مئی 8, 2024

ڈیلی سویل۔۔ زمیں زاد کی خبر

Daily Swail-Native News Narrative

کرونا کے پھیلاو کو روکنے کے حکومتی اقدامات نا کافی ہیں،سابق ممبر صوبائی اسمبلی محمد ذیشان گورمانی

شہر سے باہرکوارنٹائین مراکز بنائے جائیں تاکہ شہری اس سے محفوظ رہ سکیں

کوٹ ادو

(محمد اظہرفاروق سے)

سابق ممبر صوبائی اسمبلی محمد ذیشان گورمانی نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلا کو روکنے کے حکومتی اقدامات نا کافی ہیں،

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی طرف سے کرونا وائرس کو وبا قرار دینے کے بعد کرونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے،

تحصیل کوٹ ادو میں کورونا وائرس کے مریض سامنے آنے پرتحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹ ادو کی بجائے شہر سے باہرکوارنٹائین مراکز بنائے جائیں تاکہ شہری اس سے محفوظ رہ سکیں،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے زبانی جمع خرچ کئے جا رہے ہیں،

حکومت ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے وضع کردہ اصولوں کی روشنی میں ہنگامی طور پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لاتے ہوئے عملی اقدامات کرے

تاکہ اس وباء پر قابو پایا جا سکے،محمد ذیشان گورمانی نے کہا کہ یہ سیاست کا وقت نہیں مگر کچھ لوگ اس آفت کے موقع پر بھی شعبدہ بازی کی سیاست سے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں،

ہم عوام کے ساتھ ہیں اور عوام بھی جانتی ہے کون عوام کا درد دل میں رکھتا ہے اور کون ریاکاری جیسی بدکاری کر رہاہے،انہوں نے کہا کہ

مشکل کی اس گھڑی میں ہم نے پاکستانی بن کر سوچنا ہے اور اسی میں پاکستان کی اور ہم سب کی بقا ہے، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ

امتحان کی اس گھڑی میں افواہیں نہ پھیلائی جائیں،موجودہ حالات میں چونکہ احتیاط ہی مرض کے پھیلاؤ کو روکنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے،

اِس لئے ذمہ دار شہری کی حیثیت سے اہل ِ وطن کا فرض ہے کہ وہ اس سلسلے میں انتظامی احکامات کی پابندی کریں اور بلاضرورت کسی جگہ جمع ہونے سے گریز کریں۔

%d bloggers like this: