وہ اچھی طرح خشک ہوجائے۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران پیازکوپانی لگنے سے بچایاجائے۔
٭٭٭
گوشت اوردودھ کی پیداوارمیں خاطرخواہ اضافہ کے لئے معیاری اور موسمی چارے کی بروقت کاشت کویقینی بنایاجائے

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)محکمہ لائیوسٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ کے ترجمان نے کہاہے کہ مویشیوں کے بہترین گوشت اوردودھ کی پیداوارمیں خاطرخواہ اضافہ کے لئے مویشیوں کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے اورانہیں تمام تر لحمیات ‘پروٹینزاور غذائیت سے بھرپور چارے کی فراہمی کے لئے

معیاری اور موسمی چارے کی بروقت کاشت کویقینی بنایاجائے تاکہ مویشی پال حضرات کو اپنے مویشیوں کی غذائی ضروریات کو پوراکرنے کے لئے کسی دقت کا سامنانہ کرنا پڑے۔انہوں نے لائیوسٹاک فارمرزکوہدایت کی ہے کہ

وہ موسم گرما کی مناسبت سے مکئی‘ سدابہار‘ جوار‘ ماٹ گراس کاشت کریں اور فی ایکڑبہتر پیداوارکے حصول کے لئے زمین کی زرخیزی میں اضافہ کی غرض سے ماہرین زراعت کی مشاورت کی روشنی میں کھاد اوربیج کا استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ فی ایکڑ بہترپیداوار کے حصول کے لئے مکئی کا بیج40‘ سدابہار15‘ جوارکا بیج 30کلوگرام فی ایکڑ کاشت کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ مکئی کی فصل اپریل سے ستمبر اور جوار و سدابہارکی فصل اپریل سے مئی تک کاشت کی جاسکتی ہے۔
٭٭٭٭٭٭
رواں ہفتہ کے دوران باجرے کی کاشت مکمل کرنے کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو رواں ہفتہ کے دوران باجرے کی کاشت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ نہری علاقوں میں 6کلو گرام اور بارانی علاقوں میں 5 کلو گرام فی ایکڑ بیج ڈالاجائے تاکہ باجرے کی بہترین پیداوار حاصل ہو سکے۔

انہوںنے بتایاکہ باجرہ موسم گرما میں جانوروں و پرندوں کی غذائی ضروریات پوری کرنے میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوںنے بتایاکہ ماہ اپریل کے اختتام اور مئی کے آغاز پر باجرے کی فصل کاشت کرنے کی صورت میں پانی کی زیادہ ضرورت نہ رہتی ہے

جو آبپاشی کی کمی برداشت کرنے سمیت کیڑے مکوڑوں کے حملوں کے خلاف بھرپور قوت مدافعت بھی رکھتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکار باجرے کی فصل ہلکی میرازمین میں کاشت کرکے بہترین نتائج حاصل کرسکتے ہیں۔

انہوںنے بتایاکہ باجرے کی کاشت کیلئے 2سے 3مرتبہ مٹی پلٹنے والا ہل چلانے کے بعد سہاگہ دیتے ہوئے زمین کو نرم و بھربھراکرکے چھٹے کے ذریعے باجرے کی کاشت کی جاسکتی ہے۔انہوںنے بتایاکہ کاشتکار اس ضمن میں ماہرین زراعت کی خدمات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔
٭٭٭
خیال رکھنا چاہیے کہ ہماری خیرات ،زکوٰة ،عطیات ا ور صدقات کہیں رحمت کی بجائے زحمت نہ بن جائیں

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) دنیا بھر میں ہر سال سب سے زیادہ 554 ارب روپے کی زکوٰة،عطیات، صدقات، خیرات پاکستان میں دیئے جاتے ہیںلہٰذا خیرات کرتے وقت ہمیں اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ ہماری خیرات ،زکوٰة ،عطیات ا ور صدقات کہیں رحمت کی بجائے زحمت نہ بن جائیں

جبکہ انتہا پسندانہ سوچ کے حامل افراد و اداروں کے ساتھ ساتھ نشہ کے عادی افراد کو بھی خیرات یا صدقات نہ دیئے جائیںکیونکہ صرف حقدار و مستحق شخص کو ہی امداد فراہم کرنا بہترین عبادت و سعادت ہے۔پاکستان علما کونسل کے ترجمان نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ یہ امر خوش ۱ٓئند ہے کہ پاکستان میں صاحب ثروت افراد ،مخیر شخصیات اور با حیثیت لوگوں کی جانب سے ہر سال دنیا بھر سے زیادہ خیرات دی جاتی ہے۔

انہوںنے کہاکہ یہ خیرات گزشتہ سالوں تک 554ارب روپے سالانہ تھی جس میں وقت کے ساتھ ساتھ مزید اضافہ ہو رہا ہے جبکہ اس رقم سے کئی اہم ادارے بنائے جا سکتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ اسلام ایک دین فطرت اور مکمل ضابطہ حیات ہے

جس کے مطابق آپ اور آپ کے مال پر سب سے زیادہ حق آپ کے والدین ،اس کے بعد بہن بھائی پھر باقی رشتہ داروں اوراس کے بعد آپ کے ہمسایوں کا ہے جس کے بعد کہیں باہر دیکھا جا سکتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ یہ امر تشویشناک ہے کہ ہم چوکوں چوراہوں میں کھڑے لوگوں کو اپنا پیسہ بغیر سوچے سمجھے دے دیتے ہیں اور یہ خیال نہیں کرتے کہ یہ مال کہاں صرف ہو گا اور نہ ہی کبھی ہم نے سوچا ہے کہ کہیں ہمارا پیسہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کی سوچ رکھنے والے عناصر یا نشہ کے عادی افراد کی طرف تو نہیں جا رہا۔

انہوںنے کہاکہ خیرات ہر مذہب میں اہم مقام رکھتی ہے لیکن اس بات کا ادراک ضروری ہے کہ چیریٹی کے ضمن میں دیا جانے والا پیسہ درست مصرف کیلئے استعمال ہو۔انہوںنے کہاکہ اکثر اوقات بلکہ خاص کر ماہ رمضان اور ذی الحج میں مختلف تنظیمیں نام بدل بدل کر عطیات ، صدقات اور کھالوں کا پیسہ وصول کرتی ہیں

اسلئے ہر پاکستانی کا یہ قانونی ، اخلاقی ، انسانی فریضہ ہے کہ وہ پہلے اس بات کا اطمینان کر لے کہ وہ جس تنظیم کو عطیات و خیرات ، زکوٰة و صدقات دے رہا ہے کہیں وہ کالعدم تو نہیں اور ان کودیا جانے والا پیسہ انتہا پسندی کیلئے تو استعمال نہیں ہو رہا۔

انہوںنے کہاکہ حکومت چیریٹی کے پیسوں سے شیلٹر ہوم اور ایسے ہی دیگر ادارے بنا رہی ہے تاکہ بے سہارا افراد کو ان کا حق دیا جا سکے۔انہوںنے کہاکہ اگر ہم حق حقدار تک پہچانے کی صحیح نیت رکھیں تو ہمیں بہت سے ادارے ایسے نظر آتے ہیں جو واقعی ہماری خیرات ، صدقات ، عطیات کے حقدار ہیں۔

انہوںنے کہاکہ ہم یہ نہیں کہتے کہ خیرات ، عطیات ، صدقات ، زکوٰة نہ دی جائے لیکن یہ ضرور کہتے ہیں کہ آپ جس شخص یا ادارے کو بھی معاونت فراہم کریں وہ غیر قانونی ، غیر اخلاقی ،غیر انسانی و ملک دشمن سرگرمیوں میںملوث نہ ہو۔

انہوںنے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت حکومت پاکستان کی ویب سائٹ پر کالعدم تنظیموں کی فہرست موجود ہے اسلئے انہیں عطیات دینے سے گریز کیا جائے۔انہوںنے کہاکہ شہری اس پیغام کو اپنے آپ تک محدود نہ رکھیں بلکہ اس پیغام کو ہر طریقے سے آگے پھیلائیں تاکہ عوام کو مکمل آگاہی حاصل ہو سکے۔

انہوںنے کہاکہ عوام کا دیا گیا پیسہ درست جگہ پر استعمال ہونے سے حکومت کو بہت سے معاملات میں ریلیف مل سکتا ہے جبکہ عوامی ضروریا ت بھی باآ سانی پوری کی جا سکتی ہیں۔
٭٭٭
گندم ذخیرہ کرتے وقت اسے حشرات الارض اور ممکنہ بیماریوں کے خدشات سے بچانے کیلئے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)گندم ذخیرہ کرتے وقت اسے حشرات الارض اور ممکنہ بیماریوں کے خدشات سے بچانے کیلئے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے اور ماہرین زراعت کی جانب سے کہاگیاہے کہ گھریلو افراد گندم کو بھڑولوں اور بوریوں میں ذخیرہ کرتے وقت ان میں نیم کے پتے ضرور رکھیں تا

کہ گند م کو حشرات الارض اور ممکنہ بیماریوں کے خدشات سے بچانا ممکن ہوسکے۔ایک ملاقات کے دوران انہوںنے صحافیوں کو بتایاکہ گندم کو محفوظ کرناایک بہت بڑا مسئلہ ہے جس کیلئے کاشتکاروں ، کسانوں اور عام افراد کو خصوصی رہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ عام طور پر کاشتکار اور بڑی تعداد میں گھریلو افراد سال بھر کی گندم لے کر گھروں یا ڈیروں پر بھڑولوں اور بوریوں میں ذخیرہ کرلیتے ہیں لیکن اکثر اوقات یہ گندم حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد نہ ہونے سے خراب ہوناشروع ہوجاتی ہے۔

انہوںنے کہاکہ دیہاتوں میں کسان کھانے اور بیج کیلئے اناج تقریباً ایک ہی جگہ ذخیرہ کرلیتے ہیں اور اس مقصد کیلئے وہ پٹ سن کی بوریوں میں اناج بھر کر گھر کے کمروں یا برآمدوں میں اینٹوںکے اوپر یا لکڑی کے تختوں پر رکھ دیتے ہیں۔

اسی طرح بعض افراد صحن میں رکھے گارے یا لوہے کے بھڑولوںمیں بھی اناج ذخیرہ کرتے ہیں جنہیں حشرات الارض کے ساتھ ساتھ درجہ حرارت میں کمی بیشی بھی متاثر کرتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ حفاظتی اقدامات پر عمل کرکے گندم کو خراب ہونے سے بچایاجاسکتاہے۔
٭٭٭
بین الاقوامی فضائی آپریشن کی بندش میں 15 مئی تک توسیع کر دی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) بین الاقوامی فضائی آپریشن کی بندش میں 15 مئی تک توسیع کر دی گئی ہے۔ سی اے اے نے حکومتی احکامات کے بعد متعلقہ نوٹس جاری کر دیا ہے جس کے مطابق بین الاقوامی فضائی آپریشن کی بندش میں 15 مئی تک توسیع کردی گئی ہے۔

نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ خصوصی پروازوں سمیت سفارتکاوں اورکارگو پروازوں کو آپریشن کی اجازت ہو گی۔علاقائی پروازوں کی بندش کے حوالے سے ابھی تک کسی قسم کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے اس وقت پوری دنیا کا نظام درہم برہم ہوا ہے۔

لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پاکستان سمیت اس وقت دنیا بھر کے ممالک میں لاک ڈاﺅن جاری ہے۔ پاکستان میں بڑھتے ہوئے کورونا وائر س کے خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے بین الاقوامی فضائی آپریشن پربھی پابندی لگا دی گئی تھی جس کے بعد صرف خصوصی پروازوں کو آنے جا نے کی اجازت دی گئی تھی۔

یقینی طور پر اس پابندی کی وجہ سے بہت سے لوگ پریشانی کا شکار ہوئے ہیں۔ امید کی جا رہی تھی کہ شاید اس پابندی کو ہٹا دیا جائے گا۔ لیکن اب بین الاقوامی فضائی آپریشن کی بندش میں 15 مئی تک توسیع کر دی گئی ہے۔

سی اے اے نے حکومتی احکامات کے بعد متعلقہ نوٹس جاری کر دیا ہے جس کے مطابق بین الاقوامی فضائی آپریشن کی بندش میں 15 مئی تک توسیع کردی گئی ہے۔نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ خصوصی پروازوں سمیت سفارتکاوں اورکارگو پروازوں کو آپریشن کی اجازت ہو گی
٭٭٭
کورونا وائرس مریضوں میں فالج کا باعث بھی بن رہا ہے

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) کورونا وائرس مریضوں میں فالج کا باعث بھی بن رہا ہے، امریکا میں درمیانی عمر کے کورونا مریض فالج کا شکار بھی ہوئے، کورونا وائرس جسم میں داخل ہوکر دماغ کو خون پہنچانے والی شریانوں کو متاثر کرتا ہے، جو فالج کا باعث بنتا ہے۔

نیویارک کے ماونٹ سنائی ہسپتال کے نیوروسرجن ڈاکٹر تھامس آکسلے کے مطابق پچھلے دو ہفتوں میں درمیانی عمر کے ایسے مریض آئے جن پر اچانک فالج کا حملہ ہوا۔لیکن بظاہران مریضوں میں کورونا کی کوئی علامت نہیں تھی،

لیکن ٹیسٹ کرنے پر بعض مریضوں میں معمولی کورونا وائرس علامات اور انفیکشن ظاہر ہوئی۔ اسی طرح کچھ فالج کا ٹیک ہونے والے ایسے نوجوان مریض بھی آئے جن میں کورونا کی واضح علامات پائی گئیں۔جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کورونا وائرس فالج کا باعث بھی بن رہا ہے۔

ماہرین نے اس کی تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ کورونا وائرس جب انسان کے جسم میں داخل ہوتا ہے تو پھیپھڑوں میں براہ راست انفیکشن کی بجائے دماغ کو جانے والی خون کی شریانوں کو متاثر کرتا ہے۔جس سے دماغ کی جانب خون سپلائی متاثرہونے سے مریضوں پر فالج کا اٹیک ہوتا ہے،

جس سے مریضوں کی حالت مزید بگڑ جاتی ہے اور مریض موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ ماہرین نے مزید بتایا کہ وائرس دماغ کی جانب جانے والی خون کی شریانوں میں اس وقت حملہ آور ہوتا ہے اور خون کی سپلائی کو متاثر کرتا ہے جب وہ انسان کی مضبوط قوت مدافعت کے باعث پھیپھڑوں میں داخل نہیں ہوسکتا۔

کیونکہ جب وہ پھیپھڑوں میں داخل ہونے کی کوشش کرتا ہے تو انسانی مضبوط مدافعتی نظام اس کو روک دیتا ہے، جس سے وہ خون کی شریانوں میں رہ کر سپلائی کے نظام کو متاثر کرتا ہے۔ جس سے دماغ کی شریانوں میں خون کے کلاٹ یا بندش بن جاتی ہے۔ اور یہی کلاٹ فالج کا باعث بنتے ہیں۔
٭٭٭
عید سے قبل تمام سرکاری ملازمین کو تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کی ادائیگی 20 مئی تک کرنے کی ہدایت

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)عید سے قبل تمام سرکاری ملازمین کو تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کی ادائیگی 20 مئی تک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ذرائع کے مطابق تمام محکموں کے سربراہوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ملازمین کو تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کو 20 مئی تک تنخواہوں کی ادائیگی ہر صورت میں کردیں

تاکہ یہ لوگ عید کی خوشی میں شامل ہوسکیں اس سلسلہ میں وزارت خزانہ کو بھی باقاعدہ طور پر آگاہ کردیا گیا ہے کہ وہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور حاضر سروس ملازمین کی تنخواہوں کیلئے رقم کی فوری ادائیگی کیلئے اقدامات کریں۔
٭٭٭
سود خوروں نے لوگوں سے سود کی رقم وصول کرنے کیلئے ان پر دباو بڑھانا شروع کردیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)کرونا وائرس اور لاک ڈاون کی وجہ سے جہاں دنیا بھر میں کاروباری سرگرمیاں ماند ہیں وہاں پر سود خوروں نے لوگوں سے سود کی رقم وصول کرنے کیلئے ان پر دباو¿ بڑھانا شروع کردیا ہے

سود خور سود کی رقم کے حصول کیلئے مختلف حربے استعمال کررہے ہیں جس سے لوگ پریشان ہیں ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت سود خوروں کیخلاف بھی ایسا لائحہ عمل تیار کرے کہ کوئی بھی سود خور کسی غریب کو تنگ نہ کرے۔
٭٭٭
پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر مستحکم

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)مقامی کرنسی مارکیٹ میں پیر کوپاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر مستحکم رہی جب کہ یورو ،برطانوی پاونڈ ،سعودی ریال اور یو اے ای درہم کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید 160.50 روپے اور قیمت فروخت 160.80 روپے برقرار رہی جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر قیمت خرید 158.50 روپے اور قیمت فروخت 159.50 روپے بھی بدستور برقرار رہی۔

فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قیمت خرید 167 روپے سے بڑھ کر168 روپے اور قیمت فروخت 169 روپے سے بڑھ کر 170 روپے ہوگئی جب کہ برطانوی پاونڈ کی قیمت خرید190 روپے سے بڑھ کر 191 روپے اور قیمت فروخت 192 روپے سے بڑھ کر 193 روپے ہوگئی۔

سعودی ریال کی قیمت خرید 40.20روپے سے بڑھ کر40.40روپے اور قیمت فروخت 40.60روپے سے بڑھ کر40.80 روپے ہوگئی جب کہ یوے ای درہم کی قیمت خرید41.60 روپے سے بڑھ کر 41.80 روپے ہوگئی جب کہ قیمت فروخت 42 روپے مستحکم رہی۔
٭٭٭
بارش کی پیش گوئی کردی گئی
ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز)محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز میں ڈیرہ اور اس کے نواحی علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کردی ہے۔کہا گیا ہے کہ ان دنوں میں شہر کا درجہ حرارت 30 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔

محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ گزشتہ روز شہر میں ہلکی بارش اورٹھنڈی ہوائیں چلنے سے شہر کا درجہ حرارت 30 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈیرہ اورمضافات میں مطلع جزوی ابرآلودرہنے اوررتیزآندھی کاامکان ہے۔

منگل کے روزڈیرہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.2اورکم سے کم 21.2سینٹی گریڈریکارڈکیاگیا۔صبح8بجے ہوامیں نمی کاتناسب 54فیصداورشام 5بجے 30فیصدتھا۔بدھ کے روز ڈیرہ میں درج حرارت زیادہ سے زیادہ36.1 اور کم سے کم 21.9 سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے ،

ڈیرہ میں طلوع آفتاب صبح 5بجکر32منٹ پراورغروب آفتاب شام 6بجکر55منٹ پرہوگا۔
٭٭٭
ریسکیو1122 کے نئے اسٹیشن افتتاح کر دیا گیا

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان چشمہ روڈ تحصیل پہاڑ پور لاڑ کے قریب ریسکیو1122 کے نئے اسٹیشن افتتاح کر دیا گیا، افتتاح وفاقی وزیر برائے امور کشمیری و گلگت بلتستان نے ربن کاٹ کر اپنے بدست مبارک سے کیا، ریسکیو1122 چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، اس موقع پر وفاقی وزیر علی امین خان کا کہنا تھا کہ ریسکیو1122 سروس ڈیرہ کی عوام کے دلوں میں اپنی بہترین کارکردگی کی وجہ سے ایک مقام بنا چکی ہے، اور اس سروس کو مزید بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں، پنیالہ میں ریسکیو1122 سروس کا بھی جلد آغاز کرنے کا اعلان کیا، انکا مزید کہنا تھا کہ ریسکیو1122 کو ڈیرہ میں درپیش تمام مسائل کا جلد از جلد ازالہ کر دیا جائے گا، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کاشف سلام نے انکا شکریہ ادا کیا،
٭٭٭
کورونا کی وباء بہت ہی خطر ناک ہے ،شہری اپنے گھروں میں رہیں اور بچوں کو بھی گھروں میں رہنے کا پابند بنائیں ، سید قتیل اظہر بخاری۔

ڈیرہ اسماعیل خان (غنچہ نیوز) سید قتیل اظہر بخاری ضلعی صدر انجمن متولیان ڈیرہ نے کہا ہے کہ کورونا کی وباء بہت ہی خطر ناک ہے ،میں ڈیرہ کی عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنے گھروں میں رہیں اور اپنے بچوں کو بھی گھروں میں رہنے کا پابند کریں۔

اس میں ہم سب کی بہتری ہے اوربھلائی ہے ۔کوروناکے بارے میں حکومت اور ضلعی انتظامیہ جو بھی ہدایات دیں اس پر ہمیں من و عن عمل کرتے ہوئے حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے ،انہوں نے کہا کہ میں اپنی پاک فوج،پولیس،محکمہ ہیلتھ کے آفیسرز،میڈکل ہیلتھ ورکر ز اورڈاکٹرز جوکہ ہم سب قوم کے اصل ہیرو ہیں

ان سب کو بہترین خدمات سرانجام دینے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو 24 گھنٹے ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباءکے باعث پشاورمیں ڈاکٹر جاو ید شہید ہوئے ہیں اللہ تعالیٰ ان کو جنت الفردوس میں اعلی مقام دے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے،

ہم سب ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی عوام کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو حکومت کی دی ہوئی ہدایات پرعمل کر کے اس مشکل وقت اور مشکل حالات سے گزر کر حکومت کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔

میں سٹیشن کمانڈر ڈیرہ۔کمشنر ڈیرہ، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ،آرپی او ڈیرہ،ڈی پی اوڈیرہ،اسسٹنٹ کمشنرز،ڈی ایس پیز کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جوکہ عوام کو کرونا کی وباء سے بچانے کے لیے موثر حکمت عملی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، اللہ تعالیٰ پاکستان اورپوری دنیاکو اس وباء سے محفوظ رکھے امین۔

About The Author